Tag: rifle fire

  • ’میں نے کہا اسپتال لے جاؤ لیکن نیشنل کالج کے سیکیورٹی گارڈ نے میری مدد نہیں کی‘ طالب علم کا انکشاف

    کراچی: شہر قائد میں گورنمنٹ نیشنل کالج کے غیر تربیت یافتہ سیکیورٹی گارڈ کے ہاتھوں زخمی ہونے والے طالب علم نے انکشاف کیا ہے کہ اس کے کہنے پر بھی سیکیورٹی گارڈ نے اسے اسپتال پہنچانے میں کوئی مدد نہیں کی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شہید ملت روڈ پر واقع نیشنل کالج کے سیکنڈ ایئر کے زخمی طالب علم ابوذر نے بتایا کہ ’میں نے کہا اسپتال لے جاؤ لیکن نیشنل کالج کے سیکیورٹی گارڈ سجاد نے میری مدد نہیں کی۔‘

    یہ حقیقت سامنے آنے کے بعد واقعے سے متعلق افسوس ناک پہلوؤں میں اس پہلو کا بھی اضافہ ہو گیا ہے کہ سیکیورٹی گارڈ نہ صرف اپنی جاب کے حوالے سے غیر تربیت یافتہ ہے، بلکہ وہ اپنے ہی ہاتھوں زخمی شخص کو طبی مدد کی فراہمی میں مدد کرنے کے حوالے سے بھی بے حسی کا شکار پایا گیا۔

    زخمی طالب علم نے واقعے کے حوالے سے بتایا کہ جب وہ صبح کالج پہنچا تو دو میں ایک گارڈ موبائل فون پر لگا ہوا تھا اور دوسرا اپنی رائفل میں لگا ہوا تھا۔

    ابوذر نے کہا ’’میں صبح کالج کے لیے نکلا تھا، گلی میں پہنچا تو دو گارڈ بیٹھے تھے، ایک گارڈ موبائل فون میں لگا ہوا تھا، اور ایک اپنی رائفل میں، جوں ہی کالج میں داخل ہونے لگا، گارڈ سے فائر چل گیا۔‘‘

    طالب علم کو زخمی کرنے والے نیشنل کالج کے سیکیورٹی گارڈ کا سنسنی خیز انکشاف

    طالب نے بتایا ’’مجھے ڈیڑھ سو کے قریب چھرے لگے، اور میں نے شور شروع کر دیا، میں نے گارڈ کو کہا کہ مجھے زخمی کیا ہے تو اب اسپتال لے جاؤ، لیکن اس نے میری مدد نہیں کی۔‘‘

    طالب علم ابوذر کا کہنا تھا کہ اس کے بعد اس نے فون پر اپنے گھر والوں کو بلا لیا اور وہ اسے اسپتال لے گئے۔

    واضح رہے کہ اس کیس کے ملزم سیکیورٹی گارڈ سجاد نے یہ انکشاف کیا ہے کہ وہ غیر تربیت یافتہ ہے، اور صرف وہ ہی نہیں، بلکہ اس نے بتایا کہ ’’مجھ جیسے ہزاروں گارڈز ہیں جنھیں کبھی تربیت نہیں دی گئی۔‘‘