Tag: rescued

  • کراچی میں ہاکس بے پر نہاتے ہوئے تین نوجوان ڈوب گئے

    کراچی میں ہاکس بے پر نہاتے ہوئے تین نوجوان ڈوب گئے

    کراچی: ہاکس بے سینڈازپٹ کے قریب سمندر میں نہاتے ہوئے 3 نوجوان بلند لہروں کے باعث ڈوب گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں منوڑہ کے ساحل کے قریب سمندر میں نہاتے ہوئے تین نوجوان ڈوب گئے، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے ایک نوجوان کی لاش نکال لی گئی۔

    ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق نوجوان کی شناخت پینتیس سالہ حسن علی کے نام سے ہوئی ہے لاش اور بے ہوش نوجوان کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بیہوشی کی حالت میں ملنے والے نوجوان کی شناخت فرحان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ ڈوبنے والے تیسرے نوجوان کی تلاش جاری ہے۔

    ایس ایچ او ماڑی پور سردار عباس نے بتایا کہ ڈوب کر لاپتا ہونے والے نوجوان کا نام جمیل نوید معلوم ہوا ہے، تینوں جوان نارتھ کراچی کے رہائشی ہیں، پکنک کے لیے ہاکس بے سینڈازپٹ کے مقام پر آئے تھے اورسمندر میں نہاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوئے۔

    دوسری جانب اٹک میں بھی ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں دو بچے مقامی ڈیم میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے، دونوں بچوں کی لاشیں نکال لی گئیں۔

    اٹک کی تحصیل فتح جنگ کے علاقے ڈھرنال میں نور خان ڈیم میں نہاتے ہوئے دو بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے ہیں واقعہ کی اطلاع پر ریسکیو کی غوطہ خور ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ڈوبنے والے دونوں بچوں 14 سالہ عبداللہ اور 10 سالہ محمد ثوبان کی لاشیں نکال کر قریبی ہسپتال منتقل کر دی ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-man-missing-february-3-was-killed/

  • تین دن تک گٹر لائن میں پھنسا شخص زندہ کیسے نکلا؟

    تین دن تک گٹر لائن میں پھنسا شخص زندہ کیسے نکلا؟

    میکسیکو : امریکا میں ایک شخص گٹر لائن کے اندر تین دن دن تک پھنسا رہا، جسے اس کی چیخوں کی آوازیں سن کر ریسکیو کیا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق میکسیکو سٹی کے شمال مغرب میں واقع شہر لیون میں اپنی نوعیت کا انوکھا واقعہ پیش آیا۔

    انتونیو نامی شہری سرنگوں کی تلاش میں قریبی ندی سے نکاسی آب کی بڑی لائنوں میں داخل ہوا اور راستہ بھول گیا۔

    لاکھ کوشش کے باوجود اسے باہر نکلنے کا کوئی راستہ نہ دکھائی دیا یعنی جس مقام سے وہ داخل ہوا وہاں واپس نہ پہنچ سکا اور تین دن تک بھوکا پیاسا بھٹکتا رہا۔

    آخر کار اس نے ایک روشنی دیکھی جو اوپر کی سڑک کے ایک مین ہول کے ڈھکن کی جالیوں سے آرہی تھی جو اس کیلئے امید کی کرن تھی۔

    وقتاً فوقتاً وہ مدد کیلئے چیختا چلاتا رہا، بالآخر تیسرے دن سڑک سے گزرنے والی ایک خاتون نے اس کی چیخوں کی آواز کو سنا اور متعلقہ حکام کو اس کی اطلاع دی۔

    اس حوالے سے مقامی رہائشیوں کا کہنا تھا کہ انہیں بھی اس علاقے سے کسی کی ہلکی سی چیخوں کی آوازیں آرہی تھیں لیکن اس بات تعین نہیں ہوسکا کہ یہ آوازیں کہاں سے آ رہی ہیں۔

    اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انتونیو کو بحفاظت گٹر لائن سے باہر نکال لیا تاہم بھوکا پیاسا رہنے کے باعث اس پر نقاہت طاری تھی جسے طبی امداد کی فراہمی کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔

