Tag: Residents

  • ابو ظہبی: بالکونیوں پر کپڑے سکھانے پر پابندی، بھاری جرمانہ عائد

    ابو ظہبی: بالکونیوں پر کپڑے سکھانے پر پابندی، بھاری جرمانہ عائد

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی میں حکام نے رہائشی بالکونیوں پر کپڑے سکھانے سے ممانعت کی ہدایت کردی، خلاف ورزی کرنے والوں کو 1 ہزار درہم جرمانہ عائد ہوسکتا ہے۔

    اماراتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ابو ظہبی کی شہری بلدیہ نے رہائشیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپارٹمنٹس کی بالکونی میں کپڑے سکھانے سے باز رہیں، کھڑکیوں اور دیواروں سے کپڑے لٹکائے رکھنے سے شہر کی خوبصورتی میں بگاڑ آتا ہے۔

    یہ وارننگ ابو ظہبی کی شہری بلدیہ کی طرف سے ایک آگاہی مہم کے دوران جاری کی گئی ہے تاکہ شہریوں میں شہر کی خوبصورتی برقرار رکھنے کی اہمیت کو اجاگر کیا جاسکے۔

    حکام نے اسے خلاف آداب بھی قرار دیا ہے اور اس حوالے سے گائیڈ لائن پر عمل درآمد کی ہدایت کی ہے۔

    شہری بلدیہ نے خبردار کیا ہے کہ بالکونیوں کے غلط استعمال پر 1 ہزار درہم جرمانہ عائد کیا جائے گا، حکام کے مطابق اس پابندی کا ایک مقصد لانڈری کو خشک کرنے کے غیر صحت مندانہ طریقے کا سدباب کرنا بھی ہے۔

    حکام کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے دور میں کپڑوں کو خشک کرنے کے نئے طریقے موجود ہیں، الیکٹرانک ڈرائر اور کپڑے خشک کرنے والے ریک اس کا بہترین متبادل ہوسکتے ہیں۔

  • گلہری کا نیویارک کے رہائشیوں پر حملہ، شہری لہو لہان، ویڈیو دیکھیں

    گلہری کا نیویارک کے رہائشیوں پر حملہ، شہری لہو لہان، ویڈیو دیکھیں

    نیو یارک : نرم ملائم دم والی گلہری دیکھنے میں تو بے ضرر معلوم ہوتی ہے لیکن جب اسے غصہ آجائے تو یہ اپنے سے بڑے جسامت کے کسی بھی جاندار پر حملہ کرنے میں دیر نہیں لگاتی۔

    اسی طرح کا واقعہ امریکہ کے شہر نیویارک میں پیش آیا جہاں ایک خونخوار گلہری نے محلے کے رہائشیوں پر حملہ کرکے انہیں شدید زخمی کردیا۔

    گلہری کے کاٹنے سے زخمی ہونے والے نیو یارک سٹی بورو کے ریگو پارک محلے کے متعدد افراد نے میڈیا کو بتایا کہ گلہری اچانک چھلانگ لگا کر حملہ کرتی ہے اور اپنے نوکیلے دانتوں سے کاٹ لیتی ہے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گلہری کے حملے سے زخمی ہونے  والی علاقے کی رہائشی مائیکلین فریڈرک نے بتایا کہ مجھ پر اس نے 12دسمبر کو حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں کافی دیر تک میری انگلی سے خون بہتا رہا۔

    ایک اور خاتون وینتی سنگھ نے کا کہنا تھا کہ اس کے شوہر پر کچھ ہفتے قبل حملہ ہوا تھا، واضح طور پر یہ ہمارے لئے غیر محفوظ صورتحال ہے۔اس کے علاوہ گلہری کے کاٹنے سے متاثرہ مزید تین افراد نے بھی یہ ہی بتایا کہ ان کے ساتھ بھی اس خونخوار گلہری نے یہی کیا۔

    نیو یارک کے محکمہ صحت کو جب ریگو پارک میں گلہری کے بارے میں شکایت موصول ہوئی تو محکمہ صحت نے مکینوں کو مشورہ دیا کہ اس قسم کے جانور پکڑنے والے لائسنس یافتہ پنجرے کو استعمال کریں۔

  • گھر میں گھسنے والے نقب زن کو گھر والوں نے گن پوائنٹ پر رکھ لیا

    گھر میں گھسنے والے نقب زن کو گھر والوں نے گن پوائنٹ پر رکھ لیا

    گھر میں چوری کی نیت سے گھسنے والے نقب زن کو گھر والوں نے گن پوائنٹ پر یرغمال بنا لیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر چور کی جان چھڑائی۔

    پولیس کے مطابق امریکی ریاست اوہائیو میں چور برف ہٹانے والے کھانچے کے ذریعے گھروں کے تالے توڑ کر ان میں گھستا تھا اور قیمتی سامان اٹھا کر فرار ہوجاتا تھا۔

    تاہم ایک گھر میں نقب زنی کے دوران وہ اہلخانہ کے ہاتھ آگیا، چور نے بھاگ کر قریبی جنگل میں چھپنے کی کوشش کی لیکن گھر والوں نے تعاقب کر کے اسے پکڑا اور گن پوائنٹ پر رکھ لیا۔

    پولیس کے پہنچنے کے بعد اہلخانہ نے چور کی جان چھوڑی اور اسے پولیس کے حوالے کردیا۔ تلاشی لینے پر چور کے پاس سے قریبی گھروں سے چرایا ہوا سامان برآمد ہوا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ چور علاقے میں سلسلہ وار چوریاں کر رہا تھا اور وہ کافی عرصے سے اس کی تلاش میں تھے۔

