Tag: Riadh

  • سعودی عرب : خواتین کو کمپیوٹر کی جدید تعلیم کی فراہمی کیلئے اہم اقدام

    سعودی عرب : خواتین کو کمپیوٹر کی جدید تعلیم کی فراہمی کیلئے اہم اقدام

    ریاض : مشہور امریکی کمپنی "ایپل” نے مشرق وسطی اور شمالی افریقا میں اپنے معروف ادارے ایپل ڈویلپر اکیڈمی کے صدر دفتر کے لیے ریاض کا انتخاب کیا ہے۔

    یہ مذکورہ ریجن میں اکیڈمی کی پہلی شاخ ہوگی۔ پہلا مرحلہ خواتین پروگرامرز اور ڈیولپرز کے لیے مختص ہوگا۔ اس کا مقصد ویژن2030ء کی روشنی میں خواتین کو با اختیار بنانے اور ضخیم سماجی اصلاحات کرنے کے سلسلے میں کوششوں کو سپورٹ کرنا ہے۔

    اس خصوصی شراکت داری میں ایپل گلوبل کمپنی اور "سعودی فیڈریشن فار سائبر سیکورٹی، پروگرامنگ اینڈ ڈرونز” کے علاوہ پرنسس نورہ بنت عبدالرحمن یونیورسٹی شامل ہے۔

    یونیورسٹی کی سربراہ ڈاکٹر ایناس بنت سلیمان العیسی نے اس موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے مسرت ہو رہی ہے کہ پرنسس نورہ بنت عبدالرحمن یونیورسٹی جو دنیا میں خواتین کی سب سے بڑی جامعہ شمار ہوتی ہے یہاں خطے کی پہلی ایپل ڈویلپر اکیڈمی کا آغاز ہو رہا ہے۔

    اس حوالے سے سعودی فیڈریشن فار سائبر سیکورٹی، پروگرامنگ اینڈ ڈرونز کے مینجمنٹ بورڈ کے چیئرمین اور طویق اکیڈمی کی مجلس عاملہ کے سربراہ فیصل الخمیسی نے ایپل کمپنی کے ساتھ اس امتیازی اور اہم شراکت داری پر انتہائی مسرت کا اظہار کیا۔

    الخمیسی کے مطابق ایپل اکیڈمی کی شاخ کاروباری خواتین ، ڈیولپرز اور ڈیزائنرز کو تربیت اور لوازمات فراہم کرنے پر کام کرے گی تا کہ نئی کمپنیاں قائم کی جا سکیں اور آئی او ایس کی اپیلی کیشنز کے میدان میں روزگار کے مواقع میسر آ سکیں۔

    ادھر ٹیلی کمیونی کیشن اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے سعودی وزیر انجینئر عبداللہ السواحہ نے مشرق وسطی اور شمالی افریقا کے ریجن میں ڈیولپر اکیڈمی کے قیام کے لیے مملکت کا انتخاب کرنے پر ایپل کمپنی کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ درحقیقت یہ ہماری بیٹیوں کے لیے ڈیجیٹل ذہانت اور مہارتوں میں کی جانے والی سرمایہ کاری ہے۔

    واضح رہے کہ ایپل ڈویلپر اکیڈمی کی امریکا، برازیل، اطالیہ، جنوبی کوریا اور انڈونیشیا میں متعدد شاخیں ہیں۔ ان شاخوں نے مجموعی طور پر دنیا بھر میں اپنے فارغ التحصیل طلبہ کے ذریعے 160 سے زیادہ ابھرتی کمپنیوں کے ایقام اور 1500 سے زیادہ ایپلی کیشنز بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔

  • سعودی حکومت کا بڑا اقدام : شہریوں کو بڑی سہولت مل گئی

    سعودی حکومت کا بڑا اقدام : شہریوں کو بڑی سہولت مل گئی

    ریاض : سعودی وزیر نقل و حمل و لاجسٹک خدمات انجینیئر صالح الجاسر نے کہا ہے کہ مملکت میں بہت جلد کئی اہم ٹرانسپورٹ منصوبے مکمل کیے جائیں گے جس سے شہریوں کو مزید سہولیات میسر ہوں گی۔

    مجوزہ منصوبوں میں جدہ اور ریاض کے درمیان ریلوے لائن، مشرقی علاقے کو مغربی سے جوڑنے والی ریلوے لائن اور نئی قومی فضائی کمپنی کا قیام قابل ذکر ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق الجاسر نے کہا کہ نئی حکمت عملی کے تحت متعدد بین الاقوامی فضائی گروپ بنائے جائیں گے، لاجسٹک زونز اور پلیٹ فارم قائم کیے جائیں گے۔

    علاوہ ازیں سعودی بندرگاہوں کا بنیادی ڈھانچہ جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا، پورے ملک میں سڑکوں کے جال کا معیار زیادہ عمدہ بنایا جائے گا۔

    الشرق الاوسط کے مطابق سعودی عرب فضائی نقل و حمل میں دنیا بھر میں پانچویں پوزیشن حاصل کرنے کی حکمت عملی تیار کررہا ہے، ڈھائی سو سے زیادہ بین الاقوامی ہوائی اڈوں کے لیے پروازیں چلائی جائیں گی۔