    انتونیو کو گٹر لائن سے نکالے جانے کی دو ویڈیوز ٹک ٹاک پر وائرل ہو چکی ہیں۔

    یاد رہے کہ اسی طرح کا ایک واقعہ رومفورڈ، ایسیکس میں بھی پیش آیا تھا، جہاں ایک آدمی گٹر لائن میں گیا اور چھ میل تک پائپ لائنوں میں بھٹکتا رہا تاہم اسے بھی زیر زمین تین دن گزارنے کے بعد بچالیا گیا۔

  • لومڑی کا بچہ پالنے کیلئے اتنے جتن، حیرت انگیز وجہ سامنے آگئی

    لومڑی کا بچہ پالنے کیلئے اتنے جتن، حیرت انگیز وجہ سامنے آگئی

    امریکی ریاست ورجینیا کے شہر رچمنڈ کے وائلڈ لائف سینٹر میں سرخ لومڑی کے بچے کی پرورش جنگل کے مصنوعی ماحول میں کی گئی۔

    وائلڈ لائف کا عملہ سرخ لومڑی کے اس یتیم بچے کو اس انداز میں دودھ پلاتا ہے جیسے وہ جنگل میں اپنی ماں کے ساتھ ہو۔

    وائلڈ لائف سینٹر نے اپنے فیس بک پیج پر ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں سینٹر کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر میلیسا سٹینلی لومڑی کے بچے کو ایک سرنج کی مدد سے دودھ پلانے کے دوران سرخ لومڑی کا ماسک اور ہاتھوں پر ربڑ کے دستانے پہنے ہوئے ہیں۔

    لومڑی

    بچے کو ایک ایسے نقلی جانور پر بٹھایا گیا ہے،جس میں جانور کی کھال کو اندر سے بھر کر اسے حقیقی جیسا روپ دیا گیا ہے۔ سٹینلی کا کہنا ہے کہ یہ اس لیے کیا گیا ہے کہ لومڑی کے بچے کو یہ محسوس ہو جیسے وہ اپنی ماں پر بیٹھا ہوا ہے۔

    وائلڈ لائف کے فیس بک پیچ میں لومڑی کے اس یتیم بچے کی کہانی اور اس کی دیکھ بھال کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اسے ایک ایسے ماحول میں رکھا جا رہا ہے جیسے وہ جنگل میں ہے اور اس کے آس پاس جنگل ہی کے جانور ہیں۔

    لومڑی کا بچہ

    اسی لیے بچے کو دودھ پلانے اور دیکھ بھال کرنے والا عملہ جب اس کے پاس آتا ہے تو چہرے پر لومڑی کا ماسک لگا لیتا ہے اور انسانی ہاتھ چھپانے کے لیے کے دستانے پہن لیتا ہے۔

    فیس بک پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ بچے کو ایک ایسے ماحول میں پروان چڑھانا ضروری ہے جس پر انسان کی چھاپ نہ ہو تاکہ وہ انسان سے مانوس اور اس کا عادی نہ ہو جائے۔

    ماسک

    پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ بچے کو ایسی جگہ رکھا جا رہا ہے جہاں انسانی آوازیں کم سے کم ہیں اور اسے انسان دکھائی بھی نہ دیں۔ اس مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن تدابیر
    اختیار کی جا رہی ہیں۔

    وائلڈ لائف کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات اس لیے کیے جا رہے ہیں کہ جب اسے دوبارہ جنگل میں آزاد کیا جائے گا تو وہ خود کو وہاں اجنبی محسوس نہ کرے۔

    سینٹر

    رچمنڈ کے وائلڈ لائف سینٹر کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر میلیسا سٹینلی نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ لومڑی کا یہ بچہ 29 فرور ی کو وائلڈ لائف سینٹر میں لایا گیا تھا، اسے ایک شخص لایا تھا جس نے بتایا کہ وہ اپنے کتے کے ساتھ سیر کر رہا تھا کہ ایک تنگ سی جگہ پر اسے یہ بچہ ملا۔ اس کے خیال میں وہ بلی کا بچہ تھا، چنانچہ وہ اسے لاوارث جانوروں کی دیکھ بھال کے مرکز میں چھوڑ گیا۔

