Tag: rescue team

  • کراچی : ایک اور بچہ نالے میں گر کر لاپتہ

    کراچی : ایک اور بچہ نالے میں گر کر لاپتہ

    کراچی : گولیمار کی لیاری ندی میں8سال کے بچے کے گرنے کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے، اندھیرے کے باعث تلاش کا عمل روک دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ لاپتہ بچے کی شناخت 8سالہ حیدر کے نام سے ہوئی ہے۔

    نالے میں بچے کے گرنے کی اطلاع ملنے پر علاقہ مکین بڑی تعداد میں جمع ہوگئے اور بچے کی تلاش شروع کردی گئی تاہم ریسکیو اہلکاروں نے ہر ممکن کوشش کی لیکن لاپتہ بچے کو تاحال تلاش نہیں کیا جاسکا۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ رات کی تاریکی کے باعث ریسکیو آپریشن روک دیا گیا ہے، نالے میں پانی کا بہاؤ تیز ہونے اور کچرے کے باعث کارروائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

    ریسکیو کی غوطہ خور ٹیم نے رات ایک بجے تک بچے کی تلاش کا آپریشن جاری رکھا، ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر موجود ہیں، تلاش کیلئے آپریشن صبح دوبارہ شروع کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ کراچی میں آئے روز بچوں کے نالوں اور گٹروں میں گر کر جاں بحق ہونے کے واقعات رپورٹ ہوتے ہیں لیکن متعلقہ حکام اور ادارے روایتی بیانات اور اقدامات پر ہی اکتفا کرتے ہوئے اگلے حادثے کی خبر انتظار کرتے ہیں۔

    گزشتہ ہفتے سہراب گوٹھ لیاری ندی میں2سال کے بچے کے گرنے کا واقعہ پیش آیا جبکہ رواں سال مارچ کے دوران گلشن اقبال 13 ڈی میں چھ سالہ بچہ ابیہان اور شاہ لطیف ٹاؤن میں تین سالہ بچہ محسن گٹر میں گِر کر ہلاک ہوا۔

  • انہونی : دو دن تک موت کے منہ میں رہنے والا کیسے بچ نکلا؟

    انہونی : دو دن تک موت کے منہ میں رہنے والا کیسے بچ نکلا؟

    لندن : برطانیہ کی ایک غار میں دو دن تک پھنسے شخص کو بحفاظت نکال لیا گیا، 240 افراد پر مشتمل ریسکیو ٹیم نے اس کی جان بچائی۔

    برطانیہ کے شہر ساؤتھ ویلز کے پہاڑی سلسلے میں بریکن بیکن میں غاروں سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے دوران ایک گڑھے میں گر گیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مبینہ طور پر یہ شخص 6 اکتوبر کو بریکن بیکنز کی ایک غار کے نظام کی تلاش کے دوران50فٹ گہرے گڑھے میں گرگیا تھا جس کے نتیجے میں اس کی کئی ہڈیاں ٹوٹ گئی تھیں۔

    خوش قسمتی سے گرنے والا شخص انتہائی تکلیف دہ صورتحال میں ریسکیو ادارے کو کال کرنے میں کامیاب رہا جس نے برطانیہ بھر سے رضاکاروں اور کئی دیگر امدادی ٹیموں کو متحرک کیا۔

    مذکورہ ریسکیو آپریشن میں 240 افراد شامل تھے جس میں برطانیہ کی کم از کم آٹھ تجربہ کار ریسکیو ٹیمیں بھی شامل تھیں۔

    تقریباً 54 گھنٹوں کی مسلسل کوششوں کے بعد اسے غار سے کامیابی کے ساتھ نکالا گیا، یہ آپریشن غاروں کی تاریخ کا سب سے طویل ریسکیو مشن ثابت ہوا۔

  • ریسکیو ٹیموں نے بالآخر زخمی پائلٹ کو ڈھونڈ لیا

    ریسکیو ٹیموں نے بالآخر زخمی پائلٹ کو ڈھونڈ لیا

    ریاض : ٹڈی دل سے بچاؤ کا اسپرے کرنے والے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کرنے والے زخمی پائلٹ کو ریسکیو ٹیموں نے16 گھنٹے بعد ڈھونڈ لیا، کپتان کا تعلق سوڈان سے ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق عسیر ریجن میں ٹڈی دل کے اسپرے کے لیے آنے والا ایک انجن کا طیارہ دوران پرواز اچانک خراب ہوگیا، جسے پائلٹ نے کمال مہارت سے ہنگامی طور پر لینڈ تو کرلیا تاہم گرنے کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہوکر جھاڑیوں میں لاپتہ ہوگیا۔

    ہنگامی لینڈنگ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، بعد ازاں ریسکیو ٹیموں نے سولہ گھنٹے کی مسلسل کوششوں کے بعد لاپتہ پائلٹ کو تلاش کرلیا۔

    طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کا یہ واقعہ سعودی عرب کے جنوب مغربی صوبے عسیر میں النماص اور المجاردة کمشنریوں کے درمیان واقع جنگلات میں پیش آیا تھا۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے موسم کی خرابی کی وجہ سے حادثہ پیش آیا، ائیر کرافٹ کے کیپٹن کو طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جیہاں اسے طبی امداد فراہم مکی جارہی ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

