Tag: robber killed

  • کراچی : شہری نے ڈاکو کو کیسے گولی ماری ؟ فوٹیج اے آر وائی نیوز پر

    کراچی : شہری نے ڈاکو کو کیسے گولی ماری ؟ فوٹیج اے آر وائی نیوز پر

    کراچی کے علاقے گلشن اقبال 13 ڈی ٹو میں شہری نے ڈکیتی کی کوشش کا ناکام بناتے ہوئے فائرنگ کرکے ایک ڈاکو کو موقع پر ہی مار ڈالا۔

    پولیس حکام کے مطابق موٹرسائیکل پر سوار تین مسلح ڈکیتوں نے شہری کو لوٹنے کی کوشش کی، اس دوران وہاں موجود دوسرے شہری نے ڈاکوؤں پر فائرنگ کر دی، جس سے ایک ڈکیت مارا گیا۔

    واقعے کے بعد ہلاک ہونے والے ڈاکو کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مارے گئے ڈکیت کے پاس سے اسلحہ ملا ہے۔

    پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والا شہری موقع سے چلا گیا، ہلاک ڈاکو کی لاش کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک سفید گاڑی فٹ پاتھ کے قریب آکر رکتی ہے، شہری جیسے ہی گاڑی سے نکلا پیچھے سے موٹر سائیکل آکر رکی، مشتبہ شخص کو دیکھتے ہی شہری واپس گاڑی میں جھکا اور پستول نکال لیا۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مبینہ ڈاکو نے بھی شہری کو دیکھتے ہی پستول نکالا، ڈاکو پستول ہاتھ میں تھام کرجیسے ہی قدم اٹھایا شہری نے فوراً گولی چلادی۔

    گولی چلتے دیکھ کر ڈاکو نے بھاگنے کی کوشش کی مگر گر پڑا اور شہری ڈاکو پر مسلسل گولیاں چلاتا رہا، سڑک کی دوسری جانب شہری کھڑے ہو کر سارا منظر دیکھتے رہے۔ کار سوار نے گاڑی ریورس کی اور موقع سے چلا گیا۔

    پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کی شناخت نبیل احمد کے نام سے ہوئی ہے، جو ماضی میں بھی ڈکیتی کے الزام میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔

    ملزم کے خلاف 2013 سے لے کر آج تک متعدد مقدمات درج ہیں، ہلاک ہونے والا ملزم ڈکیتی، غیرقانونی اسلحہ سمیت دیگر مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔

  • کراچی : شہری نے فائرنگ کرکے ڈاکو ہلاک کر ڈالا

    کراچی : شہری نے فائرنگ کرکے ڈاکو ہلاک کر ڈالا

    کراچی کے علاقے سولجر بازار میں لوٹ مار کرنے والے ڈاکو کو شہری نے فائرنگ کرکے موقع پر ہی مار ڈالا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق اہلیان شہر قائد آئے روز کی چھینا جھپٹی اور لوٹ مار کی وارداتوں سے تنگ آچکے ہیں اور ان بے رحم ڈاکوؤں سے نمٹنے کیلئے اپنی مدد آپ کے تحت ان کو سبق سکھانے کا فیصلہ بھی کرلیا۔

     ایسے ہی کراچی کے ایک شہری نے سولجر بازار میں فائرنگ کرکے ایک ڈاکو کو ہلاک کردیا، افراتفری کا فائدہ اٹھا کر اس کا ساتھی جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دو ڈاکو لوٹ مار کررہے تھے کہ مذکورہ شہری نے ان پر فائرنگ کردی، جس سے ایک ڈاکو زمین پر گرتے ہی مرگیا۔

    ہلاک ہونے والے ڈاکو سے ایک عدد پستول اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے، پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر مزید کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے تاہم واقعہ کی تفتیش کی جارہی ہے، بہت جلد دوسرے ملزم کو بھی قانون کی گرفت میں لے لیا جائے گا۔

     شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری

    واضح رہے کہ کراچی کی ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلیے شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کررہی ہے۔