    جنگل

    سٹینلی نے بتایا کہ دیکھنے پر پتہ چلا کہ وہ بلی کا نہیں بلکہ لومڑی کا بچہ ہے جوایک مادہ ہے اور اس کی عمر محض 24 گھنٹے تھی۔

     

  • 4 سالہ گمشدہ بچی 18 روز بعد صحیح سلامت بازیاب، ویڈیو وائرل

    4 سالہ گمشدہ بچی 18 روز بعد صحیح سلامت بازیاب، ویڈیو وائرل

    آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں گزشتہ 18 روز سے گمشدہ 4 سالہ بچی صحیح سلامت بازیاب کروا لی گئی، بچی کو اغوا کرنے والے 36 سالہ شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔

    آسٹریلوی حکام کے مطابق بچی اپنے والدین کے ساتھ پرتھ سے کچھ دور جنگلات میں ہائیکنگ کے لیے آئی تھی، جہاں رات کے وقت وہ اپنے ٹینٹ سے غائب ہوئی۔

    بچی کی والدہ کا کہنا ہے کہ جب ان کی آنکھ کھلی تو ٹینٹ کی زپ کھلی ہوئی تھی جبکہ بچی غائب تھی۔

    بچی کی گمشدگی کے بعد وسیع پیمانے پر اس کی تلاش جاری تھی، 18 روز بعد اسے قریبی علاقے میں ایک خالی مکان سے بازیاب کرلیا گیا۔ ملزم کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

    لوگوں کا خیال تھا کہ 18 روز بعد اب بچی کے حوالے سے کوئی اندوہناک خبر سننے کو ملے گی لیکن بچی کے صحیح سلامت ملنے پر پورے ملک میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، حتیٰ کہ اس کی تلاش پر معمور پولیس اہلکار بھی فرط جذبات سے رونے لگے۔

    اس موقع پر پولیس کی جانب سے بچی کی بازیابی کی وڈیو اور ایک آڈیو بھی جاری کی گئی ہے جو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہی ہے۔

    بازیابی کے بعد بچی کے والدین سے اس کی ایک مختصر ملاقات کروائی گئی جس کے بعد اسے اسپتال لے جایا گیا جہاں تفصیلی چیک اپ کے بعد وہ اپنے گھر لوٹ سکے گی۔

    بچی کے گھر والے گھر کو سجا کر بے صبری سے اس کا انتظار کر رہے ہیں۔

    دوسری جانب پولیس نے ملزم پر متعدد دفعات عائد کی ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ اغوا بغیر کسی منصوبہ بندی کے موقع کا فائدہ اٹھا کر کیا گیا۔

  • 3 دن سے بجلی کی تاروں میں پھنسی چھپکلی کو بچا لیا گیا

    3 دن سے بجلی کی تاروں میں پھنسی چھپکلی کو بچا لیا گیا

    امریکا میں چند ریسکیو اہلکاروں نے بجلی کی تاروں میں پھنسی ایک نایاب نوع کی چھپکلی کو بحفاظت ریسکیو کرلیا، چھپکلی 3 روز سے وہاں پھنسی ہوئی تھی۔

    امریکی ریاست پنسلوینیا کی ہیومن سوسائٹی اور جانوروں کے تحفظ کے ادارے کو کال موصول ہوئی کہ ایک رہائشی علاقے میں 3 دن سے چھپکلی کی ایک نایاب قسم کمیلین بجلی کی تاروں پر موجود ہے۔

    مذکورہ اداروں نے فوری طور پر الیکٹرک سپلائی ادارے سے رابطہ کیا تاکہ چھپکلی کو وہاں سے اتارنے کے لیے کوئی منصوبہ تشکیل دیا جاسکے۔

    بعد ازاں ریسکیو اہلکار مذکورہ مقام پر پہنچے، انہوں نے لکڑی کے ڈنڈے پر جالی لگا کر چھپکلی کو نیچے اتارنے کی کوشش کی۔

