Tag: request

  • امریکی اسپیکر کی درخواست مسترد، فیس بک کا جعلی ویڈیو ہٹانے سے انکار

    امریکی اسپیکر کی درخواست مسترد، فیس بک کا جعلی ویڈیو ہٹانے سے انکار

    واشنگٹن : امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے خود سے منسوب ویڈیو کو ہٹانے سے انکار پر فیس بک کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نینسی پلوسی کی ایک ایڈٹ کی گئی ویڈیو صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹ کی تھی جس میں ان کو پریس کانفرنس میں ایسے دکھایا گیا ہے جیسے وہ نشے میں ہوں۔طاقتور ڈیموکریٹ سیاست دان نینسی پلوسی کی اس ویڈیو کو صدر ٹرمپ کے حامیوں نے بڑی تعداد میں سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔

    نینسی پلوسی نے فیس بک سے رابطہ کرکے ویڈیو کو بلاک کرنے کی درخواست کی جو سوشل نیٹ ورک سائٹ نے مسترد کر دی۔

    نینسی پلوسی نے کہا کہ فیس بک کو معلوم ہے کہ ویڈیو جعلی ہے۔پلوسی کے مطابق فیس بک کی جانب سے جعلی اور گمراہ کن ویڈیو لگانے کی اجازت دینے کے بعد سوشل سائٹ انتظامیہ کا وہ دعویٰ مشکوک ہو جاتا ہے جس میں اس نے کہا تھا کہ وہ الیکشن مہم میں ٹرمپ کو جتوانے کے لیے روس کی مداخلت سے بے خبر تھی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق پلوسی نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ فیس بک کا جانتے بوجھتے ایک غلط ویڈیو نہ ہٹانا یہ ثابت کرتا ہے کہ وہ روس کے ہمارے الیکشن میں مداخلت میں اس کے ساتھ تھے۔

    اے ایف پی کے مطابق فیس بک انتظامیہ فوری طور پر اس خبر پر تبصرے کے لیے دستیاب نہ ہوسکی۔ تاہم میڈیا رپورٹس میں فیس بک سے یہ بات منسوب کی گئی ہے کہ سائٹ انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ ویڈیو نیوز فیڈ میں ڈوب چکی تھی اور اس کو آزادانہ فیکٹ چیک کے بعد اس الرٹ کے ساتھ ٹیگ کرکے لگایا گیا کہ یہ غلط ہے۔

    خیال رہے کہ فیس بک کے شریک بانی مارک زکربرگ کئی بار کہہ چکے ہیں کہ آزادی اظہار کی حدود کے لیے اصول حکومتوں اور معاشرے کو وضع کرنا چاہئیں نہ کہ فیس بک جیسی پرائیویٹ کمپنیاں مرتب کریں گی۔

    دوسری جانب یوٹیوب نے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ انہوں نے نینسی پلوسی کی مذکورہ تیار کردہ ویڈیو کلپ بلاک کر دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ویڈیو کلپ کا بظاہر مقصد نینسی پلوسی کی ساکھ کو نقصان پہنچانا تھا۔پلوسی نے کہا کہ وہ شراب نوشی نہیں کرتیں، اس کو چاکلیٹ کے ساتھ پیش کیا جا سکتا ہے، میں شراب نوشی نہیں کرتی اس لیے ہر ایک اس پر ہنس رہا تھا۔ انہوں نے اس معاملے میں غلط شخص کو چنا۔

  • خلیجی ملکوں نے اپنی سمندری حدود میں امریکی فوج تعیناتی کی منظوری دے دی

    خلیجی ملکوں نے اپنی سمندری حدود میں امریکی فوج تعیناتی کی منظوری دے دی

    واشنگٹن/ریاض : خلیج تعاون کونسل کا سمندری حدود میں امریکی فوج کی تعیناتی سے متعلق کہنا ہے کہ امریکی فوج کسی ملک کے خلاف جنگ نہیں بلکہ دفاعی حکمت عملی کے لئے تعینات ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب اور متعدد دوسرے خلیجی ممالک نے امریکا کی اس درخواست کو منظور کر لیا ہے جس میں امریکا نے ایران کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنی فوج خلیجی ملکوں اور ان کی سمندری حدود میں تعینات کرنے کی اجازت مانگی تھی۔

    عرب ٹی وی کے مطابق ذرائع نے بتایاکہ خلیج تعاون کونسل، جس میں سعودی عرب بھی شامل ہے، نے امریکی فوج کی خلیجی پانیوں میں تعیناتی کی باقاعدہ اجازت دے دی ہے۔

