Tag: revenue

  • پنجاب میں 10 ارب روپے سے زائد ریونیو کی وصولی

    پنجاب میں 10 ارب روپے سے زائد ریونیو کی وصولی

    لاہور: صوبہ پنجاب میں بزدار حکومت کے کان کنی کی فلاح و بہبود میں انقلابی اقدامات کی وجہ سے 10 ارب روپے سے زائد کا ریونیو وصول کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں مالی سال 21-2020 کے دوران 10.19 ارب روپے سے زائد ریونیو وصولی کا ریکارڈ قائم کردیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کان کنی کے وسائل کا بھرپور اور بہتر استعمال یقینی بنایا جائے گا، کنسٹرکشن سیکٹر کے فروغ کے لیے سیمنٹ سیکٹر پر عائد پابندیاں ختم کردی گئیں۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب میں نئی سیمنٹ فیکٹریوں کے لیے 22 نئے این او سی جاری کیے جا رہے ہیں، گزشتہ 3 سال میں 10 سیمنٹ پلانٹ کی تنصیب کے لیے این او سی جاری ہو چکے ہیں۔ پنجاب میں سیمنٹ پلانٹ کی تنصیب کے لیے مزید این او سیز کے اجرا کا عمل جاری ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ نئی سیمنٹ فیکٹریاں قائم ہونے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، پسماندہ علاقوں میں نئی سیمنٹ فیکٹریاں قائم ہونے سے معاشی ترقی ہوگی۔

  • نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا ریونیو 50 ارب سے بڑھ گیا: مراد سعید

    نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا ریونیو 50 ارب سے بڑھ گیا: مراد سعید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا ریونیو 50 بلین سے بڑھا ہے، 20 ملین پلس ماہانہ ریکوری کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے موٹر وے پولیس افسران کے اعزاز میں منعقد تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں مشورہ ایپ کا اجرا کر دیا گیا جس سے مسافر موٹر وے پولیس کو مشورہ دے سکیں گے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مراد سعید نے کہا کہ ہمسفر ایپ شہروں کے لیے بنائی گئی تھی، ایپ سے پتا چلایا جا سکتا تھا کہ کہیں ٹریفک جام یا کوئی مسئلہ تو نہیں۔ ہماری وزارت نے اپنے تمام اہداف کو مکمل کیا ہے۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا ریونیو 50 بلین سے بڑھا ہے، قوم کے خزانے کا تحفظ ہوگا، 20 ملین پلس ماہانہ ریکوری کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ قبضہ گروپ کے خلاف بہت بڑا جہاد شروع کر رکھا ہے، لاہور کا بڑا قبضہ گروپ پچھلی حکومت کے ساتھ ملا ہوا تھا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے ہم سے کہا تھا کہ ادارے میں شفافیت اور احتساب کا عمل لانا ہے، پختونخواہ کی 100 فیصد آبادی کو مفت علاج مل رہا ہے۔ سال کے آخر تک پنجاب کے ہر شہری کے پاس صحت انصاف کارڈ ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ ہم 3 ہزار 336 کلو میٹر پر کام شروع کرنے جا رہے ہیں، اس سال 6 ہزار کلو میٹر سے زیادہ سڑکوں پر کام شروع ہوگا۔ 25 مئی کو سیالکوٹ کھاریاں موٹر وے کا افتتاح کریں گے۔ چترال شندور موٹر وے کا افتتاح کریں گے۔ کوئٹہ بائی پاس اور ڈیرہ مراد جمالی کا بھی اسی ماہ افتتاح کریں گے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم سکھر حیدر آباد موٹر وے کا اگست میں افتتاح کریں گے، بلکسر میانوالی موٹر وے کا بھی افتتاح اسی سال کریں گے۔ اس وقت 26 نئے پروجیکٹس پر کام جاری ہے۔

  • کرونا وائرس: عرب ممالک کی سیاحت میں کمی متوقع

    کرونا وائرس: عرب ممالک کی سیاحت میں کمی متوقع

    ریاض: عرب مرکز برائے سیاحتی ابلاغ کا کہنا ہے کہ رواں برس کرونا وائرس کی وجہ سے عرب ممالک کی سیاحت اور سیاحوں کی تعداد میں نصف کمی متوقع ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق عرب مرکز برائے سیاحتی ابلاغ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سنہ 2020 کے دوران عرب ممالک آنے والے سیاحوں کی تعداد میں 50 فیصد تک کمی ہوسکتی ہے۔