    پولیس کے مطابق جن علاقوں میں سرچ آپریشن کیا جارہا ہے ان میں شارع فیصل، بلوچ کالونی، سہراب گوٹھ شامل ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن جرائم پیشہ افراد کی تلاش اور منشیات فروشوں کیخلاف کیا جارہا ہے، علاقے کے داخلی اور خارجی راستے سیل کرکے گھرگھر تلاشی کاعمل جاری ہے۔ اس کے علاوہ بائیومیٹرک سرچ ڈیوائس کی مدد سے مشتبہ افراد کی تصدیق کی جارہی ہے۔

  • کراچی : دکاندار نے فائرنگ کرکے ڈاکو مار ڈالا

    کراچی : دکاندار نے فائرنگ کرکے ڈاکو مار ڈالا

    کراچی : اہلیان شہر قائد نے اسلحہ بردار لٹیروں کے خلاف ازخود ایکشن لینا شروع کردیا، کراچی میں دکاندار کو لوٹنا ڈاکو کو مہنگا پڑگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے جہانگیر روڈ نمبر دو پر ایک دکان میں ڈکیتی کی نیت سے داخل ہونے والا مسلح ڈاکو اپنی جان سے گیا۔

    دکاندار نے اپنے لائسنس یافتہ اسلحے سے فائرنگ کرکے ڈاکو کو ہلاک کردیا، ملزم موٹر سائیکل پر دکان میں واردات کے لئے آیا تھا۔

    مسلح ڈاکو کو دیکھ کر دکاندار نے فائرنگ کردی جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا، ملزم کی فائرنگ سے دکاندار بھی زخمی ہوا دونوں کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق شہری کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا ڈاکو اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔

    لیاری میں پولیس مقابلہ

    علاوہ ازیں گارڈن پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان لیاری مرزا آدم خان روڈ کے قریب مبینہ مقابلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا، ملزمان کی شناخت شاہ زیب اور بلال کے نام سے ہوئی ہے۔

    واضح رہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی شرح غیرمعمولی حد تک بڑھ گئی ہے جس کی وجہ سے پولیس کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔

    حالیہ دنوں میں ایک ایسی خبریں زیر گردش رہیں کہ جن میں پولیس کی وردی میں ملبوس ملزمان دکانیں لوٹنے میں ملوث پائے گئے۔

  • کراچی: ٹرالر کی زد میں آکر مبینہ ڈاکو ہلاک

    کراچی: ٹرالر کی زد میں آکر مبینہ ڈاکو ہلاک

    کراچی میں ڈیفنس موڑ لائبریری سگنل کے قریب ٹرالر کی زد میں آکر مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ڈاکو کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے شناخت کا عمل جاری ہے۔

     پولیس حکام کے مطابق موٹرسائیکل پر سوار دو ڈاکو لوٹ مار کے بعد فرار ہورہئے تھے راہ فرار کے بعد ٹرالر کی زد میں آکر مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگیا۔

    اس کے علاوہ کراچی کے علاقے جہانگیر روڈ کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی ہے جبکہ ڈاکوؤں کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    دوسری جانب  یونیورسٹی روڈ کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی کی شناخت محمد آصف  کے نام سے ہوئی ہے۔

  • شہری کی فائرنگ سے ڈاکو کی ہلاکت : پولیس نے مقابلہ ظاہر کردیا

    کراچی پولیس نے پھرتیاں دکھاتے ہوئے شہری کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے ڈاکو کے واقعے کو پولیس مقابلہ ظاہر کردیا۔

    کراچی کے علاقے ڈیفنس کی خیابان بخاری کے قریب ڈاکو لوٹ مار میں مصروف تھے کہ ایک شہری نے فائرنگ کرکے ایک ڈکیت کو ہلاک کردیا۔

    بعد ازاں پولیس نے کارکردگی دکھانے کے لئے ڈکیت کی ہلاکت کو پولیس مقابلہ ظاہر کردیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ جس وقت فائرنگ کا واقعہ پیش آیا اس وقت پولیس موقع پر موجود ہی نہیں تھی۔

