Tag: return to Pakistan

  • مریم نواز کی وطن واپسی کے پروگرام میں تبدیلی

    مریم نواز کی وطن واپسی کے پروگرام میں تبدیلی

    لندن : وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز کی پاکستان واپسی کے پروگرام میں کچھ تبدیلی کی گئی ہے۔

    یہ بات انہوں نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ، انہوں نے بتایا کہ مریم نواز27جنوری کو لندن سے دبئی جائیں گی۔

    وزیر داخلہ راناثناء اللہ نے کہا ہے کہ اس کے بعد مریم نواز28جنوری کو دبئی سے پاکستان پہنچیں گی۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پیر امین الحسنات ن لیگ کا ٹکٹ نہ ملنے کے بعد غیرفعال ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں مریم نواز عدالتی حکم پر ضبط شدہ پاسپورٹ ملتے ہی ساڑھے چار سال بعد لندن روانہ ہوئی تھیں جہاں انہوں نے اپنے والد اور بھائیوں کے ساتھ وقت گزارا۔

    بعد ازاں جنوری میں وہ والد کے ہمراہ سرجری کی غرض سے جنیوا گئیں جہاں ان کا تین گھنٹے طویل گلے کا کامیاب آپریشن کیا گیا۔

    یاد رہے کہ مریم نواز سرجری کی غرص سے دو روز قبل سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ہمراہ لندن سے جنیوا روانہ ہوئی تھیں۔

    گزشتہ سال نومبر میں نواز شریف نے مریم نواز اور فیملی کے ہمراہ یورپ کا دورہ کیا تھا۔ ان کی اٹلی کے شہر میلان سے تصویر بھی سامنے آئی تھی۔

  • ” نواز شریف  پاکستان آرہے ہیں”

    ” نواز شریف پاکستان آرہے ہیں”

    اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی نے نواز شریف کی پاکستان واپسی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا عمران خان نے جو پاکستان کےعوام کا حال کیا ہے،اس کا حساب لیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیرعلی خود ساختہ جلا وطنی کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ، ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیرعلی نے کہا 70سالہ تاریخ کے سب سے زیادہ قرض عمران خان نے لیے اور یہ ملبہ ہماری حکومت پرڈال رہے ہیں۔

    ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کے دورمیں کینسرکی دوائیں مفت ہواکرتی تھیں، ان لوگوں نے دواؤں کی قیمتوں میں اضافہ کیا، ساڑھے تین سال میں ہرچیز میں مہنگائی کی گئی۔

    انھوں نے کہا کہ سارےچورعوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں، انہوں نےاپنےہی لوگوں کوایمنسٹی دی، عمران خان کی وجہ سے معیشت آئی ایم ایف کی غلام بننے جارہی ہے۔

    عابد شیرعلی کا کہنا تھا کہ بنانا ریپبلک کی سازش رچی گئی ہے، ہم ریاست کو بچانے کے لیے آئے تھے، ہمارا فیصلہ ہے عوام پر کوئی بم نہیں گرایاجائےگا۔

    نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے مسلم لیگ ن کے رہنما نے بتایا ہماری ٹیم کی اسپرٹ ہے کہ نوازشریف واپس پاکستان آرہے ہیں ، نوازشریف پربے پناہ ظلم ڈھائے گئے اور بے بنیادالزامات پرسزادی گئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا پیغام لیکر پاکستان آیا ہوں، عمران خان نے جو پاکستان کےعوام کا حال کیا ہے،اس کا حساب لیا جائے گا، پاکستان میں غربت کےخاتمےکےلیےہرحدتک جائیں گے۔

  • ڈاکٹر یاسمین راشد کا نوازشریف کو پاکستان واپس آنے کا مشورہ

    ڈاکٹر یاسمین راشد کا نوازشریف کو پاکستان واپس آنے کا مشورہ

    لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے نوازشریف کو پاکستان واپس آنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا اگر نواز شریف نے سیاست کرنی ہے تو ملک واپس آئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی تقریر پر وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے درعمل دیتے ہوئے کہا کہ بڑی اچھی بات ہے ، نواز شریف بغیرعلاج کے ٹھیک ہورہے ہیں ، نوازشریف کو پاکستان واپس آنےکامشورہ ہے، اگر نواز شریف نے سیاست کرنی ہے تو ملک واپس آئیں۔

    نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس جعلی نہیں، میڈیکل بورڈ کو کوئی بیوقوف نہیں بنایا گیا ، 10باراس معاملےپروضاحت دےچکی ہوں۔

