Tag: Returns Home

  • مردہ قرار دیا گیا مغوی شخص زندہ گھر واپس آگیا

    مردہ قرار دیا گیا مغوی شخص زندہ گھر واپس آگیا

    جلال پور پیر والا میں مردہ قرار دیا گیا مغوی شخص زندہ گھر واپس آگیا جسے دیکھ کر گھر والے خوش ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق جلال پور پیر والا میں مغوی کی ڈاکوؤں کے چنگل سے چھوٹ کر گھر پہنچنے پر خوشی کی لہر دوڑ گئی، گزشتہ دنوں مغوی کی موت کی خبر پر اس کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی تھی۔

    بازیاب شخص کا کہنا ہے کہ ڈھائی ماہ تک کچے کے ڈاکوؤں نے یرغمال بنا کر تشدد کیا، موت کی جھوٹی خبر میرے گھر بھیجی گئی، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی میں بازیاب ہوا۔

    https://urdu.arynews.tv/daska-taizab-gardi/

  • مراکش کشتی حادثے میں زندہ بچ جانے والا عمران ٹوٹے ہاتھوں کے ساتھ اپنے گھر پہنچ گیا

    مراکش کشتی حادثے میں زندہ بچ جانے والا عمران ٹوٹے ہاتھوں کے ساتھ اپنے گھر پہنچ گیا

    مراکش کشتی حادثہ میں زندہ بچ جانے والا 3 بچوں کا باپ عمران اقبال اپنے گھر گاؤں گجو پہنچ گیا۔

    سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پنجاب کے اضلاع گجرات، منڈی بہاالدین اور حافظ آباد سے تعلق رکھنے والے مزید 8 زندہ بچ جانے پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

    ایف آئی اے کے ترجمان نے بتائی ہے جن کا کہنا ہے کہ ان پاکستانیوں کو مراکش بھجوانے والے انسانی اسمگلرز کی بھی شناخت ہو گئی ہے، جس کے بعد ایف آئی اے کی جانب سے ان انسانی اسمگلر ز کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    واپس آنے والوں انتہائی غربت کی زندگی گزارنے والا تین بچوں کا باپ عمران اقبال بھی شامل ہے، عمران اقبال کا کہنا ہے کہ زندگی کے آٹھ روز ہم پر قیامت بن کر ٹوٹے جو زندگی بھر ایک ڈرونا خواب بن کر ہمارے ساتھ رہیں گے۔

    ٹوٹے ہاتھوں کے ساتھ ظلم کی داستان بیان کرتے ہوئے عمران اقبال کی آواز کئی گفتگو خوف درد کے باعث اسکا ساتھ نہیں دے رہی تھی۔

    واضح رہے کہ 16 جنوری کو مغربی افریقہ کے راستے غیر قانونی طور پر اسپین جانے والی کشتی حادثے کا شکار ہوگئی تھی جس میں 44 پاکستانیوں سمیت 50 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    تارکین وطن کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم واکنگ بارڈرز نے کہا ہے کہ مغربی افریقہ سے کشتی کے ذریعے اسپین پہنچنے کی کوشش کے دوران حادثے کا شکار ہوئی۔

    مراکش کے حکام کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز حادثے کا شکار ہونے والی تارکین وطن کی ایک کشتی سے 36 افراد کو بچایا گیا جس میں 86 تارکین وطن سوار تھے، جن میں 66 پاکستانی بھی شامل تھے۔

    https://urdu.arynews.tv/morocco-boat-accident-human-smuggler-arrested/

  • گوانتانامو بے جیل میں 19 سال سے قید پاکستانی شہری رہائی کے بعد گھر پہنچ گیا

    گوانتانامو بے جیل میں 19 سال سے قید پاکستانی شہری رہائی کے بعد گھر پہنچ گیا

    اسلام آباد: امریکا کی گوانتانامو بے جیل میں 19 سال سے قید پاکستانی شہری سیف اللہ پراچہ کو رہا کردیا گیا جس کے بعد وہ اپنے گھر کراچی پہنچ گئے، انہیں سنہ 2003 میں بنکاک ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ گوانتانامو بے جیل میں قید پاکستانی شہری سیف اللہ پراچہ کو رہا کر دیا گیا، گوانتانامو بے جیل سے رہا ہونے کے بعد سیف اللہ پراچہ پاکستان پہنچ گئے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ نے سیف اللہ پراچہ کی وطن واپسی کے لیے وسیع انٹر ایجنسی عمل مکمل کیا، خوشی ہے بیرون ملک زیر حراست پاکستانی شہری بالآخر اپنے خاندان سے مل گیا۔

    برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق سیف اللہ پراچہ کو امریکی سی آئی اے نے جولائی سنہ 2003 میں بنکاک ایئر پورٹ سے حراست میں لیا تھا۔

    بعد ازاں انہیں افغانستان کے بگرام ایئر بیس پر منتقل کیا گیا جہاں انہیں بتایا گیا کہ انہیں القاعدہ کو معاونت فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

    حراست میں لیے جانے کے بعد ستمبر 2004 تک سیف اللہ پراچہ کو افغانستان میں بگرام کے فضائی اڈے پر واقع حراستی مرکز میں قید رکھا گیا اور پھر گوانتانامو بے کی امریکی جیل منتقل کر دیا گیا۔

    گوانتا نامو میں وہ 17 سال تک قید میں رہنے والے واحد قیدی تھے جن پر نہ تو کوئی فرد جرم عائد کی گئی ہے اور نہ ہی ان پر مقدمہ چلایا گیا، ان کی اپنے گھر واپسی اب 19 برس بعد ہو رہی ہے۔

  • دورہ ویسٹ انڈیز کے بعد قومی ٹیم کی وطن واپسی

    دورہ ویسٹ انڈیز کے بعد قومی ٹیم کی وطن واپسی

    لاہور : قومی کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کا دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئی، قومی اسکواڈ جمیکا سے براستہ لندن علامہ اقبال ایئرپورٹ پہنچا۔

    پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز میں 0-1 سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ ٹیسٹ سیریز برابر رہی۔

    دونوں ٹیموں کے مابین کنگسٹن میں کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز 1-1 سے برابر رہی تھی، اسکواڈ میں شامل یاسر شاہ اور نسیم شاہ کیریبین پریمیر لیگ میں شرکت کے سبب وطن واپس نہیں آئے۔

    اس کے علاوہ محمد عباس اور اظہرعلی انگلش کاؤنٹی کھیلنے کے لیے جمیکا سے انگلینڈ پہنچ چکے ہیں، مصباح الحق جمیکا میں قرنطینہ کی مدت مکمل کرنے کے بعد وطن واپس آئیں گے۔

  • پی آئی اے طیارہ حادثے کی تحقیقات،  ایئربس کمپنی کی ٹیم اہم شواہد لے کر پیرس روانہ

    پی آئی اے طیارہ حادثے کی تحقیقات، ایئربس کمپنی کی ٹیم اہم شواہد لے کر پیرس روانہ

    کراچی :پی آئی اےکے طیارہ کی تباہی کی تحقیقات کرنے والی ایئربس کمپنی کی ٹیم جہازکا بلیک باکس اورکاک پٹ وائس رکارڈر لے کر پیرس روانہ ہوگئی ہے، بلیک باکس کی ڈی کوڈنگ کا عمل کل شروع کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے طیارہ حادثے کی تحقیقات کرنے والی ایئربس کمپنی کی تحقیقاتی ٹیم اہم شواہد لے کر آج پیرس روانہ ہوگئی، فرانسیسی ماہرین کےساتھ پاکستان کی تحقیقاتی ٹیم کے دو ارکان بھی فرانس گئے ہیں۔

    تفتیشی ٹیم جہاز کا بلیک باکس اورکاک پٹ وائس رکارڈر اپنے ساتھ لے کرگئی ہے، جس کی ڈی کوڈنگ کا عمل کل سے فرانس میں شروع ہوگا، ایوی ایشن ایسکیڈنٹ کے ماہرین وائس ریکارڈر اور بلیک باکس کے تجزیہ کے ذریعہ حادثہ کے محرکات جاننے کی کوشش کریں گے۔