    اس دوران چھپکلی بار بار تاروں سے الجھتی رہی لیکن بالآخر ریسکیو اہلکار اسے بحفاظت اتارنے میں کامیاب رہے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ چھپکلی کی یہ قسم افریقہ میں پائی جاتی ہے اور اسے گھر میں بھی پالا جاتا ہے۔ اس کے یہاں ہونے کا مطلب یہی ہے کہ اسے یا تو کسی نے گھر میں پال رکھا تھا جہاں سے یہ فرار ہوئی یا پھر پالتو جانوروں کے کسی اسٹور سے یہ بھاگ نکلی۔

    تاحال پولیس کے پاس ایسی کوئی رپورٹ نہیں جس میں کسی شخص نے پالتو چھپکلی یا اس سے ملتے جلتے جانور کی گمشدگی کی اطلاع دی ہو۔

    چھپکلی کو جانورں کے تحفظ کے ادارے میں منتقل کردیا گیا ہے۔

  • شقی القلب ماں نے نومولود بچی کو بھوکا پیاسا الماری میں بند کردیا

    شقی القلب ماں نے نومولود بچی کو بھوکا پیاسا الماری میں بند کردیا

    روس میں ایک ظالم ماں نے اپنی نومولود بچی سے چھٹکارے کے لیے اسے الماری میں بند کردیا، تاہم ایک مہمان نے بچی کو دیکھ لیا جس کے بعد پولیس کو اطلاع دے دی گئی۔

    یہ اندوہناک واقعہ روس میں پیش آیا جہاں یولیا نامی خاتون، ایک ناکام تعلق کے نتیجے میں بچی کی ماں بنی تھی، اس کے پہلے سے 2 بچے اور تھے اور تیسری بچی کی پیدائش کو اس نے خفیہ رکھا تھا۔

    یولیا اس بچی سے چھٹکارا چاہتی تھی لیکن اسے مار ڈالنے کی ہمت نہیں رکھتی تھی، چنانچہ اس نے نومولود بچی کو گھر کی ایک الماری میں بند کر رکھا تھا۔

    بچی کی پیدائش رواں برس اپریل میں ہوئی تھی، شقی القلب ماں کا خیال تھا کہ اس طرح بچی بھوک سے مرجائے گی۔

    اس کا 13 سالہ بیٹا اس دوران ماں سے چھپ کر ننھی بہن کو پانی اور دیگر اشیا کھلاتا رہا تاہم وہ بچی کے لیے غیر محفوظ اور ناکافی تھا۔

    ایک دن بچے کی سالگرہ کے موقع پر جب گھر مہمانوں سے بھرا ہوا تھا، پارٹی میں موجود ایک مہمان خاتون کو رونے کی ہلکی سی آواز سنائی دی، خاتون نے یولیا سے دریافت کیا تو اس نے بتایا کہ یہ ایک گڑیا ہے جو خودبخود بج اٹھتی ہے۔

    تاہم مہمان خاتون بہانے سے اس کمرے کی طرف گئیں جہاں سے انہیں رونے کی آواز سنائی دی تھی، یولیا کے مطابق وہ کمرا بطور اسٹور روم استعمال ہوتا تھا۔

    مہمان خاتون کمرے میں داخل ہوئیں اور وہاں موجود الماری کھولی تو چادر کے نیچے انہیں بچی دکھائی دی جس کے بعد انہوں نے پولیس کو اطلاع دے دی۔

    پولیس نے یولیا کے فلیٹ پر پہنچ کر بچی کو بازیاب کیا تو وہ شدید غذائی قلت کا شکار تھی، بچی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اب وہ انتہائی نگہداشت یونٹ میں زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہی ہے۔

    پولیس کے مطابق یولیا کا بڑا بیٹا بچی کے لیے ہمدردی رکھتا تھا تاہم ماں نے اسے دھمکا رکھا تھا، پولیس نے یولیا کو گرفتار کرلیا ہے اور عدالتی کارروائی کے نتیجے میں اسے 7 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

