Tag: Riyal

  • کرونا وائرس: سعودی عرب پہنچنے والے غیرملکیوں کے لیے اہم ترین ہدایت جاری

    کرونا وائرس: سعودی عرب پہنچنے والے غیرملکیوں کے لیے اہم ترین ہدایت جاری

    ریاض: سعودی عرب کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر بیرون ملک سے مملکت پہنچنے والے مقامی شہریوں اور مملکت میں مقیم غیر ملکیوں اپنے پاس موجود کرنسی نوٹ اور سکے پہلی فرصت میں مقامی بینکوں میں جمع کروا دیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عریبین مانیٹری اتھارٹی (ساما) نے بیرون ملک سے سعودی عرب پہنچنے والے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے پاس موجود کرنسی نوٹ اور سکے پہلی فرصت میں مقامی بینکوں میں جمع کروا دیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ کرنسی نوٹ اور سکوں سے کرونا وائرس پھیلنے کا بڑا امکان ہے لہٰذا یہ فیصلہ کرونا وائرس سے بچانے کے لیے کیا گیا ہے۔

    ساما کے مطابق کرنسی نوٹ اور سکے سمیت ایسی تمام اشیا جن سے ہم روزمرہ کی زندگی میں لین دین کرتے ہیں، ان سب کے سلسلے میں مقامی شہری اور مقیم غیر ملکی انتہائی محتاط ہوجائیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ دروازوں اور گاڑیو ں کے ہینڈل، بازاروں میں اشیائے صرف، ہوائی اڈوں یا پبلک مقامات اور چھتوں وغیرہ کے استعمال کے سلسلے میں بھی ہوشیار رہیں، ان سب سے وائرس منتقل ہوسکتا ہے۔

    ساما نے تمام شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ یومیہ استعمال کی ہر شے کے سلسلے میں انتہائی احتیاط برتیں۔ ذاتی صفائی کی جملہ تدابیر کا بے حد اہتمام کریں۔ خود کو کرونا وائرس سے بچانے پر توجہ مرکوز کریں، صابن اور پانی سے مسلسل ہاتھ دھوتے رہیں۔ انفلوائنزا کی علامات محسوس ہوتے ہی متعلقہ طبی اداروں سے رابطہ کریں۔

    ساما کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کرنسی نوٹ اور سکوں کے لین دین کے سلسلے میں اندرون ملک اور بیرون ملک مالیاتی اداروں سے رابطوں میں ہیں اور ان سب کے ساتھ مل کر احتیاطی تدابیر کر رہے ہیں۔

  • ریاض میں جعلی ریال پھیلانے والا گروہ گرفتار

    ریاض میں جعلی ریال پھیلانے والا گروہ گرفتار

    ریاض: سعودی دارالحکومت ریاض میں جعلی ریال پھیلانے والے گروہ کو گرفتار کرلیا گیا، مذکورہ گروہ کے پاس سے 8 لاکھ ریال مالیت کے جعلی نوٹ برآمد ہوئے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ریاض ریجن میں قانون نافذ کرنے والے ادارے نے لاکھوں جعلی کرنسی نوٹ مارکیٹ میں پھیلانے کی کوشش ناکام بنا دی اور ملوث گروہ کو گرفتار کرلیا ہے۔

    ریاض پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق گروہ کے بارے میں پولیس کو متعدد ذرائع سے اطلاعات ملی تھیں کہ ان کی جانب سے جعلی نوٹ مارکیٹ میں پھیلانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

    اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے خفیہ اہلکاروں کے تعاون سے گروہ کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    ملزمان نے ریاض کے ایک علاقے میں اپنا اڈہ قائم کررکھا تھا جہاں سے وہ جعلی کرنسی نوٹ شہر میں پھیلانے کا ارادہ رکھتے تھے۔ پولیس کی جاری کردہ ویڈیو میں دکھایا گیا کہ 500 ریال کے جعلی نوٹ ضبط کیے گئے جن کی مالیت 8 لاکھ ہے۔

