کسی بھی بے بنیاد بات کو لوگوں میں پھیلانا، جھوٹ بولنا بہت بڑا گناہ ہے اور ویسے بھی افواہوں کا بازار گرم کرنے سے کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوتا بلکہ یہ فساد کا سبب بنتا ہے۔
جب جھوٹ بولنے والے شخص کی حقیقت لوگوں کے سامنے آتی ہے تو وہ ان کی نظروں سے گرجاتا ہے، اپنا اعتماد کھو بیٹھتا ہے اور پھر اس کی کسی بات کا کوئی اعتبار بھی نہیں کرتا۔
آج ہم آپ کو کچھ ایسی نشانیاں بتائیں گے کہ جس سے آپ کافی حد تک یہ اندازہ لگا سکیں گے کہ سامنے والا آپ سے کیا اور کیسے جھوٹ بول رہا ہے۔
امریکا میں کی گئی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ہم ہفتے میں 11 بار جھوٹ بولتے ہیں جب کہ ایک اور تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ 60 فیصد لوگ 10 منٹ کی گفتگو کے دوران کئی جھوٹ بولتے ہیں۔
عام طور پر ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے جھوٹ بولنا کسی کے سامنے بیٹھ کر بات کرنے سے کہیں زیادہ آسان ہے لیکن دوسری طرف ای میل مواصلات کی سب سے زیادہ ایماندار شکل معلوم ہوتی ہے جہاں لوگ نسبتاً سب سے کم جھوٹ بولتے ہیں۔
اس حوالے سے قبرص (سائپرس) کے یوٹیوب چینل برائٹ سائیڈ نے جھوٹے لوگوں کے بارے میں جاننے کیلئے نو ایسی باتیں بیان کی ہیں جنہیں جھوٹ بولنے والا انسان اپنائے گا اور آپ اس کو بخوبی پہچان سکیں گے۔
وہ موضوع کو تبدیل کرنے کی کوشش کرے گا
ایک جھوٹا انسان بحث کے موضوع کو تبدیل کرنے کی کوشش کرے گا اور بالکل مخالف بات پر توجہ مرکوز کروانے کی کوشش کرے گا، اگر آپ اسے ٹوکیں گے تو وہ اس بات پر یہ بھی دکھاوا کرسکتا ہے کہ آپ کے اس عمل سے اسے تکلیف ہوئی ہے یا دل دکھا ہے، اسے خارجی خلفشار کہا جاتا ہے۔
جھوٹا شخص منہ پر آپ کی تعریف بھی کرے گا
چاپلوسی کرنا ہیرا پھیری کا ایک طریقہ ہے جس پر بہت سے لوگ اپنی پیشہ ورانہ اور ذاتی زندگی میں بھرپور طریقے سے عمل کرتے ہیں، اس عمل کو ایک جھوٹا شخص گفتگو پر قابو پانے اور اسے ایک نئی سمت کی طرف اشارہ کرنے کے لیے استعمال کرسکتا ہے اور یہ صرف اس لیے کامیاب ہوتا ہے کہ ہم سب اپنے بارے میں اچھی باتیں بتانا پسند کرتے ہیں۔
ایسا شخص ابہام کا شکار رہتا ہے
جب کوئی انسان سچ کو بیان کرنے سے نہیں ڈرتا تو وہ تمام تر تفصیلات باآسانی یاد کرکے بتا دے گا جبکہ دوسری طرف، جھوٹا شخص معلومات کو روک کر چیزوں کو مبہم رکھنے کی کوشش کرے گا۔ وہ ایسی مخصوص تفصیلات نہیں دینا چاہتا جو آسانی سے جھوٹ ثابت ہوسکیں۔
جھوٹے لوگ اپنی ایمانداری اور سچائی کا دعویٰ زیادہ کرتے ہیں
جھوٹے لوگ دوسروں کو قائل کرنے کی کوشش میں اپنی ایمانداری پر بہت زیادہ زور دیتے ہیں، ایماندار ہونا”، مجھ پر یقین کرو،” اور "آپ کو سچ بتانا” جیسے جملے بہت عام استعمال ہوتے ہیں اگر کوئی شخص سچا ہے تو اسے بار بار دہرانے کی ضرورت نہیں پڑے گی کہ وہ کتنا ایماندار ہے۔