    ذرائع کے مطابق خلیجی ملکوں کی طرف سے یہ اجازت امریکا کے ساتھ دو طرفہ معاہدوں کی بنیاد پر دی گئی ہے جس کا مقصد خطے کو ایران کی طرف سے درپیش خطرات اور عرب ممالک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی ایرانی سازشوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات یقینی بنانا ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ عرب ممالک کے پانیوں اور ملکوں میں امریکی فوج کی تعیناتی کا پہلا محرک ایران کی کسی بھی فوجی جارحیت کے جواب میں خلیجی حکومتوں کے ساتھ مل کر تہران کو جواب دینا اور خطے میں امریکا اور اس کے اتحادیوں کے مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔

    ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ امریکی فوج کی خطے میں موجودگی ایران پر چڑھائی یا جنگ نہیں بلکہ دفاعی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ ایران کی طرف سے خطرے کی صورت میں امریکا اور اس کے خلیجی اتحاد مل کر لائحہ عمل اختیار کریں گے۔

    عرب سفارتی ذرائع کے مطابق ماہ صیام کے آخری ایام میں مکہ معظمہ میں عرب سربراہ کانفرنس کے انعقاد کے حوالے سے عرب ملکوں کی حکومتوں کے درمیان رابطے مزید تیز ہو گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق مکہ معظمہ میں ہونے والی اسلامی سربراہ کانفرنس میں عرب اور مسلمان ممالک کی قیادت شرکت کرے گی۔ اس موقع پر عالمی اور علاقائی سطح پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے مسلمان ملکوں میں اتحاد اور ہم آہنگی مشترکہ ویڑن اختیار کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

  • مالی بحران، فلسطینی اتھارٹی کی عرب ممالک سے قرض کے لیے درخواست

    مالی بحران، فلسطینی اتھارٹی کی عرب ممالک سے قرض کے لیے درخواست

    رام اللہ : اسرائیل اور امریکا کی طرف سے معاشی پابندیوں کے باعث فلسطینی اتھارٹی شدیدمالی بحران کا سامنا کررہی ہے۔ مالی بحران سے نکلنے کے لیے اتھارٹی نے عرب ممالک سے قرض لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کے ایک سینئر عہدیدار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ صدر محمود عباس قاہرہ میں ہونے والے عرب وزرائے خارجہ کے اجلاس میں عرب ممالک سے مالی مدد اور قرض کی فراہمی کی اپیل کریں گے۔

    فلسطینی اتھارٹی کے عہدیدار کاکہنا تھا کہ ہم اسرائیلی ریاست کی بلیک میلنگ کے آگے نہیں جھکیں گے۔ فلسطینی اتھارٹی کو معاشی بحران سے دوچار کرنے کا مقصد صہیونی ریاست کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پرمجبور کرناہے مگرہم ایسا نہیں کریں گے۔

    مزید پڑھیں : امریکی امن پلان میں جزیرہ سیناء فلسطینیوں کو دینے کی تجویز شامل نہیں، گرین بیلٹ

    بیت لحم میں یہودی آباد کار نے فلسطینی خاتون کو گاڑی تلے روند کر شہید کردیا

    خیال رہے کہ فلسطینی اتھارٹی نے گذشتہ دو ماہ کے دوران اسرائیل کی طرف سے ٹیکسوں کی جمع کی گئی کچھ رقم وصول کرنے سے یہ کہہ کر انکار کردیا تھا کہ اسرائیل فلسطینی ٹیکسوں کی رقم میں کٹوتی نہ کرے اور پوری رقم ادا کرے مگر اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کو ملنے والی رقم صہیونی ریاست کے خلاف لڑتے ہوئے شہید،زخمی اور قیدیوں کے خاندانوں کی کفالت پر صرف کی جا رہی ہے۔

  • بریگزٹ کی تاریخ میں 30 جون تک توسیع کی جائے، تھریسامے کی درخواست

    بریگزٹ کی تاریخ میں 30 جون تک توسیع کی جائے، تھریسامے کی درخواست

    لندن : برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے یورپی یونین سے بریگزٹ کی ڈیڈ لائن میں 30 جون تک توسیع کی درخواست کردی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان دسمبر 2016 سے طے شدہ بریگزٹ وقوع پذیر نہیں ہوسکا جس کی وجہ برطانوی اراکین پارلیمنٹ کا یورپی یونین کے ساتھ کسی بھی معاہدے پر نہ پہنچنا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم تھریسامے نے ایک مرتبہ پھر یورپی یونین سے درخواست کی ہے کہ وہ بریگزٹ کی تاریخ میں 30 جون تک توسیع کا اعلان کریں۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ یورپی یونین برطانیہ کی درخواست پر پہلے ہی 29 مارچ کو ہونے والے بریگزٹ کی تاریخ میں توسیع کرکے 12 اپریل کرچکا ہے ہے تاہم تھریسامے میں ڈیل کی منظوری لینے میں ایک مرتبہ پھر ناکام ہوئیں جس کے بعد انہوں نے مزید توسیع کی استدعا کی ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق یورپی یونین کی جانب سے کہا ہے کہ تھریسامے توسیع کی درخواست کے بجائے متبادل منصوبہ پیش کرے۔

