Tag: report

  • وزارت قانون کی 2 سالہ کارکردگی رپورٹ جاری

    وزارت قانون کی 2 سالہ کارکردگی رپورٹ جاری

    اسلام آباد: وزارت قانون کی 2 سالہ کارکردگی رپورٹ سامنے آگئی، 2 سال کے دوران انتظامی ٹربیونلز اور خصوصی عدالتوں میں جج تعینات کیے گئے جبکہ نئی خصوصی عدالتوں کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت قانون کی 2 سالہ کارکردگی رپورٹ سامنے آگئی، 2 سال میں 27 ایکٹ آف پارلیمنٹ اور 39 آرڈیننس پیش کیے گئے۔

    رپورٹ کے مطابق ای آفس نامی سافٹ ویئر تیار ہے لیکن اس کے لیے فنڈ دستیاب ہیں نہ ہی استعمال کے لیے کمپیوٹر، 2 سال کے دوران انتظامی ٹربیونلز اور خصوصی عدالتوں میں جج تعینات کیے گئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ ملک بھر میں نئی خصوصی عدالتوں کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، مختلف وزارتوں اور محکموں کو 600 مختلف امور پر قانونی رائے فراہم کی کی گئی جبکہ 641 عالمی معاہدے اور یادداشتوں کا جائزہ لیا گیا۔

    2 سال میں مختلف اداروں کے رولز کے جائزے کے لیے 4 ہزار 699 درخواستیں نمٹائی گئیں۔

    رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کی توسیع کا کام جاری ہے، پارلیمان سے 345 پرائیوٹ ممبر بل جائزے کے لیے موصول ہوئے جبکہ وفاقی حکومت سے متعلقہ 9 ہزار 450 مقدمات مختلف عدالتوں میں جاری ہیں۔

  • وزارت مواصلات کی 2 سالہ کارکردگی رپورٹ: 75 کروڑ کی بچت، 50 ارب کا ریونیو

    وزارت مواصلات کی 2 سالہ کارکردگی رپورٹ: 75 کروڑ کی بچت، 50 ارب کا ریونیو

    اسلام آباد: وزارت مواصلات کی 2 سالہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی جس کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے 2 سال میں 75 کروڑ کی بچت کی جبکہ ریونیو میں 50 ارب کا اضافہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے وزارت مواصلات کی 2 سالہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، رپورٹ میں کہا گیا کہ وزیر اعظم نے حکومت سنبھالتے ہی سادگی مہم کا آغاز کیا، سادگی مہم کے تحت نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے 750 ملین بچا لیے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ پہلے 100 دن میں وزیر اعظم سادگی مہم میں 219 گاڑیاں نیلام کی تھیں، 18-2016 کے مقابلے میں 20-2018 میں سڑکوں کی زیادہ ایزیکیوشن ہوئی۔

    رپورٹ کے مطابق سڑکوں کی 48 فیصد زیادہ ایزیکیوشن ہوئی، این ایچ اے نے پہلے 2 سال میں ریونیو میں 50 ارب کا اضافہ کیا، این ایچ اے کا یہ اضافہ مسلم لیگ ن کے 2 سال کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

    وزارت مواصلات کی رپورٹ میں کہا گیا کہ عمران خان نے احتساب کا آغاز کیا، این ایچ اے نے بھی 12 ارب 56 کروڑ 79 لاکھ کی ریکوری کی۔ شفافیت کے لیے جی آئی ایس میلنگ، ای بلنگ اور ای پروکیورمنٹ کا آغاز کر دیا۔

    رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نے پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے منصوبوں کا اعلان کیا، این ایچ اے نے 8 ایسے منصوبوں کی لسٹ جاری کر دی ہے۔

    اسلام آباد: وزارت مواصلات کی 2 سالہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی جس کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے 2 سال میں 750 ملین کی بچت کی جبکہ ریونیو میں 50 ارب کا اضافہ ہوا۔