    سنہ 2019 کے مقابلے میں اب تک عرب سیاحوں کی تعداد میں 20 تا 30 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    عرب مرکز برائے سیاحتی ابلاغ نے عالمی سطح پر سیاحت سے ہونے والی آمدنی کے حوالے سے کہا ہے کہ عالمی سیاحت میں بھی رواں برس 20 تا 30 فیصد کمی ہوگی، اس شعبے میں 2019 کے مقابلے میں 300 تا 850 ارب ڈالر کا خسارہ متوقع ہے۔

    ماہرین کے مطابق کرونا بحران کی وجہ سے اگلے 5 اور 7 برس تک کی شرح نمو متاثر ہوسکتی ہے، یہ دوسری عالمی جنگ کے بعد سے عالمی سیاحت کو پیش آنے والا بدترین بحران ہے۔

    سنہ 2001 کے دوران 11 ستمبر کے طیارہ حملوں کے نتیجے میں عالمی سیاحت کو 3.1 فیصد کا نقصان ہوا تھا، 2009 کے دوران عالمی اقتصادی بحران سے 4 فیصد اور 2003 میں سارس وائرس پھیلنے پر 0.4 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔

  • پی آئی اے کے مالی خسارے میں کمی، آمدن میں اضافہ

    پی آئی اے کے مالی خسارے میں کمی، آمدن میں اضافہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ قومی ایئر لائن پی آئی اے کے مالی خسارے میں کمی اور آمدن میں اضافہ ہوا ہے، ایس ای سی پی نے پی آئی اے کو دیوالیہ فہرست سے نکال دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے سینیٹ اجلاس میں بتایا کہ قومی ایئر لائن پی آئی اے کے مالی خسارے اور اخراجات میں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ آمدن میں اضافہ ہوا ہے۔

    غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ سنہ 2015 سے 2018 تک کا آڈٹ مکمل کرلیا۔ سابقہ حکومت میں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے پی آئی اے کو دیوالیہ فہرست میں ڈالا۔ اب قومی ایئر لائن کو دیوالیہ ہونے والے اداروں کی فہرست سے نکال دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ غیر آڈٹ شدہ اعداد و شمار کے مطابق ادارے کو سنہ 2019 میں 11 ارب خسارہ ہوا۔

    وفاقی وزیر کے مطابق اندرونی انٹرٹینمنٹ نظام کی نیلامی میں شفافیت کو ترجیح دی گئی، پری کوالیفائی کمپنی کو کام دیا گیا اور نہ ہی ادائیگی کی گئی۔

    خیال رہے کہ چند دن قبل پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے بھی پی آئی اے کا نام ڈیفالٹر لسٹ سے نکال کر نارمل ٹریڈنگ لسٹ میں شامل کرلیا تھا۔

    سنہ 2018 میں ناقص حکمت عملی سے قومی ایئر لائن کو 67 ارب 32 کروڑ روپے کا خسارہ ہوا تھا جو 2017 کے خسارے کا 32 فیصد زائد تھا۔ 2017 میں ادارے کو 50 ارب 98 کروڑ کا خسارہ ہوا تھا۔

  • امریکی پابندی سے ہواوے کمپنی کی آمدنی 10 ارب ڈالر کم ہو جائے گی

    امریکی پابندی سے ہواوے کمپنی کی آمدنی 10 ارب ڈالر کم ہو جائے گی

    بیجنگ:برطانوی اخبار کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پابندی کے سبب ہواوے کمپنی امریکی کمپنیوں سے اہم اجزاءنہیں خرید سکے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ٹکنالوجی کی دنیا کی مشہور چینی کمپنی ہواوے نے کہاہے کہ امریکی پابندی کے سبب رواں سال کمپنی کی کاروباری آمدنی میں کم از کم 10 ارب ڈالر کی کمی متوقع ہے، اس پابندی کے سبب ہواوے کمپنی امریکی کمپنیوں سے اہم اجزاءنہیں خرید سکے گی۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکا نے پیر کے روز مزید 90 دن کی مہلت کا اعلان کیا تھا، اس مہلت کے وران امریکی ٹکنالوجی کمپنیاں چینی کمپنی ہواوے کو ایسی مصنوعات کی فروخت جاری رکھ سکتی ہیں جو امریکی قومی سلامتی کے لیے خطرہ نہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ہواوے کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ اس کے لیے مذکورہ مہلت کی کوئی حیثیت نہیں ہے اور کمپنی اور اس کے ملازمین امریکی پابندی کے تحت مستقبل میں کام کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

