Tag: Return to Earth

  • دنیا کا سب سے طاقتور راکٹ خلا میں پہنچ کر تباہ

    دنیا کا سب سے طاقتور راکٹ خلا میں پہنچ کر تباہ

    اسپیس ایکس کے مالک اور امریکا کی معروف کاروباری شخصیت ایلون مسک کی کمپنی کی جانب سے خلا میں روانہ کیا گیا راکٹ اپنے اہداف مکمل طور پر حاصل نہ کرسکا اور تباہ ہوگیا۔

    دنیا کی امیر ترین شخصیت ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس نے دنیا کا سب سے طاقتور راکٹ اسٹار شپ“ تیسری بار خلاء میں روانہ کیا گیا تھا جس کا خلاء میں پہنچتے ہی رابطہ منقطع ہوگیا۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ایوی ایشن ایجنسی کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد مذکورہ راکٹ جمعرات (14 مارچ) کو مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 25منٹ پر جنوب مشرقی ٹیکساس سے روانہ کیا گیا تھا۔

    امریکی ٹی وی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسٹارشپ راکٹ نے لفٹ آف اور بوسٹر سے علیحدگی کا ہدف حاصل کرلیا تھا تاہم وہ دوبارہ زمین پر لینڈنگ کا ہدف حاصل نہیں کرسکا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسپیس ایکس نے دنیا کا طاقتور ترین اور سب سے بڑا راکٹ خلا میں بھیجا تھا، اسٹار شپ راکٹ کی ٹیسٹنگ کا مقصد مریخ مشن کیلئے راہ ہموار کرنا تھا۔

    امریکی ٹی وی کا کہنا ہے کہ اسٹار شپ راکٹ کی بغیر عملے کی آزمائشی پرواز زیادہ تر کامیاب رہی، خلا میں پہنچتے ہی اسٹارشپ راکٹ سے10منٹ میں رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق خود کارنظام کے تحت راکٹ نے خلا میں خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔

    دوسری جانب اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک نے تیسری آزمائشی پرواز کو کامیاب قرار دے دیا ان کا کہنا ہے کہ اسپیس ایکس کے اسٹار شپ میگا راکٹ نے اپنے اہداف حاصل کرلیے ہیں۔

    ایلون مسک کے مطابق دنیا کا سب سے بڑا اور طاقتور راکٹ اپنی آزمائشی پرواز میں کامیاب رہا ہے، اسٹارشپ اور سپر ہیوی بوسٹر دونوں نے اپنےاہداف حاصل کیے۔

    فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کا کہنا ہے کہ اسٹار شپ میگا راکٹ کے لانچنگ کے دوران بھی ایک حادثہ پیش آیا ہے۔

  • پہلے عرب خلاباز کی 6 ماہ بعد زمین پر واپسی

    پہلے عرب خلاباز کی 6 ماہ بعد زمین پر واپسی

    دنیائے عرب کے پہلے خلاباز سلطان النیادی نے خلائی مشن میں 6 ماہ گزارنے کے بعد واپسی کی تیاری کرلی وہ یکم ستمبر کو زمین پر قدم رکھیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے خلاباز سلطان النیادی جو طویل مدتی خلائی مشن پر تعینات پہلے عرب خلاباز ہیں، بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر چھ ماہ گذارنے کے بعد یکم ستمبر کو زمین پر واپس آ رہے ہیں۔

    النیادی، ناسا کے خلاباز اسٹیفن بوون اور ووڈی ہوبرگ اور روز کوز موز کے آندرے فیدیو ناسا کے اسپیس ایکس کریو-6 کا حصہ تھے جو 2 مارچ 2023 کو فلوریڈا کے کینیڈی خلائی مرکز سے روانہ ہوا۔

    خلائی اسٹیشن پر قیام کے دوران عملے نے 200 سے زیادہ سائنسی تجربات اور ٹیکنالوجی کے مظاہرے کیے۔

    متحدہ عرب امارات کے سلطان النیادی اپنے بین الاقوامی اسپیس اسٹیشن میں رہتے ہوئے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے باقاعدہ اپ ڈیٹس شیئر کرتے رہتے ہیں۔

    انہوں نے حج کے موقع پر منیٰ کی خیمہ بستیوں کی خلاء سے لی گئی تصاویر بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری کی تھیں۔

    کریو-6 ایجنسی کے کمرشل کریو پروگرام کے لیے سپیس ایکس کے ساتھ عملے کا چھٹا گردشی مشن ہے۔ باقاعدہ تجارتی عملے کے گردشی مشن ناسا کو اسٹیشن پر ہونے والی اہم تحقیق اور ٹیکنالوجی کی تحقیقات کو جاری رکھنے کے قابل بناتے ہیں۔