Tag: revokes

  • کویت :  مزید 90 افراد کی شہریت منسوخ کردی گئی

    کویت : مزید 90 افراد کی شہریت منسوخ کردی گئی

    کویت : کویتی حکام نے 90 افراد کی شہریت منسوخ کردی، یہ اقدام کویتی قوانین کی خلاف ورزیوں کے باعث کیا گیا۔ گزشتہ روز پانچ خواتین سمیت 9 افراد کی شہریت منسوخ کی گئی تھی۔

    کویتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کویتی شہریت کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی سپریم کمیٹی جس کی سربراہی شیخ فہد یوسف سعود الصباح کر رہے ہیں، نے 90 افراد کی شہریت منسوخ کرنے کا اعلان کیا اور ان کے کیسز کابینہ کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس سے قبل قومیت کے قانون کی خلاف ورزی پر 5 خواتین سمیت نو افراد کی شہریت منسوخ کی گئی تھی۔

    kuwait

    عام وجوہات میں جعلی بیانات یا دھوکہ دہی کے ذریعے شہریت حاصل کرنا اور شہریت حاصل کرنے کے 15 سال کے اندر ایسے جرائم میں سزا یافتہ ہونا شامل ہے جو عزت یا اعتماد کے خلاف ہوں۔

    اس فیصلے میں افراد کے زیر کفالت افراد کی شہریت منسوخ کرنے تک بھی توسیع کی گئی۔

    گزشتہ ماہ کویتی وزیر دفاع اور وزیر داخلہ نے اعلان کیا تھا کہ 850 افراد سے کویتی شہریت چھین لی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ قانون شہریت کی دفعہ نمبر 13 میں کہا گیا ہے کہ جو شخص کسی بڑے جرم کے باعث یا گزشتہ 15 سالوں کے دوران عزت یا امانت و اعتماد کو پامال کرنے کے جرم میں سزا پائے گا اس کی شہریت منسوخ کردی جائے گی۔ مذکورہ افراد کی شہریت کی منسوخی شاہی فرامین کے تحت کی گئی ہے۔

  • بحرین، دہشتگردی کے الزامات میں 138 افراد کو قید کی سزائیں، شہریت منسوخ

    بحرین، دہشتگردی کے الزامات میں 138 افراد کو قید کی سزائیں، شہریت منسوخ

    منامہ : بحرینی عدالت نے پاسداران انقلاب کے ہمراہ دہشت گرد گروپ تشکیل دینے اور دہشتگردانہ کارروائیوں کی سازش کرنے کے الزام میں 138 افراد کو 3 سال سے عمر قید تک کی سزا سنادی۔

    تفصیلات کے مطابق بحرین میں ایک عدالت نے 138 افراد کو ایران کی سپاہِ پاسداران انقلاب کے ساتھ مل کر ایک دہشت گرد گروپ تشکیل دینے اور دہشت گردی کی کارروائیوں کی سازش کے الزامات میں قصور وار دے کر قید کی سزا سنائی ہیں اور ان سب کی شہریت منسوخ کرنے کا حکم دیا ہے۔

    بحرین کے ایڈووکیٹ جنرل احمد الحمادی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان ملزموں نے لبنان کی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے طرز پر بحرین میں بھی حزب اللہ کے نام سے ایک دہشت گرد گروپ تشکیل دینے کی کوشش کی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ان 138 افراد میں سے 69 کو دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوّث ہونے کے الزامات میں عمر قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔

    پبلک پراسیکیوشن کے بیان کے مطابق پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر کو نظامتِ عامہ برائے تفتیش ِ جرائم کی جانب سے بحرین میں دہشت گردی کے ایک سیل کے قیام سے متعلق رپورٹ موصول ہوئی تھی۔

    یہ سیل ایرانی رجیم کے لیڈروں نے قائم کیا تھا اور وہ سپاہ پاسداران انقلاب کے عناصر کو بحرینی حزب اللہ نامی اس گروہ کی تشکیل کے لیے دہشت گردوں کو لاجسٹیکل اسپورٹ مہیا کرنے کی ہدایات جاری کرتے تھے۔

    بحرین میں اس سے قبل بھی پاسداران انقلاب ایران سے تعلق یا ان سے تربیت حاصل کرنے کے الزامات میں متعدد افراد کو قید و جرمانے کی سزائیں سنائی جاچکی ہیں، ایک فوجداری عدالت نے چند ماہ قبل کالعدم قرار دیے گئے ایک دہشت گرد گروپ فروری 14 اتحاد سے تعلق کے الزام میں تین افراد کو تین سال سے عمر قید تک جیل کی سزائیں سنائی تھیں۔

    استغاثہ کے مطابق ان میں ایک مدعا علیہ کا تعلق دہشت گرد تنظیم سریّہ المختار سے تھا، اس نے دوسرے دو مدعا علیہان کو بحرین کے علاقے بری میں دہشت گردی کی کارروائیوں اور بلووُں کے لیے بھرتی کیا تھا اور اس کو دھماکا خیز مواد سے عوامی مقامات پر حملوں کی تربیت دی تھی۔

  • امریکا نے انٹرنیشنل کرمنل کورٹ کی چیف پراسیکیوٹر کا ویزہ منسوخ کردیا

    امریکا نے انٹرنیشنل کرمنل کورٹ کی چیف پراسیکیوٹر کا ویزہ منسوخ کردیا

    واشنگٹن : امریکا نے بین الاقوامی فوجداری عدالت کی چیف پراسیکیوٹر فاتو بن سودہ کا ویزا منسوخ کر دیا ہے، جس کی تصدیق بن سودہ کے دفتر نے بھی کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی فوجداری عدالت کے چیف پراسیکیوٹر کے ویزے کی منسوخی کو افغانستان میں امریکی فوج کے مبینہ جنگی جرائم کی ممکنہ انکوائری کا ردعمل خیال کیا گیا۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ فاتو بن سودہ کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی فوج داری عدالت کے چیف پراسیکیوٹر اپنا کام بغیر کسی دباؤ میں آئے جاری رکھیں گے۔

    امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ اگر عالمی عدالت فوجداری عدالت نے امریکی فوج یا اس کے اتحادیوں کے خلاف تفتیشی عمل شروع کیا تو اس میں شریک عدالتی اہلکاروں کا امریکا میں داخلہ ممنوع قرار دے دیا جائے گا۔

    مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ اگر انٹرنیشنل کرمنل کورٹ نے اپنا رویہ درست نہیں کیا تو اقتصادی پابندیوں سمیت مزید اقدامات اٹھانے کو تیار ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرمنل کورٹ بے گناہ انسانوں کے قتل عام، انسانی حقوق کے خلاف اٹھائے گئے اقدامات، جنگی جرائم میں ملوث افراد و ممالک کے خلاف کارروائی کرتا ہے۔

    خیال رہے کہ عالمی فوجداری عدالت کو سنہ 2002 میں اقوام متحدہ کے ایک معاہدے کے تحت بنایا گیا تھا جس کی برطانیہ سمیت 123 ممالک نے حمایت کی تھی تاہم چین، بھارت اور روس سمیت متعدد ممالک نے اسے تسلیم نہیں کیا تھا۔

    بعدازاں افریقی ممالک نے انٹرنیشنل کرمنل کورٹ پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ افریقیوں کے ساتھ انصاف نہیں کررہے جس کے بعد افریقی ممالک اس انٹرنیشنل کرمنل کورٹ سے نکل گئے تھے۔