Tag: resolution passed

  • عمران خان پر قاتلانہ حملہ : اراکین پنجاب اسمبلی کا بڑا اقدام

    عمران خان پر قاتلانہ حملہ : اراکین پنجاب اسمبلی کا بڑا اقدام

    لاہور : پنجاب کے شہر وزیرآباد میں گزشتہ روز حقیقی آزادی مارچ کے دوران پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد منظور کرلی گئی۔

    مذکورہ مذمتی قرارداد صوبہ پنجاب کے وزیر راجہ بشارت نے پیش کی، قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ وزیر آباد میں 3نومبر کو قاتلانہ اور بزدلانہ حملے کی مذمت کرتے ہیں۔

    قرارداد میں کہا گیا ہے کہ واقعے میں متعدد رہنما زخمی اور ایک کارکن شہید ہوا ہے، قاتلانہ حملہ سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

    ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ عمران خان نے جن لوگوں کے نام لیے ان کیخلاف کارروائی کی جائے، واقعے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے۔

    متن میں مزید کہا گیا کہ واقعے کو مذہبی رنگ دینے کی مذمت کرتے ہیں، جاں بحق کارکن کے خاندان سے اظہار ہمدردی اور مغفرت کی دعا کرتے ہیں۔

    قرارداد میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا اور حملہ آور کو روکنے والے کارکن کی بہادری کو سلام پیش کیا گیا۔

    قرارداد میں کہا گیا کہ یہ ایوان دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہر قسم کی آفت، مشکل اور ناگہانی صورتحال سے محفوظ رکھے اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو صحت کاملہ عطا کرے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیرآباد سے گزرتے ہوئے اللہ ہو چوک کے مقام پر پی ٹی آئی حقیقی آزادی مارچ کے کنٹینر پر فائرنگ کے نتیجے میں عمران خان اور پی ٹی آئی رہنماؤں سمیت 13 افراد زخمی ہوگئے تھے جبکہ معظم نامی ایک شخص جاں بحق ہوگیا تھا۔

  • سرکاری ملازمتیں : حکومت نے عوام کو بڑی رعایت دے دی

    سرکاری ملازمتیں : حکومت نے عوام کو بڑی رعایت دے دی

    پشاور : سی ایس ایس سے منسلک اہم عوامی مسئلہ کو عوامی نمائندوں نے حل کردیا، خیبر پختونخوا میں پبلک سروس کمیشن میں زائد العمر شہریوں کو2 سال کی رعایت دینے سے متعلق قرار داد منظور کرلی گئی۔

    حکومتی اور اپوزیشن اراکین کی جانب سے پیش کی گئی مشترکہ قرارداد میں زائد العمر شہریوں کو عمر میں رعایت کورونا وائرس کی عالمی وباء کے پیش نظر دینے کی سفارش کی گئی ہے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے رکن صوبائی اسبملی ڈاکٹر سمیرا شمس نے کہا کہ پہلے ہمارا ارادہ تھا اسے ہم صرف پبلک سروس کمیشن محدود رکھیں لیکن کرونا کی صورتحال کے حوالے سے شہریوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے اس کا دائرہ کار تمام شعبہ جات تک بڑھا دیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ اس مقصد کیلئے اپوزیشن اراکین نے بھی ہمارا بھرپور ساتھ دیا اور امید ہے کہ آئندہ بھی عوامی مسائل کے حل کیلیے سب مل کر کام کریں گے۔

    واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر خیبر پختونخوا میں بھی گزشتہ سال سرکاری ملازمتوں کے حوالے سے پبلک سروس کمیشن کے امتحانات روک دیئے گئے تھے، اب ملازمتوں کے اشتہارات جاری ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

  • پنجاب اسمبلی: اٹک خودکش حملے کیخلاف مذمتی قرارداد جمع

    پنجاب اسمبلی: اٹک خودکش حملے کیخلاف مذمتی قرارداد جمع

    لاہور: تحریکِ انصاف نے وزیر داخلہ کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ پر خودکش حملے کیخلاف مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی۔

    تحریک انصاف کی جانب سے مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے جمع کرائی، قرارداد میں خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے وزیر داخلہ کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

    قرارداد میں کہا گیا کہ شجاع خانزادہ کی شہادت پر پورا ایوان غمزدہ ہے اور شہید کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، قرارداد میں آپریشن ضرب عضب کی بھرپور حمایت بھی کی گئی۔

  • سندھ اسمبلی:کھلونا پستول کی تیاری اورخریدوفروخت پرپابندی کی قرارداد منظور

    سندھ اسمبلی:کھلونا پستول کی تیاری اورخریدوفروخت پرپابندی کی قرارداد منظور

    کراچی: سندھ اسمبلی میں کھلونا پستول کی تیاری اورخریدوفروخت پرپابندی کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کرلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق منگل کے روزہونے والے اجلاس میں یہ قرار داد ایم کیو ایم کے سیف الدین خالد نے ایوان میں پیش کی، ان کا کہنا تھا کہ ماہرین نفسیات نے کھلونا پستول کوبچوں کے لیے منفی اثرات کا حامل قراردیا ہے، کھلونا پستول سے کھیلنے والے بچوں کے ذہن پرتشدد اثرات لیتے ہیں۔

