Tag: Right to vote

  • اوورسیز پاکستانی ایک پیسہ بھی نہ بھجوائیں تو بھی وہ پاکستانی ہیں، عدالت

    اوورسیز پاکستانی ایک پیسہ بھی نہ بھجوائیں تو بھی وہ پاکستانی ہیں، عدالت

    لاہور : اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دینے کے حوالے سے درخواست کی سماعت کے موقع پر جج نے ریمارکس دیئے کہ اوورسیز پاکستانی ایک پیسہ بھی نہ بھجوائیں تو بھی وہ پاکستانی ہیں۔

    لاہور ہائی کورٹ میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دینے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی عدالت نے ووٹنگ کے معاملے پر پیش رفت نہ ہونے پر اظہار برہمی کیا۔

    لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے شہری منیر احمد کی درخواست پر سماعت کی درخواست میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دینے کا اقدام چیلنج کیا گیا تھا۔

    دوران سماعت الیکشن کمیشن کے سیکرٹری عمر امین کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا عدالت نے قرار دیا کہ عدالتی حکم نظرانداز کرنے پر کیوں نہ سیکرٹری الیکشن کمیشن پر ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا جائے اور اس جرمانے کی رقم سیکرٹری الیکشن کمیشن اپنی تںخواہ سے ادا کریں۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اگر ایک پیسہ بھی نہ وطن نہ بھجوائیں تو بھی وہ پاکستانی ہی ہیں، اگر حکومت انہیں ووٹ کا حق نہیں دینا چاہتی تو واضح کرے۔

    عدالت نے استفسار کیا کہ امریکہ اور جاپان میں بیٹھے پاکستانیوں کو اندازہ ہونا چاہئیے کہ حکومت ان کے ساتھ کیا کرنا چاہتی ہے؟ عدالت میں نادرا حکام نے جواب جمع کروایا جس میں کہا گیا ہے کہ ایک سال کی مہلت فراہم کی جائے نادار حکام کے وکیل نے بتایا کہ الیکشن کمیشن اور نادرا کے مابین معاہدہ ہونا باقی ہے۔

    جس عدالت نے استفسار کیا کہ وہ معاہدہ کب ہوگا جس پر بتایا گیا کہ اس کے لیے 2.4 ملین فنڈز کی ضرورت ہے سرکاری وکیل نے بتایا کہ آئندہ بجٹ میں الیکشن کمیشن کو بجٹ جاری کیا جائے گا۔

    عدالت نے قرار دیا کہ ہر سماعت پر کوئی پیش رفت نہیں ہورہی سب ادارے ایک دوسرے پر معاملہ ڈال رہے ہیں اس پر کمیٹی تشکیل دیتے ہیں عدالت نے سماعت مزید14 جون تک ملتوی کردی۔

  • سپریم کورٹ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے دیا

    سپریم کورٹ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے دیا

    لاہور : سپریم کورٹ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے دیا، اوورسیزپاکستانی ضمنی انتخابات میں ووٹ ڈال سکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس کی سربراہی میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔

    سپریم کورٹ نے ضمنی انتخابات میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دے دی۔

    جسٹس ثاقب نثار نے اوورسیزپاکستانیوں کو مبارک باد دی اور کہا اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ ڈالنے کے حق کوتسلیم کرلیا، . اب عمل درآمد کرانے کا معاملہ اور انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔

    چیف جسٹس پاکستان نے ہدایت کی کہ آئی ووٹنگ کے انتحابی نتائج کو ضمنی انتحابات کے نتائج میں شمار کیا جائے اور کسی تنازعہ کی صورت میں آئی ووٹنگ کے نتائج کو الگ کر دیا جائے۔

    جسٹس میاں ثاقب نثار نے قرار دیا کہ تجرباتی نفاذ کا مقصد یہ نہیں کہ اس کے نتائج کو نظر انداز کر دیا جائے اور عدالت نے حکم دیا کہ ضمنی انتخابات میں اوورسیز پاکستانیوں کے نتائج کو پارلیمنٹ میں بھی پیش کیا جائے۔

    چیف جسٹس پاکستان نے ہدایت کی کہ پائلٹ پراجیکٹ کو الیکشن کمشن کے قواعد اور آپریشن پلان کے تحت مکمل کیا جائے اور نادرا پائلٹ پراجیکٹ کے انتحابی عمل کو فول پروف بنانے کے لیے الیکشن کمشن کی معاونت کرے۔

    یاد رہے گذشتہ سماعت میں سپریم کورٹ  نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے حوالے سے نادرا اور الیکشن کمیشن سے ایک ہفتے میں تجاویز طلب کی تھی۔

    چیف جسٹس پاکستان کا کہنا تھا کہ اوور سیز پا کستا نیو ں کوضمنی انتخابات میں ووٹ کاحق بارش کے پہلے قطرے جیسا ہوگا۔

    خیال رہے سپریم کورٹ میں درخواست چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے دائر کر رکھی تھی۔

  • خواجہ سراؤں نے ووٹ کا حق مانگ لیا، پشاورہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر

    خواجہ سراؤں نے ووٹ کا حق مانگ لیا، پشاورہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر

    رپورٹ : عثمان دانش 

    پشاور : خیبر پختونخوا کے خواجہ سرا ووٹ کا حق مانگنے پشاور ہائی کورٹ پہنچ گئے، الیکشن کمیشن آف پاکستان کے خلاف رٹ پٹشن دائر کردی۔

    تفصیلات کے مطابق شناختی کارڈ، پاسپورٹ، صحت و انصاف کارڈ حاصل کرنے کے بعد خیبر پختونخوا کے خواجہ سرا اب ووٹ کا حق مانگنے عدالت عالیہ پہنچ گئے۔

    انہوں نے آئین کے آرٹیکل 199کے تحت الیکشن کمیشن آف پاکستان کے خلاف ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کردی ہے، مذکورہ پٹیشن میں چیف الیکشن کمشنر اسلام آباد اور صوبائی الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا کو فریق بنایا گیا ہے۔

    رٹ پٹیشن میں ہائی کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو پابند بنایا جائے کہ وہ 2018 کے ہونے والے عام انتخابات میں خواجہ سراؤں کو بطور ووٹر اور امیدوار حصہ لینے کا حق دے۔

    رٹ پٹیشن میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ انتخابات کے لیے امیدواروں کے نامزدگی فارم میں مردوں اورعورتوں کے ساتھ ساتھ خواجہ سراؤں کا کالم بھی بنایا جا ئے تاکہ خواجہ سرا اپنی صنفی پہچان کے ساتھ الیکشن میں حصہ لینے کے قابل ہو سکیں۔


    مزید پڑھیں: خواجہ سراؤں کو الیکشن لڑنے اور سرکاری عہدہ رکھنے کی اجازت


    یاد رہے کہ رواں ماہ سینیٹ کی فنگشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق نے خوجہ سراؤں کے حقوق اور تحفظ کے قانون کی متفقہ طور پر منظوری دے دی ہے جس کے تحت اب خواجہ سراؤں کو الیکشن لڑنے اور سرکاری عہدہ رکھنے کے اختیار بھی حاصل ہوگا۔

    مذکورہ قانون کی منظوری کے بعد اب خواجہ سراؤں کو الیکشن لڑنے، سرکاری عہدہ رکھنے اور وراثت کا حق حاصل ہوگا جبکہ انہیں اگر کوئی شخص بھیک مانگنے پر مجبور کرے گا تو اُسے قید اور جرمانے کی سزا دی جائے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