Tag: road accident

  • سیالکوٹ : خوفناک ٹریفک حادثہ، ایک ہی خاندان کے 6افراد جاں بحق

    سیالکوٹ : خوفناک ٹریفک حادثہ، ایک ہی خاندان کے 6افراد جاں بحق

    سیالکوٹ : ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے چار سالہ بچی سمیت6افراد جاں بحق ہوگئے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حادثے کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں پسرور روڈ پر خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے، دو گاڑیوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں چھ افراد جاں بحق ہوگئے، متوفیان کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

    اطلاعات کے مطابق تین افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا جبکہ تین افراد اسپتال پہنچ کر دوران علاج دم توڑ گئے، متوفیان کی لاشیں لواحقین کے حوالے کردی گئیں۔

    اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں35سالہ محمد یعقوب،38سالہ محمد فاروق30 سالہ رضیہ مظفر،14سالہ صدف ذوالفقار چار سالہ فضیلت مظفر، سفیان علی اور24سالہ ڈرائیور بھی شامل ہیں۔

    علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پسرور کے قریب ٹریفک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے حادثے کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

  • اماراتی ریاست راس الخیمہ میں خوفناک ٹریفک حادثہ، چار نوجوان ہلاک

    اماراتی ریاست راس الخیمہ میں خوفناک ٹریفک حادثہ، چار نوجوان ہلاک

    راس الخیمہ : متحدہ عرب امارات میں ہولناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں چار کم عمر نوجوان ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارت کی ریاست راس الخیمہ میں گزشتہ رات خطرناک ٹریفک حادثے میں یو اے ای سے تعلق رکھنے والے تین نوجوان اور ایک ایشائی شہری ہلاک ہوگیا ہلاک ہونے والے دو نوجواںوں کی عمر 10 برس جبکہ دو نوجوانوں کی عمر 18 برس تھی۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ایس یو وی میں سوار تین اماراتی نوجوان شدید زخمی ہوئے ہیں جن میں دو کی عمر 13 برس اور ایک کی عمر 20 برس ہے۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کار حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، گاڑی شیخ محمد بن زید روڈ پر بہتر تیز رفتار کے ساتھ چل رہی کہ اچانک ٹائر پھٹ گیا جس کے باعث گاڑی کنٹرول سے باہر ہوئی اور متعدد بار بری طرح کلابازیاں کھاتے ہوئے دور جاگری۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو خلیفہ اسپتال منتقل کردیا ہے جہاں ایک 13 سالہ بچے کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے جبکہ دیگر دو زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کے جسد خاکی خلیفہ اسپتال کے مردہ خانے منتقل کردی گئی ہیں۔

    پولیس نے کار سواروں پر زور دیا ہے کہ گاڑی چلانے والے افراد سفر پر روانہ ہونے سے قبل ٹائر سمیت اپنی گاڑیوں کا معائنہ کریں تاکہ دوران سفر کسی بھی بڑے حادثے سے بچ سکیں۔

    شارجہ: ہولناک ٹریفک حادثہ، بھارتی سیاح جوڑا ہلاک، 5 افراد زخمی

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں ہولناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں بھارتی میاں بیوی ہلاک جبکہ پانچ افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    سیاح جوڑا خاندان کے دیگر افراد سے ملنے اور سیروتفریح کے غرض سے متحدہ عرب امارات آیا تھا، خاندان کے دیگر افراد کا کہنا تھا کہ ان کی موت کی خبر سن کر دل دہل گیا اور ہم سب ابھی تک صدمے کا شکار ہیں۔

