Tag: Riyadh

  • ہیلتھ ورکر نے سعودی شہری کو کرونا ویکسین کے نام پر خالی انجیکشن لگا دیا

    ہیلتھ ورکر نے سعودی شہری کو کرونا ویکسین کے نام پر خالی انجیکشن لگا دیا

    ریاض: سعودی عرب میں ایک ہیلتھ پریکٹشنر نے سعودی شہری کو کرونا وائرس ویکسین کے نام پر دوا سے خالی سرنج سے انجیکشن لگا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ریاض میں ایک ایشیائی پریکٹشنر کو گرفتار کیا گیا ہے، جس نے ایک سعودی شہری کو کرونا وائرس کی ویکسین کے نام پر خالی انجیکشن لگا دیا تھا، اور اس واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آئی۔

    اتوار کو جاری ایک بیان میں ریاض میں محکمہ صحت کے جنرل ڈائریکٹوریٹ نے وضاحت کی کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو کا تعلق اسی واقعے سے ہے، جس میں ایک ایشیائی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    ڈائریکٹوریٹ نے کہا کہ یہ واقعہ ایک ماہ قبل کا ہے، ویڈیو میں ایک سعودی شہری کو ایک ایسا انجیکشن لگاتے دیکھا گیا جس میں کرونا سے بچاؤ کی ویکسین موجود نہیں تھی۔

    بیان کے مطابق جب واقعے کی تحقیقات کی گئیں تو مذکورہ ہیلتھ پریکٹشنر کا تعلق ریاض کے ایک نجی میڈیکل کالج سے نکلا، جسے گرفتار کر لیا گیا، جب کہ مذکورہ شہری سے بھی رابطہ کر کے انھیں ضروری ہیلتھ سروسز فراہم کی گئیں۔

    ڈائریکٹوریٹ نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کا رویہ ہر صورت میں ناقابل قبول ہے، نہ ہی وزارت صحت کے منظور شدہ طبی اصولوں کے مطابق ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ واقعے کے سلسلے میں متعلقہ حکام مزید تحقیقات کر رہے ہیں، ضوابط کے مطابق جو بھی ضروری اقدام اٹھانا پڑا، اٹھایا جائے گا۔

  • ریاض: اسپتال کے سیکیورٹی گارڈ کے لیے وزیر صحت کا تحفہ

    ریاض: اسپتال کے سیکیورٹی گارڈ کے لیے وزیر صحت کا تحفہ

    ریاض: سعودی دارالحکومت ریاض کے ایک اسپتال میں تعینات سیکیورٹی گارڈ کی فرض شناسی نے حکام کو بھی متاثر کردیا، سعودی وزیر صحت کی جانب سے گارڈ کو تعریفی خط موصول ہوا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے ریاض کے ایک اسپتال میں فرض شناس سیکیورٹی گارڈ کو یادگاری تحفہ اور شکریے کا خط پیش کر کے سرپرائز دیا ہے۔

    سیکیورٹی گارڈ کو دیے گئے خط میں اس کے اخلاص اور ڈیوٹی کی غیر معمولی پابندی کی ستائش کی گئی ہے۔

    وزیر صحت نے خط میں لکھ کہ رفیق کار محمد الحارثی آپ کی حسن کارکردگی، ایثار، آنے جانے والے افراد کا خیر مقدم، عالی ہمتی، خوش گفتاری اور مسکرا کر استقبال کرنا سب کو اچھا لگ رہا ہے۔ میں سب کی جانب سے آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور آپ کے لیے ممنونیت اور قدر و منزلت کے جذبات رکھتا ہوں۔

    وزارت صحت کے ایک عہدیدار نے وزیر صحت کی جانب سے تحفہ اور توصیفی سند الحارثی کو پیش کیا ہے۔

    سیکیورٹی گارڈ کی حسن کارکردگی کی رپورٹ وزارت صحت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے دی تھی جنہیں اسپتال میں مختلف لوگوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے بھیجا گیا تھا۔

  • سعودی عرب میں پہلا "ڈرائیو اِن سینما”

    سعودی عرب میں پہلا "ڈرائیو اِن سینما”

    ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پہلے "ڈرائیو ان سینما” کا آغاز کردیا گیا ہے جس میں شائقین اپنی گاڑیوں میں بیٹھ کر فلم سے محظوظ ہو سکیں گے۔

    اس حوالے سے سعودی ذرائع ابلاغ میں بتایا گیا ہے کہ ریاض میں سعودی عرب کے مقامی سینما گھروں کے ایک گروپ ایم یو وی آئی نے ایک ڈرائیو اِن تھیٹر کھولا ہے۔

    مذکورہ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ سال 2018 میں سینما گھروں پر ملک گیر پابندی ختم ہونے کے بعد یہ سعودی عرب کا پہلا ڈرائیو ان سینما ہے۔