    ضرورت اس بات کی ہے کہ اس کی تیاری اور فروخت پر فوری طور پر پابندی عائد کی جائے۔

    قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن نے اس قرار داد پر تقریر کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کے مستقبل کے تحفظ کے لیے کھلونا پستول پرپابندی ضروری ہے، روزگار یا کسی اوربہانے سے کھلونا پستول پرپابندی نہ لگانا معاشرے کے لیے خطرناک ہوگا۔

    پی ٹی آئی کے سید حفیظ الدین نے قرار داد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کھلونا پستول تو اپنی جگہ اصلی پستول پر بھی پابندی ہونی چاہیے۔

    اجلاس کے اختتام سے قبل ہی ایم کیو ایم نے ایک بار پھر پیپلزپارٹی کے شریک چیئر مین آصف زرداری اور پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کیخلاف قرار داد لانا چاہئے تو ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس بدھ کی صبح تک کیلئے ملتوی کردیا۔

  • قصور واقعے کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور

    قصور واقعے کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور

    اسلام آباد: قصور واقعے کے خلاف قومی اسمبلی ،سینیٹ اور خیبر پختون خوااسمبلی میں قرار دادیں منظور کرلی گئیں، پیپلز پارٹی نے سندھ اسمبلی میں قراردادِ مذمت جمع کرادی۔

    قصور واقعہ ایوانوں میں موضوع بحث رہا، قومی اسمبلی میں افسوسناک سانحہ کے خلاف قرارداد منظور کرلی گئی، قرارداد میں واقعہ کی انکوائری اور پنجاب حکومت سے ملزمان کو گرفتارکرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے جہاں ضروت ہو قانون سازی کی جائے۔

    سینیٹ کا اجلاس شروع ہوا تو قصور واقعے کے خلاف ایم کیو ایم کی نسرین جلیل نے قرارداد پیش کی، جو منظور کرلی گئی، قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ مجرموں کو سخت ترین سزا دی جائے۔

    چیئر مین سینیٹ نے تجاویز طلب کر تے ہوئے کہا کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے مستقل ادارہ ہونا چاہیئے۔

    خیبر پختونخوا اسمبلی میں بھی قصور واقعے کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی ، قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت ملزمان کو سخت ترین سزا دینے کی ہدایت کرے۔

      پیپلزپارٹی نے قصور واقعے کے خلاف مذمتی قرارداد سندھ اسمبلی میں جمع کرادی، قرارداد میں واقعے میں ملوث ملزمان کے مقدمات فوجی عدالتوں میں چلانے کا مطالبہ کیا گیا ہے، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ انسانیت سوز واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

  • قومی اسمبلی میں بھارتی وزیرِاعظم اور بھارتی وزراء کے بیانات پر مذمتی قرارداد منظور

    قومی اسمبلی میں بھارتی وزیرِاعظم اور بھارتی وزراء کے بیانات پر مذمتی قرارداد منظور

    اسلام آباد: قومی اسمبلی میں بھارتی وزیراعظم اور بھارتی وزراء کے بیانات پر مذمتی قرار داد منظور کرلی گئی۔

      قومی اسمبلی میں مودی کے بیان پر مذمتی قرارداد منظورکرلی گئی، مذمتی قرار دار میں کہا گیا کہ پاکستان میں دہشت گردی میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے، پاکستان کو دولخت کرنے کا اقرار پاکستان سے نفرت کا اظہار ہے، اقوام متحدہ بھارتی قیادت کے بیانات کا نوٹس لے۔

    تحریکِ انصاف کی رہنماء شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دھمکیاں بھارتی وزیراعظم نے دیں، جواب ہمارے آرمی چیف کو دینا پڑا، حکومت کا روایہ معذرت خواہانہ تھا، ہر معاملہ آرمی چیف کو دے دیتی ہے۔

    اس سے قبل سینیٹ میں بھارتی وزیرِاعظم کے بیان کیخلاف مذمتی قراردادیں منظور کرلی گئیں، مشاہد اللہ خان نے کہا کہ مودی کے دامن پر خون کےدھبے ہیں۔
    قراردار میں نریندرمودی کے بیان کو ملکی سلامتی پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ پاک فوج ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنا جانتی ہے، قوم فوج کے شانہ بشانہ ہے، دنیا بھارتی وزیرِاعظم کے بیان کا نوٹس لے۔