  • سابق کرکٹر محمد آصف کی گاڑی کو حادثہ، آصف اور اہلیہ  سمیت دو بیٹیاں زخمی

    سابق کرکٹر محمد آصف کی گاڑی کو حادثہ، آصف اور اہلیہ سمیت دو بیٹیاں زخمی

    لاہور : ڈیفنس میں سابق کرکٹر محمد آصف کی گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی . جس کے باعث محمد آصف ، اہلیہ اور دو بیٹیاں زخمی ہوئی ، زخمیوں کو سروسز اسپتال منتقل کر دیا گیا ، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ڈیفنس فیزون میں رات گئے کرکٹر محمد آصف کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا، حادثے میں محمد آصف،اہلیہ اور دو بیٹیاں زخمی ہوئی۔

    ریسکیو نے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں سٹی سکین کی مشین کا اسٹاف نہ ہونے پرانہیں سروسز اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمیوں کے سٹی سکین کئے گئے۔

    کرکٹر محمد آصف کے مطابق تیزرفتارگاڑی سے بچنے کی کوشش میں ان کی کار فٹ پاتھ پر چڑھ گئی، جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔

    ڈاکٹروں کے مطابق چاروں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔

    خیال رہے  2010 میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل  پاکستان کے تین کرکٹرز سلمان بٹ، محمد آصف اور محمدعامر ملوث پائے گئے تھے جس پر انہیں 5 سال کے لیے ہر طرز کی کرکٹ سے دور کردیا گیا تھا، صرف اتنا ہی نہیں دھوکہ دہی کیس میں پاکستانی کھلاڑیوں کو برطانیہ میں جیل بھی کاٹنا پڑی تھی۔

    کرکٹر محمد آصف سزا پوری کرنے کے بعد وہ اب واپڈا کی نمائندگی کررہے ہیں۔

    یاد رہے سلمان بٹ اور محمد آصف نے بھی باضابطہ طور اپنے جرم کا اعتراف کیا اور قوم سے معافی مانگی تھی، آئی سی سی کو درخواست دینے کے بعد سلمان بٹ کی پانچ سال معطلی اور محمد آصف کی دو سال معطلی کی سزا ختم کردی گئی اور  19جون 2015  کو آئی سی سی نے اعلان کیا کہ تینوں کرکٹرز 5سال کی پابندی ختم ہونے پر انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کیلیے آزاد ہوں گے۔

  • ٹریفک حادثے کی صورت میں کیا کیا جائے؟

    ٹریفک حادثے کی صورت میں کیا کیا جائے؟

    آج کل ٹریفک حادثات روز کا معمول بن گئے ہیں۔ لوگوں کی جلد بازی اور ٹریفک اشاروں کو نظر انداز کردینا افسوس ناک حادثات کا سبب بنتا ہے۔

    ایک تحقیق کے مطابق کسی بھی حادثے کا شکار ہونے والے موٹر سائیکل سوار افراد کی 90 فیصد اموات ہیلمٹ نہ پہننے کے باعث ہوتی ہیں۔

    ایک مصروف سڑک پر ہونے والا معمولی حادثہ بھی نہایت بھیانک بن سکتا ہے کیونکہ پیچھے سے آنے والی گاڑیاں حادثے کا شکار افراد پر چڑھ کر یا اچانک بریک لگا کر دوسری گاڑیوں کے ٹکرانےکی وجہ سے حادثے کی شدت میں اضافہ کرسکتی ہیں۔

    یہاں ہم آپ کو بتا رہے ہیں کہ خدانخواستہ کسی حادثے کا شکار ہونے کی صورت میں آپ کو کیا اقدامات اٹھانے چاہیئں۔


    اپنے آپ کو چیک کریں

    اگر خدانخواستہ آپ کسی حادثے کا شکار ہوئے ہیں تو سب سے پہلے آپ اپنے کو چیک کریں کہ آپ کو کہاں چوٹ لگی ہے۔ بظاہر معمولی محسوس ہونے والی چوٹ یا دھکہ بعض اوقات جان لیوا بھی ثابت ہوسکتا ہے اور اس کی شدت 3 سے 4 گھنٹوں بعد ظاہر ہوتی ہے۔