    ہواوے کمپنی کے نائب چیئرمین ایرک ڑو نے کمپنی کی نئی چپ سیٹ کو متعارف کرانے کے ایونٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نہیں سمجھتے کہ ہواوے کمپنی کو درپیش اس صورت حال کی شدت میں جلد کوئی کمی واقع ہو گی۔

    اس سے پہلے کمپنی نے رواں ماہ اپنے موبائل فون، لیپ ٹاپ اور اسمارٹ ڈیوائس کے لیے اپنے خصوصی آپریٹنگ سسٹم کا انکشاف کیا تھا، اس بارے میں کمپنی کا کہنا تھا کہ یہ پیش رفت ہواوے کو گوگل کے اینڈروئڈ سسٹم کا متبادل فراہم کر سکتی ہے۔

    کمپنی کا کہناتھا کہ وہ ایسینڈ 910 کو براہ راست مارکیٹ میں پیش نہیں کرے گی۔،کمپنی کے نائب چیئرمین ایرک ڑو کے مطابق یہ چپ سیٹ دنیا میں کسی بھی دوسرے پروسیسنگ یونٹ سے زیادہ بڑے ڈیٹا کے حساب کتاب کی صلاحیت رکھتی ہے۔

  • کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی ریوینیو کمانے والے اداروں میں سب سےآگے

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی ریوینیو کمانے والے اداروں میں سب سےآگے

    کراچی : سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سال 2019کی کارکردگی رپورٹ جاری کی ہے شعبہ فنانس کی رپورٹ کے مطابق ادارے نے ریکارڈ ریوینیو حاصل کیا ہے، گزشتہ سال کی نسبت ادارے نے دو ارب روپے سے زائد بچت کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے تحت ہوا بازی کی صنعت میں سی اے اے اہم کردار ادا کررہا ہے، نئی ایوی ایشن پالیسی کے ثمرات آنا شروع ہوگئے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی ریوینیو کمانے والے اداروں میں بازی لے گیا، سی اے اے نے سال 2019میں ہونے والی آمدن کی رپورٹ جاری کر دی۔

    سی اے اے کی جاری کردہ مالی سال کی رپورٹ اے آروائی نیوز کو موصول ہوگئی۔مذکورہ رپورٹ کے مطابق سی اے اے کے شعبہ فنانس نے جاری پرفارمنس رپورٹ میں ریکارڈ ریوینیو حاصل کیا ہے۔

    سی اے اے نے سال 2018 اور 2019 میں 89 ارب روپے ریوینیو حاصل کیا، اتھارٹی میں حاصل ہونے والے ریوینیو میں اخراجات 54ارب ہوئے34 ارب روپے بچت ہوئی۔

    سی اے اے نے گزشتہ سال2017 اور2018 ایک سال میں78 ارب ریوینیو حاصل کیا اور اخراجات56 ارب روپے رہے، سی اے اے نے رواں سال حاصل ہونے والے ریکارڈ ریوینیو میں سے 7۔13 فیصد ٹیکس کی ادائیگی بھی کی، گزشتہ سال کی نسبت سی اے اے نے امسال اخراجات میں بھی 2 ارب سے زائد بچت کی۔

