Tag: Robbers firing

  • کراچی : ڈاکوؤں کی فائرنگ نے ایک اور شہری کی جان لے لی

    کراچی : ڈاکوؤں کی فائرنگ نے ایک اور شہری کی جان لے لی

    کراچی : اورنگی ٹاؤن میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دکان پر بیٹھا ایک شخص جاں بحق ہوگیا، مقتول 5 بہن بھائیوں میں سب سے بڑا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں ڈاکوؤں نےایک اور شہری کی جان لے لی، اورنگی ٹاؤن 13نمبر میں فائرنگ سے شہری کے جاں بحق ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران فائرنگ کی، گولی دکان پر بیٹھے شہری کو لگ گئی، 40سالہ مصطفیٰ کی لاش اسپتال منتقل کردی گئی۔

    اس حوالے سے دکان مالک انیس نے بتایا کہ ڈاکوؤں نےفائرنگ سے پہلے بھی کئی شہریوں کو لوٹا تھا، مصطفیٰ کے پاس چھوٹا موبائل فون تھا، ڈاکو وہ بھی ساتھ لے گئے اور اس کی جان بھی لے لی۔

    مقتول کے بھائی نعمان نے بتایا کہ مصطفیٰ 5بہن بھائیوں میں سب سے بڑا اور غیر شادی شدہ تھا۔

    واضح رہے کہ ماہ جولائی میں ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے 8افراد قتل کیے جاچکے ہیں جبکہ رواں سال اب تک جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 56 سے بھی تجاوز کرچکی ہے۔

  • کراچی : ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 14 سالہ لڑکا جاں بحق، 1 ملزم ہلاک

    کراچی : ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 14 سالہ لڑکا جاں بحق، 1 ملزم ہلاک

    کراچی : شہر قائد میں ڈاکوؤں کی لوٹ مار کا سلسلہ جاری ہے، آج ایک اور نوجوان ڈکیتوں کی گولیوں کا نشانہ بن گیا، واقعے میں 14 سالہ لڑکا جاں بحق جبکہ ایک ڈاکو مارا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن بہار پاکستان بازار تھانے کی حدود میں سیکٹر 16 میں ڈکیتی کی کوشش کے دوران فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

    جس میں فائرنگ سے14سالہ لڑکا جاں بحق ہوگیا، پولیس حکام کے مطابق اورنگی ٹاؤن سیکٹر 16 گلشن بہار میں 2 موٹر سائیکل سوار ڈاکو ایک شہری کو لوٹ رہے تھے۔

    ان کے قریب ہی موجود شہنشاہ حسن نامی شہری نے اپنی ذاتی لائسنس یافتہ اسلحہ  سے ملزمان پر فائرنگ کی، شہری کی فائرنگ سے ایک ملزم ہلاک جبکہ دوسرا زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ فرار ہوتے ڈاکو نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کی زد میں آکر 14 سالہ بچہ حسین ولد علی جاں بحق ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے اور اس کی شناخت کا عمل جاری ہے، شہری کا اسلحہ بھی فرانزک تجزیے کے لیے قبضے میں لے لیا گیا ہے ضابطے کی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔

  • کراچی : بیٹی کے گھر آنے والے سرکاری افسر کو مسلح افراد نے گولی مار دی

    کراچی : بیٹی کے گھر آنے والے سرکاری افسر کو مسلح افراد نے گولی مار دی

    کراچی میں ڈکیتی کی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے سرکاری افسر کو گولی مار دی، ملزمان افسر کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں ڈکیتی میں مزاحمت پر مسلح افراد نے ایف آئی اے کے افسر زاہد قیوم کو فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کی فائرنگ کی زد میں آکر ایک راہگیر بھی زخمی ہوا ہے دونوں زخمیوں کو طبی امداد کیلیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ سہراب گوٹھ میں چٹہ گبول گوٹھ میں پیش آیا، اسپتال میں ایف آئی اے افسر زاہد قیوم کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

    ،پولیس حکام نے بتایا کہ مذکورہ ایف آئی اے افسر اپنی بیٹی سے ملنے اس کے گھر آیا تھا ، ملزمان نے اسے لوٹنے کی کوشش کی تو افسر نے اپنا سرکاری پستول نکالا۔

