Tag: Rishwat

  • کراچی میں پولیس اہلکار کی رشوت لیتے ہوئے ویڈیو جاری

    کراچی میں پولیس اہلکار کی رشوت لیتے ہوئے ویڈیو جاری

    کراچی : پولیس اہلکار سر عام رشوت لیتے ہوئے اپنی ویڈیو بنوا بیٹھا، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق فکس اٹ مہم کے بانی عالمگیر نے رشوت لیتے پولیس اہلکاروں کی ویڈیو جاری کردی, کراچی کی ایک مصروف شاہراہ پر تلاشی کے نام پر پولیس اہلکاروں نے موٹرسائیکل سوار کو روکا اور کاغذات کے نام پر ایک نوٹ مٹھی میں دبایا اور موٹر سائیکل سوار کو چھوڑدیا!

    اسٹریٹ کرائم کے مارے کراچی والوں کواب قانون کے رکھوالے بھی بلاخوف وخطر لوٹنے لگے, کالی وردی والوں کے کرتوت کا ایک اورثبوت وائرل ہوگیا۔

    فکس اٹ مہم کے بانی نے شہریوں کو لوٹتے پولیس اہلکاروں کی ویڈیو فیس بک پر شیئر کردی، عالمگیر کا کہنا ہے کہ شہر کے تھانے بک رہے ہیں، رشوت ریکوری کا طریقہ ہے۔

    آئی جی صاحب نے گزشتہ روز ہی کھل کر اعتراف کیا تھا کہ سرکاری ادارے عوامی توقعات پر پورا نہیں اتررہے اور آج اہلکاروں نے پولیس چیف کی بات سچ کر دکھائی۔

  • رشوت کےعوض پولیس پی ٹی آئی کارکنان کو رستہ دینے لگی

    رشوت کےعوض پولیس پی ٹی آئی کارکنان کو رستہ دینے لگی

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے اتنے کارکنان اتنی رکاوٹوں کے باوجود کیسے بنی گالہ پہنچ گئے؟ اے آر وائی نیوز نے اس راز پتہ لگالیا کہ کارکنان کی اتنی بڑی تعداد بنی گالہ کیسے پہنچی؟ تحریک انصاف کے کارکنان نے پولیس کا بھانڈا پھوڑ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کنٹینر نہ ہٹائیں مٹھی گرم فرمائیں، کپتان کا احتجاج پولیس اہلکاروں کی کمائی کا ذریعہ بن گیا، اہلکارجم کر جیب گرم کرنے میں مصروف ہیں۔

    پولیس اہلکاروں نے بنی گالہ جانے کا ریٹ مقرر کردیا۔ جگہ جگہ ناکے رکاوٹیں اور پولیس کی بھاری نفری کے باوجود اتنے پی ٹی آئی کارکنان بنی گالہ کیسے پہنچے ؟

    رکاوٹوں پر کھڑے اہلکاروں نے کارکنان کو کہا کہ نہ کنٹینر ہٹائیں نہ ہی تلخ کلامی کریں بس ہماری مٹھی گرم کریں اور جہاں جانا چاہیں آرام سے جائیں۔

    پولیس اہلکاروں کی رشوت لینے کی فوٹیج بھی اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی، رہی سہی کسر تحریک انصاف کے کارکنان نے اس بات کا ثبوت دے کر پوری کردی کہ اہلکار پیسے لے کر آگے جانے دیتے ہیں۔

    تحریک انصاف کے کارکنان نے پولیس کا بھانڈا پھوڑ دیا تحریک انصاف کے کارکن نے اے آروائی نیوز کی خصوصی گفتگو میں انکشاف کیا کہ پولیس والوں کو 100سے پانچ سو روپیہ تھما دیں تو وہ چھوڑ دیتے ہیں۔