    گذشتہ روز طیارہ حادثے کی تحقیقات سے متعلق ایئربس کمپنی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ٹیم نے حادثے سے متعلق جائے حادثے پر مشن تقریباًمکمل کرلیا،پاکستانی حکام اورفرانسیسی ٹیم جلدفرانس روانہ ہوگئی، کاک پٹ وائس اورڈیٹا فلائٹ ریکارڈر پر کام 2 جون سےشروع ہوگا، پاکستان کےایئرکرافٹس ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : پی آئی اے طیارہ حادثہ، فرانسیسی ٹیم کی تحقیقات مکمل

    اس سے قبل پاکستان میں اپنے آخری روز کے دوران ائربس ماہرین نے ازسرنو جائے حادثہ،رن وے، ریڈارسینٹر،کنٹرول اور اپروچ سینٹر کا الوداعی دورہ کیا اور کہا تباہ شدہ جہاز کے ڈائی گرام کے عین مطابق ملبے کی ترتیب اور اس پر تحقیق کو فوقیت دی جائے گی ، تباہ شدہ طیارے کی آخری جانچ پڑتال تحقیقات کا لازمی جزو ہے۔

    پی آئی اے حکام کی جانب سے جہاز کی انسپکشن اور تمام ضروری دستاویزات ، کاک پٹ کریو(کپتان ونائب کپتان)کا سابقہ ریکارڈ جبکہ ان سے متعلق انتہائی اہم تفصیلات بھی فراہم کی گئی۔

    خیال رہے کراچی طیارہ حادثہپی آئی اےکےبدقسمت ائربس طیارےکی تحقیقات کیلئےائیربس کمپنی کی گیارہ رکنی ٹیکنیکل ٹیم چھبیس مئی کوکراچی پہنچی تھی، جس نےچھ روزتک باریک بینی سے تحقیقات کی۔

    واضح رہے کہ 22 مئی جمعۃ الوداع کو لاہور سے کراچی آنے والا پی آئی اے کا طیارہ ایئرپورٹ کے قریب واقع ماڈل کالونی جناح گارڈن کی رہائشی آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں 97 مسافر ہلاک جبکہ 2 مسافر معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔ حادثے میں مقامی لوگوں کی ہلاکتیں بھی ہوئیں جبکہ پانچ گھر مکمل تباہ ہوگئے۔

  • دعا منگی گھر پہنچ گئی ، اہلخانہ کی تصدیق

    دعا منگی گھر پہنچ گئی ، اہلخانہ کی تصدیق

    کراچی : شہر قائد کے علاقے ڈیفنس سےاغواکی گئی دعامنگی گھرپہنچ گئی ، رہائی کیسےممکن ہوئی ابھی اس کی تفصیلات آنا باقی ہے، نامعلوم اغواکاروں نے دعا منگی کو ایک ہفتہ پہلے اغوا کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس سےاغواکی گئی دعامنگی ایک ہفتےبعد گھرپہنچ گئی، اہلخانہ کا کہنا ہے کہ دعا منگی گزشتہ رات گھرپہنچی اور خیریت سےہے جبکہ مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

    ہائی پروفائل کیس میں پولیس سمیت دیگر تحقیقاتی ادارے کام کر رہے تھے تاہم دعا کو تاوان کے ذریعے رہائی ملی یا اغواکار خود چھوڑ گئے، اس کی تفیصلات آنا ابھی باقی ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری سے متعلق بھی ابھی پولیس کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

    دعا منگی کے ماموں وسیم منگی نے اےآروائی نیوز پر تصدیق کرتے ہوئے کہا الحمدللہ دعا گھرپر خیریت سےہے، کمیونٹی سے مشاورت کےبعد دعا منگی سے متعلق فیصلہ کریں گے، معاملے پر بہت سے پہلو ایک ساتھ اکٹھے ہوگئے ہیں، دعا منگی کی واپسی میں بہت سےچیزیں شامل ہیں۔