    لہٰذا ایکسیڈنٹ میں لگنے والی کسی بھی چوٹ کو نظر انداز نہ کریں اور موقع پر موجود ایمبولینس کے تربیت یافتہ عملے کی مدد حاصل کریں۔

    جائے وقوع سے چلے جانے کے بعد بھی کسی ڈاکٹر کو دکھانا از حد ضروری ہے تاکہ اندرونی طور پر لگنے والی کسی چوٹ کے بارے میں فوری معلوم ہوسکے۔


    زخمیوں کی مدد کریں

    اگر خوش قسمتی سے آپ زخمی نہیں ہوئے اور آپ کو کسی مدد کی ضرورت نہیں، یا ایمبولینس کے عملے نے طبی امداد کے بعد آپ کو فارغ کردیا ہے تو اب آپ کا فرض ہے کہ آپ دوسرے زخمیوں کی مدد کریں۔

    آپ کی پہلی ترجیح وہ لوگ ہونے چاہیئں جن کا خون بہہ رہا ہو، وہ بے ہوشی کی حالت میں ہوں، یا بظاہر حواسوں میں نہ لگ رہے ہوں۔

    اس موقع پر ان افراد کو چھوڑ دیں جو مدد کے لیے چیخ رہے ہوں یا رو رہے ہوں، کیونکہ اس کا مطلب ہے کہ وہ اپنے حواسوں میں ہے۔ بے ہوش پڑے افراد کی جان بچانا اور ان کی سانس بحال کرنا زیادہ ضروری ہے۔


    مدد طلب کریں

    حادثے کی صورت میں اگر آپ صحیح سلامت ہیں تو اپنے حواس بحال رکھتے ہوئے امدادی اداروں یا ایمبولینس وغیرہ کو طلب کریں۔


    ایمبولینس آنے تک

    ایمبولینس کے آنے تک بے حس و حرکت پڑے افراد کی سانس بحال کرنے کی کوشش کریں۔ انہیں اپنے منہ کے ذریعے سانس دینے کی کوشش کریں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر شخص کو اپنی زندگی میں ابتدائی طبی امداد کی تربیت ضرور لینی چاہیئے تاکہ ایسے ہنگامی مواقعوں پر کسی کی جان بچائی جاسکے۔


    زخمیوں کو سہارا دیں

    ایکسیڈنٹ کے موقع پر امداد آنے تک اور اس کے بعد بھی زخمی افراد کی مدد کریں۔ اگر کسی کو قے محسوس ہو رہی ہے تو اسے کھلی ہوا میں لے جائیں۔ زخمیوں کو سہارا دے کر بیٹھنے میں مدد کریں۔

    زخمی افراد کو ایمبولینس تک لے جائیں۔ ایسے موقع پر ریسکیو اداروں کی بھی مدد کریں اور زخمیوں کو اٹھانے میں ان کا ہاتھ بٹائیں۔


    یاد رکھیں کسی انسان کو مشکل میں دیکھ کر اس کی مدد کرنا اور اس کی جان بچانا آپ کا فرض ہے۔ آج آپ کسی کی مدد کریں گے تو کل اس وقت کوئی آپ کی مدد کو بھی آئے گا جب آپ کو اس کی ضرورت ہوگی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کویت: 2 بسوں میں تصادم 3 پاکستانیوں سمیت 15 افراد جاں بحق

    کویت: 2 بسوں میں تصادم 3 پاکستانیوں سمیت 15 افراد جاں بحق

    کویت سٹی: کویت میں 2 بسوں میں تصادم کے نتیجے میں 3 پاکستانیوں سمیت 15 افراد جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کویت کے جنوبی علاقے ہرجان آئلد فیلڈ کے قریب دو بسوں میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق ہوگئے، بسیں آئل کمپنی کے ملازمین کو لے کر جارہی تھیں جبکہ حادثے میں تین افراد زخمی بھی ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 7 بھارتی، 5 مصری اور تین پاکستانی شہری شامل ہیں، جبکہ زخمی ہونے والوں میں 2 بھارتی اور ایک کویت کا مقامی شہری شامل ہے، زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

