Tag: resistance to robbery

  • کراچی : ڈکیتی مزاحمت پر سعودی عرب سے آنے والا نوجوان قتل

    کراچی : ڈکیتی مزاحمت پر سعودی عرب سے آنے والا نوجوان قتل

    کراچی : اورنگی ٹاؤن میں ڈاکوؤں نے موبائل فون چھیننے کے بعد نوجوان کو گولی مار کر قتل کردیا، مقتول سعودی عرب سے کراچی آیا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اورنگی ٹاؤن ایک نمبر کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے نوجوان کے قتل کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق مقتول کی شناخت 24 سالہ جبران ولد جمعہ کے نام سے ہوئی ہے جو سعودی عرب سے واپس آیا تھا۔

    جبران قتل

    علاقہ مکینوں نے میڈیا کو بتایا کہ مقتول جبران سعودی عرب میں اہلخانہ کی کفالت کیلئے ملازمت کرتا تھا، جاں بحق نوجوان جبران کے والد کا گزشتہ ہفتے انتقال ہوا تھا۔

     مزید پڑھیں : ڈکیتی میں مزاحمت پر 20سالہ نوجوان قتل

    والد کے انتقال پر مقتول سعودی عرب سے کراچی آیا تھا، ملزمان نے موبائل فون چھیننے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کی اور قتل کرکے فرار ہوگئے۔

     

  • کراچی : ڈکیتی میں مزاحمت پر 20سالہ نوجوان قتل

    کراچی : ڈکیتی میں مزاحمت پر 20سالہ نوجوان قتل

    کراچی : شہر قائد کا ایک اور نوجوان ڈکیتوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا، ڈاکوؤں نے مزاحمت پر موسیٰ کے سینے میں گولی مار دی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے سچل تھانے کی حدود میں ڈکیتی میں مزاحمت پر 20 سالہ نوجوان کے قتل کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    واقعہ عبداللہ شاہ غازی گوٹھ بلاک جی کچا پکا روڈ کے قریب پیش آیا، ڈاکو نوجوان سے موبائل یا پرس چھیننے میں کامیاب تو نہیں ہوسکے لیکن اس کی جان لے لی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 20 سالہ نوجوان موسیٰ موبائل فون چھیننے پر مزاحمت کرتے ہوئے ایک ڈاکو سے گتھم گتھا ہوگیا تھا، اس دوران ڈاکوؤں نے اس کے سینے پر گولی ماری اور فرار ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق موسیٰ جائے وقوعہ پر جان کی بازی ہار گیا، مزید کارروائی کیلیے نوجوان کی لاش اسپتال منتقل کردی گئی، پولیس نے مقدمہ درج کرکے ڈاکوؤں کی تلاش شروع کردی ہے۔

  • میں نے بڑے بھائی کو گردہ دیا تھا، آج ڈاکوؤں نے اسے مار ڈالا، بھائی کی دُہائی

    میں نے بڑے بھائی کو گردہ دیا تھا، آج ڈاکوؤں نے اسے مار ڈالا، بھائی کی دُہائی

    کراچی : لانڈھی میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر ایک شہری کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، مقتول چھوٹے بھائی کے عطیہ کیے گئے گردے پر زندگی گزار رہا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی نمبر 4 کے قریب ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ سے شہری کی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    مقتول کے اہل خانہ نے میڈیا کو بتایا کہ شاہ فہد 2 بچوں کا باپ اور شیر شاہ کباڑی مارکیٹ میں کمپریسر بنانے کا کام کرتا تھا۔

    اہل خانہ کے مطابق علاقے میں اس وقت بجلی نہیں تھی جس کا فائدہ اٹھا کر موٹرسائیکل سوار 2 ملزمان نے لوٹ مار کی واردات کی۔

    مقتول شاہ فہد کے بھائی نے بتایا کہ میں نے بڑے بھائی فہد کو ایک گردہ دیا تھا آج ڈاکوؤں نے اس کی بھی جان لے لی۔

    علاوہ ازیں لیاقت آباد سپرمارکیٹ کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا ہے جس میں 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور لوٹا ہوا سامان برآمد کرلیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ شہر قائد کراچی میں رواں برس کے ساڑھے چار ماہ میں اب تک 40 شہری ڈکیتی میں مزاحمت کے دوران جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

    کراچی : 2 بہنوں کا اکلوتا بھائی ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق

    یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روز ہی لانڈھی میں ڈاکوؤں نے ایک معصوم کی جان لی تھی جبکہ فائرنگ سے اس کی خالہ بھی زخمی ہوگئی، 10 سالہ امین دو بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔

    لانڈھی 89 میں ڈکیتوں نے نوجوان سے موٹر سائیکل چھینتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کردی، جس سے گلی میں موجود 10 سالہ امین گردن پر گولی لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے واقعے میں نوجوان کی خالہ ناصرہ بی بی بھی زخمی ہوئی، جنہیں تشویش ناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاہم فرار ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

  • کراچی : ڈکیتی میں مزاحمت پر ایک اور نوجوان جان سے چلا گیا، ویڈیو

    کراچی : ڈکیتی میں مزاحمت پر ایک اور نوجوان جان سے چلا گیا، ویڈیو

    کراچی میں ڈاکوؤں نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی، کورنگی نمبر ڈھائی کے علاقے میں ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ سے محنت کش نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے عدنان راجپوت کے مطابق ڈکیتی کی یہ واردات کورنگی وائی ایریا میں ہوئی، واردات کے بعد 3 مسلح ملزمان فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے کہ نوجوان نے تعاقب کرکے ایک ڈاکو کو پکڑلیا۔

    پولیس کے مطابق 3ڈاکوؤں نے گلی میں بیٹھے نوجوانوں سے موبائل فون اور رقم چھینی، ملزمان نے جیسے ہی فرار ہونے کی کوشش کی تو سعد اللہ ملک ڈاکوؤں کی موٹر سائیکل کے پیچھے بھاگا۔

    واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مقتول شہری نے ڈاکو کو چلتی موٹر سائیکل پر دبوچ کر زمین پر گرا دیا۔

    اس دوران ڈاکو بھی اپنا اسلحہ لوڈ کرنے میں لگا رہا اور پستول لوڈ ہوتے ہی ڈاکو نے اندھادھند فائرنگ کردی اور گولی سعداللہ کے پیٹ میں جا لگی۔

    شہری ڈاکو سے لڑتے ہوئے سڑک پر گرا اور جاں بحق ہوگیا ملزم فائرنگ کرکے فرار ہوگیا، علاقہ مکینوں نے فرار ہوتے ہوئے ڈاکو کو تھوڑے فاصلے پر جا کر پکڑ لیا اور تشدد کا نشانہ بناکر پولیس کے حوالےکردیا۔

    پولیس کے مطابق سعدا للہ ملک نے موقع پر ہی جان دے دی، مقتول کورنگی وائی ایریا کا رہائشی تھا، کچھ عرصہ قبل فیکٹری سے ملازمت چھوڑ دی تھی، مقتول کے لواحقین نے بتایا کہ سعداللہ اپنے دوست اور بھائی کے ساتھ گھر کے قریب بیٹھا ہوا تھا۔

    پولیس کے مطابق ڈکیتی میں مزاحمت پر قتل ہونے والا سعد اللہ ملک ایک بیٹے کا باپ تھا اور بھائیوں میں سب سے بڑا تھا، مقتول کا آبائی تعلق گوجرانوالہ سے تھا۔

    بعد ازاں اطراف میں موجود شہریوں نے ڈاکو کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بناکر پولیس کے حوالے کردیا، گرفتار ڈاکو کے قبضے سے30 بور کا پستول برآمد ہوا ہے۔

    زخمی ڈاکو کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا، فرار ہونے والے دیگر دو ڈاکوؤں کی تلاش جاری ہے، جائے وقوعہ سے مزید شواہد اکھٹے کئے جارہے ہیں، واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

    پولیس کے مطابق دوران ڈکیتی نوجوان کو قتل کرنے والے ملزم کی شناخت سبحان کے نام سے ہوئی ہے اس کا پرانا کرمنل ریکارڈ بھی سامنے آگیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سبحان کیخلاف گزشتہ برس غیرقانونی اسلحہ رکھنے کا مقدمہ تھانہ زمان ٹاؤن میں درج ہوچکا ہے۔

  • کراچی : ایک اور شہری  ڈکیتی میں مزاحمت پر مارا گیا

    کراچی : ایک اور شہری ڈکیتی میں مزاحمت پر مارا گیا

    کراچی : بنارس پُل پر شہری کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا، مقتول کی چند روز بعد شادی طے تھی۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے عدنان راجپوت کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے بنارس فلائی اوور پر مسلح ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے ایک اور شہری کو قتل کردیا، مقتول کے گھر میں اس کی شادی کی تیاریاں جاری تھی۔

