Tag: Rishi Sunak

  • برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے شکست تسلیم کرلی

    برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے شکست تسلیم کرلی

    برطانیہ میں عام انتخابات کے نتائج کا سلسلہ جاری ہے، 650 سے 440 نشستوں کے نتائج سامنے آگئے ہیں۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق لیبرپارٹی نے شاندار فتح حاصل کرکے حکومت بنانے کے لئے مطلوبہ نشستیں حاصل کرلی ہیں، لیبرپارٹی نے 331 نشستیں حاصل کرکے انتخابی میدان مار لیا ہے۔

    برطانوی وزیراعظم رشی سونک کا اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج کی رات مشکل ترین تھی، انتخابات میں شکست کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں۔

    رشی سونک نے کہا کہ لیبرپار ٹی انتخابات جیت گئی ہے،مبارکبادپیش کرتاہوں، برطانوی عوام نے آج رات ایک سنسنی خیز فیصلہ سنایا، سیکھنے کیلئے بہت کچھ ہے۔

    واضح رہے کہ لیبر پارٹی 353 سیٹیں لے کر سب سے آگے ہے، کنزرویٹو 71، لیبرل ڈیموکریٹس 46 اور ریفارم پارٹی 4 نشستوں پر کامیاب ہوئی ہے۔

    برطانیہ میں عام انتخابات کا میدان لیبر پارٹی نے مارلیا

    سربراہ لیبر پارٹی سرکیئر اسٹارمر کا عوام سے خطاب میں کہنا تھا کہ اتنے بڑے مینڈیٹ کے ساتھ اتنی بڑی ذمہ داری بھی عوام نے دی، برطانوی عوام کی خدمت کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام نے تبدیلی کا ووٹ دیا، عوام نے فیصلہ سنادیا وہ تبدیلی کیلئے تیار ہیں۔

  • برطانوی وزیر اعظم رشی سونک کے گھر گھسنے والے 4 افراد گرفتار

    برطانوی وزیر اعظم رشی سونک کے گھر گھسنے والے 4 افراد گرفتار

    لندن: برطانوی وزیر اعظم رشی سونک کے گھر گھسنے والے چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

    برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق مختلف عمروں کے چار مشتبہ افراد رشی سونک کے یارک شائر والے گھر میں گھس گئے تھے، جنھیں پولیس نے ایک منٹ سے بھی کم وقت میں گرفتار کر لیا۔

    برطانوی پولیس کے مطابق ملزمان کی عمریں 20، 21 ، 43 اور 52 سال ہے، اور تمام افراد کا تعلق مختلف علاقوں سے ہے، یہ تمام افراد پولیس کی حراست میں ہیں، جن سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

    برطانوی وزیر اعظم کے خلاف ان کے گھر کے باہر کیے گئے احتجاج کے دوران ایک شخص کی گھر میں گھسنے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تھی۔ واقعے کے وقت رشی سونک اپنے انتخابی حلقے کربی سگسٹن میں جاپان کے سرکاری دورے کے سلسلے میں خطاب کر رہے تھے۔

    اسکائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق گرفتار افراد کا تعلق ’یوتھ ڈیمانڈ‘ نامی گروپ سے ہے، اور وہ احتجاج کا حصہ تھے، اس گروپ کا مطالبہ ہے کہ ٹوریز اور لیبر پارٹی دونوں اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی پر پابندی لگائیں، اور تیل اور گیس کے تمام نئے لائسنسوں کو بند کرنے کا عہد کریں۔ گروپ کے ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ گرفتار کیے گئے افراد میں سے تین مظاہرے میں حصہ لے رہے تھے، جب کہ چوتھا شخص ایک فوٹوگرافر تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق باون سالہ شخص کا تعلق لندن سے، تینتالیس سالہ شخص کا تعلق بولٹن سے، اکیس سالہ شخص کا تعلق مانچسٹر اور بیس سالہ کا تعلق چیچسٹر سے ہے۔

