Tag: road accident

  • چین میں ٹرک جنازے میں شریک لوگوں پر چڑھ دوڑا، 19 ہلاک

    بیجنگ: چین میں ایک ٹرک جنازے میں شریک لوگوں پر چڑھ دوڑا، جس کے باعث 19 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہو گئے۔

    عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ جيانغشی صوبے کی نانچنگ کاؤنٹی میں ایک ٹرک جنازے کے جلوس پر چڑھ دوڑا، اس ٹریفک حادثے میں کم از کم اُنیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    ریاستی نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی نے حادثے کو ’بڑا ٹریفک حادثہ‘ قرار دیا، اور کہا کہ یہ حادثہ اتوار کو مقامی وقت کے مطابق صبح 1 بجے سے پہلے پیش آیا۔

    مقامی میڈیا کو ایک خاتون نے بتایا کہ اتوار کی صبح مردے کو جلانے کے لیے لے جانے سے قبل لوگ سڑک کے کنارے میت کا آخری دیدار کر رہے تھے، کہ ایک ٹرک آگھسا اور لوگوں کو کچل دیا۔

    ایک شخص نے بتایا کہ ان کی بیوی جنازے میں شریک تھی، وہ بھی حادثے میں چل بسی۔ انھوں نے کہا کہ ٹرک اچانک پچھلی قطار سے ٹکرایا اور لوگوں کو کچلتا ہوا جنازے کی گاڑی تک پہنچا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ دھند کے باعث پیش آیا ہے، حادثے کی خبر سامنے آنے کے تقریباً ایک گھنٹہ بعد نانچنگ کاؤنٹی ٹریفک پولیس نے ڈرائیوروں کو ایک سفری تجویز جاری کی اور کہا کہ علاقے میں دھند چھائی ہوئی ہے، حد نظر کم ہے اس لیے احتیاط کریں۔

  • خاتون موت کے منہ سے کیسے بچ گئی، ویڈیو دیکھنے والے بھی دنگ رہ گئے

    خاتون موت کے منہ سے کیسے بچ گئی، ویڈیو دیکھنے والے بھی دنگ رہ گئے

    ایک راہ گیرخاتون تیز رفتار کار اور رکشے کی ٹکر کے بعد اس کے درمیان ہونے کے باجود مکمل طور پر محفوظ رہی، سڑک پر ہونے والے خوفناک حادثے نے دیکھنے والوں کو حیرت زدہ کردیا۔

    جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے کی کہاوت حقیقت کی دنیا میں کبھی کبھار ہی صادق آتی ہے، اس کہاوت کا ایک زندہ ثبوت حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے۔

    یہ سی سی ٹی وی فوٹیج سماجی رابطے کی بیشتر ویب سائٹس پر موجود ہے جس میں زندگی اور موت کے کھیل کو بہت قریب سے دیکھا جاسکتا ہے۔

    حادثہ اس قدر اچانک ہوا کہ دیکھنے والے دنگ رہ گئے، بھارت کی ایک مصروف شاہراہ پر ایک خاتون سڑک کے کنارے سکون سے اپنے راستے پر چل رہی تھی۔

    اسی راستے پر ایک رکشہ ڈرائیور بھی سواری کے انتظار میں کھڑا تھا کہ اچانک سامنے سے ایک تیز رفتار کار بے قابو ہوکر رکشے کے پیچھے آ ٹکرائی۔

    زور دار ٹکر کے بعد رکشہ الٹ کر گھسٹتا ہوا دور جاتا ہے اور اسی لمحے کار بھی الٹ کرگرجاتی ہے لیکن خاتون ان دونوں گاڑیوں کے درمیان ہوتے ہوئے بھی بال بال بچ گئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون موت کے منہ سے کس طرح بچ نکلی، اس قدر خوفناک ٹریفک حادثے میں عام طور پر کسی شخص کا بچ جانا کسی معجزے سے کم نہیں۔

    سوشل میڈیا پر صارفین ویڈیو دیکھ کر دنگ رہ گئے اور اپنے کمنٹس میں کار ڈرائیور کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا،ان کا کہنا تھا کہ بے پرواہ اور غیر ذمہ دار شخص کا ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کیا جائے۔