    یاد رہے  وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا تھا کہ نواز شریف مکمل صحت مند دکھائی دیے ہیں، واضح ہو گیا کہ باہر جانے کے لیے بیماری کی شعبدہ بازی کی گئی،  ادارے  نواز شریف کی تقریر کا از خود نوٹس لیں۔

    شبلی فراز کا کہنا تھا نواز شریف نے کہا انتخابات کو مینج کیا جاتا رہا ہے، نواز شریف بھول گئے کہ وہ خود 3 بار وزیر اعظم رہے، عمران خان تو پہلی بار وزیر اعظم بنے ہیں، اقتدار میں ہوں تو سب ٹھیک، اپوزیشن میں ہو تو جمہوریت خطرے میں۔

    وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے خود کہا نواز شریف کی تقریر نشر ہونے دیں، میڈیا آزاد ہے، ہمیں بھی کیا کیا کچھ نہیں کہا جاتا، وزیر اعظم نے واضح ہدایات دیں میڈیا کے خلاف اقدام نہ کریں، نواز شریف کی تقریر براہ راست نشر ہونے سے یہ خود بے نقاب ہوئے، قوم کو پتا چلا ان کی باتوں میں کتنی منافقت ہے۔

  • مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کل وطن واپس آئیں گے

    مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کل وطن واپس آئیں گے

    لاہور : مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کل وطن واپس آئیں گے،  لیگی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا شہباز شریف کل صبح چار بج کر پچاس منٹ پر لاہور پہنچیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نون لیگ کے صدر شہبازشریف کی برطانیہ سے اتوار کو وطن واپسی کا اعلان کے بعد برطانیہ میں چیک اپ کے دوران ڈاکٹروں نے شہبازشریف کو سفر کی اجازت دے دی۔

    ترجمان ن لیگی نے مریم اورنگزیب نے شہبازشریف کی واپسی کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا شہباز شریف ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب چار بج کر پچاس منٹ پر لاہور پہنچیں گے۔

    مزید پڑھیں : شہباز شریف 8 جون کو وطن واپس آجائیں گے، سلیمان شہباز

    مریم اورنگزیب کا کہنا تھا حکومت اور اس کے ترجمان ایک مرتبہ پھر جھوٹے ثابت ہوگئے، مخالفین منفی سیاست کیلئے مصنوعی بیانیے کاسہارا تلاش کریں، دو درجن ادھارے اور جھوٹ بولنے والے ترجمان مقرر کیے گئے، ترجمانوں میں سےنصف نوکری سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں۔

    نون لیگ کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا ہے شہبازشریف کی وطن واپسی کی خبرسےحکومتی زبان کوتالے لگ گئے ہیں۔

    واضح رہے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف دس اپریل کو پوتی کی خیریت دریافت کرنے اور اپنے طبی معائنے کے لیے دس سے پندرہ دن کے لیے لاہور سے لندن گئے تھے۔

    روانگی سے قبل شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا عدالتی حکم پرمجھےضمانت ملی،نام ای سی ایل سےنکالاجاچکاہے ، پوتے،پوتی کودیکھنےلندن جارہاہوں،اپناطبعی معائنہ کراؤں گا اور انشااللہ جلد وطن واپس آؤں گا۔

  • سابق صدرپرویز مشرف یکم مئی کو پاکستان آئیں گے

    سابق صدرپرویز مشرف یکم مئی کو پاکستان آئیں گے

    اسلام آباد : سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل سلیمان صفدر نے کہا ہے کہ ان کے موکل 2 مئی کو خصوصی عدالت میں پیش ہونے کے لیے پرعزم ہیں، خاندان کےمطابق وہ یکم مئی کو پاکستان آئیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پرویز مشرف کے وکیل سلیمان صفدر نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا پرویزمشرف کے خاندان کےمطابق وہ یکم مئی کوپاکستان آئیں گے، وہ 2 مئی کو خصوصی عدالت میں پیش ہونے کے لیے پرعزم ہیں۔

    سلیمان صفدر کا کہنا تھا پرویزمشرف خود اوران کےاہل خانہ پاکستان آنے پر زور دے رہے ہیں، ان کی صحت کومدنظر رکھتے ہوئے معالج کی اجازت اہم ہے، ان کی طبیعت ٹھیک نہیں،اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے۔