  • ملک بھر میں ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن جاری

    ملک بھر میں ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن جاری

    اسلام آباد: ملک بھر میں ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے بڑے پیمانے پر اسپرے آپریشن اور سروے جاری ہے، اب تک 59.22 لاکھ ایکڑ پر کنٹرول آپریشن کیا جا چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی انسداد ٹڈی دل سینٹر، این ایل سی سی (نیشنل لوکسٹ کنٹرول سینٹر) نے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملک بھر میں 59.22 لاکھ ایکڑ پر کنٹرول آپریشن کیا جا چکا ہے۔

    کنٹرول سینٹر کا کہنا ہے کہ 41 اضلاع کے متاثرہ علاقوں میں 972 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ اب تک ملک بھر میں 24.9 کروڑ ایکڑ پر سروے کیا جا چکا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے میں 2 لاکھ 19 ہزار 328 ایکڑ پر سروے کیا گیا جبکہ 3 اضلاع میں ٹڈی دل کی موجودگی پر 469 ایکڑ پر آپریشن کیا گیا۔

    سندھ میں 24 گھنٹے میں 1 لاکھ 13 سو 75 ایکڑ پر سروے کیا گیا جبکہ 8 اضلاع میں ٹڈی دل کی موجودگی پر 6 ہزار 380 ایکڑ پر آپریشن کیا گیا۔

    صوبہ خیبر پختونخواہ میں 24 گھنٹے میں 2 لاکھ 12 ہزار 239 ایکڑ پر سروے اور 4 اضلاع میں ٹڈی دل کی موجودگی پر 551 ایکڑ پر آپریشن کیا گیا۔

    کنٹرول سینٹر کے مطابق بلوچستان میں 24 گھنٹے میں 3 لاکھ 75 ہزار 981 ایکڑ پر سروے کیا گیا جبکہ 26 اضلاع میں ٹڈی دل کی موجودگی پر 8 ہزار 345 ایکڑ پر آپریشن کیا گیا۔

  • رینجرز اہلکاروں کی گاڑی پر حملہ خودساختہ ٹائم ڈیوائس  سے کیاگیا، رپورٹ

    رینجرز اہلکاروں کی گاڑی پر حملہ خودساختہ ٹائم ڈیوائس سے کیاگیا، رپورٹ

    گھوٹکی : رینجرز اہلکاروں کی گاڑی پر حملے کی تفتیشی رپورٹ سامنے آگئی، حملے میں خود ساختہ ٹائم ڈیوائس استعمال کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سندھ کے شہر گھوٹکی میں دہشت گردوں نے رینجرز اہلکاروں کی گاڑی کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں دو اہلکاروں سمیت تین افراد شہید ہوئے تھے۔

    تفتیشی اداروں نے دہشت گردانہ حملے کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ رینجرز اہلکاروں کی گاڑی پر حملہ خود ساختہ ٹائم ڈیوائس سے کیا گیا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حملے میں تیار کی جانیوالی ڈیوائس میں بال بیئرنگ کا استعمال کیا گیا، جائے حادثہ سے بم میں استعمال کیے گئے بال بیئرنگ اور دھماکا خیز مواد ملا۔

    خیال رہے کہ گھوٹکی میں رینجرز کی گاڑی پر دھماکے کا مقدمہ نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کیا گیا تھا، یہ مقدمہ سی ٹی ڈی سکھر میں رینجرز انسپکٹر کی مدعیت میں دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں : کراچی اور گھوٹکی حملے کے تانے بانے را سے ملتے ہیں، ابتدائی رپورٹ

     ایف آئی آر کے مطابق گزشتہ روز ریلوے اسٹیشن روڈ پر رینجرز کی گاڑی پر کریکر حملہ ہوا تھا، حملے میں رینجرز کے 2 اہل کار اور ایک شہری جاں بحق ہو گئے تھے۔

  • آئی پی پیز سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ کا جائزہ لیا جارہا ہے: شہزاداکبر

    آئی پی پیز سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ کا جائزہ لیا جارہا ہے: شہزاداکبر

    اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ آئی پی پیز سے متعلق رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی گئی ہے، آئی پی پیز کو 5100ارب روپے کی زائد ادائیگیاں کی گئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں گفتگو کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ آئی پی پیز سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ کا جائزہ لیا جارہا ہے، تحقیقاتی رپورٹ تیار کرنے والے اپنی فیلڈ کے ماہر ہیں، کچھ معاہدوں کے ذریعے ریاست کو پھنسا دیا جاتا ہے، جتنی بجلی پیدا ہورہی ہے وہ ہماری ضرورت سے دگنی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کے معاملے پر 3 میٹنگز ہوچکی ہیں، ندیم بابر کو معاونت کے لیے رکھا گیا ہے، ندیم بابر کی رائے ہے آئی پی پیز تحقیقاتی رپورٹ غلط ہے، رپورٹ توانائی کی کمیٹی کو پیش کردی گئی ہے، اسدعمر کی سربراہی میں کام کرنے والی کمیٹی کو رپورٹ دے دی ہے، ندیم بابر کے پاس ایگزیکٹوپاور نہیں ہے۔

    ماضی کی غلط پالیسیاں، بجلی پلانٹس کو 1 ہزار ارب زائد ادائیگیوں کا انکشاف

    معاون خصوصی نے کہا کہ رحیم یارخان شوگرمل میں خسروبختیار کے بھائی کا شیئر ہے، پوری دنیا میں انڈسٹریز کے لوگ حکومتی معاونین بنتے ہیں، جو انڈسٹری کو سمجھتا ہے وہی بہتر معاونت کرسکتا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ 2017-19میں پاورسیکٹر کو بجٹ سے3202ارب کی سپورٹ ملی، معاہدے عمران خان یا تحریک انصاف کی حکومت نے نہیں کیے، معاہدے جن لوگوں اور حکومتوں نے کیے ان سے پوچھنا چاہیے۔

  • یورپی اسٹاک مارکیٹس میں تیزی، ایشیا میں مندی کا رجحان

    یورپی اسٹاک مارکیٹس میں تیزی، ایشیا میں مندی کا رجحان

    لندن / پیرس / بیجنگ: برطانوی و یورپی اسٹاک مارکیٹس میں معمولی تیزی دیکھی جارہی ہے جبکہ ایشیائی اسٹاک مارکیٹس بدستور گراوٹ کا شکار ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ کے مرکزی بینک کی جانب سے شرح سود میں نمایاں کمی دیکھی جارہی ہے۔ برطانوی اسٹاک مارکیٹ میں کمی کے بعد 85 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی۔

    دوسری جانب یورپی حصص بازاروں میں بھی کاروبار کے آغاز پر تیزی دیکھی گئی، جرمن اسٹاک مارکیٹ میں 203 پوائنٹس کی تیزی اور فرانسیسی اسٹاک مارکیٹ میں 92 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔

    ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں کاروبار بدستور زوال پذیر ہے اور کاروبار کا اختتام ریڈ زون میں ہورہا ہے۔ جاپانی اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر 451 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔

    چینی اسٹاک مارکیٹ بھی مندی کا شکار رہی جبکہ ہانگ کانگ اسٹاک مارکیٹ میں 217 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔

    گزشتہ روز سعودی شیئرز مارکیٹ میں بھی ریکارڈ کمی دیکھی گئی تھی جس کے بعد سعودی شیئرز کی قدر میں 8.3 فیصد کمی واقع ہوئی۔ شیئرز کا لین دین 7.15 ارب ریال کا رہا، یہ ستمبر 2019 کے بعد سے کیش میں شیئرز کے لین دین کی سب سے بڑی شرح ہے۔

    خلیجی شیئرز مارکیٹ بھی گراوٹ کا شکار ہے، کویت اسٹاک ایکسچینج میں 10 فیصد، دبئی میں 7.9 فیصد اور ابو ظہبی مارکیٹ میں 5.4 فیصد کی کمی ریکارڈ ہوئی۔

  • محکمہ کسٹم نے 3ارب27 کروڑ مالیت کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی

    محکمہ کسٹم نے 3ارب27 کروڑ مالیت کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی

    کراچی : محکمہ کسٹم نے مختلف کاروائیوں میں3ماہ کے دوران3ارب27 کروڑ مالیت کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی، سب سے بڑی کارروائی میں 301 کلو منشیات اور اسمگلنگ کی اشیا کی برآمدگی شامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ کسٹم پروینٹو اینٹی اسمگلنگ نے تین ماہ کے دوران کی گئی چھاپہ مار کارروائیوں کی تفصیل جاری کردی ہے، جسا میں کہا گیا ہے کہ3ماہ میں 3 ارب27 کروڑ مالیت کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی گئی۔

    سب سے بڑی کارروائی میں 301 کلو منشیات اور اسمگلنگ کی اشیا برآمد کی گئیں۔ دو ارب 91 کروڑ روپے مالیت کی ہیروئن، حشیش اور افیون ضبط کی گئی۔

    کلکٹر کسٹم ثاقب سعید کا کہنا ہے کہ اسمگلروں نے اسمگل شدہ سامان کی فروخت کے نئے حربے شروع کر دیے، اسمگل شدہ اشیا شاپنگ مالز اور ہولسیل مارکیٹوں میں براہ راست دی جارہی ہیں۔

    اسمگلر اب مصنوعات تاجروں کو ادھار پر بھی دے رہے ہیں، ایک اور کارراوئی میں شراب خانے سے شراب کی 5لاکھ مالیت کی 96 بوتلیں ضبط کی گئیں، اس کے علاوہ سگریٹ کے15704 ڈبے ضبط کیے گئے جن کی مالیت ایک کروڑ 27 لاکھ روپے ہے۔

    کسٹم پروینٹو اینٹی اسمگلنگ کی رپورٹ کے مطابق دوسری کارروائی میں29 لاکھ روپے کے موبائل فون اور الیکٹرانک کیمرے ضبط کیے گئے ہیں، دو کروڑ 16 لاکھ روپے مالیت کا124296 لیٹر آئل ضبط کیا گیا۔

    گاڑیوں کے 20 لاکھ روپے مالیت کے اسپئیر پارٹس تحویل میں لیے گئے،2کروڑ 32 لاکھ روپے کی دوائیں،14 لاکھ کا 4775 کلو چائنیز سالٹ بھی قبضے میں لیا گیا ہے۔

    دو لاکھ43 ہزار کلو کے 14 کروڑ 48 لاکھ کی چھالیہ ضبط کی گئی،22لاکھ 67 ہزار کلو تمبا کو ضبط جس کی مالیت 14 کروڑ 28 لاکھ ہے۔

    دو ہزار کلو بھارتی گٹکا بھی ضبط کیا گیا جس کی مالیت 9 لاکھ 15 ہزار ہے، 4320اسمگل شدہ ٹائروں کو کسٹم حکام نے تحویل میں لے لیا جس کی مالیت 4 کروڑ 33 لاکھ روپے ہے۔

  • وزارت خزانہ نے خوشخبری سنا دی

    وزارت خزانہ نے خوشخبری سنا دی

    اسلام آباد: وزارت خزانہ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران مالی خسارے میں کمی واقع ہوئی جبکہ ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے اہم اعداد و شمار جاری کردیے گئے، وزارت خزانہ کے رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے اعداد و شمار کے مطابق خسارہ پہلے 6 ماہ میں جی ڈی پی کا 2.3 فیصد رہا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں یہ جی ڈی پی کا 2.7 فیصد تھا۔ قرضوں اور سود کی ادائیگی پہلے 6 ماہ میں 46 فیصد بڑھی، قرضوں اور سود کی ادائیگی کا حجم 12 سو 82 ارب روپے رہا۔

    وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ دفاعی اخراجات 10 فیصد اضافے کے ساتھ 529 ارب روپے رہے، پبلک سیکٹر اخراجات 39 فیصد اضافے کے ساتھ 456 ارب روپے رہے۔

