کراچی: شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں رکشے چوری کرنے والا رکشہ سوار گروہ سرگرم ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر بی ون میں منگل کی رات کو 2 چوروں نے شہری کا رکشہ چوری کیا اور فرار ہو گئے، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رکشہ چور خود ایک رکشے پر آئے اور گلی کے کونے پر رکشے سے اتر گئے، دونوں چور پیدل گلی میں داخل ہو کر ہدف تک پہنچے۔

فوٹیج کے مطابق دونوں چور گلی میں کھڑے رکشے کو دھکا لگا کر سڑک تک لے گئے، یہ واردات چند منٹوں میں کی گئی اور چور بہ آسانی فرار ہو گئے۔
دوسری طرف رکشہ ڈرائیور صداقت اعوان نے دہائی دیتے ہوئے کہا ’’میں روز کمانے اور روز کھانے والا مزدور ہوں۔‘‘ متاثرہ شہری نے فریاد کی کہ ’’آئی جی سندھ رکشہ تلاش کرنے میں میری مدد کریں۔‘‘