Tag: rituals of Hajj

  • عازمینِ حج کل  سے مناسکِ حج کی ادائیگی شروع کریں گے

    عازمینِ حج کل سے مناسکِ حج کی ادائیگی شروع کریں گے

    مکہ مکرمہ : عازمینِ حج کل سے مناسکِ حج کی ادائیگی شروع کریں گے، حج کا رکنِ اعظم وقوفِ عرفہ پیر کو ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں حج کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، عازمین مکہ پہنچنے لگے، مشائر مقدسہ میں کورونا کے باعث سینٹائزیشن کا خاص اہتمام کیا گیا ہے۔

    کل سے مناسک حج کی ادائیگی شروع ہوجائے گی، پیر کو وقوفِ عرفہ اور مسجدِ نمرہ میں خطبہ حج دیا جائے گا۔

    مسجدِ الحرام میں نماز کے اجازت نامے آج سے بند کر دیئے گئے ہیں، صرف حج کے اجازت نامے رکھنے والوں کو ہی حرم میں داخلے کی اجازت ہو گی۔

    سعودی عرب نے امسال فریضہ مقدسہ کی ادائیگی کے لیے خصوصی طور پر حج اسمارٹ کارڈ(شعائر) کا اجرا کیا ہے۔

    خیال رہے کورونا وائرس کی وجہ سے محدود عازمین کو حج اجازت دی گئی ہے، ساٹھ ہزار مقامی سعودی حج کی سعادت حاصل کریں گے، اس دوران مسجدِ الحرام سے میدان عرفات اور مزدلفہ کے لیے پیدل سفر کی اجازت نہیں ہوگی، عازمین کو مخصوص بسوں کے ذریعے ہی جانا ہوگا۔

    یاد رہے رواں سال میدان عرفات سے حج کا خطبہ شیخ عبداللہ المنیع دیں گے جبکہ خطبہ حج کو اردو سمیت دس زبانوں میں پیش کیا جائے گا۔

  • مناسک حج کی ادائیگی آج سے شروع ہورہی ہے

    مناسک حج کی ادائیگی آج سے شروع ہورہی ہے

    مکہ مکرمہ : مناسک حج کی ادائیگی کا آغاز آج سے ہورہا ہے، کورونا وائرس کے باعث اس بار خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مناسک حج کی ادائیگی آج سے شروع ہورہی ہے، منیٰ تک عازمین حج کو پہنچانے کا باقاعدہ آغاز آج شام سے ہوگا۔ کورونا وائرس کے باعث اس بار خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

    حج سے قبل خانہ کعبہ کی صفائی کی گئی، دیواروں اور فرش کو کیمیکل سے صاف کیا گیا، اس سال ایک ہزار افراد فریضہ حج ادا کریں گے، ان میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہیلتھ ورکز اور سیکیورٹی اہلکار موجود ہیں۔

    یاد رہے حرمین شریفین کے امور کی کمیٹی کے سربراہ الشیخ عبدالرحمان السدیس نے اعلان کیا تھا کہ اسلام کا پیغام دنیا بھر میں پہنچانے کے لیے خطبۂ حج کو دس عالمی زبانوں میں نشرکیا جائے گا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد حج کے خطبے کی اہمیت اور اس کے ذریعے دیے جانے والے پیغام کو دنیا بھر کے مسلمانوں میں پہنچانا ہے۔

    خیال رہے سعودی عرب نے کورونا کی وبا کے پیش نظر محدود پیمانے پر حج کا اعلان کیا تھا۔ رواں سال صرف دس ہزار افراد کو فریضہ مقدسہ کی ادائیگی کی سعادت حاصل ہوگی۔

    عازمین کا انتخاب خودکار طریقے سے کیا گیا، جن میں 30 فیصد مقامی اور 70 فیصد غیر ملکی تارکین ہیں، منتخب عازمین کے پہلے گروپ کو ہفتے کے روز مکہ مکرمہ پہنچا دیا گیا ہے، جہاں وہ ایامِ حج کے آغاز سے قبل ایک ہوٹل میں علیحدہ علیحدہ کمروں میں مقیم ہیں۔