    یاد رہے سپریم کورٹ نے پرویزمشرف کے ٹرائل سےمتعلق فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ 2 مئی کومشرف نہیں آتے تو دفاع کےحق سےمحروم ہوجائیں گے، اور یہ بھی حکم دیا تھا کہ  ٹرائل کورٹ ان کی غیرموجودگی میں ٹرائل مکمل کرکے حتمی فیصلہ جاری کردے۔

    مزید پڑھیں : اگر پرویز مشرف 2 مئی کو نہیں آتے تو دفاع کےحق سےمحروم ہوجائیں گے ،سپریم کورٹ کا فیصلہ

    اس سے قبل 28 مارچ کوسابق صدر جنرل ( ر) پرویز مشرف کے وکیل نے خصوصی عدالت میں عندیہ دیا تھا کہ ان کے موکل 13 مئی کو وطن واپس آکر عدالت کے روبرو پیش ہوسکتے ہیں۔

    ایک سماعت میں سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کے سامنے تین آپشنز رکھے تھے، پہلا آپشن پرویز مشرف آئندہ سماعت پر ہوکر بیان ریکارڈ کروائیں، دوسرا آپشن اگر نہیں پیش ہوتے تو اسکائپ پر بیان ریکارڈ کروائیں اور تیسرا آپشن اگر وہ اسکائپ پر بھی بیان ریکارڈ نہیں کرواتے تو ان کے وکیل بیان ریکارڈ کروائیں۔

    عدالت نے پرویز مشرف کے وکیل کی جانب سےالتواکی درخواست بھی مسترد کردی تھی، چیف جسٹس نے کہا تھا پرویزمشرف تو مکے شکے دکھاتے تھے، یہ نہ ہو کہ عدالت کو مکے دکھانا شروع کردیں۔

  • دورۂ چین کا آخری دن ، وزیراعظم کا وطن واپسی پر رہنماؤں سے مشاورت کا فیصلہ

    دورۂ چین کا آخری دن ، وزیراعظم کا وطن واپسی پر رہنماؤں سے مشاورت کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نےدورۂ چین سے وطن واپسی پر رہنماؤں سے مشاورت کا فیصلہ کرلیا ہے، ملک واپسی پر دھرنا مظاہرین کے خلاف کارروائی پر بریفنگ لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا چین میں دورے کا آج آخری روز ہے، عمران خان آج شام دورہ چین مکمل کرکے وطن واپس پہنچیں گے، وطن واپسی پر وزیراعظم نے رہنماؤں سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔

    ملک واپسی پر وزیراعظم مذاکراتی ٹیم اورامن وامان سے متعلقہ وزرا سے ملاقات کریں گے۔

    وزیراعظم وزیرمملکت برائے داخلہ شہریارآفریدی اور وزیرمذہبی امور پیرنورالحق قادری سے حالیہ احتجاج ، معاہدے اور دھرنا مظاہرین کے خلاف کارروائی پر تفصیلی بریفنگ لیں گے اور مظاہرین سےمعاہدے اور اس کا پس منظر دیکھا جائے گا۔

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے دورہ چین کے آخری روز شنگھائی میں چائنا ایکسپورٹ ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ سی پیک سے گوادر پورٹ تک رسائی اورمشرق وسطیٰ کے ممالک سے تجارت آسان ہوگی۔ سی پیک کارو باری لاگت اور فاصلے کم کرنے کا باعث بنے گا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا پاکستان ہر طرح کے قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔نیاپاکستان کاروبار کیلئے زیادہ سازگار جگہ ثابت ہوگی۔ ہم پاکستان میں شفافیت اور احتساب کے قوانین کو بہتر بنا رہے ہیں۔

    خیال رہے سپریم کورٹ کی جانب سے آسیہ بی بی کیس کے فیصلے کے بعد ملک بھر میں مظاہروں اور دھرنا کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا، جس کے بعد وزیراعظم نے عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کی تھی۔

    مزید پڑھیں : حکومت اور مظاہرین میں مذاکرات کامیاب، معاہدہ طے پا گیا

    تین روز بعد ملک بھر میں‌ دھرنے پر بیٹھے مظاہرین اور حکومتی نمائندوں میں کامیاب مذاکرات کے بعد معاہدہ طے پاگیا تھا، وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے مظاہرین کو تحفظات دورکرنے کی یقین دہانی کروائی گئی تھی۔

    معاہدے کے مطابق حکومت آسیہ بی بی کیس میں نظرثانی اپیل پر اعتراض نہیں کرے گی، آسیہ بی بی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لئے حکومت قانونی کارروائی کرے گی۔