    لواحقین نے بتایا کہ35 سالہ جمال خان کو نئے ماڈل کی موٹر سائیکل چھینتے ہوئے قتل کیا گیا، مقتول اپنی نئی موٹر سائیکل پر دوست کے ہمراہ گھومنے نکلا تھا۔

    ڈاکو مقتول کی نئے ماڈل کی موٹر سائیکل چھین کر لے گئے اور اپنی موٹر سائیکل جائے وقوعہ پر ہی اپنی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق مقتول جمال میٹرو ول سائٹ بلاک فائیو کا رہائشی تھا۔ مقتول جمال کی دو ہفتے بعد شادی تھی، گھر میں شادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری تھیں، مقتول کا آبائی تعلق سوات سے ہے، جو پانچ بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا۔

    علاوہ ازیں کراچی کے علاقے پرانا گولیمار میں مبینہ پولیس مقابلہ میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

    ریسکیو حکام کے مطابق گرفتار ڈاکو کی شناخت31سالہ ارشاد کے نام سےہوئی ہے، جسے طبی امداد کی فراہمی کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    اس سے قبل 9 دسمبر کو بہادرآباد میں ایک شخص کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا تھا، پولیس حکام کا کہنا تھا کہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت ہے یا ٹارگٹ کلنگ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    پولیس کے مطابق دھوراجی کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے عدنان عباسی نامی شہری کو نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

  • کراچی : ڈکیتی میں مزاحمت پر بیٹے کے بعد باپ بھی قتل

    کراچی : ڈکیتی میں مزاحمت پر بیٹے کے بعد باپ بھی قتل

    کراچی : کورنگی میں لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر ڈاکوئوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا شخص دوران علاج اسپتال میں دم توڑ گیا، مقتول کو چار گولیاں ماری گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی نمبر4کلو چوک کے قریب فائرنگ سے زخمی ہونے والا شخص دوران علاج چل بسا، پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے زخمی شخص کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیاتھا۔

    واقعے کے عینی شاہد کے مطابق مقتول صفدر شاہ کو جسم کے مختلف حصوں پر4گولیاں ماری گئیں، ملزمان مقتول کا موبائل فون اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔

    اس حوالے سے پولیس کا مؤقف ہے کہ کچھ عرصہ قبل مقتول صفدر شاہ کے بیٹے اظہر حسین کو بھی ڈکیتی میں مزاحمت پر قتل کیا گیا تھا، مقتول باپ اپنے بیٹے کے قتل کیس کا مدعی بھی تھا۔

    پولیس کے مطابق مذکورہ واردات بظاہر ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ معلوم ہوتی ہے، مقتول امام بارگاہ کا ٹرسٹی بھی تھا، واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے۔

    اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی کورنگی طارق نواز جناح اسپتال پہنچ گئے، انہوں نے مقتول اہلخانہ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ملزمان کی تلاش جاری ہے جلد گرفتار کرلیں گے۔

  • کراچی : موٹرسائیکل نہ دینے پر بزرگ شہری کو گولیاں مار دیں

    کراچی : موٹرسائیکل نہ دینے پر بزرگ شہری کو گولیاں مار دیں

    کراچی : شہر قائد میں ڈاکوؤں کی وارداتیں بدستور جاری ہیں، مسلح افراد نے موٹرسائیکل نہ دینے پر بزرگ شہری کوگولیاں مار دیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے طارق روڈ پر مزاحمت پر ایک اور بے گناہ شہری کو موت کے گھاٹ اتار دیا، مسلح ملزمان نے نئی 125 موٹر سائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت پر 65 سالہ بزرگ شہری عبدالرحمان کو گولی مار دی۔

    واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی، ویڈیو میں بزرگ شہری کو موٹرسائیکل پر آتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    شہری جیسے ہی موٹرسائیکل پارک کرنے لگا2ملزمان پیچھے سے آئے، ایک ملزم نے موٹرسائیکل کی چابی نکالنے کی کوشش کی جس پر بزرگ شہری نے ملزم کو ہاتھ مارا تو ملزم نے بھی مکا ماردیا۔

    ہیلمٹ پہنا ہوا ملزم غصے میں واپس گیا اور اپنے ساتھی سے پستول چھینا پھربزرگ شہری کی جانب نشانہ لے کر گولی چلا دی۔

    گولی لگتے ہی بزرگ شہری کو موٹرسائیکل سے گرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، ملزمان واردات ناکام ہونے پر موقع سے فرارہوگئے۔

