Tag: Retirement age

  • ریٹائرمنٹ کی عمر سے متعلق اہم فیصلہ

    ریٹائرمنٹ کی عمر سے متعلق اہم فیصلہ

    ڈنمارک میں 2040 تک ریٹائرمنٹ کی عمر کو بتدریج بڑھاتے ہوئے 70 سال تک کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈنمارک کی پارلیمان نے سرکاری اداروں میں مدت ملازمت سے متعلق ایک نیا قانون سے منظور کر لیا جس کے حق میں 81 جب کہ مخالفت میں صرف 21 ووٹ ڈالے گئے۔

    رپورٹس کے مطابق پارلیمان سے منظور کیے گئے اس نئے قانون کے تحت ملک میں ریٹائرہونے کی عمر کو بتدریج بڑھا یا جائے گا جو 2040 تک 70 تک سال ہوجائے گی۔

    ڈنمارک میں اس وقت ریٹائرمنٹ عمر 67 سال ہے جو 2030 میں 68 اور 2035 میں 69 سال ہو جائے گی۔ اگر اس فیصلے پر عمل درآمد کرلیا جاتا ہے تو ڈنمارک یورپی ممالک میں ریٹائرمنٹ کی سب سے زیادہ عمر والا ملک بن جائے گا۔

    واضح رہے کہ ریٹائرمنٹ کی عمر میں تبدیلی کا یہ قانون ان افراد پر لاگو ہوگا جو 31 دسمبر 1970 کے بعد پیدا ہوئے ہیں۔

    متعدد ممالک نے اوسط عمر میں اضافے اور بجٹ خسارے سے نمٹنے کے لیے حالیہ برسوں میں ریٹائرہونے کی عمر بڑھانے پر غور شروع کردیا ہے۔

    برطانوی عوام کیلیے خوشخبری، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں بڑی کمی

    رپورٹس کے مطابق زیادہ تر یورپی ممالک میں اس وقت ریٹائرہونے کی عمر 63 سے 67 کے درمیان کردی گئی ہے۔روایتی طور پر ریٹائرمنٹ کی عمر 60 سال رہی ہے تاہم اب اس میں تبدیلی کے حوالے سے بڑے فیصلے لئے جارہے ہیں۔

  • چین نے ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافہ کر دیا، مگر کیوں؟

    چین نے ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافہ کر دیا، مگر کیوں؟

    بیجنگ: چین نے 1950 کے بعد پہلی بار ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافہ کر دیا۔

    چین کے وزیر انسانی وسائل اور سماجی تحفظ نے اعلان کیا ہے کہ مردوں کی ریٹائرمنٹ کی عمر 60 سے بڑھا کر 63 سال کر دی گئی، جب کہ خواتین کی ریٹائرمنٹ کی عمر 55 سے بڑھا کر 58 سال کر دی گئی۔

    چین میں چوہتر سال میں پہلی بار ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافہ کیا گیا ہے، چینی حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ معاشی اور سماجی ترقی کی رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔

    چین کے ریاستی نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق نیشنل پیپلز کانگریس کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے جمعہ کو یہ نئی پالیسی منظور کر لی ہے، اس پالیسی پر عمل درآمد اگلے برس 2025 سے شروع ہوگا۔

    چین اپنی سکڑتی ہوئی آبادی اور عمر رسیدہ افرادی قوت کے مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، یہ پالیسی اسی سلسلے میں اٹھایا گیا ایک قدم ہے، ویسے بھی چین میں ریٹائرمنٹ کی عمر دنیا کی بڑی معیشتوں کے مقابلے میں سب سے کم رہی ہے۔

    بلیو کالر ملازمتوں (محنت مزدوری والے مینول کام) میں خواتین کے لیے قانونی ریٹائرمنٹ کی عمر 50 سے بڑھا کر 55 اور وائٹ کالر ملازمتوں (دفتری کام) میں خواتین کے لیے 55 سے بڑھا کر 58 کر دی گئی ہے۔

    چینی سرکاری میڈیا نے یہ بھی کہا ہے کہ جمعہ کو منظور کیے گئے منصوبے کے مطابق یہ تبدیلی یکم جنوری 2025 سے رو بہ عمل ہو جائے گی، اور ریٹائرمنٹ کی ان عمروں میں اگلے 15 برسوں تک ہر چند ماہ بعد اضافہ کیا جاتا رہے گا۔

  • ریٹائرمنٹ کی عمر اور پنشن میں کمی سے متعلق وفاقی وزیر کی وضاحت

    ریٹائرمنٹ کی عمر اور پنشن میں کمی سے متعلق وفاقی وزیر کی وضاحت

    اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ حکومت ریٹائرمنٹ کی حد عمر کم کرنے یا ماہانہ پنشن ختم کرنے کے کسی منصوبے پر غور نہیں کررہی۔

    یہ بات انہوں نے سینیٹ کے اجلاس میں توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں کہی، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کے اجلاس میں سینیٹر میر کبیر شاہی نے توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا ۔