    اس فوٹیج کی جگہ اور وقت کا تعین نہیں کیا جا سکا مگراس نے اس کہاوت کو سچ کر دکھایا کہ ’’جسے اللہ نہ مارنا چاہے دنیا کی
    کوئی طاقت اس سے زندگی نہیں چھین سکتی۔‘‘

  • بیٹے کی موت : والدین نے ایسا کام کردیا کہ دیکھنے والے بھی رو پڑے

    بیٹے کی موت : والدین نے ایسا کام کردیا کہ دیکھنے والے بھی رو پڑے

    تامل ناڈو : بھارت میں بے بس والدین نے اپنے بیٹے کی موت کے بعد اس کی یادیں زندہ رکھنے کیلیے ایسا کام کیا کہ دیکھنے والے بھی غمزدہ ہوگئے۔

    کسی بھی حادثے میں اپنے پیارے کو کھودینا یقینی طور پر سب سے زیادہ تکلیف دہ چیز ہے جس سے کوئی بھی گزر سکتا ہے، اس نقصان سے زندگی میں جوخلاء پیدا ہوجاتا ہے وہ کبھی پورا نہیں ہوسکتا۔

    ہر انسان اپنے عزیز کی موت کے بعد اس کا غم اپنے انداز سے مناتا ہے جس سے اس کی اس م،رحوم سے محبت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

    silicone statue of boy

    کچھ ایسا ہی بھارتی ریاست تامل ناڈو میں ہوا کہ جہاں ایک خاندان نے ٹریفک حادثے میں اپنے پیارے بیٹے کوکھونے کے بعد اس بات کو یقینی بنایا کہ وہ اس کی غیرموجودگی کو کبھی محسوس نہیں ہونے دیں گے۔

    پنڈ دورائی نامی 24 سالہ نوجوان سال 2020میں ایک سڑک حادثے میں اپنی جان گنوا بیٹھا اس کی موت کی اطلاع والدین کیلیے کسی قیامت سے کم نہیں تھی۔

    statue of boy

    کئی دن اس غم میں مبتلا رہنے کے بعد جب خاندان کے افراد نے اس حقیقت سے سمجھوتہ کرلیا کہ پنڈ دورائی اب ان کے ساتھ نہیں رہا تو انہوں نے اس کی یادوں کو محفوظ رکھنے کیلئے اس کا مجسمہ بنوا لیا۔

    والدین نے اس کا مجسمہ اس کے کمرے میں رکھوا لیا ہے جہاں وہ اکثر بیٹھ کر ٹی وی دیکھا کرتا تھا، نوجوان کے والد کا کہنا تھا کہ میں اب خوش ہوں کہ میں اپنے بیٹے کو دیکھ سکتا ہوں، حالانکہ یہ ایک سیلیکون سے بنا مجسمہ ہے۔

    متوفی کی والدہ کا کہنا تھا کہ ان کا بیٹا ہمیشہ کمرے میں ٹیلی ویژن دیکھتے ہوئے دیکھا جاتا تھا لہذا یہ مناسب اقدام تھا کہ اس کے مجسمے کو اسی کمرے میں رکھا جائے۔

  • فیصل آباد میں  کار کی ٹکر سے 24 سالہ لڑکی جاں بحق

    فیصل آباد میں کار کی ٹکر سے 24 سالہ لڑکی جاں بحق

    فیصل آباد: کینال روڈ پر کار کی ٹکرسے 24 سالہ لڑکی جاں بحق ہوگئی، تاہم حادثے کا مرتکب ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر فیصل آباد کے کینال روڈ پر کار کی ٹکر سے 24سال کی لڑکی جاں بحق ہوگئی ، پولیس کا کہنا ہے کہ نارووال کی رہائشی مقامی شاپنگ مال میں ملازمت کرتی تھی ، لڑکی ڈیوٹی کے بعدگھرجانے کے لئے سڑک عبورکررہی تھی کہ تیز رفتارکار کی زدمیں آگئی۔