    اس کے علاوہ لانڈھی شرافی گوٹھ میں ڈکیتی مزاحمت پر ذوالفقار نامی شہری زخمی ہوگیا، اورنگی ٹاؤن پانچ نمبر میں 25 سالہ صالح، بلدیہ ٹاؤن میں 45 سالہ محب، نادرن بائی پاس کے قریب 60 سالہ شرافت اور فیڈرل بی ایریا میں معاذ واسطی نامی نوجوان زخمی ہوا۔

    نیو کراچی نمبر ساڑھے چھ کے قریب نصراللہ، دھوراجی میں حبیب شاہ، منگھو پیر میں عبدالمالک اور نارتھ ناظم آباد میں محمد نعیم ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا۔

    واضح رہے کہ ماہ رمضان المبارک بھی پولیس کے ناکے اور اسنیپ چیکنگ ڈاکوؤں کا راستہ نہیں روک سکے جبکہ شہری خوف کا شکار ہیں۔

  • کراچی : ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری، دن دہاڑے دو شہریوں کو لوٹ لیا

    کراچی : ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری، دن دہاڑے دو شہریوں کو لوٹ لیا

    کراچی : شہر قائد کے باسیوں سے اسلحے کے زور پر لوٹ مار روز کا معمول بن چکی ہے لیکن شہریوں کی حفاظت پر مامور پولیس اپنی روایتی بے حسی کا شکار نظر آتی ہے۔

    کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک ٹی اور ماڈل کالونی میں گھر کی دہلیز پر دو شہریوں کو دن دہاڑے لوٹ لیا گیا۔ اس کے علاوہ نارتھ ناظم آباد بلاک جے میں شہری نے واردات کے بعد فرار ہونے والے ڈاکوؤں کو پکڑنے کی کوشش کی۔

    ایک اور واقعے میں ایک کار سوار شہری نے گاڑی سے موٹرسائیکل کو ٹکر ماری جس سے ڈاکو سڑک پر گر پڑے لیکن پھر فوراً ہی اٹھ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    علاوہ ازیں پیپری کے قریب ڈمپر کی زد میں آکر ایک شخص جاں بحق اور دوسرازخمی ہوگیا، ٹریفک پولیس کے مطابق بےقابو ڈمپر کی ٹکر سے سائن بورڈ بھی گرگیا۔

  • کراچی : ڈکیتی میں مزاحمت پر ڈاکوؤں نے خواتین کو گولی ماردی

    کراچی : ڈکیتی میں مزاحمت پر ڈاکوؤں نے خواتین کو گولی ماردی

    کراچی : شہر قائد میں ڈاکوؤں کی وارداتوں کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا، آئے دن مزاحمت پر شہریوں کو فائرنگ کا نشانہ بنا دیا جاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سولجربازار میں ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے دو خواتین کو زخمی کردیا، فائرنگ سے زخمی ہونے والی ماں بیٹی کار میں سوار تھیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل سوار2ملزمان نے دوران ڈکیتی فائرنگ کی، خواتین کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ہم سے موبائل فون چھیننے کی کوشش کی تھی۔

    اس دوران خواتین نے موبائل فون سڑک پر پھینکا تو ملزمان نے ان پر فائرنگ کردی، جائے وقوعہ سے30بور اور نائن ایم ایم کے4خول ملے ہیں۔ زخمی ماں بیٹی کو ایک ہی گولی لگی ہے۔

    پولیس کے مطابق زخمی ہونے والی خواتین کو ابتدائی امداد کیلئے اسپتال روانہ کردیا گیا، واقعے کی تفتیش جاری ہے، ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

     

  • سرجانی ٹاؤن : ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ سے دو افراد زخمی

    سرجانی ٹاؤن : ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ سے دو افراد زخمی

    کراچی : شہر قائد میں ڈاکوؤں کی مسلح وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے، سرجانی ٹاؤن میں فائرنگ سے دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن کی خدا کی بستی میں ڈکیتی میں مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے 24سالہ نوجوان شہریار کو تشویشناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق فائرنگ سے زخمی شخص ساحل کو بھی اسپتال روانہ کیا گیا تھا، دوران واردات علاقہ مکینوں نے ایک مبینہ ڈاکو کو پکڑلیا تھا، تاہم پکڑے گئے ملزم کے ساتھی نے فائرنگ کی جس سے دو شہری زخمی ہوئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والا مسلح ڈاکو اپنے ساتھی کو چھڑا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