Tag: restored

  • سعودی عرب میں سیاحت بحال کرنے کا اعلان

    سعودی عرب میں سیاحت بحال کرنے کا اعلان

    ریاض: سعودی عرب میں 21 جون سے سیاحت بحال کرنے کا اعلان کردیا گیا، دیگر عرب ممالک بھی جلد سیاحتی پروگرام شروع کردیں گے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں اتوار 21 جون سے سیاحت کا شعبہ مکمل طور پر بحال ہو جائے گا۔

    عرب وزرائے سیاحت کے ہنگامی ویڈیو اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاحت ایسا شعبہ ہے جس کے کارکنان کی تعداد کل ملازمتوں کا 12 فیصد ہے اور عرب ممالک کی 13 فیصد قومی مجموعی پیداوار سیاحت سے حاصل ہوتی ہے۔

    الخطیب نے توجہ دلائی کہ سیاحت کے شعبے میں 80 ملین سے زائد ملازم ہیں، ان سب کو کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے اپنی ملازمتیں خطرے میں نظر آرہی ہیں۔

    الخطیب نے بتایا کہ سعوی عرب ماہ رواں کے آخر میں سیاحتی سرگرمیاں بحال کر لے گا، دیگر عرب ممالک بھی سیاحتی پروگرام شروع کردیں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ کئی ممالک نے سیاحتی پروگراموں کا آغاز کردیا ہے، سعودی عرب 21 جون سے سیاحتی شعبہ 24 گھنٹے کے لیے کھول دے گا البتہ مکہ اس سے مستثنٰی ہوگا۔

  • مقبوضہ کشمیر میں 7 ماہ بعد انٹرنیٹ سروس بحال کردی گئی

    مقبوضہ کشمیر میں 7 ماہ بعد انٹرنیٹ سروس بحال کردی گئی

    سرینگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں 7 ماہ بعد انٹرنیٹ کی بندش ختم کردی گئی، اس بندش کا خاتمہ مشروط طور پر 17 مارچ تک کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ سروسز مشروط طور پر بحال کردی گئی ہیں، انٹرنیٹ سروس کی فراہمی کے سرکاری ادارے بی ایس این ایل کے ایک اہلکار کے مطابق حکام کی ہدایات کے بعد انہوں نے انٹرنیٹ سروس بحال کرنی شروع کردی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اس تمام عرصے کے دوران بعض کشمیری شہری ورچوئل پرائیوٹ نیٹ ورکس (وی پی این) کے ذریعے انٹرنیٹ کا استعمال جاری رکھے ہوئے تھے۔

    مذکورہ فیصلے کے بعد بھارتی حکومت کی قید میں موجود سابق وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر محبوبہ مفتی کے ٹویٹر اکاؤنٹ سے ٹویٹ کیا گیا کہ حکام کو احساس ہوگیا ہے کہ انٹرنیٹ کی یہ بندش بے فائدہ ہے کیونکہ کشمیری پہلے ہی وی پی اینز کے ذریعے انٹرنیٹ استعمال کر رہے تھے۔

    یہ ٹویٹ محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا مفتی کی جانب سے کیا گیا ہے۔

    قابض حکام نے انٹرنیٹ سروس کی یہ بحالی مشروط طور پر کی ہے۔ جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق موبائل پر انٹرنیٹ کی رفتار صرف 2 جی ہوگی، 4 جی نیٹ ورکس تاحال بند ہیں۔

    انٹرنیٹ کی سہولت فی الوقت صرف پوسٹ پیڈ صارفین کے لیے ہوگی، پری پیڈ سم کارڈز استعمال کرنے والے افراد اس سہولت سے محروم ہوں گے۔

    اسی طرح براڈ بینڈ انٹرنیٹ سروس ایم اے سی (میڈیا ایکسس کنٹرول) بائنڈنگ پر دی جائے گی جس کے تحت صارف کسی ایک ہی انٹرنیٹ پورٹل (آئی پی) ایڈریس سے انٹرنیٹ استعمال کرسکیں گے۔