    جس میں کہا گیا کہ ریٹائرمنٹ کی عمر کم کرنے اور ماہانہ پنشن ختم کرنے کے مجوزہ منصوبے سے ملازمین میں ہیجان کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، انہوں نے کہا کہ آج سرکاری ملازمین سخت مشکلات کا شکار ہیں، حکومت ایسا کوئی بھی اقدام کرنے سے باز رہے۔

    جس کے جواب میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر سے متعلق صرف سوشل میڈیا پر ہی شور مچ رہا ہے۔

    انہوں نے واضح طور پر کہا کہ حکومت ابھی ایسا کوئی منصوبہ نہیں لا رہی کل کا کسی کو پتہ نہیں ہوتا، علی محمد خان نے کہا کہ وزارت خزانہ نے بھی تحریری طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ ایسی کوئی تجویز  زیر غور نہیں، سوشل میڈیا پر جو بات ہوتی ہے پہلے اس کی تصدیق کرلینی چاہیے۔

  • ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافے پر صوبائی حکومت سے جواب طلب

    ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافے پر صوبائی حکومت سے جواب طلب

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا میں ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافے کے خلاف دائر درخواست پر عدالت نے صوبائی حکومت سے جواب طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ میں ریٹائرمنٹ کی عمر 60 سے 63 سال کرنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی، سماعت چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ اور جسٹس احمد علی نے کی۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کی عمر زیادہ کرنے سے بے روزگاری میں مزید اضافہ ہوگا، لوگ ریٹائرڈ نہیں ہوں گے تو نئے کیسے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خود کہتی ہے فنانشل کرائسز کی وجہ سے ایسا کر رہے ہیں، 3 سال بعد تو پنشن کے لیے اور بھی زیادہ رقم درکار ہوگی۔

    عدالت نے خیبر پختونخوا حکومت سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔

    خیال رہے اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان بھی سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی عمر میں توسیع کے معاملے پر 7 رکنی کمیٹی قائم کرچکے ہیں۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات کمیٹی کے سربراہ ہیں جبکہ سیکریٹری خزانہ، اسٹیبلشمنٹ، دفاع، قانون اور آڈیٹر جنرل کمیٹی کا حصہ ہیں۔

    ذرائع کے مطابق کمیٹی ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافہ کرنے یا نہ کرنے سے متعلق اور ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھانے پر قانونی، معاشی اور انتظامی تجاویز دے گی۔

  • پی آئی اے: ریٹائرمنٹ کی عمرمیں بھرتی، سی او او دستاویزات جمع نہ کراسکے

    پی آئی اے: ریٹائرمنٹ کی عمرمیں بھرتی، سی او او دستاویزات جمع نہ کراسکے

    کراچی : ریٹائرمنٹ کی عمر کے قریب پی آئی اے میں بھرتی ہونے والے سی او او ضیاء قادرقریشی تعلیمی دستاویزات تاحال جمع نہ کراسکے۔

    تفصیلات کے مطابق با کمال لوگ لاجواب سروس کا دعویٰ کرنے والی قومی ایئر لائن پی آئی اے کے سی اواو ضیاء قادر قریشی اپنی تعلیمی دستاویزات تاحال نہ جمع کرا سکے، ان کی عمر چھ روز بعد پوری ساٹھ سال کی ہوجائے گی۔

    چودہ جولائی2017کو بھرتی ہونے والے چیف آپریٹنگ افسر ضیاء قادرقریشی نے بھرتی کے وقت دستاویزات کے لئے ڈھائی ماہ کا وقت مانگا تھا، بھرتی کے وقت ان کی عمر59سال8ماہ تھی۔

    مذکورہ سی او او کو ایک اعلیٰ شخصیت کے دباؤ پر پی آئی اے میں دو سالہ کنٹریکٹ پر بھرتی کیا گیا تھا، سی او او کی جانب سے دئیے گئے انڈرٹیکنگ میں 30 ستمبر تک کی مہلت طلب کی گئی تھی۔

    اس کے علاوہ عمر میں رعایت کے لئے درکار لازمی اجازت کے لئے وزیراعظم ہاؤس کو خط بھی بھرتی کے دو ماہ بعد تحریر کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق ایوی ایشن ڈویژن کی معرفت لکھے گئے خط پر وزیراعظم ہاؤس سے تاحال کوئی جواب نہیں دیا گیا ہے، ضیاء قادر قریشی کی جانب سے دستاویزات جمع نہ کرائے جانے کا مبینہ مقصد عمر میں تضاد کو چھپانا ہے۔


    مزید پڑھیں: پی آئی اے: سی او اوکی مدت ملازمت بڑھانے کیلئے حکومت کوخط


    اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ دستاویزات جمع کرانے کے لئے سی اوا و کی درخواست پر مزید کچھ روز کا وقت دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ ضیاء قادر قریشی کی عمر30اکتوبر کو60 سال کی ہو جائے گی، قانون کے مطابق30اکتوبر کے بعد وہ ازخود ریٹائر ہوجائیں گے اور ملازمت پر نہیں رہ سکتے۔