  • سال 2017 میں پی آئی اے کے ریونیو میں 2 ارب روپے کا اضافہ

    سال 2017 میں پی آئی اے کے ریونیو میں 2 ارب روپے کا اضافہ

    کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے مالیاتی نتائج برائے سال 2017 کا اعلان کردیا، پی آئی اے کے خسارے میں مزید 3 ارب روپے جبکہ ریونیو میں 2 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے مالیاتی نتائج برائے سال 2017 کا اعلان کردیا، مالیاتی نتائج کا اعلان ایک سال تاخیر سے کیا گیا یعنی سال 2017 کی رپورٹ سنہ 2019 میں جاری کی گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کے خسارے میں مزید 3 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا۔ سال 2016 میں خسارہ 44.7 ارب روپے تھا، سال 2017 میں خسارہ 47.7 ارب روپے رہا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ سنہ 2017 کا خسارہ سال 2016 کے مقابلے میں 3 ارب روپے زائد ہے۔ سال 2017 میں ایکسچینج خسارہ 2.2 ارب روپے رہا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق 2017 میں پی آئی اے کے ریونیو میں 2 ارب کا اضافہ بھی ہوا جس کے بعد قومی ایئر لائن کا ریونیو بڑھ کر 104 ارب روپے پر پہنچ گیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ سال 2017 میں ایندھن اخراجات میں 4 ارب کا اضافہ ہوا، ایندھن کی مد میں اخراجات 7 ارب سے بڑھ کر 31 ارب ہوگئے۔ پی آئی اے نے مالیاتی نتائج اسٹاک ایکسچینج کو بھی بھیج دیے ہیں۔

  • پوشیدہ اثاثے ظاہر کرنے اسکیم کا آخری روز

    پوشیدہ اثاثے ظاہر کرنے اسکیم کا آخری روز

    اسلام آباد: پاکستان میں شہریوں کے لیے پوشیدہ اثاثے ظاہر کرنےکا آج آخری دن ہے ۔ ملک بھر میں ایف بی آرکے دفاترکھلے ہیں ہوئے ہیں جہاں ایف بی آر کا عملہ شہریوں کی رہنمائی کے لیے موجود ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم کی حتمی تاریخ میں توسیع کرنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد آج آخری روز شہری بڑی تعداد میں اسکیم سے فائدہ اٹھانے لیے رجوع کررہے ہیں، چیئرمین ایف بی آر کے حکم پر ایف بی آر کےآفس رات گیارہ بجے تک کھلے رہیں گے۔

    چیئرمین ایف بی آرشبرزیدی کہتے ہیں اثاثےظاہرکرنےکی اسکیم میں کوئی توسیع نہیں کی جارہی، ذرائع کے مطابق اسکیم میں چندگھنٹےسےزیادہ اضافہ نہیں کیاجاسکتا، امید ہے رات بارہ بجےتک اسی ہزارسےزائد افراداسکیم سے فائدہ اٹھا لیں گے،حکومت اورمنسٹری آف فنانس پہلے ہی آئی ایم ایف کو اسکیم میں کسی قسم کی توسیع نہ کرنے کا عزم ظاہر کر چکے ہیں۔

    ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ اثاثےظاہرکی اسکیم کو بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ اسکیم سےچالیس ہزارسےزائد افراد فائدہ حاصل کرچکےہیں۔ اسکیم سے استفادےکے لیے درخواستیں دینےوالوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔پینتیس ہزارسےزائد افراد درخواستیں جمع کراچکے ہیں۔

    اسکیم میں پینتیس سےچالیس ارب روپے ٹیکس وصول ہوچکا ہے۔ایف بی آرذرائع کاکہناہےکہ دبئی سےاثاثے ظاہر کرنےوالےسب سےآگے ہیں۔خلیج ٹائمزکےمطابق پاکستانیوں نےدس کھرب کےاثاثےظاہرکئے ، اسکیم سےفائدہ اٹھانےکیلئےیکم جون کے بعدسے سولہ لاکھ سے زائد افرادنےایف بی آرکی ویب سائٹ سےرجوع کیا۔

    بیس جون کےبعد ایف بی آرکی ویب سائٹ وزٹ کرنےوالوں کی تعداد میں تیزی سےاضافہ ہوا۔ ایف بی آرکی ویب سائٹ پرپاکستان کےعلاوہ بھی مختلف ممالک سےٹریفک آرہاہے۔ امریکا پہلے،متحدہ عرب امارات دوسرے، سعودی عرب تیسرے نمبرپرہے۔

    ایف بی آر کے تمام فیلڈ دفاتراور کمرشل بینکوں کی مجازشاخیں آج رات بارہ بجےتک کھلی رہیں گی۔ ٹیکس گوشوارےاوراثاثےظاہرکرنےوالی اسکیم کیلئےدرخواستیں رات بارہ بجےتک دی جاسکتی ہیں،اسکیم سےمستفید ہونےوالوں کوہرممکن سہولت فراہم کی جائےگی۔