    جیسے ہی کوئی صارف، کوئی دوسرا آئی پی استعمال کرے گا وہ انٹرنیٹ کی سہولت سے محروم ہوجائے گا۔ اس طرح سے قابض حکام کو لوگوں کی آن لائن سرگرمیوں کی نگرانی کرنے میں آسانی ہوگی۔

    انٹرنیٹ سروس کی یہ بحالی 17 مارچ تک کی گئی ہے، 17 مارچ کو دوسرا نوٹی فکیشن جاری کیا جائے گا جس میں بتایا جائے گا کہ آیا انٹرنیٹ کی یہ بحالی جاری رہے گی یا اس پر پھر سے بندش لگا دی جائے گی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس 5 اگست کو بھارتی حکومت نے بھارتی آئین کی شق 370 کے خاتمے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت ریاست جموں و کشمیر کو نیم خود مختار حیثیت اور خصوصی اختیارات حاصل تھے۔

    اس کے فوراً بعد کشمیر کو لاک ڈاؤن کر کے دنیا سے کاٹ دیا گیا اور مقبوضہ کشمیر کو ایک جیل میں تبدیل کردیا گیا تھا۔

    وادی میں بشمول انٹرنیٹ تمام مواصلاتی ذرائع بھی منقطع کردیے گئے تھے اور یہ کسی بھی جمہوریت میں سب سے طویل عرصے کے لیے عائد کی جانے والی بندش تھی۔

    کشمیر چیمبر آف کامرس کے مطابق اس طویل ترین مواصلاتی بندش کے نتیجے میں وادی میں 2.4 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے اور 5 لاکھ افراد بے روزگار ہوگئے۔

  • ترکی اور نیدرلینڈز کے سفارتی تعلقات بحال ہونا شروع ہوگئے

    ترکی اور نیدرلینڈز کے سفارتی تعلقات بحال ہونا شروع ہوگئے

    انقرہ/ایمسٹرڈم : ترکی اور نیدر لینڈ کے درمیان ایک برس کشیدگی رہنے کے بعد سفارتی تعلقات بحالی کی جانب گامزن ہوگئے، ترکی نے ہالینڈ کے لیے اپنا سفیر سابان ڈیسلے کو مقرر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی ملک ہالینڈ اور ترکی کے دارالحکومتوں کے درمیان ایک برس تک قائم سفارتی  تنازعے کے بعد دوبارہ معمول پر آنا شروع ہوگئے، جس کے بعد دونوں ملکوں نے ایک مرتبہ پھر اپنے سفیروں کو انقرہ اور یمسٹرڈم میں تعینات کردیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ گذشتہ برس ترکی کے صدارتی اختیارات میں اضافے کے حوالے سے ہونے والے ریفرینڈم کے دوران ہالینڈ میں ریفرینڈم کی مہم چلانے منع کرنے پر دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔

    مقامی میڈیا کے مطابق ترکی اور ہالینڈ میں سفارتی تعلقات میں خرابی کے باعث انقرہ اور ایمسٹرڈیم نے اپنے اپنے سفیروں کو واپس بلا لیا تھا۔

    ترک خبر رساں ادارے کے مطابق ایک روز قبل جاری ہونے والے بیان میں ترک وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ صدر طیب اردوگان نے حکمران جماعت کے سابق رکن پارلیمنٹ سابان ڈیسلے کو ہالینڈ کا نیا سفیر مقرر کیا ہے۔

    وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے نیدرلینڈ کے وزیر برائے خارجہ امور ترکی کا دورہ کا کریں گے جو سفارتی تعلقات میں مزید بہتری کی جانب گامزن ایک اور قدم ہوگا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے حکام کی جانب سے ترکی میں تعینات کیے جانے والے نیدرلینڈ کے سفیر کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا گیا۔