    منتظمین کے مطابق کورونا ایس او پیز کے تحت سماجی فاصلے کو مدنظر رکھتے ہوئے اس سینما میں 150 گاڑیوں کی گنجائش موجود ہے۔

    کورونا وائرس کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ڈرائیو ان سینما میں نہ صرف تمام آنے والے شائقین کا ٹمپریچر چیک کیا جائے گا بلکہ ان کیلئے فیس ماسک لگانا بھی لازمی ہوگا۔

    عرب نیوز کے مطابق ایم یو وی آئی سینماز اپنے ملازمین اور شائقین دونوں کے لیے محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کی خاطر تمام احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کر رہا ہے۔

    ایم یو وی آئی کے مارکیٹنگ ڈائریکڑ محمد مرزا نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ یہ "پاپ اپ سینما” کب تک کھلے رہیں گے، اس حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

    محمد مرزا نے مزید کہا کہ عوام کی جانب سے ابتدائی ردعمل سے پتہ چلتا ہے کہ ڈرائیو ان سینما کا آئیڈیا مملکت میں ایسے ہی مشہور ہوگا جیسے مشرق وسطیٰ، دبئی اور بیروت کے دیگر حصوں میں ہو رہا ہے کیونکہ یہ شائقین کو کورونا وائرس سے خود کو بچاتے ہوئے بڑی اسکرین پر فلمیں دیکھنے کا بہترین ذریعہ ہے۔

    محمد مرزا نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ایم یو وی آئی اس سال سعودی عرب میں 15 نئے سینما گھر کھولنے کا ارادہ رکھتی ہے جس میں 150 سے زیادہ اسکرینز شامل کی جائیں گی، ہم اپنے عوام اور شائقین کو ایسے بہت سے خوشی کے لمحات پیدا کرنے کے لیے طرح طرح کے تجربات کرتے رہیں گے۔

    علاوہ ازیں ریاض کی رہائشی عروہ النومر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت عمدہ لگتا ہے یہ بالکل ویسا ہے جیسے ٹی وی اور فلموں میں دکھایا جاتا تھا، کورونا وائرس جیسے وبائی مرض کے دوران یہ فلمیں دیکھنے کا محفوظ طریقہ ہے۔

  • ریاض کے ہوٹل میں سلنڈر دھماکا، 1 شخص جاں بحق

    ریاض کے ہوٹل میں سلنڈر دھماکا، 1 شخص جاں بحق

    ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے ایک ہوٹل میں گیس سلنڈر میں ہونے والے دھماکے سے 1 شخص جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق واقعہ المونسیہ کے علاقے میں واقع ایک ہوٹل میں پیش آیا، گیس سلنڈر دھماکا اس قدر شدید تھا کہ ہوٹل کا فرنیچر اور سجاوٹ کی اشیا وغیرہ ٹوٹ کر بکھر گئیں، ہوٹل کے شیشے بھی دھماکے سے ٹوٹ گئے۔

    ہوٹل میں ہونے والے دھماکے کی شدت سے برابر کی دکانوں کو بھی کافی نقصان پہنچا۔

    دھماکے کی اطلاع ملتے ہی شہری دفاع کے امدادی یونٹس جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جنہوں نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد علاج کے لیے اسپتال پہنچا دیا۔

    جاں بحق شخص کی لاش بھی اسپتال کے سرد خانے پہنچا دی گئی۔

    شہری دفاع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ دھماکے کی تحقیقات کے لیے متاثرہ ہوٹل کو متعلقہ ادارے کے سپرد کر دیا گیا ہے۔

  • سعودی عرب: قومی خزانے کو ضیاع سے بچانے کے لیے اہم فیصلہ

    سعودی عرب: قومی خزانے کو ضیاع سے بچانے کے لیے اہم فیصلہ

    ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں قومی خزانے کو ضیاع سے بچانے کے لیے 5 برس تک سڑکوں کی کھدائی پر پابندی لگا دی گئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں ریاض میونسپلٹی نے 5 برس کے لیے سڑکوں کی کھدائی پر پابندی لگا دی ہے۔

    میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ کسی بھی ادارے کو شہر کی سڑکیں کھودنے کی اجازت نہیں ہوگی، میونسپلٹی آئندہ ماہ سڑکوں کی کھدائی کے ٹھوس ضابطے جاری کرے گی۔

    مذکورہ فیصلہ سرکاری اور نجی تمام اداروں کے لیے ہے۔

    ریاض کے میئر فیصل بن عیاف کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر تارکول بچھانے اور ان کی استر کاری کے بعد 5 سال تک کسی بھی ادارے کو، خواہ وہ سرکاری ہو یا نجی آئندہ 5 برس تک سڑک کی کھدائی کی اجازت نہیں ہوگی۔ انتہائی ضرورت والے حالات اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔

    ریاض کے میئر مزید کہا کہ یہ پابندی قومی خزانے کو ضیاع سے بچانے اور دارالحکومت کے تمام اداروں کے درمیان مکمل یکجہتی پیدا کرنے کی غرض سے لگائی گئی ہے۔

    میئر نے توقع ظاہرکی کہ نئے ضابطے شہر کے عمرانی ماحول کو بہتر بنانے میں سازگار ثابت ہوں گے۔

    ان کے مطابق شہریوں کی یہ شکایت بھی دور ہوجائیں گی کہ جہاں ایک سڑک پوری طرح سے تیار ہوتی ہے، اگلے ہی روز یا ایک ہفتے کے اندر کوئی نہ کوئی ادارہ آکر کسی نہ کسی کام کے تحت سڑک کھود کر اس کا منظر بدل دیتا ہے۔

  • آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سعودی عرب پہنچ گئے

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سعودی عرب پہنچ گئے

    ریاض: پاک فوج کے سپہ سالار آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اہم دورے پر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچ گئے، آئی ایس پی آر کے مطابق دورہ نہایت اہم اور دفاعی امور پر مبنی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ اور انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اہم دورے پر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچ گئے۔

    آرمی چیف سوموار کی صبح ریاض کے ہوائی اڈے پر پہنچے جہاں ان کا استقبال سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر راجا علی اعجاز اور دیگر اعلیٰ حکام نے کیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کے دورے کے دوران دونوں ممالک میں حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ مسئلہ کشمیر پر بھی گفتگوکی جائے گی۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پہلے سے طے شدہ اور بنیادی طور پر دفاعی امور پر مبنی ہے۔

    اپنے دورے کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اعلیٰ سعودی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، ان ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان قائم دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    ملاقاتوں کے دوران دو طرفہ دفاعی امور کے علاوہ علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دفاعی تعلقات میں مزید تعاون پر بھی غور کیا جائے گا۔

  • ریاض میں 14 میگا منصوبوں کی تکمیل

    ریاض میں 14 میگا منصوبوں کی تکمیل

    ریاض: سعودی دارالحکومت ریاض میں 14 آبی و ماحولیاتی منصوبے مکمل کر لیے گئے ہیں، منصوبوں سے شہریوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کا دائرہ وسیع ہوگا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں نیشنل واٹر کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ دارالحکومت ریاض میں 14 آبی و ماحولیاتی منصوبے مکمل کر لیے گئے ہیں جن پر 200 ملین ریال سے زیادہ کی لاگت آئی ہے۔ ان منصوبوں کا افتتاح آئندہ ماہ کے شروع میں کردیا جائے گا۔

    نئے منصوبوں سے 43 ہزار سے زائد افراد کو فائدہ ہوگا، کمپنی نے یہ آبی اور ماحولیاتی منصوبے سعودی وژن 2030 کے تناظر میں اسٹریٹجک اسکیموں کے تحت نافذ کیے ہیں۔

    نیشنل واٹر کمپنی کا کہنا ہے کہ ان منصوبوں کی بدولت ریاض میں آبی و ماحولیاتی خدمات کا معیار بلند ہوگا جبکہ سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کا دائرہ بھی وسیع ہوگا۔

    کمپنی کے مطابق 14 نئے منصوبے 178 کلو میٹر کے دائرے میں پھیلے ہوئے ہیں، ان میں سے 7 آبی منصوبے 30 کلو میٹر جبکہ نکاسی آب کے 7 منصوبے 148 کلو میٹرطویل ہیں۔

    کمپنی کا کہنا ہے کہ نئے منصوبوں سے العزیزیہ، الدار البیضا، الربوۃ، الروابی، المونسیا، الندوی، الخزامی سمیت 23 محلوں کے باشندوں کو فائدہ پہنچے گا۔

  • سعودی عرب: لاکھوں کی جعلسازی کرنے والا گروہ گرفتار

    سعودی عرب: لاکھوں کی جعلسازی کرنے والا گروہ گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں لاکھوں کی جعلسازی کرنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان لوگوں کو جھانسہ دے کر روزانہ 20 ہزار ریال کما رہے تھے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں ریاض پولیس نے مختلف جھانسہ دینے والے پیغامات کے ذریعے لوگوں سے رقمیں ہتھیانے والے 8 رکنی ایشیائی گروہ کو گرفتار کیا ہے۔