  • میئر لندن بننے کے بعد صادق خان نے برطانوی وزیر اعظم سے کیا مطالبہ کیا؟

    میئر لندن بننے کے بعد صادق خان نے برطانوی وزیر اعظم سے کیا مطالبہ کیا؟

    لندن: میئر لندن بننے کے بعد صادق خان نے برطانوی وزیر اعظم رشی سونک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عام انتخابات کا اعلان کریں۔

    صادق خان تیسری مرتبہ میئر لندن منتخب ہو گئے ہیں، جیتنے کے بعد انھوں نے کہا کہ نفرت کے مقابلے میں امید جیت گئی، برطانوی وزیر اعظم رشی سونک کو عام انتخابات کا اعلان کرنا چاہیے۔

    میئر لندن نے کہا میں ووٹرز کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں، ہم شہر میں ہاؤسنگ کرائسز، مہنگائی اور جرائم کا خاتمہ کریں گے۔

    برطانوی لیبر پارٹی کے رہنما سرکیئر اسٹارمر نے بھی کہا کہ امید ہے وزیر اعظم رشی سونک عوام کا فیصلہ سن رہے ہیں، ملک تبدیلی چاہتا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/sadiq-khan-elected-mayor-london-third-time/

    واضح رہے کہ صادق خان نے تیسری بار لندن کے میئر منتخب ہو کر تاریخ رقم کی ہے، وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے سیاست دان بن گئے ہیں۔ انھوں نے ووٹرز کو پیغام دیا کہ وہ لندن کے تمام شہریوں سے وعدہ کرتے ہیں کہ وہ سب کا میئر بنیں گے۔

    صادق خان نے حکمران جماعت کنزرویٹو پارٹی کی امیدوار سوزن ہال کو بھاری مارجن سے شکست دی تھی، صادق خان نے 48 فی صد ووٹ حاصل کیے اور سوزن ہال 33 نے فی صد ووٹ لیے، پاکستانی نژاد بس ڈرائیور کے گھر آنکھ کھولنے والے صادق خان 2016 میں لندن کے پہلے مسلمان میئر بنے تھے۔

  • نتائج پر مایوس ہونے والے برطانوی وزیر اعظم نے شکست تسلیم کر لی

    نتائج پر مایوس ہونے والے برطانوی وزیر اعظم نے شکست تسلیم کر لی

    لندن: بلدیاتی انتخابات کے نتائج پر مایوس ہونے والے برطانوی وزیر اعظم نے شکست تسلیم کر لی۔

    برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم رشی سونک نے شکست قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں بلدیاتی انتخابات میں شکست پر مایوسی ہوئی۔

    انھوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’مستقبل میں سیاسی رہنما کی حیثیت سے میں اپنے کام پر توجہ رکھوں گا، محنتی اور کام کرنے والے کونسلر کھونا افسوس کی بات ہے۔‘‘

    برطانیہ میں بلدیاتی انتخابات میں لیبر پارٹی نے بڑی سطح پر میدان مار لیا ہے، جب کہ حکمران جماعت کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا، کیوں کہ کنزرویٹو نے کونسل کی 448 نشستیں کھو دی ہیں۔

    بی بی سی کے مطابق انگلینڈ اور ویلز میں 107 میں سے 102 کونسلز کے نتائج سامنے آ چکے ہیں، جس میں لیبر پارٹی 48 کونسلز میں کامیابی کے ساتھ سب سے آگے ہے۔ لبرل ڈیموکریٹس پارٹی 12 کونسلز کے نتائج کے ساتھ دوسرے پر ہیں، جب کہ حکمران جماعت کنزرویٹو پارٹی کو اب تک کے نتائج میں صرف 5 کونسلز میں کامیابی ملی ہے۔

    انگلینڈ میں لیبر کے کونسلرز 1026 نشستوں پر کامیابی حاصل کر چکے ہیں، لبرل ڈیموکریٹس کے 505 کونسلر کامیاب ہوئے ہیں، اور کنزرویٹو پارٹی کے 479 کونسلرز نے نشستیں جیتیں۔