ایسا انسان گفتگو کو پیچیدہ کرکے من گھڑت کہانیاں سنائے گا
کوئی ایسا شخص جو اتنی تفصیلی اور رنگین کہانیاں تخلیق کرنے کا ہنر رکھتا ہو وہ پیتھولوجیکل جھوٹا ہوسکتا ہے۔ اس کی کہانیاں بعض اوقات پیچیدہ اور ڈرامائی ہوتی ہیں۔ چھوٹی چھوٹی تفصیلات اس کی کہانیوں کو سچا بناتی ہیں اس کے سبب آپ کے لیے ان کے ساتھ نمٹنا بہت مشکل ہو جاتا ہے کیونکہ وہ پوری طرح سے نہیں جانتے کہ وہ جھوٹ بول رہے ہیں لیکن سوچتے ہیں کہ وہ سچ بول رہے ہیں۔
جھوٹے لوگ ماضی اور حال کے واقعات کو ملا کر نیا واقعہ بیان کرتے ہیں
جب کوئی شخص مکمل طور پر کہانی گھڑ رہا ہوتا ہے تو اس کے الفاظ میں گڑبڑ ہونے کا امکان زیادہ ہوتا ہے، آپ واضح طور پر محسوس کرسکتے ہیں کہ وہ ماضی سے موجودہ دور میں اور دوسری طرف کیسے رخ موڑ لیتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے ہوتی ہے کہ ان کا دماغ ایک فرضی کہانی بنانے میں اتنا مصروف ہوتا ہے کہ وہ بھول جاتا ہے کہ گرامر کے لحاظ سے درست جملہ کیسے بنایا جائے۔
ایسے لوگ بات چیت کو اچانک ختم کرنے کی کوشش کرتے ہیں
ہوسکتا ہے آپ کسی کو ٹیکسٹ میسج کر رہے ہوں اور ان سے کوئی ایسی چیز پوچھیں جس سے انہیں یہ خطرہ ہو کہ ان کی اصلیت سامنے آسکتی ہے تو ان کا جواب بہت مختصر اور مبہم سا ہو سکتا ہے اور وہ اچانک ظاہر کریں گے کہ جیسے وہ کچھ کرنے کی جلدی میں ہیں وہ گفتگو کو وہیں ختم کر دیں گے اور آپ کے سوال کا جواب نہیں دیں گے۔
جھوٹے لوگ واضح بات نہیں کرتے
بعض اوقات جھوٹ بولنے والے لوگ اپنا احتساب نہیں کر سکتے، اس لیے وہ آٟپ کی بات کا واضح اور تفصیلی جواب نہیں دیتے، مثال کے طور پر اگر آپ کا باس اکثر "ہم” کی اصطلاحات استعمال کر رہا ہے، تو وہ شاید خود کو اپنی ذمہ داریوں سے دور کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
جھوٹا شخص اچانک ہمدردی کا اظہار کرنے لگتا ہے
اگرچہ کسی سے ہمدردی کے دو بول کہہ دینا کوئی بری چیز نہیں ہے لیکن جب کوئی اسے اچانک استعمال کرنا شروع کردے، تو اس کے ساتھ احتیاط برتنی چاہیے۔ اگر وہ شخص جھوٹ بول رہا ہے، تو وہ آپ کے سوال کا تفصیل سے جواب دینے کے بجائے آپ کے ساتھ اضافی جذباتی ہونے کا سہارا لے گا۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ اس وقت آپ کے جذبات کو سمجھ رہا ہے اور وہ خود جھوٹے جذبات دکھا کر ان سے ہیرا پھیری کرتے ہوئے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے گا۔ اس جذباتی اظہار کا مقصد آپ کے فیصلے کو متاثر کرنا اور آپ کی توجہ آپ کے ابتدائی سوال سے ہٹانا ہے۔
کیا آپ نے کبھی کسی کو اوپر بتائے گئے طریقوں کی بنیاد پر جھوٹ بولتے ہوئے پکڑا ہے؟ اور اگر ایسا کیا ہے تو اس کی تفصیلات کمنٹس میں بتائیں کہ انہوں نے کیا ردعمل ظاہر کیا؟