Tag: resistance to robbery

  • کورنگی : شہریوں نے پولیس موبائل میں بیٹھے ڈاکو کو جان سے مار دیا

    کورنگی : شہریوں نے پولیس موبائل میں بیٹھے ڈاکو کو جان سے مار دیا

    کراچی : کورنگی میں مشتعل افراد نے پولیس موبائل میں بیٹھے ڈاکو کو تشدد کرکے مار ڈالا، اسٹریٹ کرائم میں ملوث ایک ملزم بھی گرفتار ایک شہری زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں ڈکیتی کی واردات کے دوران فائرنگ شہری زخمی ہو گیا، واقعے میں ملوث دو مبینہ ڈکیتوں کو شہریوں نے پکڑ لیا، بدترین تشدد سے ایک ڈکیت ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق کورنگی ڈیڑھ نمبر کے قریب آر مارکیٹ میں دو مسلح ڈکیت شہری سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ مزاحمت پر ڈکیتوں نے فائرنگ کر دی جس سے فیضان نامی نوجوان زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں کورنگی کے نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    فائرنگ کا واقعہ دیکھ کر وہاں موجود لوگوں نے ہمت دکھائی اور دو مبینہ ڈکیتوں کو پکڑ لیا اور خوب تشدد کا نشانہ بناتے رہے، پولیس موقع پر پہنچی اور ڈاکو کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کرنے لگی تو شہریوں نے پولیس موبائل میں گھس کر ایک مبینہ ڈکیت کو تشدد کرکے مارڈالا۔

    کورنگی پولیس کے مطابق مارے جانے والے ڈکیت کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا ہے، ہلاک ہونے والے ڈکیت کی شناخت عرفان اور زخمی افراد کی شناخت راشد کے ناموں سے ہوئی ہے۔

  • ڈکیتی میں مزاحمت : گورنر سندھ نے پولیس چیف کے بیان کی حمایت کردی

    ڈکیتی میں مزاحمت : گورنر سندھ نے پولیس چیف کے بیان کی حمایت کردی

    کراچی : گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ڈکیتی میں مزاحمت کے حوالے سے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) جاوید عالم اوڈھو کے بیان کی حمایت کردی۔

    اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ ڈکیتی و رہزنی کی وارداتوں میں مزاحمت پر پولیس چیف کے بیان کو سیاق و سبق سے ہٹا کر پیش کیا گیا۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ پولیس چیف اپنے بیان میں شہریوں کی جان بچانے کی بات کررہے تھے کیونکہ ڈکیتی میں مزاحمت کرنا اپنی جان دینے کے مترادف ہے۔

    کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ انسانی جان ایک موبائل فون سے زیادہ قیمتی نہیں ہے، شہر میں اسٹریٹ کرائم کو کنٹرول کرنا بہت ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پولیس چیف کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہر میں جاری اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں کو ہر ممکن اقدامات کرتے ہوئے سختی سے کنٹرول کریں۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ میری پولیس چیف سے بات ہوئی ہے، ان سے کہا ہے کہ اس حوالے سے مربوط حکمت عملی اور سخت ایکشن لیا جائے ، گورنر نے امید ظاہر کی کہ پولیس انشاءاللہ اسٹریٹ کرائمز کو کنٹرول کرلے گی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں کراچی پولیس کے سربراہ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (آے آئی جی) جاویدعالم اوڈھو نے شہریوں سے اپیل کی تھی کہ برائے مہربانی ڈاکوؤں سے مزاحمت نہ کریں۔

    مذکورہ پریس کانفرنس انہوں نے یونیورسٹی روڈ پر این ای ڈی یونیورسٹی کے ایک طالب علم بلال ناصر کے ڈاکوؤں کے ہاتھوں قتل کے واقعے پرکی اور پولیس اقدامات سے آگاہ کیا تھا۔

  • ڈکیتی میں مزاحمت، فائرنگ سے سیکورٹی گارڈ جاں بحق، دوسرا زخمی

    ڈکیتی میں مزاحمت، فائرنگ سے سیکورٹی گارڈ جاں بحق، دوسرا زخمی

    کراچی : گلشن معمار میں ڈکیتی میں مزاحمت پر ایک بھائی جاں بحق اور دوسرے بھائی کے زخمی ہونے کے واقعہ پیش آیا ہے۔

    اس حوالے سے پولیس حکام نے میڈیا کو بتایا کہ فائرنگ سے جاں بحق اور زخمی بھائی میمن گوٹھ کے رہائشی تھے، دونوں بھائی بطور سیکیورٹی گارڈ ملازمت کرتے تھے۔،

    ڈاکوؤں نے موٹرسائیکل چھیننے کی کوشش کی تو مزاحمت کرتے ہوئے دونوں بھائیوں نے پستول بھی نکالا، ڈاکوؤں نے دونوں بھائیوں پر فائرنگ کی اور ان کا پستول بھی ساتھ لے گئے۔

    پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ ڈاکو مقتول سے موٹر سائیکل چھین کر لے جانے میں کامیاب نہیں ہوسکے اور وہاں سے فرار ہوگئے۔

  • ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے زخمی نجی کمپنی کا منیجر جاں بحق

    ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے زخمی نجی کمپنی کا منیجر جاں بحق

    اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں گزشتہ دنوں دوران ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے فوڈ ڈلیوری کمپنی کا بزنس ڈویلپمنٹ منیجر دوران علاج جاں بحق ہوگیا۔

    مقتول قاسم اعوان لمس ہونیورسٹی سے گریجویٹ اور والدین کا اکلوتا بیٹا تھا، واقعہ کا مقدمہ مقتول کے ساتھی کی مدعیت میں تھانہ مارگلہ میں درج کرلیا گیا۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جلد ملزمان کو گرفتار کرلیں گے۔

    مدعی مقدمہ کے مطابق مقتول قاسم اعوان لاہور کا رہائشی اور گزشتہ ایک سال سے اسلام آباد میں پرائیویٹ کمپنی میں ملازمت کررہا تھا۔

    مسعی کے مطابق قاسم اعوان5 جون کو رات 8 بجے واک کے لیے پارک میں گیا، 8 بجکر57 منٹ پر کال آئی کہ اسے گولی لگی ہے، ایف نائن پارک کے ایف ٹین گیٹ سے اندر داخل ہوا تودائیں طرف قاسم زخمی حالت میں پڑا ہوا تھا۔