    گذشتہ روز دعا منگی کے کیس میں زخمی ہونے والے حارث نے ابتدائی بیان ریکارڈ کرایا تھا ، جس میں زخمی حارث نے سی سی ٹی وی فوٹیج میں گاڑی کو شناخت کرلیا تھا۔

    مزید پڑھیں : دعا منگی اغوا کیس، زخمی حارث کا ابتدائی بیان ریکارڈ

    تفتیش کاروں نے حارث سے تحریری سوال کیا کہ اغوا کاروں کی تعداد کتنی تھی جس پر حارث سے پولیس کو بتایا کہ ملزمان کی تعداد 4 سے 5 تھی۔

    دوسری جانب پولیس نے اغوا میں استعمال ہونے والی گاڑی سے مماثلت رکھنے والی گاڑی شاہراہ فیصل کے قریب سے برآمد کرلی تھی جبکہ دو افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا، پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار ہونے والے دونوں ملزمان طالب علم ہیں۔

    دعا کے والد کا کہنا تھا کہ 10 روز پہلے دعا کا مظفر نامی لڑکے سے جھگڑا ہوا تھا، جس کے بعد دعا کو اغوا کیا گیا جبکہ پولیس کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ اغوا برائے تاوان نہیں بلکہ بدلہ لینے کا لگتا ہے۔

    بعد ازاں  وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ دعا منگی کو تمام تر ٹیکنالوجی بروئے کار لاکر بازیاب کرایا جائے گا

    یاد رہے 30 نومبر کو کراچی کے علاقے ڈیفینس خیابان بخاری سے نامعلوم اغواکاروں نے دعا منگی کو اغواکیا تھا، جبکہ اس کےدوست حارث کوگولی مارکرزخمی کردیا تھا۔

  • کوئٹہ سے اغوا ہونے والے نیوروسرجن ڈاکٹرابراہیم خلیل 48 روز بعد گھر پہنچ گئے

    کوئٹہ سے اغوا ہونے والے نیوروسرجن ڈاکٹرابراہیم خلیل 48 روز بعد گھر پہنچ گئے

    کوئٹہ : بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ سے اغوا ہونے والے نیوروسرجن ڈاکٹر ابراہیم خلیل اچانک اپنے گھر پہنچ گئے، انھیں 48روز قبل اغواکیا گیا تھا،ڈاکٹر ابراہیم خلیل کا کہنا ہے کہ اللہ کاشکرہےگھر واپس پہنچ گیاہوں، اہل خانہ اوررشتہ داروں کے درمیان آکر خوش ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق لوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ سے اغوا ہونے والے ڈاکٹر ابراہیم خلیل آج صبح اپنے گھر پہنچے ہیں تو گھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر کو اغوا کار خود چھوڑ گئے تاہم انہوں نے مقام بتانے سے گریز کیا۔

    [bs-quote quote=”للہ کاشکرہےگھر واپس پہنچ گیاہوں، اہل خانہ اوررشتہ داروں کے درمیان آکر خوش ہوں” style=”style-7″ align=”left” author_name=”مغوی ڈاکٹر ابراہیم "][/bs-quote]

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر ابراہیم خلیل کو اغواکار چمن کے علاقے میں چھوڑگئے تھے، جہاں سے وہ ٹیکسی لیکر گھر پہنچے ہیں۔

    اس حوالے سے پروفیسر ڈاکٹر ابراہیم خلیل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بازیابی پر خدا کا شکر ادا کیا اور کہا گھر پہنچنے پر بے حد خوشی ہورہی ہے ، ڈاکٹرزبرادری کابےحدمشکورہوں، اس وقت شدید کمزوری محسوس ہورہی ہے مزید بات نہیں کرسکتا۔

    دوسری جانب ڈاکٹرزبرادری نے ڈاکٹر ابراہیم خلیل کی واپسی پر تشکر کا اظہار کیا۔

    پروفیسر ڈاکٹر ابراہیم خلیل کو 13 دسمبر 2018 کی رات کلینک سے گھر جاتے ہوئے شہباز ٹاون کے قریب سے نامعلوم افراد نے اغوا کرلیا تھا، پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی تھی جبکہ ڈاکٹرز کی تنظیموں کی جانب سے ہڑتال کردی گئی تھی۔