  • سپریم کورٹ نے کے ایم سی کوارٹرز خریدنے والے مکینوں کی اپیل مسترد کردی

    سپریم کورٹ نے کے ایم سی کوارٹرز خریدنے والے مکینوں کی اپیل مسترد کردی

    کراچی : سپریم کورٹ نے کے ایم سی کوارٹرز خریدنے والے مکینوں کی اپیل مسترد کردی، جسٹس گلزار احمد نے کہا رونے سے کچھ ہونے والا نہیں، گھر  لینے سے پہلے سوچنا چاہیے تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں کراچی کے علاقے کورنگی میں کےایم سی کوارٹرز پر قبضے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

    سپریم کورٹ نے کے ایم سی کوارٹرز خریدنے والے مکینوں کی اپیل مسترد کردی، مکینوں کا کہنا تھا کہ ہمیں ڈائریکٹر کچی آبادی نےگھر فروخت کیے، ہمارا کیا قصور تھا، 45 سال سے رہ رہے ہیں اب کے ایم سی خالی کرانے پہنچ گئی۔

    جس پر جسٹس گلزار احمد نے کہا کراچی میں بہت کچھ ہوتا دیکھ رہے ہیں، کیا پورا پاکستان اسی طرح الاٹ کردیں ؟ پورے کراچی میں یہی ہو رہا ہے۔

    جسٹس سجادعلی شاہ کا کہنا تھا کہ دستاویزات ثابت کررہےہیں یہ کےایم سی کےکوارٹرزہیں، جسٹس گلزار نے کہا 100 سال بھی غیرقانونی بیٹھےرہیں توغیرقانونی تصور ہوگا، وکیل کے ایم سی نے بتایا کوارٹرز خالی کرا کر سیل کر دیے ہیں۔

    کراچی رجسٹری میں مکین دوہائیاں دیتے رہے تاہم عدالت نےدو ٹوک الفاظ میں کہا رونے سے کچھ ہونے والا نہیں، گھر لینے سے پہلے سوچنا چاہیئے تھا۔

  • لندن : رہائشی عمارت میں خوفناک آتشزدگی، 20 فلیٹ جل کر خاکستر

    لندن : رہائشی عمارت میں خوفناک آتشزدگی، 20 فلیٹ جل کر خاکستر

    لندن : فائر بریگیڈ عملے نے برطانوی دارالحکومت کے مشرقی علاقے میں واقع رہائشی عمارت میں بھڑکنے والی خوفناک آگ پر قابو پالیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    تفصیلات مطابق برطانوی دارالحکومت لندن کے مشرقی علاقے میں واقع چھ منزلہ رہائشی عمارت میں خوفناک آگ اٹھی جس کی وجہ سے 20 فلیٹ جل کر خاکستر ہوگئے، آگ سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تاہم کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کا سبب ابھی تک معلوم نہیں ہوسکا تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق مشرقی لندن کے علاقے بارکنگ کی عمارت میں لگنے والی آگ نے عمارت کی تمام منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا، آگ لگنے کے بعد متاثرہ عمارت اور ملحقہ اپارٹمنٹس کو لوگوں سے خالی کراکر اطراف کے راستے بند کر دئیے گئے تھے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ فائر بریگیڈ کی 15 گاڑیوں اور 100 فائر فائٹرز نے آگ بجھانے میں حصہ لیا، آگ لگنے کا سبب ابھی معلوم نہیں ہو سکا، تحقیقات جاری ہیں۔

    متاثرہ عمارت کے رہائشی رچل مینڈیس کا کہنا ہے کہ ’آگ نے پوری عمارت کو کس قدر تیزی سے اپنی لپیٹ میں لیا تھا بیان نہیں کیا جاسکتا، ایسا لگتا ہے کہ جسے جہنم کی آگ ہو‘۔

    لندن کے میئر صادق خان کا کہنا ہے کہ ’حیرت میں مبتلا کردینے والی آگ بہت آسانی سے موت کا باعث بن سکتی تھی‘۔

    لندن کے رکن پارلیمنٹ اینڈریو بوف جو متاثرہ عمارت کے قریب ہی رہائش پذیر ہیں کا ٹوئیٹر پر کہنا تھا کہ آتشزدگی کے دوران کوئی فائر الارم نہیں بجا، کیا پاگل پن ہے‘۔

    ان کا کہنا تھا کہ جب میں نے باہر نکل کر دیکھا تھا کہ اس وقت صرف دو منزلیں آگ کی لپیٹ میں آئی تھیں لیکن کچھ دیر بعد پوری عمارت خوفناک آگ کی لپیٹ میں آگئی یقیناً لکڑی کی بالکونیوں میں کچھ ایسا تھا جو آگ کے تیزی سے پھیلنے کا باعث بنا۔

    اینڈریو کا کہنا تھا کہ مجھے یہ دیکھ کر حیرت ہوئی کہ عمارت میں فائر الارم نہیں ہے یا پھر بلڈنگ کا فائر الارم کام نہیں کررہا تھا۔

    مزید پڑھیں : لندن: عمارت میں ہولناک آتشزدگی، 1 خاتون ہلاک

    خیال رہے کہ گذشتہ برس اپریل میں برطانوی دارالحکومت لندن کے شمال مغربی علاقے چنگ فورڈ میں معذور افراد کی تربیت کے لیے بنائی گئی عمارت میں لگنے والی آگ نے ایک خاتون کو جھلسا کر ہلاک کردیا تھا۔