    لندن کا نتیجہ؟

    ویسٹ مڈلینڈز، لندن، گریٹر مانچسٹر اور دیگر علاقوں میں میئر کے انتخابات کے نتائج کا اعلان آج ہفتے کو کیا جائے گا۔ جمعہ کو لیبر پارٹی کے ڈیوڈ سکیتھ کامیاب ہو کر یارک اور نارتھ یارکشائر کے نئے میئر بن گئے ہیں، جس میں وزیر اعظم رشی سونک کا حلقہ بھی شامل ہے۔

    رشی سونک کی پارٹی کی شکست کی وجہ غزہ؟

    بی بی سی کے مطابق اس بات کے شواہد موجود ہیں کہ غزہ پر حکمران جماعت کے مؤقف سے ان علاقوں میں پارٹی کو نقصان پہنچ رہا ہے، جہاں مسلم آبادی زیادہ ہے۔ اولڈھم کونسل میں، جہاں رواں برس دو لیبر کونسلرز نے غزہ کے معاملے پر پارٹی چھوڑ دی تھی، لیبر پارٹی نے اپنا کنٹرول کھو دیا ہے۔

    لیبر پارٹی کے قومی مہم کے کوآرڈنیٹر اور ممبر پارلیمنٹ پیٹ مکفیڈن نے ایک بیان میں تسلیم کیا کہ پارٹی کی شکست میں مشرق وسطیٰ کے حوالے سے جذبات کا اہم کردار رہا، اس بات کے انکار کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

  • برطانوی رکن پارلیمنٹ کا غزہ پر وزیر اعظم رشی سوناک سے چُھبتا سوال

    برطانوی رکن پارلیمنٹ کا غزہ پر وزیر اعظم رشی سوناک سے چُھبتا سوال

    لندن: برطانوی رکن پارلیمنٹ افضل خان نے غزہ کی صورت حال پر وزیر اعظم رشی سوناک سے چُھبتا سوال کیا، جس پر انھوں نے ساری ذمہ داری حماس کے سر ڈال دی۔

    برطانوی پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران رکن افضل خان نے وزیر اعظم سے سوال کیا کہ اسرائیل غزہ میں بہیمانہ طریقے سے فلسطینیوں کا قتل عام کر رہا ہے، اسرائیل نے سیکیورٹی کونسل کی سیز فائر قرارداد کو بھی نظر انداز کر دیا، کیا برطانوی وزیر اعظم ایوان کو بتائیں گے کہ اسرائیل کو کن نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا، کیا اسرائیل سے اس رویے کی جواب طلبی ہوگی؟

    برطانوی وزیر اعظم نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا مؤقف بالکل واضح ہے کہ غزہ میں بہت سی معصوم جانیں ضائع ہوئی ہیں، یو این سیکیورٹی کونسل قرارداد میں حماس کو بھی یرغمال افراد کو رہا کرنے کا کہا گیا تھا، لیکن حماس نے بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کو رد کر دیا۔

    برطانوی ارکان پارلیمنٹ کا یاسین ملک کی قید سزائے موت میں بدلنے کی کوشش پر اظہار تشویش

    رشی سوناک نے اسرائیلی بربریت اور فلسطینیوں کی نسل کشی کو نظر انداز کرتے ہوئے سفاکی کا مظاہرہ کر کے کہا کہ ہمیں غزہ میں مزید امداد بھیجنے سے پہلے حماس سے یرغمالیوں کی رہائی پر توجہ دینی چاہیے۔

  • جو ہمیں تقسیم کرنے کا ایجنڈا لے کر آئے گا اسے ویزا نہیں دیا جائے گا: رشی سونک

    جو ہمیں تقسیم کرنے کا ایجنڈا لے کر آئے گا اسے ویزا نہیں دیا جائے گا: رشی سونک

    لندن: برطانوی وزیر اعظم رشی سونک نے خبردار کیا ہے کہ ’’جو ہمیں تقسیم کرنے کا ایجنڈا لے کر آئے گا اسے ویزا نہیں دیا جائے گا۔‘‘

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی وزیر اعظم رشی سونک نے بائیں بازو کے سیاست دان جارج گیلووے کی جیت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ راچڈیل کے ضمنی الیکشن کا نتیجہ حیران کن ہے۔