  • 2 سال سے جانوروں کے ساتھ بندھا ہوا بچہ بازیاب کرلیا گیا

    2 سال سے جانوروں کے ساتھ بندھا ہوا بچہ بازیاب کرلیا گیا

    نائیجیریا میں ایک 12 سالہ بچے کو، جسے اس کے والدین نے جانوروں کے ساتھ 2 سال تک باندھ کر رکھا تھا، ریسکیو ٹیم کی جانب سے بازیاب کرلیا گیا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ریسکیو ٹیم بچے کو بچانے پہنچی تو وہ فاقوں کا شکار تھا اور لکڑی کے ایک ستون سے بندھا ہوا تھا، بچہ بمشکل کھڑا ہو پارہا تھا۔

    مذکورہ گھر میں باپ، اس کی 3 بیویاں اور 17 بچے رہائش پذیر تھے جو آرام سے گھر کے اندر رہ رہے تھے۔ 12 سالہ بچے کو 2 سال سے جانوروں کے ساتھ شیڈ میں باندھ کر رکھا گیا تھا اور وہ صرف بکری کے دودھ پر زندہ تھا۔

    بچے کی ماں 2 سال قبل دار فانی سے کوچ کرگئی تھی، ریسکیو ٹیم ایک گمنام اطلاع پر بچے تک پہنچی تھی۔

    ٹیم کے چھاپے کے بعد بچے کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا جہاں اسے انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کرلیا گیا، ریسکیو ٹیم کے ترجمان کے مطابق بچے کو 2 سال تک باندھنے کے جرم میں اس کے والد اور تینوں سوتیلی ماؤں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے گھر کے تمام افراد سے تفتیش کی جارہی ہے۔

    ترجمان کے مطابق دوران تفتیش بچے کے سب سے بڑے سوتیلے بھائی نے دعویٰ کیا کہ بچہ مرگی کا شکار تھا اور گھر والوں نے اسے کہیں کھو جانے سے بچانے کے لیے وہاں باندھ رکھا تھا۔

    اس کا یہ بھی کہنا تھا کہ بچے کی مرگی کے علاج کے لیے گھر اور ایک گاڑی بھی فروخت کی جاچکی ہے۔

    ریسکیو ترجمان کے مطابق بچے کی حالت بتدریج بہتر ہورہی ہے اور جلد وہ نارمل زندگی گزارنے کے قابل ہوجائے گا۔

  • بکری کے شکار کی کوشش میں شیرنی کنویں میں گرگئی

    بکری کے شکار کی کوشش میں شیرنی کنویں میں گرگئی

    نئی دہلی : بھارتی محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے بکری کا شکار کرتے ہوئے فارم کے کنویں میں گرنے والی شیرنی کو ریسکیو کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے ضلع دھری کے جیرا گاؤں میں ایک شیرنی پیر کے روز بکری کا شکار کرتے ہوئے خود ہی زخمی ہوگئی تھی جسے ریسکیو کرلیا گیا ہے، شیرنی دالھانیا رینج کے جنگلات حدود میں واقع فارم میں بکری کا تعاقب کررہی تھی۔

    بکری کے تعاقب میں شیرنی فارم کے ساتھ کھیت میں بنے کنویں میں گرگئی تھی، محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے شیرنی کو کنویں نکال لیا۔

    محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ شیرنی کی عمر 10 سے 11 سال کے درمیان ہے، جسے جانوروں کی دیکھ بھال کے مرکز میں منتقل کردیا گیا ہے۔

    محکمہ جنگلات کے اہلکاروں نے بتایا کہ شیرنی نے کنویں میں گرنے کے بعد خود کو باہر نکالنے کےلیے سرتوڑ کوششیں کی لیکن ناکام رہی اور اس دوران اس کے پنجے کو نقصان پہنچا جبکہ دائیں آنکھ اور دائیں ران بھی زخمی ہوگئی۔