    پولیس کے مطابق حادثے کا مرتکب ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جبکہ ضابطے کی کارروائی کیلئے لڑکی کی لاش کو الائیڈ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    یاد رے گذشتہ ماہ لاہور میں کلمہ چوک کے قریب تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا تھا ، پولیس کا کہنا تھا کہ فردو س مارکیٹ کے قریب تیز رفتار کار نے موٹرسائیکل کو ٹکر ماری تھی۔

  • اندوہناک ٹریفک حادثے نے لوگوں کو خوفزدہ کردیا

    اندوہناک ٹریفک حادثے نے لوگوں کو خوفزدہ کردیا

    قاہرہ : جنوبی مصر میں ایک خوفناک ٹریفک حادثے میں19 افراد جان سے چلے گئے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے،، زخمیوں کو سوئز بندرگاہ کے علاقے میں واقع ہسپتال میں منتقل کردیا گیا۔

    مصر میں بدھ کو قاہرہ کے باہر گاڑیوں کے تصادم میں کم از کم 19 افراد ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے، عرب نیوز نے مصری اخبار الاھرام کے حوالے سے بتایا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب دریائے نیل کے کنارے قاہرہ کے نواح کو ملانے والی شاہراہ پر مسافر منی بس ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔

    ایک اور سرکاری اخبار الیوم نے بتایا کہ غلط سمت سے شاہراہ کو عبور کرنے والا ٹرک اور مسافر منی بس آمنے سامنے سے ٹکرا گئے۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی تصاویر میں نعشوں کو سڑکوں پر پڑے ہوئے اور ایمولینسز کو انہیں اٹھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

    یاد رہے کہ مصر میں ٹرانسپورٹیشن سیفٹی ریکارڈ خراب ہے، ہر سال ٹریفک حادثات میں ہزاروں افراد ہلاک ہوجاتے ہیں۔ یہ حادثات زیادہ تر تیز رفتاری، خراب سڑکوں یا ٹریفک قوانین کے ناقص نفاذ کی وجہ سے ہوتے ہیں۔

    گزشتہ ماہ قاہرہ کو سوئیز شہر سے ملانے والی شاہرہ پر بس الٹ گئی تھی جس کے نتینجے میں کم از کم 12 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوئے تھے۔

    اپریل میں جنوبی اسویط میں شاہراہ پر ایک بس ٹرک کو اوورٹیک کرنے کی کوشش میں الٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔

    مصر کے سرکاری ادارے شماریات کا کہنا ہے کہ 2019 میں تقریبا 10 ہزار سڑک حادثات ہوئے۔ سال رواں دستیاب اعداد وشمار کے مطابق حادثات میں 3 ہزار 480 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔2018میں 8 ہزار 480 کار حادثات ہوئے جن میں 3 ہزار 80 اموات ہوئی ہیں۔

    واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت کی سال 2015 میں تیارکردہ رپورٹ کے مطابق مصر ذرائع نقل و حمل بالخصوص شاہراہوں پر حفاظتی اقدامات کے معاملے میں عرب ممالک میں 16 اورعالمی سطح پر109 ویں نمبر پرہے۔

  • امریکی ریاست میں خوفناک ٹریفک حادثہ

    امریکی ریاست میں خوفناک ٹریفک حادثہ

    واشنگٹن: امریکی ریاست الاباما میں شدید بارشوں اور طوفان کے باعث متعدد گاڑیاں آپس میں ٹکراگئیں۔

    امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست الاباما میں بارش اور طوفان کے باعث اٹھارہ گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں نو بچوں سمیت دس افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

    امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق دلخراش حادثہ ریاست الباما کے علاقے طللا پوسا کاؤنٹی میں ہوا ،جہاں اسکول طالب علموں کی گاڑی طوفان کے باعث الٹ گئی، جس کے باعث دیگر گاڑیاں بھی اس سے جا ٹکرائی۔

    واقعے میں نوماہ کی بچی سمیت دس افراد ہلاک ہوئے، ہلاک ہونے والوں میں آٹھ اسکول طالبات بھی تھیں۔