    واقعے کے کافی دیر بعد پولیس جائے وقوعہ موقع پر پہنچی تو ڈاکو کی ہلاکت کو اپنا کارنامہ ظاہر کرتے ہوئے پولیس مقابلہ قرار دے ڈالا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ مارے جانے والے ڈکیت کے قبضے سے اسلحہ اور کئی چھینے ہوئے موبائل فون ملے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق واقعے کے وقت موقع پر موجود شہری نے ذاتی ہتھیار سے فائرنگ کا اعتراف کیا تھا تاہم پولیس کو دیکھنے کے بعد عینی شاہد نے بھی بیانا تبدیل کرلیا۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ مارے گئے ڈکیت سے5موبائل فون اور ہتھیار برآمد ہوا ہے، ہلاک ڈاکو کا ایک ساتھی موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

  • اسلام آباد میں پولیس مقابلہ : ڈاکو ہلاک، اہلکار زخمی

    اسلام آباد میں ڈکیتی کے دوران پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو موقع پر ہلاک جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا، دو ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے تھانہ کراچی کمپنی کے علاقے جی نائن ون میں ڈاکوؤں کی جانب سے پولیس پر کی گئی فائرنگ سے ایک پولیس جوان کامران الدین شدید زخمی ہوا ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو زخمی ہوا جس نے کچھ دیر بعد ہی دم توڑ دیا۔

    پولیس کے مطابق 3 ڈاکو جی ٹین کے علاقے میں واردات کرکے فرار ہورہے تھے کہ اس دوران پولیس کی ٹیم نے اطلاع ملنے پر ان کا تعاقب کیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ تعاقب کرنے پر ڈاکوؤں اور پولیس پارٹی کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک اور ایک اہلکار زخمی ہوا۔

    آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصرخاں سمیت سینئر افسران موقع پر پہنچ گئے، دیگر دو فرار ڈاکوؤں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔

    آئی جی نے زخمی اہلکار کو بہترین علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اس موقع پر آئی جی کا کہنا تھا کہ پولیس کے جوانوں  نے بڑی بہادری کے ساتھ مقابلہ کیا ہے جو قابل تحسین ہے۔

  • لاہور میں پولیس مقابلہ، ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا دوسرا فرار

    لاہور کے علاقے مانگا منڈی چاہ تمولی میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق 2 ڈاکو ناکہ لگا کر شہریوں کو لوٹ کر فرار ہو رہے تھے کہ موقع پر پولیس پہنچ گئی، پولیس نے ان کا تعاقب کیا تو ڈاکووں نے فائرنگ کردی۔

    پولیس کے مطابق ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی گولی لگنے سے ہلاک ہوا جبکہ ہلاک ہونے والے ڈاکو کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت عرفان کے نام سے ہوئی جو ملتان روڈ کا رہائشی تھا، اس سے قبل عرفان کا ساتھی زاہد بھی 2روز قبل مانگا منڈی میں پولیس مقابلے میں ہلاک ہوا تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں نے چند روز قبل ایک واردات کے دوران 2 پولیس اہلکاروں کو شہید کیا تھا، عرفان کے قبضے سے موٹر سائیکل اور2پستول برآمد ہوئے ہیں جبکہ ساتھی کی تلاش جاری ہے۔

  • کراچی میں پولیس مقابلے : 1ڈاکو ہلاک 4 زخمی حالت میں  گرفتار

    کراچی میں پولیس مقابلے : 1ڈاکو ہلاک 4 زخمی حالت میں گرفتار

    کراچی: شہر قائد میں ہونے والے چار پولیس مقابلوں کے دوران ایک ڈاکو ہلاک اور چار کو گرفتار کرلیا گیا، شہر کے مختلف مقامات میں سرچ آپریشن کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر کراچی میں رات گئے4مبینہ پولیس مقابلے ہوئے، ذرائع کا کہنا ہے کہ مقابلے میں ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ چار ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والے چار ڈاکوؤں سے غیر قانونی اسلحہ برآمد کرکے ان کیخلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔ ڈاکو کی لاش کو مزید کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق کریم آباد میں پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ ایک زخمی حالت میں پکڑا گیا۔

