Tag: rihai

  • رینجرز نے آباد کے سابق چیئرمین بابر چغتائی کو رہا کردیا

    رینجرز نے آباد کے سابق چیئرمین بابر چغتائی کو رہا کردیا

    کراچی : رینجرز نے آباد کے سابق چیئرمین بابر چغتائی کو رہا کردیا، سانحہ بلدیہ کیس کے تین ملزمان کو نوے روز کیلئے جیل بھیج دیا گیا۔

    تفصلات کے مطابق زمینوں پر مبینہ قبضے کے الزام میں  گرفتار ہونے والے آباد کے سابق چیئرمین بابر چغتائی کو رینجرز نے رہا کردیا۔

    ۔زمینوں پر مبینہ قبضے کے الزام میں نوے روز کیلئے جیل بھیجا گیا تھا، جس کے بعد رینجرز حکام نے بابر چغتائی کو فورتھ شیڈول کےتحت رہا کردیا۔

    علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سانحہ بلدیہ میں ملوث تین مبینہ ملزمان کو دہشت گردی ایکٹ کے تحت 90 روز کے لئےجیل بھیج دیا۔

    رینجرز نے سخت حفاظتی تحویل میں ملزمان ماجد بیگ ،عبداللہ، اور منصور کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا، ذرائع کے مطابق ملزمان پر سانحہ بلدیہ ٹاؤن میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔

    رینجرز نے ملزمان کے نوے دن کی نظر بندی کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرلیا، ملزمان کاتعلق ایم کیو ایم سے ہے جبکہ عدالت نے ٹارگٹ کلرز شکیل الدین اور حاجی یونس کو بھی نوے دن کی نظر بندی پر رینجرز کے حوالے کیا۔

    سانحہ بلدیہ میں ملوث ماجداور منصور سمیت تین ملزموں کو رینجرز کے سخت پہرےمیں انسداد دہشت گردی کی عدالت لایا گیا۔ پیشی کے وقت ملزمان کے چہرے کپڑے سے ڈھانپے ہوئے تھے، سانحہ بلدیہ میں دو سو انسٹھ مزدور جھلس کر جاں بحق ہوئے تھے۔

      دوسری جانب انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اورنگی پائلٹ پراجیکٹ کی ڈائریکٹر پروین رحمان کے قتل میں گرفتار ملزم احمد علی عرف پپو کشمیری کے ریمانڈ میں بھی سات دن کی توسیع کردی۔

  • ذکی الرحمٰن لکھوی کی رہائی کا حکم ایف آئی اے نے چیلنج کردیا

    ذکی الرحمٰن لکھوی کی رہائی کا حکم ایف آئی اے نے چیلنج کردیا

    اسلام آباد: ایف آئی اے نے ذکی الرحمٰن لکھوی کی رہائی کا حکم چیلنج کردیا،تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایف آئی اے کے ڈائریکٹر محمد خالد قریشی نے ذکی الرحمٰن لکھوی کی رہائی کے حکم کو چیلنچ کر دیا ہے۔

    ایف آئی ا ے کے ڈائر یکٹرنے اپنے وکیل اعزاز چوہدری کے ذریعے درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کردی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ذکی الرحمٰن لکھوی کوبارہ فروری دو ہزار نو کو انسدادا دہشت گردی ایکٹ کے تحت گرفتار کرکے پاسپورٹ ایکٹ اور فارن ایکٹ کی دفعات کوبھی ایف آئی آر میں شامل کیا گیا تھا ۔

    ذکی الرحمن کو ممبئی حملہ کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ٹرائل کورٹ نے ان کی ضمانت منظور کر لی ہے جو درست نہں اس لیے ہائی کورٹ ٹرائل کورٹ کا حکم کالعدم قراردے۔

  • اے آروائی نیوز کے رپوٹر فیض اللہ کو رہا کردیا گیا

    اے آروائی نیوز کے رپوٹر فیض اللہ کو رہا کردیا گیا

    پشاور: اے آروائی نیوز کے رپوٹر فیض اللہ کو افغانستان  کی جیل سے رہا کردیا گیا، فیض اللہ کی رہائی پراےآروائی کےصدراورسی ای اوسلمان اقبال نے اظہار تشکر کیا ہے، پاکستانی سفارت خانے نے بھی رپورٹر فیض اللہ کی رہائی کی تصدیق کر دی ہے۔

    اے آروائی نیوز کے رپورٹر فیض اللہ پاکستان کے قبائلی علاقے سے غلطی سے افغانستان کے صوبے ننگر ہارداخل ہوگئے تھے، افغان حکام کا کہنا تھا کہ فیض اللہ رواں سال اپریل میں طالبان کے اعلٰی رہنماؤں سے انٹرویو کے لیے ننگر ہار میں داخل ہوئے تھے جہاں اُنہیں افغان پولیس نے گرفتار کر لیا تھا۔

    فیض اللہ خان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے قبائلی علاقے میں اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کے لیے گئے تھے، جہاں سے وہ غلطی سے افغانستان کے صوبے ننگر ہار میں داخل ہو گئے، افغانستان کی ایک عدالت نے پاکستانی صحافی کو چار سال قید کی سزا سنائی تھی۔

    فیض اللہ خان کو یہ سزا سفری دستاویزات کے بغیر افغانستان داخل ہونے پر سنائی گئی تھی، فیض اللہ کی گرفتاری کے بعد اے آروائی نیوز اور صحافی تنظیموں نے ان کی رہائی کے لیےسر توڑ کوششیں کیں، جس کے لیے ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے بھی کیے گئے۔

    فیض اللہ کی رہائی پراےآروائی کےصدراورسی ای اوسلمان اقبال نے اظہار تشکر کیا، اے آروائی کے سی ای او سلمان اقبال کا کہنا تھا کہ وزارت خارجہ اور افغان حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ صحافتی برادری فیض اللہ کی رہائی پرمبارک باد کی مستحق ہے۔