    ریاض پولیس کے ترجمان شاکر التویجری نے بتایا کہ مذکورہ غیر ملکی ملزم اپنے ہم وطنوں اور مختلف ممالک کے شہریوں کو دھوکہ دے کر ان سے رقمیں ہتھیا رہے تھے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان کا طریقہ واردات یہ تھا کہ وہ موبائل پر ایس ایم ایس بھیجتے جس میں انعام نکلنے کی خوشخبری دی جاتی یا یہ اطلاع دی جاتی کہ آپ کا بینک اکاؤنٹ بوجوہ منجمد کر دیا گیا ہے۔ اکاؤنٹ کھلوانے کے لیے اپ ڈیٹ کی کارروائی کروانا ہوگی۔

    اس طرح وہ متعلقہ شخص کی بینک کے حوالے سے خفیہ معلومات حاصل کر لیتے اور ان کے اکاؤنٹس سے یا تو کسی اور اکاؤنٹ میں رقم ٹرانسفر کردیتے یا اے ٹی ایم سے پیسے نکال لیتے تھے۔

    پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کی عمر 30 سے 40 سال کے درمیان ہے، ان کے قبضے سے 37 موبائل سیٹس برآمد ہوئے ہیں جن میں ہزاروں افراد کے نمبر درج تھے۔ موبائل سے دھوکہ دہی والے پیغامات کا ریکارڈ بھی ملا ہے جبکہ 25 ہزار ریال اور کئی اے ٹی ایم کارڈز بھی برآمد ہوئے۔

    ترجمان کے مطابق جعلسازوں نے اقبال جرم کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اس طریقہ کار سے روزانہ 20 ہزار ریال اس طریقہ کار سے کما رہے تھے۔ تمام افراد کو حراست میں لے کر ایف آئی آر درج کر کے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔

  • ریاض میں موجود پاکستانیوں کے لیے اہم اعلان

    ریاض میں موجود پاکستانیوں کے لیے اہم اعلان

    ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستانی سفارتخانے نے پاسپورٹ، نادرا شناختی کارڈ، دستاویزات کی تصدیق اور کمیونیٹی ویلفیئر سے متعلق امور سمیت تمام خدمات بحال کردی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستانی سفارت خانے نے ویزا سروسز کے علاوہ اپنی تمام قونصلر خدمات مکمل طور پر بحال کر دی ہیں۔

    بحال کی جانے والی خدمات میں پاسپورٹ، نادرا شناختی کارڈ، دستاویزات کی تصدیق اور کمیونیٹی ویلفیئر سے متعلقہ تمام سروسز شامل ہیں۔ سفارتخانے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قونصلر خدمات کے لیے ریاض ریجن میں مقیم پاکستانی پیشگی وقت لیے بغیر آسکتے ہیں۔

    بیان میں کمیونٹی سے درخواست کی گئی کہ وہ کرونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور سماجی فاصلے کا خصوصی خیال رکھیں۔

    یاد رہے کہ پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد قونصلر خدمات کے لیے ہر روز سفارت خانے اور قونصلیٹ سے رجوع کرتی ہے۔

    سفارتخانے کا کہنا ہے کہ قونصلر خدمات کے لیے رجوع کرنے والے پاکستانی سعودی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔

  • سعودی حکومت نے مملکت کا نیا نقشہ جاری کردیا

    سعودی حکومت نے مملکت کا نیا نقشہ جاری کردیا

    ریاض : سعودی حکومت نے مملکت کا نیا سرکاری نقشہ جاری کردیا، دو زبانوں میں جاری کیے گئے ڈیجیٹل نظام کے تحت تیار کیے گئے اس نقشے میں قدرتی اور پرفضا مقامات کو اجاگر کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی سروے جنرل اتھارٹی نے سعودی عرب کا نیا سرکاری نقشہ عربی اور انگریزی زبانوں میں جاری کیا ہے۔ سرکاری و نجی اداروں اورعام لوگوں کو نیا نقشہ استعمال کرنے کی ہدایت کردی گئی۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سروے جنرل اتھارٹی نے نقشے میں مملکت کی شاہراہوں، ریلوے لائن، صنعتی اداروں اور معروف زرعی فارموں کا تعارف پیش کیا ہے جبکہ مملکت کے سبزہ زاروں اور قدرتی مناظر کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔

    سعودی عرب کے نئے نقشے میں وادیوں، پہاڑوں، پہاڑیوں، قابل دید مقامات اور قدرتی مناظر اجاگر کیے گئے ہیں جبکہ سعودی عرب کی بین الاقوامی سرحدوں کی علامتیں بھی دکھائی گئی ہیں۔

    سروے جنرل اتھارٹی نے نیا نقشہ عربی اور انگریزی دونوں زبانوں میں تیار کیا ہے۔ اس میں ڈیجیٹل سسٹم استعمال کیا گیا ہے۔
    سروےجنرل اتھارٹی کی ویب سائٹ سے نیا نقشہ ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