      پڑوسی ملک کے رویے پر بحث کرتے ہوئے مشاہد حسین شاہ نے کہا کہ بھارت غیر ذمہ دار نیوکلیئر پاور،جغرافیائی لحاظ سے بڑا، زہنی لحاظ سے چھوٹا ملک ہے، اس کی پالیسیوں پر سنجیدہ سوچ بچار کی ضرورت ہے۔

    ایم کیوایم کے طاہرمشہدی کا کہنا تھا کہ پاکستان معاملات میں بھارتی مداخلت ناقابلِ برداشت ہے، پیپلزپارٹی کےتاج حیدر نے کہا کہ امریکہ ، اسرائیل اور بھارت کا گڑ جوڑ توڑنا ہوگا۔

    اے این پی کے شاہی سید کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بھارتی مداخلت کے ثبوت ہیں،  حکومت کی طرف سے سینیٹر مشاہداللہ نے کہا کہ مودی کے دامن پرگجرات میں مسلمانوں کےخون کےدھبے ہیں،چائے بیچنے والا مودی وزیراعظم بن گیا۔

  • سندھ اسمبلی میں ڈپلومیٹک پاسپورٹ کے حق میں قرارداد متفقہ طور پرمنظور

    سندھ اسمبلی میں ڈپلومیٹک پاسپورٹ کے حق میں قرارداد متفقہ طور پرمنظور

    کراچی: سندھ اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو ڈپلومیٹک پاسپورٹس جبکہ ارکان سندھ اسمبلی کو سرکاری پاسپورٹس جاری کرنے اور گیس انفرا سٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کی مخالفت کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کرلی۔

    سندھ اسمبلی کے  اجلاس میں پہلی قرار داد پاکستان پیپلزپارٹی کے ڈاکٹر سکندر شورو کی طرف سے پیش کی گئی ، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت سندھ وفاقی حکومت سے رابطہ کرے اور اس سے کہے کہ سندھ اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو ڈپلومیٹک پاسپورٹس جبکہ ارکان سندھ اسمبلی ، ان کے شریک حیات اور ان کے 18 سال سے کم عمر بچوں اور سندھ اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسروں کو سرکاری پاسپورٹس جاری کیے جائیں ۔

     جیسا کہ 13 تا 15 اپریل 2014ء کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والی اسپیکرز کانفرنس میں سفارش کی گئی، ایوان نے یہ قرار داد اتفاق رائے سے منظور کر لی ۔

     دوسری قرار داد پاکستان پیپلز پارٹی کی خاتون رکن خیر النساء مغل نے پیش کی ، جس میں کہا گیا کہ یہ اسمبلی وفاقی حکومت کی طرف سے گیس کے صارفین پر عائد کردہ گیس انفرا سٹرکچر سیس کی مخالفت کرتی ہے ۔

    خیر النساء مغل نے کہاکہ یہ سیس نافذ کرکے وفاق نے صوبوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے اور گیس انفرا سٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس آرڈی ننس میں 120 دن کی توسیع کر کے آئین کے آرٹیکل 177 کی بھی خلاف ورزی کی ہے، اسمبلی نے یہ قرار داد بھی اتفاق رائے سے منظور کر لی ۔

  • پنجاب اسمبلی : کم عمری میں شادیوں کی روک تھام کی قرارداد منظور

    پنجاب اسمبلی : کم عمری میں شادیوں کی روک تھام کی قرارداد منظور

    لاہور:پنجاب اسمبلی میں کم عمری کی شادیوں کے حوالے سے مؤثر قانون سازی اور میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے بیان حلفی لینے کی قراردادیں کثرت رائے سے منظور کر لی گئیں ہیں۔

    پنجاب اسمبلی کا اجلاس اسپیکر رانا محمد اقبال کی زیرِصدارت ہوا، جس میں مسلم لیگ نون کی عظمٰی زاہد بخاری نے کم عمری میں شادیوں کی روک تھام کیلئے مؤثر قانون سازی کی قرارداد پیش کی، جس کی جماعت اسلامی کے رکن نے مخالفت کی تاہم قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی گئی ہے۔

    مسلم لیگ نون کی رکن نگہت شیخ نے میڈیکل کالجز میں داخلے کیلئے طلبہ و طالبات سے بیان حلفی لینے کی قرار داد پیش کی، جسے کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔

    قرار داد میں کہا گیا کہ اکثر طالبات پریکٹس نہیں کرتیں، طلبہ و طالبات کو پابند کیا جائے کہ وہ پانچ سال تک سرکاری ہسپتالوں میں ملازمت کریں۔

    جماعت اسلامی کے رکن ڈاکٹر وسیم اختر نے پچہتر سال کی عمر کے ریٹائرڈ ملازمین کو مکمل پنشن دینے کی قرارداد پیش کی، جو حکومتی ارکان کی مخالفت کے باعث مسترد ہوگئی۔