    حادثے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، کویت فائر سروس ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ حادثے کے فوری بعد ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی تھیں لیکن پھر بھی 4 افراد کو بسیں کاٹ کر نکالنا پڑا۔

    دوسری جانب کویت آئل کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بسوں میں کمپنی کے کنٹریکٹ ملازمین سوار تھے اور حادثے کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں گی۔

    مزید پڑھیں: ترکی بس حادثے میں پاکستانیوں سمیت 17 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ چند روز قبل ترکی کے شہر اجدیر میں غیر قانونی تارکین وطن کی بس حادثے کا شکار ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں پاکستانیوں سمیت 17 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • تیزرفتارگاڑی الٹنے سے پی پی رہنما روبینہ قائم خانی کا بیٹا جاں بحق

    تیزرفتارگاڑی الٹنے سے پی پی رہنما روبینہ قائم خانی کا بیٹا جاں بحق

    کراچی : کلفٹن میں تیز رفتار گاڑی الٹنے سے پیپلزپارٹی کی رہنما روبینہ قائمخانی کا بیٹا جاں بحق ہوگیا، حادثے میں ایک راہ گیر بھی زخمی ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق کلفٹن کے علاقے سی ویو پر تیز رفتار گاڑی فٹ پاتھ سے ٹکرا کر قلابازیاں کھاتی ہوئی الٹ گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار پیپلز پارٹی کی سابق ایم پی اے روبینہ قائم خانی کا جوان سالہ اکلوتا بیٹا حمزہ موقع پر جاں بحق ہوگیا.

    ٹریفک حادثہ ولیج ہوٹل کے قریب پیش آیا، واقعے میں افراسیاب نامی ایک شہری بھی زخمی ہوا ہے، جسے طبی امداد کیلئے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں اس کی حالت بھی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

    حادثہ اتنا شدید تھا گاڑی کے پچھلے ٹائر کا رم بھی ٹوٹ کر دور جا گرا، پولیس کے مطابق گاڑی کو ٹکر مارنے کے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں، ممکن ہے گاڑی کاتوازن بگڑنے پر وہیل کا راڈ ٹوٹنے سےحادثہ ہوا ہو۔

    پیپلز پارٹی کے کو چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خاتون رکن اسمبلی کے ساتھ ان کے جوان بیٹے کی حادثاتی موت پر اظہار تعزیت کیاہے۔

    آصف زرداری کا کہناتھا کہ ہم اس ناقابل برداشت دکھ میں روبینہ قائم خانی کے ساتھ کھڑے ہیں جبکہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے بھی تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانےکے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

     

  • اٹک میں مسافر وین اور ٹرک میں تصادم‘ 9 افراد جاں بحق

    اٹک میں مسافر وین اور ٹرک میں تصادم‘ 9 افراد جاں بحق

    اٹک: صوبہ پنجاب کے شہر اٹک میں مسافر وین اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اٹک کے علاقے حسن ابدال میں مسافر وین اور ٹرک میں تصادم کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں وین میں سوار9 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

    ریسکیوحکام کے مطابق حادثے میں 4 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہےکہ دونوں گاڑیوں میں تصادم کے بعد قریب ہی موجود گیس پائپ لائن میں آگ بھڑک اٹھی تاہم فوری اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کا عملہ جائے حادثہ پر پہنچ گیا جو کہ آگ پر قابو پانے میں مصروف ہے جبکہ ریسکیو کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

    دوسری جانب پولیس نے جائے حادثے کے قریبی علاقے کو مزید کسی حادثے سے بچنے کےلیے خالی کرا لیا ہے۔


    سانحہ بہاولپور: جاں بحق افراد کی تعداد 214 ہوگئی


    واضح رہے کہ رواں ماہ سانحہ احمد پور شرقیہ میں آئل ٹینکر حادثے میں 214 افراد جاں بحق ہوگئے تھےجبکہ 60 زخمی اب بھی زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • فیصل آباد:پی پی رہنما فیصل صالح حیات ٹریفک حادثے میں زخمی