    انھوں نے کہا برطانوی حکومت پر نسل پرست ہونے کا الزام لگانے والے جھوٹ بول رہے ہیں، اسلامی انتہا پسند، دائیں بازو کے عناصر زہر گھولنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    رشی سونک نے کہا وزیر داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ مظاہروں میں نفرت پھیلانے والوں کو واپس بھیجا جائے، جو ہمیں تقسیم کرنے کا ایجنڈا لے کر آئے گا اسے ویزا نہیں دیا جائے گا۔

    جارج گیلووے نے برطانوی ضمنی انتخاب جیت لیا، فتح غزہ کے نام

    برطانوی وزیر اعظم نے غزہ مظاہروں کے حوالے سے خطاب میں کہا انتہا پسند ہماری جمہوریت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، انتہا پسندوں کو روکنے کے لیے لائن کھینچنا پڑے گی، ہماری شاہراہوں کو چھوٹے گروپوں نے ہائی جیک کر لیا ہے، انتہا پسندی اور مجرمانہ سرگرمیوں میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے، یہ گروپ ہماری اقدار کے دشمن بنے ہوا ہے۔

  • ’’برطانوی وزیر اعظم آپ چھپ نہیں سکتے، غزہ نسل کشی میں آپ بھی ملوث ہیں‘‘

    ’’برطانوی وزیر اعظم آپ چھپ نہیں سکتے، غزہ نسل کشی میں آپ بھی ملوث ہیں‘‘

    لندن: دنیا بھر کے بڑے شہروں میں آج بھی صہیونی فورسز کی جانب سے غزہ کی پٹی میں بد ترین قتل عام کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں بھی ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں مظاہرین نے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

    اسرائیلی بربریت کے خلاف کیے گئے مظاہرے میں برطانوی وزیر اعظم رشی سونک کے خلاف نعرے بازی کی گئی، مظاہرین نے کہا ’’آپ چھپ نہیں سکتے، غزہ میں نسل کشی میں آپ بھی ملوث ہیں۔‘‘

    لندن میں بھی نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کیا گیا، جب کہ پولیس نے دھاوا بول کر متعدد مظاہرین کو گرفتار کر لیا، لیبر پارٹی کے رکن جیرمی کوربن بھی مظاہرے میں شریک ہوئے۔

    دوسری جانب میں لندن میں گزشتہ روز بافٹا ایوارڈز تقریب کے دوران بھی ہدایت کار کین لوچ نے ساتھیوں کے ہمراہ غزہ میں قتل عام بند کرو کا بینر اٹھا کر مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کی۔

  • برطانوی وزیر اعظم رشی سناک کو روانڈا بل پر شکست کا منہ دیکھنا پڑ گیا

    برطانوی وزیر اعظم رشی سناک کو روانڈا بل پر شکست کا منہ دیکھنا پڑ گیا

    لندن: برطانوی وزیر اعظم رشی سناک کو روانڈا بل پر شکست کا منہ دیکھنا پڑ گیا۔

    برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی وزیر اعظم رشی سناک کو باغی ارکان کی مخالفت مہنگی پڑ گئی، دارالامرا میں حکمراں جماعت کو روانڈا بل پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    برطانیہ کے پارلیمان کے ایوان بالا نے وزیر اعظم رشی سناک کے، سیاسی پناہ کے متلاشیوں کو روانڈا بھیجنے کے متنازعہ منصوبے کو مؤخر کرنے کے حق میں ووٹ دے دیا ہے۔

    رشی سناک کی جانب سے اپنے ارکان پر زور دیا گیا تھا کہ وہ اس منصوبے کی حمایت کریں لیکن اس کے باوجود پیر کو غیر منتخب ہاؤس آف لارڈز کا تاخیر کے حق میں ووٹ آ گیا، برطانوی وزیر اعظم نے اس منصوبے کو ’عوام کی مرضی‘ قرار دیا تھا۔