    یورپی یونین کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک کی جانب سے تجویز دی گئی تھی کہ یورپی ممالک کے سربراہان بریگزٹ کی تاریخ میں ایک برس کی لچکدار توسیع کردیں لیکن یورپی ممالک برطانیہ کو مزید وقت دینے کےلیے تیار نہیں۔

    یورپی یونین کے رکن ممالک کا کہنا ہے کہ اگر بریگزٹ کی تاریخ میں 30 جون تک توسیع کی گئی تو برطانیہ یورپی یونین کے الیکشن میں اپنا حق رائے دہی بحیثیت رکن ملک استعمال کرسکتا ہے۔

    یورپی ممالک کی جانب سے برطانیہ کو عندیہ دیا گیا ہے کہ اگر 12 اپریل تک بریگزٹ معاہدہ منظور ہوگیا تو ٹھیک ورنہ برطانیہ کو بغیر ڈیل کے یورپی یونین سے علیحدہ ہونا پڑے گا۔

    مزید پڑھیں : بریگزٹ ڈیل: برطانوی وزیراعظم اپوزیشن لیڈر سے اہم ملاقات کریں گی

    خیال رہے کہ برطانوی اعظم تھریسامے بریگزٹ ڈیل سے متعلق مذاکرات کے لیے اپوزیشن لیڈر جیرمی کوربن سے خصوصی اور اہم ملاقات کریں گی تاہم ملاقات کے حوالے سے حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔

    بریگزٹ ڈیل نہ ہونے کے باعث ملک میں سیاست کے علاوہ معاشی بحران کی صورت حال پیدا ہورہی ہے، امریکی ڈالر اور یورو کے مقابلے میں برطانوی پاؤنڈ کی قدر میں صفر عشاریہ تین فیصد کمی نوٹ کی گئی۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ وزیراعظم تھریسامے موجودہ صورت حال کے سبب شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں، کئی کوششوں کے باوجود پارلیمنٹ رہنماؤں کو بریگزٹ پر قائل کرنے میں ناکام ہیں۔

  • میں اپنی بچی ایئرپورٹ پر بھول گئیں ہوں‘ ماں کی درخواست پر طیارے کی ہنگامی واپسی

    میں اپنی بچی ایئرپورٹ پر بھول گئیں ہوں‘ ماں کی درخواست پر طیارے کی ہنگامی واپسی

    ریاض : سعودی عربین ایئرلائن کے ملائشیا جانے والے طیارے کو اڑان بھرتے ہی واپس جدہ ایئرپورٹ آنا پڑا جب ایک خاتون نے بتایا کہ وہ اپنی بیٹی کو ٹرمنل پر ہی بھول آئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے شہر جدہ کے شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے سعودی عربین ایئرلائن کی فلائٹ ایس وی 832 کے ذریعے ملائشیا جانے والی لاپراہ مسافر خاتون بچی کو ٹرمنل پر ہی بھول گئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پائلٹ کو اس وقت حیرت میں مبتلا ہوگیا جب ایک خاتون نے فلائٹ واپس جدہ ایئرپورٹ لے جانے کی درخواست کی تاکہ اپنی کمسن بچی کو لے سکیں جسے وہ انتظار گاہ میں بھول آئی ہے۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ پائلٹ اور ایئر ٹریفک کنٹرول کے درمیان ہونے والے گفتگو کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے، جس میں پائلٹ کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ’کیا فلائٹ واپس جدہ ایئرپورٹ لائی جاسکتی ہے‘۔

    جہاز کے پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرول ڈپارٹمنٹ کو بتایا کہ خاتون نے سفر جاری رکھنے سے انکار کردیا ہے کیا ہم واپس آسکتے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ایئر ٹریفک کنٹرول کے ایک اہلکار نے کہا طیارے کو واپس لوٹنے کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ ہمارے لیے بلکل نیا تجربہ ہے۔