    فیصل آباد:پی پی رہنما فیصل صالح حیات ٹریفک حادثے میں زخمی

    فیصل آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل صالح حیات ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہو گئے۔ 

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر فیصل صالح حیات لاہو ر سے شاہ جیونا واپس آ رہے تھے کہ امین پور بنگلہ کےقریب ان کی گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی، حادثے میں فیصل صالح حیات اور ان کا ڈرائیور زخمی ہوئے۔

    دونوں زخمیوں کو  الائیڈ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں فیصل صالح حیات کا ہنگامی طور پر آپریشن کیا گیا،  فیصل صالح حیات کے بھتیجے شہریار نے میڈیا سے گفتگو کرتے کہا کہ فیصل صالح حیات کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔ ان کی دائیں آنکھ ، ہونٹ اور دائیں بازو پر تین ٹانکے لگے ہیں ۔

    میڈیکل بورڈ آج انہیں الائیڈ اسپتال میں رکھنے یا ڈسچارج کرنے کا فیصلہ کرے گا، ڈسچارج کئے جانے کی صورت میں انہیں لاہور منتقل کر دیا جائے گا جبکہ حادثے میں زخمی ہونے والے فیصل صالح حیات کے ڈرائیور کی سر پر چوٹ لگنے کے باعث حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

    ٹریفک حادثے کے بعد فیصل صالح حیات کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

  • مولانا احمد لدھیانوی کے داماد ٹریفک حادثہ میں جاں بحق

    مولانا احمد لدھیانوی کے داماد ٹریفک حادثہ میں جاں بحق

    لاہورمولانا احمد لدھیانوی کے داماد ٹریفک حادثہ میں جاں بحق جبکہ دوبچوں اورخواتین سمیت پانچ افراد شد ید زخمی ہوگئے، حادثہ میں مولانہ احمد لد ھیانوی کی بیٹی طیبہ بھی شامل ہے، حادثہ کی خبر ملتے ہی مولانا احمد لدھیانوی بھی ڈسٹر کٹ اسپتال پہنچ گئے۔

    اہلسنت والجماعت کے مرکزی رہنما مولانہ احمد لدھیانوی کے داماد محمد طارق اپنی فیملی کے ہمراہ فیصل آباد میں ایک قریبی رشتے دار کی شادی میں شرکت کے بعد واپس کمالیہ آرہے تھے کہ ان کی گاڑی سمندری روڈ پربے قابوہوکردیوارسے جا ٹکرائی جس کے نتیجہ میں محمد طارق موقع پرجاں بحق ہوگئے جبکہ زخمیوں میں ان کی بیٹی طیبہ ، تین سالہ حسن ، پانچ سالہ حسین ،آسیہ بی بی ، مسرت بی بی ،شاہد اقبال شامل ہیں۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو عملہ نے موقع پر پہنچ کرزخمیوں کوڈسٹر کٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے ۔ حادثہ کی خبر سنتے ضلع بھر کے اہلسنت والجماعت کے مرکزی رہنما مولانا احمد لد ھیانوی سمیت کارکنان کی بڑی تعداد بھی ہسپتال پہنچ گئی ہے۔ ۔

  • تیزرفتاربس الٹ گئی، خاتون جاں بحق، متعدد زخمی

    تیزرفتاربس الٹ گئی، خاتون جاں بحق، متعدد زخمی

    جھنگ: بھکر روڈ پر مسافر کوچ الٹ گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق واقعہ ملکانہ موڑ پر پیش آیا جہاں تیز رفتاری کے باعث بس الٹ گئی اور خاتون مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی جبکہ متعدد مسافر زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو اداروں نے زخمی مسافروں کو طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کیا، اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے چند کی حالت تشویشناک ہے۔