    برطانیہ کا گولڈن ویزا اور شہریت سے متعلق اہم فیصلہ

    روانڈا بل میں تاخیر کی قرارداد 171 کے مقابلے میں 214 ووٹوں سے منظور کی گئی، بل میں کہا گیا تھا کہ جب تک حکومت اس بات کا اطمینان نہ کر لے کہ پناہ کے متلاشیوں کے لیے روانڈا ایک محفوظ ملک ہے تب تک اس منصوبے کو مؤخر کیا جائے۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ چیمبر کے پاس اس نام نہاد سیفٹی آف روانڈا (اسائلم اینڈ امیگریشن) بل کو غیر معینہ مدت کے لیے بلاک کرنے کا اختیار نہیں ہے، تاہم وہ قانون سازی میں ایک سال تک تاخیر کر سکتا ہے۔

  • برطانیہ میں پناہ گزینوں سے متعلق بل کے حوالے سے اہم خبر

    برطانیہ میں پناہ گزینوں سے متعلق بل کے حوالے سے اہم خبر

    لندن: وزیر اعظم رشی سنک نے پناہ گزینوں سے متعلق روانڈا بل پر پھر کامیابی حاصل کر لی۔

    برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز برطانوی وزیر اعظم رشی سنک نے پارلیمنٹ میں پناہ گزینوں سے متعلق روانڈا بل پر ایک بار پھر کامیابی حاصل کر لی۔

    حکمراں جماعت نے اپنے باغی ممبران کی مخالفت کے باوجود دارالعوام میں روانڈا بل کو 276 کے مقابلے میں 320 ووٹوں سے منظور کرا لیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق بل حتمی منظوری کے لیے دارلامرا بھیجا جائے گا، جہاں حکمراں جماعت کو اکثریتی حمایت حاصل نہ ہونے پر بل کی منظوری میں مشکلات کا سامنا ہوگا۔

    پاکستان دوست رکن برطانوی پارلیمنٹ سر ٹونی لائیڈ چل بسے

    ہاؤس آف کامنز کے اس اہم ووٹ کی مدد سے رشی سنک نے روانڈا بل پر دائیں بازو کی قدامت پسند بغاوت کو کچل دیا ہے، بہت سے دائیں بازو کے ٹوری ایم پیز اس بل پر بغاوت کی دھمکی دے رہے تھے۔

  • ’یہود دشمنی‘ پر برطانوی وزیر اعظم نے ایلون مسک کی سرزنش کر دی

    ’یہود دشمنی‘ پر برطانوی وزیر اعظم نے ایلون مسک کی سرزنش کر دی

    لندن: برطانوی وزیر اعظم رشی سونک نے ایلون مسک کو ’یہود دشمنی‘ پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    برطانوی میڈیا اسکائی نیوز کے مطابق برطانوی وزیر اعظم رشی سونک نے ارب پتی ایلون مسک کی سرزنش کی ہے، اور کہا ہے کہ وہ ’یہود‘ دشمنی کی ہر شکل کی مذمت کرتے ہیں۔

    ایلون مسک نے رواں ماہ ایک سوشل میڈیا صارف کی پوسٹ کے جواب میں لکھا تھا ’’آپ نے اصل سچ کہا ہے۔‘‘ صارف نے لکھا تھا کہ یہودی سفید فام لوگوں سے نفرت کرتے ہیں۔

    ایلون مسک نے پچھلے برس ٹوئٹر خریدا تھا، اس کے بعد سے انھیں اس پلیٹ فارم پر یہود دشمنی پر مبنی ٹوئٹس کو برداشت کرنے کے الزامات کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے۔

    بلومبرگ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رشی سونک نے اتنا تو کہا کہ وہ ہر قسم کی یہود دشمنی کی مذمت کرتے ہیں لیکن انھوں نے ایلون مسک پر براہ راست تنقید نہیں کی، اسکائی نیوز کے مطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے انھیں ایلون مسک کی سخت مذمت سے روکا گیا۔

    برطانوی وزیر اعظم نے کہا میں یہود دشمنی کی ہر شکل کی مذمت کرتا ہوں، اور اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ ایلون مسک ہیں یا کوئی ایسا راہگیر جو اپنے پاس سے گزرتے ہوئے کسی دوسرے شخص کے بارے میں بدگوئی کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہود دشمنی اپنی تمام شکلوں میں مکمل طور پر اور سراسر غلط ہے۔