    اس سے قبل بھی ریاض پولیس نے جعلی ڈالر تیار کرنے والا ایک گروہ گرفتار کیا تھا۔ گروہ کے قبضے سے 5 لاکھ جعلی ڈالر برآمد ہوئے تھے۔

    گروہ کو اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ جعلی ڈالروں کا سودا کر رہے تھے۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے ان سے ڈالروں کا سودا کیا اور سودا ہوتے ہی رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

  • موٹاپے سے پریشان سعودیوں نے اربوں ریال خرچ کر ڈالے

    موٹاپے سے پریشان سعودیوں نے اربوں ریال خرچ کر ڈالے

    ریاض : موٹاپے سے نجات کیلئے سعودی شہریوں نے سال 2018 میں 3.8 ارب ریال خرچ کرڈالے، عالمی سطح پر مشترکا کوششیں نہ کی گئیں تو دنیا بھر میں 2.7 ارب افراد 2025 تک موٹاپے کا شکار ہوجائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق موٹاپے کو بڑھانے کے لیے انسان کو زیادہ کوشش نہیں کرنا پڑتی لیکن اسے کم کرنا جان جوکھوں کا کام ہے، سعودی عرب کی آبادی کا 50 فیصد حصہ موٹاپے کا شکار ہے اور اس سے نجات حاصل کرنے کے لیے سعودی شہریوں نے سال 2018 میں 3.8 ارب ریال خرچ کرڈالے۔

    مقامی اخبار الوطن نے اعداد و شمار جمع کرنے والے ادارے ریسرچ اینڈ مارکیٹس کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ سعودی شہریوں نے وزن کم کرانے والی ادویہ کے علاوہ ورزش کے آلات خریدنے اور ورزش کے مراکز کی فیسوں پر 3.8 ارب ریال خرچ کیے۔

    سعودی ذیابیطس کونسل کا کہنا ہے کہ آبادی کے تناسب کا 50 فیصد حصہ موٹاپے کا شکار ہے، کونسل کے مطابق سعودی عرب میں مردوں کے مقابلے میں خواتین میں مٹاپے کی شرح کہیں زیادہ ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ موٹاپے کی بڑھتی ہوئی شرح کو دیکھتے ہوئے ریسرچ اینڈ مارکیٹس کے ماہرین کا اندازہ ہے کہ 2019 میں وزن کم کرانے پر سعودی شہری 5.9 ارب ریال خرچ کریں گے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ موٹاپے کی شرح اسی رفتار سے بڑھتی رہی تو اخراجات میں بھی اسی تناسب سے اضافہ ہوتا رہے گا۔

    عرب خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی ذیابیطس کونسل نے گذشتہ ہفتے مشرقی ریجن میں منعقد ہونے والی کانفرنس کے دوران وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ سرکاری اعداد و شمار کا حوالہ دے کر کہا تھا کہ سعودی عرب میں 25فیصد آبادی ذیابیطس کا شکار ہے جبکہ 50 فیصد مرد و خواتین کو مٹاپا لاحق ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق جدید طرز زندگی اور تساہل پسندی کی وجہ سے ذیابیطس اور مٹاپے کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر مشترکہ کوششیں نہ کی گئیں تو دنیا بھر میں 2.7 ارب افراد 2025ء تک موٹاپے کا شکار ہوجائیں گے۔

    کونسل نے کہا ہے کہ ذیابیطس کی وجہ سے دنیا بھر میں سالانہ 5ہزار افراد کے پاؤں کاٹ دیئے جاتے ہیں، اس وقت 3.8 ملین سعودی شہری ذیابیطس کی سنگین حالت سے دوچار ہیں۔

    خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ دستیاب معلومات کے مطابق اس مرض کی وجہ سے اب تک 14665 افراد جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔

    کونسل نے کہا ہے کہ ذیابیطس کی وجہ سے لوگوں میں دل، گردوں اور اسی طرح کے دیگر امراض پیدا ہورہے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق کونسل نے کہا کہ موٹاپے کو کم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ مناسب غذا استعمال کی جائے، خواتین خاص طو رپر اپنی صحت کا خیال رکھیں، جسم کو ضرورت کے مطابق کیلوریز دی جائیں۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ طرز زندگی میں تبدیلی لائی جائے، تساہل پسندی کو ترک کرکے جسمانی مشقت اور ورزش کو اپنایا جائے۔