    اس کے علاوہ عزیزآباد کے علاقے میں ہونے والے مبینہ پولیس مقابلے میں دو ڈاکو زخمی حالت میں حراست میں لیے گئے۔

    کوئٹہ ٹاؤن میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جبکہ بغدادی پولیس نے لیاری کے قریب کارروائی کرکے ایک ملزم کو اسلحہ سمیت دھرلیا

  • کراچی میں شہری نے ڈاکو کو عین موقع پر گولی مارکر ہلاک کردیا

    کراچی میں شہری نے ڈاکو کو عین موقع پر گولی مارکر ہلاک کردیا

    کراچی : کلفٹن بوٹ بیسن میں شہری کی فائرنگ سے ڈاکو کی ہلاکت کا واقعہ سامنے آیا ہے، حبیب نامی شخص نے ڈاکو کو قریب آتا دیکھ کر لائسنس یافتہ پستول سے فائرنگ کی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقہ بوٹ بیسن میں چوکنے شہری نے قریب آتے ڈاکو کو گولی مار کر ہلاک کردیا، آے آر وائی نیوز نے واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی۔

    اس حوالے سے پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ کلفٹن کے بلاک پانچ میں نوجوان نے مبینہ ڈاکو ثناءاللہ پر فائرنگ کردی جس کے بعد حبیب نے پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کرادیا ہے۔

    پولیس کے مطابق حبیب نے لائسنس یافتہ پستول سے مبینہ ڈاکو پر فائرنگ کی۔ ملزم نے پہلے شہری کی گاڑی کے قریب کھڑے ہوکر فون ملایا کچھ دیر بعد لوٹ مار کیلئے گاڑی کے قریب آگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ شہری ملزم کے قریب آنے سے پہلے ہی چوکنا ہوگیا تھا، ملزم کے گاڑی کے قریب پہنچنے پر شہری نے فائرنگ کردی، شہری حبیب ہوٹل مینجمنٹ کااسٹوڈنٹ ہے۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ مارے گئے ڈاکو سے پولیس کو اسلحہ بھی مل گیا ہے، فائرنگ کے بعد شہری گھبراکرجائےوقوعہ سے فوری چلاگیا تھا، واقعےکی مزید تحقیقات کررہے ہیں۔

  • کراچی : بھتہ نہ دینے پر دکان نذر آتش، مشتعل شہریوں نے ڈاکو کو مار ڈالا

    کراچی : بھتہ نہ دینے پر دکان نذر آتش، مشتعل شہریوں نے ڈاکو کو مار ڈالا

    کراچی : جوڑیا بازار میں نامعلوم افراد نے بھتہ نہ دینے پر تاجر کی دکان کو نذر آتش کردیا، ملزمان نے تاجر سے پانچ لاکھ روپے بھتہ مانگا تھا، کورنگی میں عوام کے تشدد سے ایک ڈاکو ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے جوڑیا بازار میں بھتہ نہ دینے کی پاداش میں مسلح افراد نے دکان کو آگ لگادی۔

    اس حوالے سے دکاندار نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ موٹرسائیکل سوار بھتہ خوروں نے دکان کو آگ لگائی، دکاندار نے بتایا کہ ملزمان نے مجھ سے5لاکھ روپے بھتہ مانگا تھا اور بھتہ نہ دینے پر مٹی کا تیل چھڑک کر دکان کو آگ لگائی گئی۔

    دوسری جانب کراچی کے علاقے کورنگی نمبر چار پر دو مبینہ ڈاکو عوام کے ہتھے چڑھ گئے، مشتعل شہریوں نے ڈاکوؤں کو پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔

    علاقہ مکینوں کے تشدد سے ایک ڈاکو موقع پر ہلاک جبکہ دوسرازخمی ہوگیا، ایس ایچ او کورنگی کا کہنا ہے کہ زخمی ڈاکو کو طبی امداد کیلئے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق تشدد سے ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت اویس اور زخمی کی نعمان کے نام سے ہوئی ہے۔ کورنگی پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