    یاد رہے کہ نیدر لینڈز کے رکن پارلیمنٹ گیرٹ ولڈرز کی ٹویٹ کے مطابق گستاخانہ خاکے بنانے کا مقابلہ دس نومبر 2018 کو ہوگا اور اس مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے شخص کو دس ہزار ڈالر انعام بھی دیا جائے گا، گیرٹ ولڈرز کا یہ اقدام دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری کے ساتھ عالمی امن کے لیے بھی خطرہ ہے۔

  • مادرِ ملت فاطمہ جناح کے زیر استعمال گاڑیاں اصلی حالت میں واپس آگئیں

    مادرِ ملت فاطمہ جناح کے زیر استعمال گاڑیاں اصلی حالت میں واپس آگئیں

    کراچی: مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کے زیر استعمال 2 تاریخی گاڑیاں اپنی اصل حالت میں واپس آگئیں، پاکستان کے ماہر مکینک نے شبانہ روز محنت کرکے یہ کاررنامہ سرانجام دیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے گزشتہ برس قائد اعظم محمد علی جناح کی ہمشیرہ کے زیر استعمال دونوں گاڑیاں سنہرے رنگ کی کیڈلک اور مرسڈیز بینز 200 ماڈل زنگ آلود حالت میں نیشنل میوزیم کے گیراج میں موجود تھیں۔

    معاہدے کے تحت حکومت نے یہ گاڑیاں مرمت کے لیے ونٹاج اینڈ کلاسک کار کلب کے بانی محسن اکرام کے حوالے کیں جن پر انہوں نے شبانہ روز محنت کی اور گاڑیوں کو اپنی اصلی حالت میں واپس لائے۔

    گاڑیوں کی مرمت اور انہیں حکومت کے حوالے کرنے کے بعد محسن اکرم نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’کیڈلک گاڑی 100 فیصد اپنی اصلی حالت میں واپس آگئی جبکہ مرسڈیز بینز کا 98 فیصد کام مکمل ہو سکا کیونکہ آگے لگے لوگو کی مرمت نہیں ہوسکی‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ‘گاڑیوں کو اصل حالت میں واپس لانے کے لیے ہم نے اس میں کچھ پتھروں کا استعمال کیا، اب یہ دونوں گاڑیاں قائد اعظم ہاؤس میں نمائش کے لیے رکھی جائیں گی اور عوام بھی انہیں اپنی اصلی حالت میں دیکھ سکیں گے‘۔

    مزید پڑھیں: محترمہ فاطمہ جناح کے زیر استعمال گاڑیاں بحالی کے لیے ماہرین کے حوالے

    انجینئر اکرام کا کہنا تھا کہ ’خستہ حال اور زنگ آلود گاڑیوں کو چمکتا ہوا دیکھ کر مجھے بہت خوشی محسوس ہورہی ہے کیونکہ اس کام کے لیے میں نے 19 سال تک جدوجہد کی‘۔

    واضح محسن اکرام نے 1992 میں موہٹہ پیلیس میں ان گاڑیوں کی نشاندہی کی تھی اور تب سے وہ حکومت پر زور دے رہے ہیں کہ ان گاڑیوں کو محفوظ کیا جائے۔

    محسن اکرام اپنی ٹیم کے ساتھ اس مرمتی کام کی نگرانی کی، ان کا کہنا تھا کہ نیشنل میوزیم کے گیراج میں کام کرنے کے لیے پہلے گیراج کو درست حالت میں لانا ہوگا کیونکہ یہاں روشنی موجود نہیں، دیواروں کا پلستر اکھڑ رہا اور بارش کے دوران یہاں کی چھت بھی ٹپکتی ہے۔

    خیال رہے کہ محسن اکرام اس سے قبل بھی کئی پرانی گاڑیوں کی مرمت و بحالی کا کام کر چکے ہیں اور خصوصاً مادرِ ملت کی گاڑیوں کو اصل حالت میں واپس لانے کے لیے وہ بے حد پرجوش تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