    الباما کی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خطرناک طوفان ریاست میں تباہی مچانے کے بعد اب بحر اوقیانوس کی جانب بڑھ رہا ہے، جہاں اس کے دوبارہ مضبوط ہونے کی پیش گوئی کی جارہی ہے۔

  • خوشاب: دلخراش ٹریفک حادثہ، 7 جانیں نگل گیا

    خوشاب: دلخراش ٹریفک حادثہ، 7 جانیں نگل گیا

    خوشاب: صوبہ پنجاب کے ضلع خوشاب میں دلخراش واقعہ پیش آیا ہے، جہاں مسافر وین اور ٹرک کے درمیان ہونے والے تصادم کے نتیجے میں سات افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مسافروں سے بھری وین میانوالی سے خوشاب جارہی تھی کہ بوتالہ کے قریب مخالف سمت سے آنے والے منی ٹرک سے ٹکراگئی، جس کے نتیجے میں سات افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ نو زخمی ہوگئے۔

    واقعے کے اطلاع ملنے پر امدادی ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو جوہرآباد منتقل کیا،جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے، امدادی ٹیموں کے مطابق حادثہ شدید دھند کے باعث پیش آیا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے خوشاب ٹریفک حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مسافروں کے لواحقین سے ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے، سردار عثمان بزدار نے نےافسوسناک حادثے سے متعلق فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    گوجرانوالہ: دھند کے باعث متعدد گاڑیاں ٹکرا گئیں

    دوسری جانب گوجرانوالہ کے علاقے کامونکی میں دھند کے باعث چودہ گاڑیاں آپس میں ٹکراگئیں، حادثے میں بارہ افراد زخمی ہوئے، امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا ہے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ فیروزوالا میں رستم پورہ اسٹاپ نارووال روڈپر دھند کے باعث بس الٹ گئی، حادثے میں ایک مسافر جاں بحق جبکہ اٹھارہ زخمی ہوئے، بس لاہور سے نارووال جارہی تھی۔

    موٹر وے کئی مقامات پر بند

    لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کا راج ہے، جس کے باعث موٹروےایم3،لاہور سے عبدالحکیم تک دھند کے باعث بند کردیا گیا ہے، موٹروےایم 4،پنڈی بھٹیاں سےچراغ آباد تک دھند کےباعث بند کردیا گیا ہے۔

    ترجمان موٹر وے کے مطابق قومی شاہراہ پر دھند سے متاثرہ علاقوں میں حدنگاہ20میٹر رہ گئی ہے، شاہ کوٹ اورگردونواح میں شدید دھند،حد نگاہ 5میٹررہ گئی ہے۔

  • بھارت میں خوفناک ٹریفک حادثہ، خواتین اور بچے سمیت 11ہلاک

    بھارت میں خوفناک ٹریفک حادثہ، خواتین اور بچے سمیت 11ہلاک

    نئی دہلی : بھارت میں تیز رفتار ٹرک اور ٹرالر میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں11 افراد ہلاک جبکہ 17زخمی ہوگئے، مرنے والوں میں5 خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔

    یہ اندوہناک حادثہ بھارتی ریاست گجرات کے شہر بڑودہ میں پانی گیٹ علاقے میں بدھ کے روز پیش آیا، حادثے میں 17 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو بڑودہ کے اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    اس حوالے سے ایڈیشنل کمشنر پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ واگھوڈیا چوکڑی کی سوسائٹی کے قریب بدھ کی صبح ایک ٹرک اور ٹرالر میں ٹکر ہوئی ہے۔ حادثے میں ٹرک میں سوار 26 افراد میں سے 11 افراد کی موت ہوگئی جبکہ17 زخمی ہو گئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی شناخت ابھی تک نہیں ہو پائی ہے، تمام متاثرہ افراد سورت سے مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے پاواگاڑھ کی جانب جا رہے تھے۔