    تاہم وہ ڈاکوؤں پر فائرنگ نہ کرسکا، ملزمان نے فائرنگ کرکے سے زخمی کردیا اور جاتے ہوئے اس کا پستول بھی ساتھ لے گئے۔

    علاوہ ازیں سہراب گوٹھ میں پیش آنے والے ایک اور واقعے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا، فائرنگ سے زخمی شخص زاہد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) لاہور زون نے انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث دو اہم ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔

    ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ لاہور اور قصور میں ٹارگٹڈ آپریشن کیے گئے، جس کے نتیجے میں دو ملزمان زاہد مصطفیٰ اور امجد بھٹی کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    پولیس کو مطلوب مفرور ملزم زاہد مصطفیٰ کو کینیڈا کی جعلی نوکری کا جھانسہ دے کر مجموعی طور پر 3.99 ملین روپے غبن کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

    دوسری جانب امجد بھٹی نامی ملزم نے جعلی روزگار اسکیم چلائی، متعدد شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کے جعلی وعدوں سے دھوکہ دیا۔

    https://urdu.arynews.tv/mustafa-amir-murder-case-armaghan-firing-police/

  • ڈاکوؤں کی فائرنگ سے مرتے شخص کو دیکھ کر بزرگ شہری بھی چل بسا

    ڈاکوؤں کی فائرنگ سے مرتے شخص کو دیکھ کر بزرگ شہری بھی چل بسا

    کبیر والا : پنجاب کے شہر کبیر والا کے علاقے نند پور میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے بیوپاری سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے، ڈاکو 1کروڑ روپے چھین کر فرار ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کبیر والا کے نمائندے خرم شہزاد کی رپورٹ کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ تھانہ سرائے سدھو کی حدود نند پور میں ایک پیٹرول پمپ پر پیش آیا۔

    جہاں 3 مسلح ڈاکوؤں نے پٹرول پمپ پر کھڑے ایک بیوپاری سے لوٹ مار کی، ڈاکوؤں نے مزاحمت کرنے پر بیوپاری کو گولی مار دی۔

    گولی لگتے ہی بیوپاری زمین پر گر کر تڑپنے لگا اور تھوڑی ہی دیر میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیاْ۔

    اس بے رحمانہ قتل کے منظر کو دیکھتے ہوئے جائے وقوعہ پر موجود پیٹرول پمپ کا بزرگ ملازم شدید خوف زدہ ہوگیا اور دل کا دورہ پڑنے سے موقع پر ہی چل بسا۔

    رپورٹ کے مطابق ڈاکو بیوپاری سے مبینہ طور پر ایک کروڑ روپے چھین کر فرار ہوگئے، تاہم علاقہ پولیس نے تاحال ڈاکوؤں کی گرفتاری سے متعلق کوئی کامیابی حاصل نہیں کی ہے۔

    مزید پڑھیں : کچے کے ڈاکوؤں کی بستی پر فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ سال2025کے پہلے مہینے میں صرف کراچی میں اب تک ڈاکوؤں سے مزاحمت پر 6افراد قتل کیے جا چکے ہیں لیکن تاحال ان کے لواحقین کو انصاف نہیں مل سکا ہے۔

    آج ہی کے روز کراچی کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں پرچون کی دکان پر ڈاکوؤں سے مزاحمت کے دوران فائرنگ سے 55 سالہ دکاندار جاں بحق ہوگیا، ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

  • کراچی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک اور شہری جان سے گیا

    کراچی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک اور شہری جان سے گیا

    کراچی: شہر قائد میں ڈکیتی کی وارداتیں رکنے کا نام نہیں لے رہیں، مسلح افراد شہر بھر میں دندناتے پھررہے ہیں اور پولیس روایتی بے حسی کا شکار ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق شہر قائد کے علاقے کورنگی ساڑھے5 دھوبی گھاٹ کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک اور شہری زندگی کی بازی ہار گیا۔

    ایس ایس پی توحید رحمان کے مطابق مقتول نعمان بنگالی پاڑے پر اپنے ہوٹل سے واپس آرہا تھا، موٹر سائیکل پر 2 ملزمان نے آتے ہی فائرنگ کردی۔