    فیڈرل ریونیو بورڈ کے چیئر مین شبر زیدی پہلے ہی یقین دہانی کراچکے ہیں کہ اثاثے ظاہر کرنے والوں کی معلومات کسی اور مقصد کے تحت استعمال نہیں کی جائیں گی اور نہ ہی ان معلومات کے تحت اثاثے ظاہر کرنے والے نئے ٹیکس دہندگان پر کوئی مقدمہ درج ہوگا۔

    دریں اثنا ءٹیکس ادائیگی کے آخری دن پنجاب ریونیو اتھارٹی نے بڑی کارروائی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیز سے 5ارب روپے کی وصولی کرلی ۔پی آر اے نے جون میں 17ارب کی ریکارڈ وصولی کرلی ہے جبکہ گزشتہ سال جون میں پی آر اے نے 9ارب کی وصولی کی تھی۔

  • پی آئی اے کو خسارے سے نکال لیا ہے، انتظامیہ کا دعوی

    پی آئی اے کو خسارے سے نکال لیا ہے، انتظامیہ کا دعوی

    کراچی : پی آئی اے انتظامیہ نے دعوی کیا ہے کہ قومی ادارے میں طویل عرصے بعد مالی خسارے پر قابو پالیا گیا ہے اور31مارچ کو ختم ہونے والی سہ ماہی میں انتظامی اخراجات کی نسبت ریونیو میں معمولی اضافہ ہوا ہے۔

    اس  حوالے سے پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو کے مشیر ایئروائس مارشل نور عباس نے میڈیا کو بتایا ہے کہ ادارے کے آپریشنل اخراجات اور ریونیو برابر ہوگئے ہیں، 3سے 4 ماہ میں ادارہ نفع کمانے کے قابل ہوجائے گا۔

    قومی ادارے کا ریونیو پہلی سہ ماہی میں8سے 8.5ارب روپے ماہانہ پر پہنچ گیا جو گزشتہ سال اسی عرصے میں7ارب روپے ماہانہ تھا۔ فضائی بیڑے میں چار طیاروں کا اضافہ ہوا ہے۔

    ملازمین کی تعداد میں کمی، ٹکٹ ریزرویشن کی لاگت میں کمی، کارگو بزنس میں اضافہ اور نفع بخش روٹ پر پروازوں کی تعداد میں اضافے سے نتائج حاصل کرنے میں مدد ملی  ہے ۔

    مزید پڑھیں : پاکستانی نژاد برطانوی سرمایہ کاروں کی پی آئی اے کے شیئرز خریدنے میں دلچسپی

    اس کے علاوہ ترکی سے جدید سافٹ ویئر حاصل کیے جانے کے بعد سے صرف ٹکٹ ریزرویشن میں ماہانہ ایک ارب روپے کی بچت ہورہی ہے۔

  • پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس، ریونیو میں کمی پر اظہار برہمی

    پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس، ریونیو میں کمی پر اظہار برہمی

    کراچی : پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس چیئرمین عرفان الہٰی کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں پی آئی اے کے جنوری تا مارچ کی سہ ماہی کارکردگی اور مالی حسابات کا جائزہ لیا گیا۔

    اس موقع پر بورڈ اراکین نے ماضی کی صورتحال اور ریونیو میں مجموعی کمی پر برہمی کا اظہار کیا، اراکین نے کہا کہ پی آئی اے انتظامیہ سے بزنس پلان پر مؤثر عملدرآمد نہ ہونے سے متعلق باز پرس کی جائے۔

    بورڈ اراکین کی جانب سے پی آئی اے کے چار جہاز کی دم اور کلر اسکیم تبدیل کئے جانے کی منظوری دی گئی، اجلاس میں جہازوں کی کلر اسکیم کی تبدیلی کو جہازوں کے سی چیک سے مشروط کردیا گیا۔

    مذکورہ جہاز مرحلہ وار انجنئیرنگ میں آمد پر کلر تبدیلی کی کارروائی مکمل کی جائے گیاس کے علاوہ بورڈ کی جانب سے ائیرکرافٹ انجنئیرز کے مطالبات کی منظوری بھی دی گئی۔