    طیارے کے پائلٹ کی ایک وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، کپتان کا تعلق سوڈان سے ہے۔ وڈیو میں کپتان کا کہنا ہے کہ اگر جنگلات میں ہنگامی لینڈنگ کا یہ واقعہ کسی اور ملک میں ہوتا تو میں شاید دنیا میں نہیں ہوتا۔ ریسکیو ٹیموں کا شکر گزار ہوں، مجھے ان پر فخر ہے۔

    مزید پڑھیں : ٹڈی دل کے اسپرے کے لیے آنے والا طیارہ گر کر تباہ، 2 پائلٹ جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ صوبہ پنجاب کے شہر صادق آباد میں بھی ٹڈی دل کے اسپرے کے لیے آنے والا طیارہ باندھی کے قریب گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں طیارے میں موجود 2 پائلٹ جاں بحق ہوگئے، حادثہ طیارہ فنی خرابی کے باعث پیش آیا، یہ طیارہ وفاق کی جانب سے اسپرے مہم کے لیے پنجاب حکومت کو دیا گیا تھا۔

  • دبئی: سنگدل باپ نے بیٹی کو ڈوبنے دیا کہ کوئی مرد اسے ہاتھ نہ لگائے

    دبئی: سنگدل باپ نے بیٹی کو ڈوبنے دیا کہ کوئی مرد اسے ہاتھ نہ لگائے

    دبئی: ایک 20 سالہ لڑکی کو اس کے باپ نے ساحل پر ڈوبنے دیا لیکن مرد لائف گارڈز کو اسے ہاتھ نہیں لگانے دیا۔

    عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک ایشیائی النسل شخص اپنے خاندان کے ہمراہ ساحل پر آیا جہاں اس کی بیٹی ڈوبنے لگی اور مدد کے لئے پکارنے لگی، جب ریسکیو اہلکار اسکی مدد کے لئے لپکے تو لڑکی کے والد نے انہیں روک دیا جس کے سبب لڑکی کی موت واقع ہوگئی۔

    دبئی پولیس کے سرچ اینڈ ریسکیو ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر احمد برقباح کا کہنا ہے کہ وہ یہ حادثہ زندگی بھر نہیں بھول سکتے۔ انہوں مزید کہاکہ ’’لڑکی کو بچایا جاسکتا تھا لیکن اس کے والد کے اس عقیدے نے کہ اگر کسی غیر مرد نے اسکی بیٹی کو ہاتھ لگالیا تو اس کی بے حرمتی ہوجائے گی اور اسی عقیدے نے لڑکی کی جان لے لی‘‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ لڑکی کا والد ایک لمبا تڑنگا اور طاقتور شخص تھا اس نے ریسکیو اہلکاروں کو پکڑ کر کھینچنا اور روکنا شروع کردیا ۔ والد نے ان سے کہا کہ ’’وہ ترجیح دے گا کہ اس کی بیٹی مرجائے تاآنکہ کوئی غیر مرد اسے ہاتھ لگائے‘‘۔

    احمد برقباح کے مطابق لڑکی کو بچایا جاسکتا تھا اگر اس کا والد ریسکیو اہلکاروں کے کام میں مداخلت نہیں کرتا۔

    انہوں نے تصدیق کی کہ لڑکی کے والد کو ریسکیو ٹیم کے کام میں مداخلت کرنے اور لڑکی جان بچانے سے روکنے کے الزام میں گرفتارکرلیا ہے۔

  • جاپانی بحریہ کی ’رسیکیوٹیم‘مچھیروں کی محتاج نکلی

    جاپانی بحریہ کی ’رسیکیوٹیم‘مچھیروں کی محتاج نکلی

    ٹوکیو: جاپان میں میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس کے ملاح سی پلین کا انجن بند ہوجانے کے باعث مشکل میں گرفتار، مچھیروں نے جان بچائی۔

    تفصیلات کے مطابق جاپانی بحریہ کے 19 ملاح شیکوکوُ نامی جزیرے کے قریب سمندری مشقیں کررہے تھے۔

    وزارت دفاع کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سمندر میں سی پلین کےذریعے لینڈنگ اورٹیک آف کرنے کی مشقیں جاری تھیں کہ انجن بند ہوگیا اور دائیں جانب کا پر بھی ناکارہ ہوگیا جس کے سبب ملاحوں نے جہاز ارانے کی کوشش ترک کردی۔

    سی پلین کے عملے کو قریب سے گزرتے ہوئے مچھیروں کے ایک ٹرالر نے ایمرجنسی بوٹس کے ذریعے جہاز سے نکالا اور ساحل تک پپہنچایا، اس حادثے میں عملے کے چار ارکان کو معمولی نوعیت کی چوٹیں بھی لگیں ہیں۔

    وزارتِ دفاع کے ترجمان نے جہاز کی خرابی کی بابت کسی بھی قسم کی تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کردیا ہے۔