    جس کے بعد وزیرِ اعظم عمران خان نے دھرنے میں سرکاری و نجی املاک کے نقصان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے شر پسندی کے مرتکب افراد کو گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔

  • سپریم کورٹ کی پرویزمشرف کو وطن واپسی کیلئے کل دوپہر 2 بجےتک کی مہلت

    سپریم کورٹ کی پرویزمشرف کو وطن واپسی کیلئے کل دوپہر 2 بجےتک کی مہلت

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے پرویزمشرف کو وطن واپسی کیلئے کل دوپہر دو بجے تک کی مہلت دے دی، چیف جسٹس کا کہنا ہے کہ مشرف کمانڈو ہیں تو آکر دکھائیں، مشرف سیاستدانوں کی طرح میں آرہا ہوں کی گردان مت کریں۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں پرویز مشرف کی واپسی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ، دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ مشرف کل 2 بجے تک آجائیں ورنہ قانون کے مطابق فیصلہ کردیں گے۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ واپسی کے لیے مشرف کی شرائط کی پابند نہیں، پہلے کہہ چکے ہیں، پرویز مشرف واپس آئیں انہیں تحفظ دیں گے، لکھ کر گارنٹی دینے کے پابند نہیں۔

    جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ مشرف کمانڈو ہیں تو آکر دکھائیں، سیاستدانوں کی طرح میں آرہا ہوں کی گردان مت کریں، مشرف نہ آئے تو کاغذات کی جانچ پڑتال نہیں ہونے دیں گے۔

    چیف جسٹس نے سوال کیا کہ مشرف کوکس بات کا تحفظ چاہیے کس خوف میں مبتلاہیں، اتنا بڑا کمانڈو خوف کیسے کھا گیا، اتنابڑا ملک ٹیک اوور کرتے وقت خوف نہیں آیا، مشرف تو کہتے تھے وہ کئی بار موت سے بچے لیکن خوف نہیں کھایا۔

    جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ مشرف کو رعشہ کامسئلہ ہے تو انتخابات میں مکہ کیسے دکھائیں گے، مشرف واپس آئیں قانون عوام اورعدلیہ کا سامنا کریں، عدالت جائزہ لے گی، مشرف کو واپس آنے جانے کی اجازت کب دینی ہے اور ای سی ایل میں نام ڈالنا ہے یا نہیں، وہ آئیں اورغداری کے مقدمے کا سامنا کریں۔

    چیف جسٹس نے واضح کیا کہ سپریم کورٹ نے مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی، یہ اجازت حکومت کی جانب سے دی گئی تھی، سپریم کورٹ کے فیصلے کوغلط اندازسے بیان کیا گیا، حکومت نے ہی مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالا۔

    جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ فل بنچ کا فیصلہ مشرف کے راستے کی رکاوٹ ہے، اس رعایت سے فائدہ نہیں اٹھائیں گے تو درخواست کا فیصلہ کر دیں گے۔

    پرویزمشرف کے وکیل نے کہا کہ پرویز مشرف بغاوت کے مقدمے کا سامنا کرنے کو تیارہیں، جان کےتحفظ کی ضمانت دی جائے، پرویزمشرف کو رعشہ کی بیماری ہے، میڈیکل بورڈ بننا ہے ، جس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ مشرف ائیر ایمبولینس میں آجائیں ہم میڈیکل بورڈ بنا دیتے ہیں۔

    وکیل نے استدعا کی کہ 2013الیکشن میں نامزدگی فارم عدالتی فیصلے کی روشنی میں مسترد کئے گئے، سندھ ہائیکورٹ نے میری غیرموجودگی میں فیصلہ سنایا، پرویزمشرف کے کاغذات نامزدگی بحال کیے جائیں۔

    گذشتہ سماعت میں چیف جسٹس آف پاکستان نے پرویز مشرف کے ٹرائل کیلئے دو روز میں خصوصی عدالت قائم کرنے کا حکم دیتے ہوئے نادرا کو سابق صدر کے بلاک کئے گئے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کھولنے کی ہدایت کر دی۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل سماعت میں  سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کو کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی اجازت دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ عدالت میں پیش ہوں تو الیکشن کمیشن میں ان کی نامزدگی کے کاغذات وصول کر لیے جائیں گے۔

    چیف جسٹس ثاقب نثار نے پرویز مشرف کی نا اہلی کے خلاف اپیل کی سماعت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ 13 جون کولاہور رجسٹری آجائیں، انھیں پیشی تک گرفتار نہیں کیا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عزیرجان بلوچ کا قریبی ساتھی حبیب جان لندن سے کراچی پہنچ گیا