    ایس ایس پی کورنگی نے بتایا کہ نعمان کو ایک گولی لگی اور موقع پر ہی دم توڑ گیا، نعمان نے گرتے ہی ایک ملزم کو پکڑ کر گرا دیا تھا۔

    عوام کے تشدد سے ملزم بھی ہلاک ہوگیا، ہلاک ملزم سے برآمد کی گئی پستول کی شناخت کررہےہیں۔

    اس سے قبل کراچی کے علاقے کورنگی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 سالہ بچی جان سے چلی گئی جبکہ بنارس میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے زخمی شخص دم توڑ گیا۔

    ڈکیتی کا یہ واقعہ کورنگی چار نمبر اویس شہید پارک کے قریب پیش آیا ہے جہاں دو مسلح ملزمان ایک گلی میں کھڑے شہری سے موٹرسائیکل چھین رہے تھے جس پر اس نے مزاحمت کی۔

    پو لیس حکام کے مطابق مزاحمت کے دوران ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی تو گولی گھر کے اندر موجود دو سالہ بچی حورین کو جا لگی جس نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔

    کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے میں شہری جاں بحق، ڈاکو بھی مارا گیا

    ڈاکو شہری سے موٹر سائیکل چھین کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، بچی کی لاش قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردی گئی۔

  • فائرنگ سے ہلاک علی رہبر کے اہل خانہ کی دلخراش گفتگو

    فائرنگ سے ہلاک علی رہبر کے اہل خانہ کی دلخراش گفتگو

    کراچی : شہر قائد میں گزشتہ دنوں ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے سید علی رہبر کے والدین اور اہل خانہ پولیس کی کارکردگی سے غیر مطمئن ہیں۔

    اے آّر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مقتول کے والد نے کراچی میں ڈکیتی کی سر عام وارداتوں، بے گناہ شہریوں کے قتل عام پر متعلقہ حکمرانوں کی کارکردگی اور امن و امان کی صورتحال پر سوالات اٹھا دیے۔

    سید اختر حسین سروش کا کہنا تھا کہ ہم سحری کے لئے اٹھے تھے تو کال آئی کی جناح اسپتال میں علی رہبر کی لاش آئی ہے، 70 سال میری عمر ہے اور میرا بڑا بیٹا 38 سال کا تھا۔

    مقتول سید علی رہبر کے والد سید اختر حسین سروش کا کہنا تھا کہ میرے والد سید یاور حسین کیف بنارسی نے اس قوم کو نعرہ دیا تھا کہ ’’لے کے رہیں گے پاکستان، بٹ کے رہے گا ہندوستان‘‘۔

    اختر حسین سروش نے اپنے والد کی کتاب ’دل کی دھڑکن پاکستان‘بھی دکھائی جس میں وہ نظم موجود ہے جس کا ایک شعر ہر پاکستانی کی زبان پر تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ سال 1945 میں میرے والد نے ہندوستان میں بیٹھ کر پاکستان کا نعرہ لگایا تھا، وہ اعلیٰ آل انڈیا مسلم لیگ نیشنل گارڈ کے نائب سالار بھی تھے۔

    جو کام پولیس کا تھا وہ میں کررہا ہوں، بھائی

    شہید علی رہبر کے بھائی علی شہزر نے بتایا کہ پولیس کسی قسم کا کوئی تعاون نہیں کررہی بھائی کے سوئم والے دن میں گھر میں فاتحہ خوانی کرنے کے بجائے میں جائے وقوعہ پر شواہد اور سی سی ٹی وی کیمرے ڈھونڈ رہا تھا۔

    ابو عید کی شاپنگ پر لے جانے والے تھے، بیٹا 

    شہید علی رہبر کے بیٹے علی یاور نے بتایا کہ وہ پانچویں کلاس کے طالب علم ہیں اور ہمیشہ اچھی پوزیشن سے پاس ہوتے ہیں بچے نے بتایا کہ دادی نے ابو سے کہا تھا کہ ان کو عید کی شاپنگ کراؤ، جانے سے پہلے ابو نے مجھے بہت سارے پیسے دیے کہ یہ رکھ لو میں جہاں جا رہا ہوں وہ علاقہ ٹھیک نہیں ہے اور اس کے بعد ہی یہ واقعہ پیش آگیا۔