    پولیس نے موقع پر پہنچ کر ضروری کارروائی شروع کر دی ہے۔ اس حادثہ پر وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس لیڈر راہل گاندھی، گجرات کے وزیرا علیٰ وجے روپانی سمیت متعدد سیاسی رہنماؤں نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

  • دہلی سے مدھیہ پردیش پیدل جانے والا ڈلیوری بوائے راستے میں دم توڑ گیا

    دہلی سے مدھیہ پردیش پیدل جانے والا ڈلیوری بوائے راستے میں دم توڑ گیا

    نئی دہلی: بھارت میں لاک ڈاؤن کے سبب دہلی سے مدھیہ پردیش پیدل جانے والا ایک ڈلیوری بوائے راستے میں ہی دم توڑ گیا، ایک اور واقعے میں گھروں کو لوٹنے والے 7 مزدور ٹرک کی ٹکر سے ہلاک ہوگئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی کے علاقے پیڈا گولکنڈہ کے پاس مزدوروں سے بھری ایک وین کو تیز رفتار ٹرک نے ٹکر مار دی، وین میں موجود 7 مزدور ہلاک جبکہ 2 بچوں سمیت 4 افراد زخمی ہوئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ وین میں 31 مزدور سوار تھے جن میں سے 5 موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 2 بعد ازاں دوران علاج جان کی بازی ہار گئے۔

    تمام مزدور دہلی میں سڑک بنانے کے کام میں مصروف عمل تھے تاہم لاک ڈاؤن کے بعد کام بند ہوجانے کے باعث واپس کرناٹک اپنے گھروں کو جارہے تھے۔

    پولیس کے مطابق حادثے کا سبب بننے والا ٹرک آموں سے لدا ہوا گجرات جارہا تھا جو اپنی تیز رفتاری کے باعث ہولناک حادثے کا سبب بنا۔

    دوسری جانب بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دہلی میں ایک شخص پیدل مدھیہ پردیش جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا۔ 39 سالہ سنجے گپتا 3 بچوں کا باپ تھا اور دہلی میں ڈلیوری بوائے کا کام کرتا تھا۔

    لاک ڈاؤن کے بعد وہ اپنے گھر مدھیہ پردیش جانا چاہتا تھا اور اسے کے لیے اس نے 831 کلو میٹر سے بھی زائد کا راستہ پیدل اختیار کیا۔

    200 کلو میٹر پیدل چلنے کے بعد وہ بے ہوش کر گر پڑا، قریبی دکانداروں نے اسے اٹھایا اور پانی پلایا۔

    ان کے مطابق متاثرہ شخص نے سینے میں درد کی شکایت کی جبکہ اس نے اپنے کسی رشتے دار کو فون بھی کیا اور اپنی حالت کے بارے میں بتایا۔

    تاہم تھوڑی دیر بعد وہ دم توڑ گیا جس کے بعد دکانداروں نے پولیس کو بلا لیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق مذکورہ شخص کو پیدل چلنے کی وجہ سے سینے میں درد اٹھا جو جان لیوا ثابت ہوا۔

  • ڈی آئی خان : بس اور ٹریلر میں تصادم، 8 افراد جاں بحق، وزیراعظم کا اظہار افسوس

    ڈی آئی خان : بس اور ٹریلر میں تصادم، 8 افراد جاں بحق، وزیراعظم کا اظہار افسوس

    ڈی آئی خان : ڈیرہ اسماعیل خان میں بس اور ٹریلر کے درمیان ہونے والے خوفناک تصادم میں8 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، وزیراعظم نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ رمک میں کہری کے مقام پر خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے، بس اور ٹریلر میں ٹکرسے 8افراد موقع پر جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    مذکورہ مسافر بس مردان جارہی تھی، حادثے کے فوری بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، اس حوالے سے ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق اور زخمی افراد کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان کا اظہار افسوس

    علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے ڈی آئی خان میں ٹریفک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے اور ان کیلئے صبر کی دعا کی، وزیرا عظم نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی ڈی آئی خان ٹریفک حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے جاں بحق افراد کےلواحقین سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے، وزیراعلیٰ نے زخمی مسافروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