Tag: rescue teams

  • کوئٹہ : اے ٹی ایف کی موبائل کے قریب دھماکا، ایک اہلکار شہید، 6 زخمی

    کوئٹہ : اے ٹی ایف کی موبائل کے قریب دھماکا، ایک اہلکار شہید، 6 زخمی

    کوئٹہ کے علاقے کرانی میں اے ٹی ایف کی موبائل کے قریب دھماکا ہوا ہے، جس سے ایک اہلکار شہید اور 6اہلکار زخمی ہوگئے۔ 

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کا اندازہ ابھی نہیں لگایا جاسکا, ابتدائی اطلاعات کے مطابق بروری کے علاقے کرانی روڈ میں اے ٹی ایف کی موبائل کے قریب ہونے والے دھماکے میں ایک پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گیا جبکہ 6 اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق دھماکہ خیز مواد سڑک کے کنارے نصب تھا، دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس کی نفری دھماکے کی جگہ روانہ کردی گئی ہیں۔

    واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شہید کی میت اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ پولیس کے مطابق شہید ہونے والے اہلکار کی شناخت سپاہی دلبر خان کے نام سے ہوئی ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان صوبائی حکومت نے بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ میں کرانی روڈ پر پولیس موبائل کے قریب دھماکا ہوا جس میں ایک اہلکار شہید،6 افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد دی جارہی ہے۔

    ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔

    بم دھماکے کا دوسرا واقعہ قمبرانی روڈ پر پیش آیا ہے جہاں نامعلوم افراد نے ایک موبائل کی دکان پر دستی بم سے حملہ کیا، پولیس ذرائع کے مطابق اس حملے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

    علاوہ ازیں بلوچستان کے شہر چمن میں پولیس اسٹیشن پر حملے کی اطلاعات ہیں، ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ کا کہنا ہے کہ جنگل پیرعلیزئی لیویز تھانے پر دستی بم حملہ ہوا ہے تاہم اہلکار کسی نقصان سے محفوظ رہے۔

  • اسکردو ایئرپورٹ پر اے ایس ایف، سی ایم ایچ اور ریسکیو ٹیموں کا عملی مظاہرہ

    اسکردو ایئرپورٹ پر اے ایس ایف، سی ایم ایچ اور ریسکیو ٹیموں کا عملی مظاہرہ

    کراچی : اسکردو ایئرپورٹ پر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اے ایس ایف، سی ایم ایچ سمیت دیگر ریسکیو ٹیموں نے عملی مظاہرہ کیا، امدادی مشقوں کا انعقاد سول ایوی ایشن کی جانب سے کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق اسکردو ائیرپورٹ پر پر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے عملی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں اے ایس ایف، سی ایم ایچ سمیت دیگر ریسکیو ٹیموں نے حصہ لیا۔

    سات ہزار پانچ سو فٹ بلندی پر واقع اسکردو ائیرپورٹ پر یہ مناظر فضائی حادثے کے نہیں ہیں بلکہ یہ عملی مظاہرہ کریش لینڈنگ کے دوران ریسکیو عملے کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے کیا گیا۔

    امدادی مشقوں کا مقصد کسی بھی ہنگامی صورتحال اور جہاز کی ایمرجنسی یا کریش لینڈنگ کی صورت میں ایئرپورٹ موجود متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو جانچنا اور مزید فعال بنانا ہے۔

    بین الاقوامی شہری ہوا بازی کے قوانین کے مطابق ا سکردو ائیرپورٹ پر ہنگامی مشقوں سے سول ایوی ایشن اور متعلق اداروں کے معیار کو موثر بنانا ہے۔

    واضح رہے کہ دنیا کے چند بلند ترین ائیرپورٹس میں شمار کئے جانے والے اسکردو ایئرپورٹ سیاحت کی وجہ سے منفرد اہمیت کا حامل ہے۔

  • کھٹمنڈو :  پاک فوج کی ٹیم دیگرممالک کے ساتھ متاثرین کی بحالی میں مصروف

    کھٹمنڈو : پاک فوج کی ٹیم دیگرممالک کے ساتھ متاثرین کی بحالی میں مصروف

    نیپال:  زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، پاک فوج کی ٹیم دیگرممالک کے ساتھ متاثرین کی بحالی میں مصروف ہے۔

    نیپال میں قیامت خیز زلزلے کے بعد امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے، دنیا بھر سے امدادی سامان نیپال بھیجا جا رہا ہے اور ٹیمیں نیپال میں بحالی کے کاموں میں حصہ لے رہی ہیں۔

    پاک فوج کی جانب سے بھی زلزلہ زدگان کےلئے امدادی کارائیاں جاری ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے ڈاکٹر اورپیرامیڈیکل اسٹاف مریضوں کو طبی امداد دے رہے ہیں جبکہ انجینئرز امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

    اقوا م متحدہ نے عالمی برادری سے اکتالیس کروڑ ڈالرامداد کی اپیل کی ہے، عالمی اداروں کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں اسیّ لاکھ افراد پانی کی کمی اورغذائی قلت کا شکار ہیں۔ امریکا،برطانیہ، چین،بھارت اوردیگرملکوں سے نیپال میں امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔

    نیپالی حکام کے مطابق بڑے پیمانے پر تباہی کے بعد بحالی کے عمل میں کافی وقت لگے گا۔

  • دریائے راوی، سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے ریسکیو ٹیمیں سرگرم

    دریائے راوی، سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے ریسکیو ٹیمیں سرگرم

    پنجاب : دریائے راوی میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے ریسکیو ٹیمیں سر گرم ہیں، متاثرین سیلاب کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔

    حالیہ بارشوں نے پنجاب بھر میں تباہی مچادی ہے، دریائے راوی میں پچیاسی ہزار کیوسک سیلابی ریلے نے سیکڑوں افراد کے سر سے چھت چھین لی ہے، زور آور سیلابی موجوں سے پریشان متاثرین اپنے گھروں سے جانے کو تیار نہیں، مشکل کی اس گھڑی میں ریسکیوعملہ متاثرین سیلاب کی بحالی کیلئے کوشاں ہے۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق شاہدرہ کے مقام پانی کا بہاؤ پچھتر ہزار کیوسک ہے، جسڑ میں پانی کا بہاؤ بیالیس ہزار کیوسک جبکہ سب سے اونچے درجے کا سیلاب ہیڈ بنوکی پر ایک لاکھ پانچ ہزار کیوسک بتایا جارہا ہے۔

    انتظامیہ کی جانب سے قریبی علاقوں میں وارننگ بھی جاری کر دی گئی ہے، سیلاب میں گھِیرے شہری تیراکی اور کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل ہورہے ہیں۔