  • دبئی:  کنڈرگارٹن میں ہولناک آتشزدگی، 176 بچوں کو بچالیا

    دبئی: کنڈرگارٹن میں ہولناک آتشزدگی، 176 بچوں کو بچالیا

    دبئی : راس الخیمہ میں واقع الورود کنڈرگارٹن میں ہولناک آتشزدگی، سول ڈیفینس کے اہلکاروں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں تمام بچوں کو بحفاظت باہر نکالیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے شہر راس الخیمہ میں واقعہ ال ورود کنڈرگارٹن کی عمارت میں اچانک ہولناک آگ بھڑک اٹھی۔ تاہم آتشزدگی کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    الورود میں پیش آنے والے آتش زدگی کے سانحے میں ہنگامی خدمات انجام دینے والے عملے نے 176 کمسن بچوں کو باحفاظت عمارت سے باہر نکال لیا۔

    غیر ملکی خبر رساں اداروں کا کہنا تھا کہ آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی راس الخیمہ کے سیکیورٹی اہلکار، طبی امداد کا عملہ اور ہنگامی خدمات انجام دینے والے اہلکاروں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر 20 اساتذہ، 5 افراد پر مشتمل صفائی کرنے والا عملہ اور اسکول کے دو محافظوں سمیت تمام بچوں کو بچالیا گیا۔

    راس الخیمہ سول ڈیفینس کے ڈپتی ڈائریکٹر کرنل الی المحبوبی کا کہنا ہے کہ ہنگامی سول ڈیفینس کے اہلکاروں نے پانی اور آگ پر قابو پانے مواد کے ذریعے آتشزدگی پر قابو پایا اور دھواں کھیچنے والی مشین کا استعمال کرتے ہوئے فوری طور پر دھواں بھی ختم کردیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ آتشزدگی کے نتیجے میں اسکول کے عملے یا بچوں میں کسی کے بھی زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ہیں۔ البتہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کےلیے کیس پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔


    شارجہ میں آتشزدگی‘ دو بچوں سمیت پانچ افراد جاں بحق


    یاد رہے کہ رواں برس فروری میں متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں واقعہ ال بتینا نامی عمارت کی پہلی منزل پر پیش آنے والے آتشزدگی کے سانحے میں ایک پاکستانی خاتون‘ ایک بھارتی مرد اور ایک عرب خاتون اپنے دو بچوں کے ہمراہ دم گھٹنے سے ہلاک ہوگئے تھے جبکہ آٹھ افراد کو دم گھٹ کے سبب نازک حالت میں کویت اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • بہادر استاد نے ڈپریشن کی شکار طالبہ کی خودکشی کی کوشش ناکام بنادی

    بہادر استاد نے ڈپریشن کی شکار طالبہ کی خودکشی کی کوشش ناکام بنادی

    بیجنگ : چین میں بہادر استاد نے ڈپریشن کی شکار طالبہ کی خودکشی کی کوشش ناکام بنادی۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے صوبے گوزوہ میں ڈپریشن کی شکار طالبہ نے 17 منزلہ عمارت کی چھت سے کودنے کی کوشش کی، اس موقع پر فائر فائٹرز اور پولیس پہنچی تو لڑکی نے انہیں واپس جانے کا حکم دیا۔

    اسی دوران اس کے استاد نے باتوں میں لگایا اور پانی کی بوتل دینے کی کوشش کی اور اسی لمحے میں استاد نے لڑکی کی قمیض کو پکڑ لیا اور بحفاظت پیچھے دھکیل دیا۔

    خود کشی کرنے کی وجہ کی تحقیقات جاری ہے۔

    https://youtu.be/sIgEMMp6xCc

    یاد رہے اس قبل تائیوان میں حال ہی میں ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا تھا جب پولیس اہلکاروں نے ایک اسکول طلبہ کو عمارت سے چھلانگ لگانے سے پہلے بچا لیا تھا ۔

    خیال رہے کہ چین میں نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی خودکشی کی شرح کا الزام تعلیمی نظام کو ٹھہرایا جاتا ہے، جہاں طلبہ پر اچھے گریڈز لانے کا دباؤ ہوتا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