    علی رہبر محنتی انسان تھا، والدہ کی گفتگو 

    شہید کی والدہ نے بتایا کہ قانونی طور پر کسی نے ہماری کوئی مدد نہیں کی انہوں نے بتایا کہ میرا بیٹا بینک منیجر اور محنتی انسان تھا اور حالات کے پیش نظر فوڈ پانڈا کا کام کررہا تھا اس نے اس سے پہلے پھل فروٹ بھی فروخت کیے۔

  • موٹر سائیکل نہ روکنے پر ڈاکوؤں کی فائرنگ، خاتون جاں بحق

    موٹر سائیکل نہ روکنے پر ڈاکوؤں کی فائرنگ، خاتون جاں بحق

    فیصل آباد : پنجاب میں ڈاکو بے خوف وارداتیں جاری رکھے ہوئے ہیں، شوہر کے ساتھ جانے والی خاتون ڈاکوؤں کی فائرنگ کا نشانہ بن کرجان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے چک 479میں موٹروے پل کے قریب موٹرسائیکل نہ روکنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی، گولی لگنے سے موٹر سائیکل پر بیٹھی خاتون موقع پر ہی ہلاک ہوگئی۔

    ریسکیوذرائع کا کہنا ہے کہ 35سالہ خاتون اپنے شوہرکے ساتھ موٹرسائیکل پرجارہی تھی جسے ڈاکوؤں نے روکنے کی کوشش کی تو شوہر نے موٹر سائیکل کی رفتار تیز کردی تھی۔

    بعد ازاں مقتولہ کے لواحقین نے احتجاجاً لاش سمندری لاہور موٹر وے پر رکھ کر شاہراہ مکمل بند کردی،  مظاہرین نے ٹائر جلا کر موٹروے دونوں طرف سے بند کر دیا، پولیس کےخلاف نعرے بازی کرتے ہوئے ڈاکوؤں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

    مظاہرے کے باعث شاہراہ کے دونوں اطراف گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، بعد ازاں علاقہ پولیس نے آکر مظاہرین کو ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی کروائی۔

  • لاہور: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار جاں بحق

    لاہور: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار جاں بحق

    لاہور : مانگا منڈی کے علاقے میں پولیس مقابلے کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 اہلکار شہید ہوگئے، سی سی پی او نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔

    پولیس حکام کے مطابق لاہور کے علاقے مانگامنڈی شامکے بھٹیاں کے مقام پر پولیس مقابلہ ہوا جس میں اے ایس آئی عاصم اور کانسٹیبل شاہد ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہوگئے جو اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اے ایس آئی عاصم اور شاہد نے واردات کرنیوالے دو ڈاکوؤں کو روکا، ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔

    حکام کے مطابق پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور واقعے کی تحقیقات اور ملزمان کی گرفتاری کےلیے کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    ڈاکو شہریوں کو لوٹنے میں مصروف تھے کہ پولیس پہنچ گئی ایسے میں ڈاکوؤں نے اے ایس آئی محمد عاصم اور کانسٹیبل محمد شاہد کو دیکھ کر ان پر فائرنگ کردی۔

    فائرنگ کے نتیجے میں اےایس آئی محمد عاصم موقع پر شہید ہوگیا جبکہ کانسٹیبل محمد شاہد کو شدید زخمی حالت میں طبی امداد کے لیےاسپتال منتقل کیا گیا۔

    بعد ازاں دوران علاج کانسٹیبل محمد شاہد بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔ سی سی پی او لاہورغلام محمود ڈوگر فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچے انہوں نے فائرنگ میں ملوث ڈاکوؤں کی فوری گرفتاری کا حکم جاری کیا۔

  • کراچی : بس میں لوٹ مار، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے مسافر جاں بحق

    کراچی : بس میں لوٹ مار، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے مسافر جاں بحق

    کراچی : سپرہائی وے پر بس میں لوٹ مار کے دوران مزحمت پر زخمی ہونے والا مسافر دوران علاج دم توڑ گیا، کورنگی پولیس نے خاتون سمیت دو ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا، گلشن اقبال میں چور ایک اور موٹرسائیکل لے کر فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی معروف شاہراہ سپرہائی وے پر بس میں لوٹ مار کے دوران قتل کا واقعہ پیش آیا ہے، محنت کش کے قتل کا مقدمہ گڈاپ تھانے میں درج کرلیا گیا۔