    کارگو سیکٹر کو جدید تر اور وسیع تر بنایا جائے گا،4.5 ملین ٹن سے زیادہ سامان ہوائی جہازوں سے منتقل کیا جائے گا، جدہ ایوان تجارت میں امدادی خدمات اور فضائی کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر حسین الزہرانی نے بتایا کہ بڑی بندرگاہوں اور ایئر کارگو کو ایک دوسرے سے مربوط کیا جائے گا۔

  • سعودی شہر ریاض کے لئے بڑا اعزاز

    سعودی شہر ریاض کے لئے بڑا اعزاز

    سوئس بزنس اسکول آئی ایم ڈی کے شہریوں کے اطمینان سے متعلق سالانہ سروے کے مطابق سعودی عرب کا شہر ریاض دنیا کے اسمارٹ شہروں کی درجہ بندی میں آگے بڑھ گیا ہے۔

    سعودی دارالحکومت ریاض 18 درجے ترقی کر کے 109 شہروں میں سے 53 ویں نمبر پر آ گیا ہے جو 2020 کے سروے میں سب سے بڑی بہتری ہے۔

    ریاض کی نئی درجہ بندی نے اسے ٹوکیو، روم، پیرس اور بیجنگ جیسے عالمی طور پر تسلیم شدہ شہروں سے بھی آگے کر دیا ہے۔

    آئی ایم ڈی نے ایک بیان میں کہا کہ سروے کے مطابق جس میں شہر میں دستیاب ٹیکنالوجی اور خدمات کے لحاظ سے رہائشیوں کے اطمینان کی پیمائش کی جاتی ہے۔ ریاض میں رہنے والے دنیا کے کئی ترقی یافتہ شہروں کی نسبت اپنے شہر کی پیشکش سے زیادہ مطمئن ہیں۔

    رہائشیوں نے ریاض کو خاص طور پر صحت اور حفاظت میں خدمات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سرکاری دستاویزات پر کارروائی کرنے کی آن لائن رسائی پر بھی اعلیٰ درجہ دیا ہے۔

    سنگاپور 2020 کے سروے میں پہلے نمبر پر آیا۔ اس کے بعد فن لینڈ میں ہیلسنکی اور سوئٹزر لینڈ میں زیورچ کا نمبر تھا۔ امریکی شہر نیو یارک 28 درجے ترقی کر کے 10 ویں جو 2020 کے سروے میں اس شہر کے لیے سب سے بڑی بہتری ہے جبکہ واشنگٹن ڈی سی 19 درجے ترقی کر کے 12 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔

    لندن پانچ درجے اضافے کے ساتھ 15 ویں نمبر پر آ گیا۔ سروے میں شامل کچھ افراد کا کہنا ہے کہ بریگزٹ برطانیہ کے دارالحکومت کو کاروبار کرنے کی ایک آسان جگہ بنا دے گا۔

    ابو ظبی اور دبئی دونوں شہروں کی درجہ بندی میں بہتری آئی ہے جو سروے کے نتائج میں بالترتیب 42 اور 43 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ قطر کے شہر دوحہ کے رہائشیوں کو سروے میں شامل نہیں کیا گیا۔

    واضح رہے کہ اپریل اور مئی میں 109 شہروں کے سیکڑوں شہریوں کا سروے کیا گیا۔ سروے میں شہریوں سے ان کی صحت اور حفاظت، نقل و حرکت، سرگرمیوں، مواقع اور گورننس جیسے کلیدی شعبوں سے متعلق سوالات کیے گئے۔

    ریاض 2030 تک اپنی آبادی کو دگنا کرنے کے لیے اربوں ڈالر کے سرمایہ کاری پروگرام کے وسط میں ہے۔

  • ریاض : کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد

    ریاض : کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد

    ریاض : سعودی عرب میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلیے آرپارٹیز کانفرنس منعقد کی گئی،جس میں پاکستانی کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور کشمیر بنے گا پاکستان کیلئے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا.

    تقریب سے  رانا عبدالرؤف، شیخ اسرار، حنیف بابر اور خالد رانا نے خطاب کیا انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب میں تمام سیاسی و سماجی جماعتیں کشمیر کے معاملے میں یکجا ہیں جبرو تشدد کے بل بوتے پر کسی بھی قوم سے اس کی آزادی کا حق چھینا نہیں جا سکتا۔

    مقررین نے کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب میں تمام سیاسی و سماجی جماعتیں کشمیر کے معاملے میں یکجا ہیں اور جبرو تشدد کے بل بوتے پر کسی بھی قوم سے اس کی آزادی کا حق چھینا نہیں جا سکتا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی26 کروڑوں عوام کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ مودی جو کر رہا ہے اس کو منہ کی کھانی پڑے گی۔

    مسئلہ بین الاقوامی سطح پر اجاگر ہو رہا ہے کشمیر کا مسئلہ دنیا کے کونے کونے میں اجاگر کرنے میں حکومت پاکستان کا بہت بڑا کردار ہے۔

    مزید پڑھیں: پاکستان اور بھارت مقبوضہ کشمیر کا تنازع پر امن طریقے سے حل کریں، سعودی عرب

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی تمام پارٹیز کے عہدے داروں کا کہنا تھا کہ کشمیر کے تین فریق ہیں انڈیا، پاکستان اور کشمیر اور کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حل کرنے کے لیے پاکستان اپنا اخلاقی اور سفارتی کردار ادا کرے گا۔