    رپورٹ کے مطابق پبلک سیکٹر اخراجات میں وفاق نے 237 ارب اور صوبوں نے 219 ارب روپے خرچ کیے، گزشتہ سال اسی عرصے میں وفاق کا یہ حجم 160 ارب اور صوبوں کا 168 ارب تھا۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں ٹیکس وصولیوں کا حجم 22 سو 50 ارب روپے رہا، نان ٹیکس ریونیو کا حجم 706 ارب روپے رہا۔

  • ماہ جنوری : پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں  نمایاں طور پر بہتری، رپورٹ جاری

    ماہ جنوری : پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نمایاں طور پر بہتری، رپورٹ جاری

    کراچی : نئے سال کے پہلے ماہ جنوری میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے سودوں میں نمایاں طور پر بہتری دیکھی گئی، مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں39ارب روپے کا ریکارڈ اضافہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی ماہ جنوری کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نئے سال کے پہلے مہینے مین ایک ماہ کے دوران100 انڈیکس میں895 پوائنٹس اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    اسٹاک ایکسچینج  میں ماہ جنوری کے اختتام پر100 انڈیکس41630پر بند ہوا،  جنوری میں 100انڈیکس کی بلند ترین سطح 43468 اور کم ترین40735 رہی۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ماہ جنوری میں 5.68ارب شیئرز کے سودے ہوئے جس کے مطابق جنوریکے کاروبار کی مالیت 213 ارب روپے رہی، ایک ماہ میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن 39ارب اضافےسے 7851ارب روپے ہوگئی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز 31 جنوری2020 کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز زبردست اتار چڑھاؤ رہا۔ مارکیٹ دو سو باہتر پوائنٹس کی کمی سے اکتالیس ہزار چھ سو تیس پر اختتام پذیر ہوئی۔

    کاروباری ہفتے کا اختتام 272 پوائنٹس کی کمی سے 41 ہزار 630 پر ہوا، دن بھر مجموعی طور پر 341 کمپنیوں کے شیئرز میں کاروبار ہوا۔ 211 کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی جبکہ 116 کے شیئرز میں اضافہ ہوا۔

  • دنیا پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مقام کے طور پر پہچان رہی ہے: فیاض الحسن چوہان

    دنیا پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مقام کے طور پر پہچان رہی ہے: فیاض الحسن چوہان

    لاہور: وزیرِ اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ حکومت کا امیج خراب کرنے کی دانستہ کوشش ہے، دنیا پاکستان کو سرمایہ کاری اور سیاحت کے لیے پرکشش مقام کے طور پر پہچان رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے وزیرِ اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل رپورٹ پر بلاوجہ طوفان کھڑا کیا گیا۔

    فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کا ہیڈ عادل گیلانی ہے۔ عادل گیلانی نواز دور میں پی ایم آفس میں معاون کے طور پر مراعات لیتا رہا۔ یہ رپورٹ اس وقت آئی جب وزیر اعظم ورلڈ اکنامک فورم میں نمائندگی کر رہے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ رپورٹ کے مندرجات آپس میں متصادم ہیں۔ ایک طرف 153 ارب کی ریکوری پر نیب کی تعریف کی گئی، دوسری طرف کرپشن بڑھنے کی بات سمجھ سے بالاتر ہے۔

    وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک اور دیگر عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کی تعریف کر رہے ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی اور شاہی جوڑے کی آمد سب کے سامنے ہے۔ دنیا پاکستان کو سرمایہ کاری اور سیاحت کے لیے پرکشش مقام کے طور پر پہچان رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں دانستہ گزشتہ ادوارکی کرپشن اور میگا اسکینڈلز کو نظر انداز رکھا گیا، آل شریف دور میں سب کی پانچوں انگلیاں گھی میں اور سر کڑاہی میں تھا۔

    فیاض چوہان کا مزید کہنا تھا کہ رپورٹ حکومت کا امیج خراب کرنے کی دانستہ کوشش ہے، رپورٹ کو کوئی پکوڑے بیچنے والا ردی کے طور پر بھی استعمال نہیں کرے گا۔