  • بھارت کا  آئی سی سی سے پاکستان کو ورلڈ کپ سے باہر کرنے کا مطالبہ

    بھارت کا آئی سی سی سے پاکستان کو ورلڈ کپ سے باہر کرنے کا مطالبہ

    نئی دہلی : ورلڈ کپ میں پاکستان سے میچ منسوخ کرانے میں ناکامی کے بعد بھارت نے ورلڈ کپ میں پاکستان سے نہ کھیلنے کے بہانے شروع کردیئے اور آئی سی سی سے پاکستان کوورلڈ کپ سے باہر کرنے کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت پاکستان دشمنی میں پاگل ہوگیا اور ورلڈ کپ میں پاکستان سے بھارت کا میچ منسوخ کرانے میں ناکامی پر اب بھارتی میڈیا ورلڈ کپ سے پاکستان کو باہر نکالنے کا خواب دیکھنے لگا۔

    بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو خط میں مطالبہ کیا سابق ورلڈچیمپئن پاکستان کوورلڈکپ سے باہررکھا جائے۔

    دوسری جانب سابق کپتان سارو گنگولی نے پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے دعویٰ کیا بھارت نہیں ہوگا توورلڈ کپ بھی نہیں ہوسکتا۔

    خیال رہے آئی سی سی پہلے ہی واضح کرچکا ہے ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ شیڈول کے مطابق سولہ جون کوہی ہوگا۔

    مزید پڑھیں : آئی سی سی نے پاک بھارت میچ کےلیے گرین سگنل دے دیا

    یاد رہے نٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) ورلڈ کپ 2019 کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کرچکی ہے، جس کے تحت یہ ٹورنامنٹ مئی 30 سے جولائی 14 کے درمیان انگلینڈ اور ویلز میں کھیلا جائے گا۔

    میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ ٹورنامنٹ کا پہلے میچ اوول کے میدان پر 30 مئی کو کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان کا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہے جو 31 مئی کو ٹرینٹ برج پر کھیلا جائے گا

    واضح رہے کہ پلوامہ خودکش حملے میں 44 بھارتی فوجی مارے گئے تھے جس کے بعد بھارت نے پاکستان کے خلاف محاذ کھول دیا، تجارتی پابندی کے ساتھ ساتھ پاکستانی اداکاروں پر بھی بھارتی فلموں میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

  • نیب کی درخواست پر اسحاق ڈار کا پاسپورٹ بلاک کردیا

    نیب کی درخواست پر اسحاق ڈار کا پاسپورٹ بلاک کردیا

    اسلام آباد : حکومت پاکستان نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی درخواست پر اثاثہ جات ریفرنس میں اشتہاری ملزم اسحاق ڈار کو بلیک لسٹ قرار دیتے ہوئے سابق وزیر خزانہ کا پاسپورٹ بلاک کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے اثاثہ جات ریفرنس میں اشتہاری اور مفرور ملزم و سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے ان کا پاسپورٹ بھی بلاک کردیا ہے۔

    قومی احتساب بیورو نے اسحاق ڈارکو انٹرپول کے ذریعے لندن سے گرفتار کرکے وطن واپس لانے کے لیے ریڈ وارنٹ بھی جاری کیے ہوئے ہیں۔

    نیب کی جانب سے جاری ریڈ وارنٹ میں برطانیہ کے ایون فیلڈ ہاؤس پارک لین 16 اے اور سابق وفاقی وزیرخزانہ کے دبئی میں موجود دوسرے گھر ای 144 ہجویری ویلا ایمریٹس ہل کے گھر کا ایڈریس لکھا ہوا ہے۔

    انٹرپول کی مدد سے اسحاق ڈار کی وطن واپسی کے لیے جاری ہونے والے ریڈ وارنٹ میں سابق وفاقی وزیر خزانہ کے جسمانی خدوخال کی تفصیلات بھی درج کی گئی ہیں۔

    قبل ازیں وزارت داخلہ نے نیب کی درخواست پر اسحاق ڈار کی گرفتاری اور وطن واپسی کے لیے ریڈوارنٹ جاری کرنے کی منظوری دی تھی، جس کے لیے انٹرپول کو بھی خط ارسال کیا گیا تھا۔


    مزید پڑھیں: اسحاق ڈار کے ریڈوارنٹ جاری


    خیال رہے عدالت نے اسحاق ڈار کو وطن واپسی کے لیے کئی بار مہلت دی مگر وہ اپنی صفائی دینے کے لیے حاضر نہ ہوئے۔

    یاد رہے کہ 14 جولائی کو اسحاق ڈار کی وطن واپسی سے متعلق ہونے والی کیس کی سماعت میں اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ اسحاق ڈار کے ریڈوارنٹ جاری کردیے گئے، جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا تھا کہ کیا اسحاق ڈار کا پاکستانی پاسپورٹ منسوخ کیا گیا؟

    اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا تھا کہ اسحاق ڈارکا ابھی تک پاسپورٹ منسوخ نہیں کیا گیا کیونکہ ملزم اس کے بعد واپس نہ آنے کا جواز  پیش کرسکتا ہے، ہمیں انٹرپول کی جانب سے کارروائی کا انتظار ہے۔


    ویڈیو دیکھیں: بیمار اسحاق ڈار کی لندن میں پھرتیاں، ویڈیو سامنے آگئی


    یاد رہے 9 جولائی کو جسٹس ثاقب نثار نے اسحاق ڈار کی پیشی یقینی بنانے کے لیے وزارت داخلہ اور اٹارنی جنرل کو حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسحاق ڈار ملک کی سب سے بڑی عدالت کو خاطر میں نہیں لارہے، وہ مفرور ہیں، کوئی بھی ان کو پکڑ کرپیش کرسکتا ہے۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اگر اسحاق ڈار نہیں آتے تو ان کا پاسپورٹ منسوخ کیا جائے اور انٹرپول کے ذریعے انہیں واپس لایا جائے۔

  • عمران خان نے کارکنوں کو عائشہ گلالئی کی بہن پر تنقید سے روک دیا

    عمران خان نے کارکنوں کو عائشہ گلالئی کی بہن پر تنقید سے روک دیا

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کارکنوں کو عائشہ گلالئی کی بہن پر تنقید سے روک دیا اور کہا کہ مسلم لیگ ن اب کردار کشی پر اتر آئی ہے، وقت کے ساتھ ضمیر بیچنے والے خود بے نقاب ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کارکنوں کو عائشہ گلالئی کی بہن پر تنقید سے روک دیا اور کہا کہ عائشہ گلالئی کی بہن کو ٹارگٹ کرنا فوری طور پر بند کریں۔

    عمران خان نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ ن لیگ کی مجھے نااہل کرانے کی کوششیں ناکام ہوں گی، مسلم لیگ ن اب کردار کشی پر اتر آئی ہے، مسلم لیگ(ن)جو کرسکتی تھی وہ کر رہی ہے، وقت کے ساتھ ضمیر بیچنے والے خود بے نقاب ہوں گے۔

    کپتان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے پی کےحکومت کو گرانے کی کوشش کررہی ہےخریدوفروخت ان کاوتیرہ ہے،وقت کےساتھ ضمیرفروخت کرنےوالے خودبے نقاب ہوں گے۔

    پی ٹی آئی چیئرمین نے ٹوئٹ میں لکھا میرشکیل الرحمان اورنوازشریف کی مافیا کو چیلنج کرتاہوں، جتنا گرسکتے ہو گرجاؤ،جتنا برا کرسکتے ہو کرو، میری جدوجہد اور پارٹی مزید مضبوط ہوتی جائے گی۔

    خیال رہے کہ عائشہ گلالئی کے عمران خان پر الزامات کے بعد پی ٹی آئی رہنما بھی کپتان کے دفاع میں نکل آئے ہیں، پی ٹی آئی رہنماؤں نے عائشہ گلا لئی کے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • ٹی ڈیپ کے تحت ایکسپو پاکستان نمائش کا آغاز 26 فروری کو ہوگا

    ٹی ڈیپ کے تحت ایکسپو پاکستان نمائش کا آغاز 26 فروری کو ہوگا

    کراچی: ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے تحت ایکسپو پاکستان نمائش کا آغاز 26 فروری کو کراچی میں ہورہا ہے۔

     تفصیلات کے مطابق نمائش کا افتتاح وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کریں گے، ٹی ڈیپ ذرائع کے مطابق ایکسپو سینٹر میں 26 فروری سے شروع ہونے والی چار روزہ نمائش میں70 سے زائد ممالک شرکت کریں گے۔

     ذرائع کا کہنا ہے کہ چھ ہالز میں 350 سے زائد کمپنیاں اپنی مصنوعات نمائش کیلئے پیش کریں گی۔

     ذرائع کے مطابق نمائش کے ابتدائی 2 روز غیر ملکی مندوبین اور کارپوریٹ سیکٹر کے لئے مختص ہوں گے ، جبکہ آخری دو روز عوام کیلئے ہوں گے۔

     ذرائع کاکہنا ہے کہ نمائش میں 14 کروڑ روپے سے زائد کے اخراجات آئیں گے ۔ نمائش کی تمام تر تیاریاں مکمل اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