Tag: Robber gang

  • کراچی : جعلی پولیس وردی میں ڈکیتیاں کرنے والے گروہ کا کارندہ گرفتار

    کراچی : جعلی پولیس وردی میں ڈکیتیاں کرنے والے گروہ کا کارندہ گرفتار

    کراچی : شہر قائد میں جعلی پولیس وردی میں ملبوس ڈکیتیاں مارنے والا گروہ ایک بار پھر سرگرم ہوگیا، پولیس نے کامیاب کارروائی کرکے ایک ملزم کو پکڑ لیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے جعلی پولیس وردی میں ملبوس ڈکیتیاں کرنے والے تھانیدار اور اہلکاروں پر مشتمل گروہ کے اہم کارندے کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزمان جعلی پولیس وردی پہن کر ٹول پلازہ پر وارداتیں کیا کرتے تھے، تھانیدار گروہ کے کارندوں نے چند روز قبل لنک روڈ کے ٹول آفس سے رقم لوٹی اور فرار ہوگئے تھے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 9 رکنی گروہ کے کارندے کو واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے۔

    ملزم نور الدین اور اس کے ساتھی پولیس کی مختلف وردیاں پہن کر سائٹ کے علاقے میں وارداتیں کیا کرتے تھے، پولیس حکام کا کہنا  ہے کہ گروہ کے مزید مفرور کارندوں کی گرفتاری کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

    مزید پڑھیں : تھانہ اسٹیل ٹاؤن لنک روڈ پر پولیس وردی پہنے ملزمان لاکھوں لوٹ کر فرار

    یاد رہے کہ مذکورہ واردات نیشنل ہائی وے لنک روڈ پر واقع ٹول پر ماہ رمضان میں سحری کے وقت انجام دی گئی تھی، جس کا مقدمہ اسٹیل ٹاؤن تھانے میں درج کیا گیا تھا۔

    تھانہ اسٹیل ٹاؤن کی حدود میں لنک روڈ پر موجود کانٹا عملے نے بتایا کہ آٹھ ملزمان نے کانٹے کے عملے کو یرغمال بنا کر واردات کی، ملزمان 10 لاکھ روپے، موبائل فون اور دیگر سامان چھین کر فرار ہوگئے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان 4 موٹر سائیکلوں پرسوار تھے۔

  • اے وی ایل سی کی کارروائی : ڈکیت گروہ کے چار کار لفٹر گرفتار

    اے وی ایل سی کی کارروائی : ڈکیت گروہ کے چار کار لفٹر گرفتار

    کراچی : شہر قائد میں اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی ایل سی) نے حب چوکی میں کارروائی کرتے ہوئے 4 کار لفٹروں کو حراست میں لے کر مسروقہ گاڑی قبضے میں لے لی۔

    تفصیلات کے مطابق اے وی ایل سی کی ٹیم نے حب چیک پوسٹ کے قریب کارروائی کرکے ڈیفنس کے علاقے سے گاڑی چوری کرکے فرار ہونے والے4ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان بینک سے رقم لے کر نکلنے والوں کو بھی لوٹتے تھے.

    اے وی ایل سی حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے23 جون کو ڈیفنس سے ایک گاڑی چوری کی تھی، ملزمان چوری شدہ گاڑیوں کو چمن میں محمد نامی شخص کو فروخت کرتے ہیں، ملزمان نے11 جون کو زمزمہ اسٹریٹ پر5لاکھ روپے کی ڈکیتی بھی کی تھی۔

    گزشتہ روز کراچی کے علاقے فیروز آباد تھانے کی حدود میں گاڑیاں چوری کرکے لانگ ڈرائیو پر نشے کی پارٹیاں کرنے والے خاتون سمیت تین ملزمان کا گروہ گرفتار کرلیا گیا، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور بڑی تعداد میں منشیات برآمد ہوئی۔

    فیروز آباد پولیس نے دوران پٹرولنگ شک کی بنیاد پر ایک ہنڈا سٹی گاڑی کو روکا تو انکشاف ہوا کہ تینوں گاڑی میں سوار ملزمان نشے میں دھت ہیں اور تینوں اس وقت چوری کی گاڑی میں سوار بھی ہیں۔

    جس پر فیروز آباد پولیس نے ملزمان کی گاڑی کی تلاشی لی، جس میں ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور آئس سمیت دیگر منشیات برآمد ہوئیں جس کے بعد پولیس نے تینوں ملزمان کو حراست میں لیکر مقدمہ درج کرلیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے پاور ہاؤس چورنگی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے تھے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ گلشن اقبال پولیس کے اہل کار مدعی کے ساتھ ڈاکوؤں کا تعاقب کر رہے تھے.

    پاور ہاؤس چورنگی کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں میں مقابلہ ہوا، پولیس کے مطابق ملزمان نے ایک پستول راستے میں پھینک دیا تھا، ایک برآمد ہوا۔