  • نامعلوم سعودی شیخ نے دیت ادا کرکے پاکستانی قیدی کو رہا کرادیا

    نامعلوم سعودی شیخ نے دیت ادا کرکے پاکستانی قیدی کو رہا کرادیا

    جدہ: سعودی عرب کی جیل میں گزشتہ ایک سال سے قید پاکستانی ٹرک ڈرائیور رستم خان غربت کے باعث اپنی دیت کی رقم ڈھائی لاکھ ریال کا بندوبست نہیں کرپارہا تھا تاہم اس دوران ایک سعودی شخص نے خاموشی سے جیل پہنچ کر رقم ادا کی اور ٹرک ڈرائیور کو قید سے آزادی دلوائی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں مزدوری کی غرض سے جانے والے پاکستانی ڈرائیور رستم خان کے ٹرک کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار جاں بحق ہوا جس کے بعد عدالتی فیصلے کی روشنی میں ٹرک ڈرائیور کو گزشتہ ایک سال قبل جیل بھیج دیا گیا تھا۔

    کم آمدنی کے باعث رستم خان پہلے ہی بمشکل گزارہ کرنے پر مجبورتھا تاہم  حادثے کے بعد سعودی عدالتوں نے  رہائی کے لیے ڈھائی لاکھ سعودی ریال خون بہا (دیت) کے طور پر جرمانہ عائد کیا تھا‘ جسے ادا کرنا اُس کے لیے ناممکن تھا۔

    عدالت سے جرمانے کی سزا سننے کے بعد پاکستانی ڈرائیور نے کئی بار رقم جمع کرنے کی کوشش کی تاہم وہ ناکام رہے ‘ انہوں نے مدد طلب کرنے کے لیے ایک سوشل میڈیا کے توسط سے ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا مگر اُس میں بھی ناامیدی کا سامنا رہا اور انہیں مایوس ہوگئے تھے۔


    پڑھیں: سعودی عرب: 4 برس کے دوران 7662 پاکستانی گرفتار،فہرست تیار


    رستم خان نے مدد کے لیے جاری ہونے والے اپنے بیان میں اعلان کیا تھا کہ وہ دیت کی رقم ادا کرنے کے لیے اپنا گردہ تک فروخت کرنے کو تیار ہیں‘ اس پیغام کی سوشل میڈیا پر بہت تشہیر ہوئی جس کے بعد مقامی سعودی شیخ نے اس کا نوٹس لیا۔

    نفسا نفسی اور پیسوں کے حصول  والی دنیا میں تاحال ایسے لوگ موجود ہیں جو خاموشی سے حاجت مندوں کی امداد کرتے ہیں اور اپنی شناخت کے حوالے سے کسی کو بھی کانوں کان خبر نہیں ہونے دیتے۔

    سعودی شیخ نے ویڈیو دیکھنے کے بعد خاموشی سے تھانے جاکر دیت کی رقم ڈھائی لاکھ ریال ادا کیے جس کے بعد پاکستانی ٹرک ڈرائیور کو رہائی ملی‘ اس ضمن میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں سعودی اداکار فائز المالکی مخاطب تھے اور اعلان کررہے تھے کہ’’ایک مخیر شخص نے دیت کی رقم ادا کردی ہے اور اُس نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط رکھی ہے‘‘۔


    مزید پڑھیں: سعودی عرب کا پاکستانی تاجروں کو 2 سال کا ملٹی پل ویزا دینے کا اعلان


    اس ویڈیو کلپ میں فائز المالکی ڈھائی لاکھ ریال کی رقم گن رہے تھے اور پھر اس کو رستم خان کے ایک رشتے دار کے حوالے کررہے تھے۔ متوفیٰ فوجی اہلکار کے والدین خون بہا لینا نہیں چاہتے تھے‘اس لیے یہ رقم اس کے وارثوں کو ادا کر دی گئی ہے۔