    عزیرجان بلوچ کا قریبی ساتھی حبیب جان لندن سے کراچی پہنچ گیا

    کراچی : پیپلز پارٹی لیاری کے باغی رہنما اور عزیرجان بلوچ کاقریبی ساتھی حبیب جان لندن سے کراچی پہنچ گیا،حبیب جان بلوچ کا کہنا ہے کہ لیاری سے انتخابات میں حصہ لینے کے لئے کراچی آيا ہوں، میں اپنے خلاف قائم مقدمات کا سامنا کروں گا۔

    تفصیلات کے مطابق عزیرجان بلوچ کا قریبی ساتھی اور پی پی لیاری کے باغی رہنما حبیب جان نجی ائر لائن کے ذریعے لندن سے کراچی پہنچے، ایف آئی اے حکام نے ایک گھنٹے تک تفتیش کی اور حبیب جان بلوچ کلیئرنس ملنے کے بعد باہر آنے کی اجازت دی گئی۔

    کراچی ائير پورٹ پر میڈیا سے بات چيت کرتے ہوئے حبیب جان بلوچ نے کہا کہ کل ميں چلا گيا تھا کيونکہ مجھ کو عدالت پر بھروسہ نہيں تھا آج عدالتيں اچھا کام کر رہی ہيں ، برطانیہ کی نیشنیلٹی چھوڑ کر وطن آیا ہوں، عدالتوں پر اعتبار ہے ، اس لیے واپس آیا ہوں، میں اپنےخلاف قائم مقدمات کا سامنا کروں گا۔

    انھوں نے کہا کہ جن لوگوں نے مجھ پر جھوٹے مقدمات بنے ان کاانصاف کیا جائے،،ظفربلوچ لیاری کو بدلناچاہتا تھا جبکہ جتنے کام عزیربلوچ نے کرائے ان کا اندازہ کرلیں، لیاری میں کوئی کرپشن نہیں ہوئی۔

    حبیب جان بلوچ کا کہنا تھا کہ لیاری سے انتخابات میں حصہ لینے کے لئے کراچی آيا ہوں، جب تک زرداری صاحب ہیں میں پی پی پی میں نہیں جاؤں گا، پی ایس پی،تحریک انصاف اور دیگر پارٹیوں سے بھی ملوں گا،کراچی کو نقصان پہنچانے والی پارٹی سے ہاتھ نہیں ملا سکتا۔

    عزیر بلوچ کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ عزير بلوچ کا کيس ميں نہيں لڑوں گا تو کون لڑے گا، عزیربلوچ میرا دوست نہیں، میرا بھائی ہے، مصطفی کمال ہمارے دعاوں کا نتیجہ ہے۔

    یاد رہے کہ حبیب جان بلوچ پانچ سال قبل لیاری آپریشن کے دوران لندن فرار ہوگیا تھا اور انتخابات میں حصہ لیا تھا جبکہ ان کا نام ای سی ایل میں شامل ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نااہل وزیراعظم نواز شریف کا وطن واپسی کا فیصلہ

    نااہل وزیراعظم نواز شریف کا وطن واپسی کا فیصلہ

    اسلام آباد : سابق وزیراعظم نواز شریف کے وطن واپسی کا پروگرام ایک بار پھر تبدیل ہوگیا، نواز شریف اب 29 اکتوبر کو لاہور پہنچیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نااہل وزیراعظم نواز شریف نے وطن واپسی کا فیصلہ کرلیا ہے، نواز شریف 29اکتوبر کو لاہور پہنچیں گے اور 2نومبر کو اسلام آباد جائیں گے جبکہ  3اور 7نومبرکواحتساب عدالت میں پیش ہونگے۔

    اس سے قبل سابق وزیراعظم نوازشریف نے وطن واپسی کے شیڈول میں تیسری بار تبدیلی کرتے ہوئے 7 جنوری کو ٹکٹ کرائی تھی، نوازشریف کو پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 سے 7جنوری کو لاہور پہنچنا تھا جبکہ نواز شریف کی سیٹ کا نمبر 5 اے تھا۔

    خیال رہے کہ نوازشریف کی وطن واپسی سے متعلق متضاد اطلاعات تھیں، نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف سعودی عرب سے پاکستان جائیں گے، نوازشریف پاکستان جانے کے لئے ہی یہاں سے گئے ہیں، ان کا سعودی عرب جانے کا مقصد والدہ سے ملنا تھا۔