    پولیس کے مطابق مذکورہ مقدمہ مقتول امتیاز کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا، کراچی سے حیدرآباد جانے والی بس میں لوٹ مار کے دوران فائرنگ کی گئی، جس کے بعد امتیاز نامی شہری صبح اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ کراچی سے حیدرآباد جانے والی بس میں 4ملزمان بھی سوار تھے، ملزمان نے ٹول پلازہ سے آگے جاکر بس روک کر مسافروں سے لوٹ مار کی، اس دوران امتیاز نے مزاحمت کی جس پر ملزمان نے فائرنگ کرکے اسے زخمی کردیا۔

    مقتول امیتاز اپنی اہلیہ کے ساتھ کراچی سے حیدرآباد جارہا تھا، دوسری جانب کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں موٹر سائیکل چوری کی ایک اور واردات ہوئی ہے۔

    جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نےحاصل کرلی، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گھر کے باہر کھڑی موٹرسائیکل کو اسٹریٹ کرمنل لے کر چلتا بنا، متاثرہ شہری نے گلشن تھانے میں مقدمہ درج کرا دیا۔

    علاوہ ازیں کورنگی پولیس نے کارروائی کرکے اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم اور اس کی خاتون ساتھی کو گرفتار کرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔

    ملزمان ڈکیتی، اقدام قتل جیسے سنگین جرائم میں ملوث ہیں، گرفتار ملزم اور ملزمہ نے دوران تفتیش مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کااعتراف بھی کرلیا ہے۔

  • ڈاکوؤں سے مزاحمت، ماں، بیٹا اور بیٹی زخمی، 3اغواء کار ہلاک، بچہ بازیاب

    ڈاکوؤں سے مزاحمت، ماں، بیٹا اور بیٹی زخمی، 3اغواء کار ہلاک، بچہ بازیاب

    کراچی : گلشن حدید کے قریب گھر میں ڈکیتی میں مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے ماں،بیٹا اور بیٹی کو زخمی کردیا، اتحاد ٹاؤن میں میں پولیس نے تین اغواء کاروں کو ہلاک کرکے بچہ بازیاب کرالیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن حدید کے قریب ڈاکوؤں نے ایک گھر میں گھس کر اہل خانہ کو یرغمال بنالیا، اس موقع پر گھر میں موجود ماں بیٹا اور بیٹی نے مزاحمت کی کوشش کی جس پرملزمان نے فائرنگ کردی۔

    ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ماں،بیٹا اور بیٹی زخمی ہوگئے۔ اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ تینوں زخمیوں کو طبی امداد کے لئے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زخمی خاتون کے بیٹے زاہد علی نے بتایا کہ3مسلح ڈاکو سیڑھیاں لگا کر گھر میں داخل ہوئے، مزاحمت پربھائی، بہن اور والدہ کو زخمی کردیا، زاہد علی نے بتایا کہ ہمارے والد سرکاری ملازم ہیں،اس سے قبل بھی ڈکیتی کی متعدد وارداتیں ہوچکی ہیں۔

    دوسرے واقعے میں کراچی کے علاقے بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں کربلا گراؤنڈ کے قریب پولیس نے کامیاب کارروائی کی، جس میں3اغوا کارہلاک اور مغوی بچہ بازیاب کرالیا گیا، پولیس کے مطابق بچے کو29جون کو میٹرو ول سائٹ سے اغوا کیا گیا تھا، بچے کی رہائی کیلئے اغواکاروں نے ایک کروڑ روپے تاوان طلب کیا تھا۔

    لیاقت آباد شہدا مسجد کےقریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، کورنگی بلال چورنگی پر ڈکیتی میں مزاحمت پر ایک شخص زخمی ہوا جسے طبی امداد کیلئجے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    علاوہ ازیں شاہ فیصل کالونی میں ڈاکوؤں نے نوجوان سے لوٹ مار کی، متاثرہ نوجوان نے واردات کے بعد ملزمان کا تعاقب کیا اور ان کی ویڈیو بھی بنائی ملزمان نے تعاقب کرنے پر فائرنگ کی۔