  • دبئی: فلپائنی ملازمہ کو باس کے قتل کے مقدمے سے بری کردیا گیا

    دبئی: فلپائنی ملازمہ کو باس کے قتل کے مقدمے سے بری کردیا گیا

    دبئی: العین کے علاقے میں مقیم اپنے باس کو قتل کرنے کے الزام میں سزا بھگتنے والی فلپائی خاتون کو دبئی کی عدالت نے بری کردیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق قتل کے مقدمے سے بری ہونے کے بعد 31 سالہ خاتون فلپائن پہنچ گئیں۔ فلپائن کے ڈیپارٹمنٹ آف فارن افیئرز نے خاتون کے منیلا پہنچنے کی تصاویر جاری کیں جس میں اس کے گھر والے استقبال کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

    جنیفر وطن واپسی سے قبل امارات میں واقع فلپائنی سفارت خانے کے اہلکاروں کا شکریہ ادا نہیں کرسکی تھیں تاہم انہوں نے فلپائن پہنچنے کے بعد سفارت خانے کے عملے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرے مقدمے کے دوران بریت تک سفارت خانے نے بھرپور مدد کی اس پر میں ان کی شکر گزار ہوں۔

    واضح رہے کہ مئی 2015 میں العین کرمنل کورٹ نے فلپائنی خاتون کو اپنے باس کو قتل کرنے کے الزام میں سزائے موت سنائی گئی تھی، جنیفر پر اپنے باس کا موبائل فون چوری کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا تھا۔

    فلپائنی خاتون نے فیصلے کے خلاف اعلیٰ عدالت سے رجوع کیا تھا جس میں موقف اپنایا گیا تھا کہ باس کو جان بوجھ کر قتل نہیں کیا بلکہ ایسا اس وقت ہوا جب باس اسے زیادتی کا نشانہ بنانے کے لیے اس پر حملہ آور ہوا تو اپنی عزت بچانے کے لیے مجبوراً ایسا کرنا پڑا۔

    عدالت نے خاتون کے موقف کو درست تسلیم کرتے ہوئے اُسے رہا کرنے کا حکم سنایا جس کے چند دن بعد خاتون واپس اپنے آبائی وطن منیلا پہنچ گئی۔

  • جامعہ کراچی کے لاپتہ ایسوسی ایٹ پروفیسر محمد اسماعیل واپس گھر پہنچ گئے

    جامعہ کراچی کے لاپتہ ایسوسی ایٹ پروفیسر محمد اسماعیل واپس گھر پہنچ گئے

    کراچی : جامعہ کراچی کےلاپتہ ایسوسی ایٹ پروفیسرمحمد اسماعیل گھرپہنچ گئے، پروفیسر محمد اسماعیل15ستمبر کو لاپتہ ہوئے تھے ۔

    تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی کے لاپتہ ہونے والے ایسوسی ایٹ پروفیسر محمد اسماعیل 18 روز بعد واپس گھر پہنچ گئے، ایسوسی ایٹ پروفیسر محمد اسماعیل کا تعلق شعبہ اصول دین سے ہے ۔

    اہلخانہ کا کہنا تھا کہ پروفیسر محمد اسماعیل15ستمبر کو لاپتہ ہوئے تھے، ان کی گمشدگی سے متعلق اہلخانہ نے جامعہ کے سیکیورٹی ایڈوائزر کو درخواست بھی دی تھی

    ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر اسماعیل کی اہلیہ آمنہ اسماعیل نے بتایا کہ 14 ستمبر کی رات کو نامعلوم افراد میرے شوہر کو گھر سے زبردستی لے گئے تھے، میں نے کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور  ڈین فیکلٹی آف اسلامک لرننگ کو درخواست دی تھی لیکن کوئی جواب نہیں آیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے

    اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