Tag: Ring

  • 34 قیراط کا خوبصورت ہیرا جسے خاتون کچرے میں پھینکنے جارہی تھیں

    34 قیراط کا خوبصورت ہیرا جسے خاتون کچرے میں پھینکنے جارہی تھیں

    برطانیہ میں ایک خاتون گھر میں بیکار پڑی انگوٹھی کو پھینکنے جارہی تھیں جب اتفاق سے انہیں علم ہوا کہ اس انگوٹھی میں 34 قیراط کا ہیرا جڑا ہے جس کی مالیت 20 لاکھ پاؤنڈز ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق مذکورہ خاتون جن کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، گھر سے غیر ضروری سامان نکال رہی تھیں جس میں مصنوعی زیورات بھی شامل تھے۔

    خاتون ان زیورات کو پھینکنے جارہی تھیں جب ایک پڑوسی نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ پھینکنے سے قبل احتیاطاً ان زیورات کی قیمت معلوم کروا لیں۔

    علاقے میں موجود مقامی جیولر کا کہنا ہے کہ بعد ازاں وہ خاتون وہاں سے گزرتی ہوئی ان کے پاس آئیں اور اس بیش قیمت انگوٹھی سمیت مختلف مصنوعی زیورات ان کے حوالے کیے اور ان کی ویلیو جاننی چاہی۔

    جیولر کا کہنا ہے کہ پاؤنڈ کے سکے سے بھی بڑے اس ہیرے کو وہ ایک نظر میں پہچان گئے تھے تاہم مزید تصدیق کے لیے انہوں نے اسے ماہرین کے پاس بھیجا۔

    ماہرین نے تصدیق کی کہ شیشے کا یہ شفاف ٹکڑا 34 قیراط کا ہیرا ہے جس کی مالیت اندازاً 20 لاکھ پاؤنڈز یعنی 47 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے ہے۔

    انگوٹھی کی مالک مذکورہ خاتون کا کہنا ہے کہ انہیں قطعی یاد نہیں کہ یہ انگوٹھی انہوں نے کب اور کہاں سے خریدی یا کسی نے انہیں تحفہ دی۔

    مذکورہ انگوٹھی کو 30 نومبر کو نیلام کیا جائے گا جہاں سے اس کی خطیر رقم ملنے کی توقع کی جارہی ہے۔

  • منگنی کے فوراً بعد کھوئی انگوٹھی پولیس نے ڈھونڈ نکالی

    منگنی کے فوراً بعد کھوئی انگوٹھی پولیس نے ڈھونڈ نکالی

    نیویارک: امریکی شہر نیویارک میں ایک جوڑے کی خوشی اس وقت ماند پڑگئی جب منگنی کے فوراً بعد منگنی کی انگوٹھی کھو گئی جسے ڈھونڈنے کی ناکام کوشش کے بعد جوڑا واپس لوٹ گیا، تاہم بعد ازاں پولیس نے انگوٹھی تلاش کرلی۔

    نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ کے مطابق جوڑے کو ان کی انگوٹھی لوٹانے کے انتظامات کرلیے گئے ہیں، جوڑے کا تعلق برطانیہ سے ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی علاقے پیٹرز برگ کا رہائشی جوڑا نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر آیا تھا جہاں مرد نے گھٹنوں کے بل بیٹھ کر اپنی دوست کو پروپوز کیا اور انگوٹھی پیش کی۔

    لڑکی نے خوشی سے ہاں کرتے ہوئے انگوٹھی پہنی لیکن اچانک وہ نیچے گر گئی جس کے بعد دونوں نیچے جھک کر انگوٹھی ڈھونڈنے لگے۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق انگوٹھی اسٹیشن پر لگی جالیوں کے اندر گر گئی جسے کافی دیر ڈھونڈنے کے بعد جوڑا ناکام واپس لوٹ گیا۔

    بعد ازاں پولیس نے انگوٹھی ڈھونڈ لی لیکن وہ اندھیرے میں تھے کہ اس کا مالک کون ہے، تاہم سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انگوٹھی کی تصویر پوسٹ کرنے کے بعد جلد ہی مالکان کا پتہ چلا گیا۔

    اپنی زندگی کے ایک اہم موقع کی یادگار واپس ملنے پر جوڑا بھی بے حد خوش ہے جس نے نیویارک پولیس کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد جوڑا واپس اپنے شہر جا چکا تھا، انگوٹھی کو ان تک پہنچانے کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اور جلد ہی انگوٹھی انہیں مل جائے گی۔

  • دلربا آئینہ رو تصویر ہے

    دلربا آئینہ رو تصویر ہے

    آپ نے مختلف ماہر فوٹوگرافرز کو دیکھا ہوگا جو مختلف زاویوں سے تصویریں کھینچنے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہ ماہر تصویریں کھینچنے کے لیے مختلف طریقہ کار استعمال کرتے ہیں۔

    ایک معروف طریقہ گلاس یا کسی شیشے کے پار سے تصویریں کھینچنے کا بھی ہے۔ لیکن آپ نے یہ طریقہ پہلی بار دیکھا ہوگا جس میں انگوٹھی پر عکسی تصویر کھینچی جارہی ہے۔

    اس طریقے کا بانی آسٹریلیا کا پیٹر ایڈمز شان ہے جو اس سے پہلے آنکھ کی پتلی پر عکسی تصاویر کھینچ چکا ہے۔ اس بار وہ صرف نئے شادی شدہ جوڑوں کی تصاویر کھینچ رہا ہے۔

    اس کا کہنا ہے وہ تصویر کھینچنے سے پہلے انگوٹھی پر فوکس کرتا ہے اور جوڑے کو ایسے کھڑا کرتا ہے کہ وہ انگوٹھی میں نظر آئیں۔

    مستقبل میں ایڈمز کا ارادہ ہے وہ پانی کے بلبلے پر عکسی تصاویر کھینچے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