    مزید پڑھیں : نواز شریف کے وطن واپسی کے شیڈول میں تیسری بار تبدیلی


    تاہم مسلم لیگ (ن) کے ذرائع نے نواز شریف کی وطن واپسی کی خبروں کی تردید کردی تھی۔

    یاد نواز شریف کو 24 اکتوبر کو لندن سے پی آئی اے کی پرواز سے لاہور آنا تھا تاہم سعودی عرب میں بیک چینل رابطوں کی بحالی پر شیڈول میں تبدیلی کردی گئی اور نواز شریف وطن آتے آتے لندن سے سعودی عرب پہنچ گئے تھے، جہاں انھوں نے عمرہ کی ادائیگی کی اور والدہ سے ملاقات کی اور اہلیہ کی طبیعت ناساز ہونے کے باعث واپس لندن چلے گئے تھے۔

    گزشتہ سماعت میں احتساب عدالت نے نااہل وزیراعظم نوازشریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے2 ریفرنسز میں قابل ضمانت وارنٹ جاری کئے تھے اور3نومبر کو طلب کرلیا تھا۔


    مزید پڑھیں : نااہل وزیراعظم نوازشریف لندن روانہ


    واضح رہے کہ نواز شریف اپنی اہلیہ کلثوم نواز کی عیادت کیلئے 5 اکتوبر کو لندن روانہ ہوئے تھے، ان کی ٹکٹ پرواپسی کی تاریخ چارجنوری دو ہزاراٹھارہ لکھی تھی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

     

  • نواز شریف کے وطن واپسی کے پروگرام میں پھر تبدیلی

    نواز شریف کے وطن واپسی کے پروگرام میں پھر تبدیلی

    اسلام آباد : سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے پروگرام میں پھر تبدیلی آگئی ، اب وہ چھبیس اکتوبرکو پاکستان آئیں گے۔

    تفسیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کی وطن واپسی کا شیڈول پھر تبدیل ہوگیا،نواز شریف 24 اکتوبر کے بجائے 26 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے۔

    ذرائع کے مطابق نواز شریف کو لندن سے پی آئی اے کی پرواز سے لاہور روانہ ہونا تھا تاہم سعودی عرب میں بیک چینل رابطوں کی بحالی پر شیڈول میں تبدیلی کردی گئی اور نواز شریف وطن آتے آتے لندن سے سعودی عرب پہنچ گئے تھے، جہاں وہ جدہ میں اہم ملاقاتوں کے ساتھ ساتھ سیاسی فضا اپنے حق میں کرنے کی کوشش کریں گے۔

    نواز شریف عمرہ کی ادائیگی اور والدہ سے ملاقات کے بعد پاکستان پہنچیں گے۔

    ن لیگ کے وزیر طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ نواز شریف چھبیس اکتوبر کو عدالت پیش ہوں گے۔


    مزید پڑھیں : نوازشریف 22 کےبجائے24اکتوبر وطن واپس پہنچیں گے


    یاد رہے کہ اس سے قبل سابق وزیراعظم کو 22 اکتوبر کو وطن واپس آیا تھا تاہم شیڈول میں تبدیلی کرتے ہوئے 24 اکتوبر کو پاکستان آنے کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔

    خیال رہے کہ نوازشریف پر تینوں ریفرنسز ایون فیلڈریفرنس، عزیزیہ اسٹیل ریفرنس اورفلیگ شپ ریفرنس میں فردِ جرم عائد ہوچکی ہے جبکہ انکے نمائندے کی جانب سے صحت جرم سے انکار کیا گیا ہے جبکہ احتساب عدالت نے نواز شریف کو 26 اکتوبر کو طلب کر رکھا ہے۔

    سابق وزیراعظم نواز شریف نے فرد جرم عائد ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کلہ یہ انصاف ہورہا ہے یا انصاف کا خون، غیرموجودگی میں فردِجرم عائد کرنے کی کوئی نظیر نہیں ملتی، 25اکتوبر کے بعد وطن واپسی کا ارادہ ہے، عدالتوں کا سامنا پہلے بھی کیا اب بھی کریں گے۔


    مزید پڑھیں : نااہل وزیراعظم نوازشریف لندن روانہ


    واضح رہے کہ نواز شریف اپنی اہلیہ کلثوم نواز کی عیادت کیلئے 5 اکتوبر کو لندن روانہ ہوئے تھے، ان کی ٹکٹ پرواپسی کی تاریخ چارجنوری دو ہزاراٹھارہ لکھی تھی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