Tag: robbery

  • ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 سالہ بچی اور شہری جاں بحق

    ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 سالہ بچی اور شہری جاں بحق

    کراچی کے علاقے کورنگی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 سالہ بچی جان سے چلی گئی جبکہ بنارس میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے زخمی شخص دم توڑ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں ڈکیتی کی وارداتیں رکنے کا نام نہیں لے رہیں، مسلح افراد شہر بھر میں دندناتے پھررہے ہیں اور پولیس روایتی بے حسی کا شکار ہے۔

    ڈکیتی کا ایک واقعہ کورنگی چار نمبر اویس شہید پارک کے قریب پیش آیا ہے جہاں دو مسلح ملزمان ایک گلی میں کھڑے شہری سے موٹرسائیکل چھین رہے تھے جس پر اس نے مزاحمت کی۔

    پو لیس حکام کے مطابق مزاحمت کے دوران ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی تو گولی گھر کے اندر موجود دو سالہ بچی حورین کو جا لگی جس نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔

    ڈاکو شہری سے موٹر سائیکل چھین کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، بچی کی لاش قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردی گئی۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاں بحق بچی کے چچا نے بتایا کہ بھائی جیسے ہی گھرپہنچا تو ڈاکوؤں نے گھیر لیا،بھائی نے مزاحمت بھی نہیں کی تھی پھر بھی ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی۔

    بھتیجی گھر میں داخل ہورہی تھی کہ اس دوران گولی اس کی گردن میں لگ گئی، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے میری بہن بھی زخمی ہوئی۔

    دوسرے واقعے میں کراچی کے علاقے بنارس میں ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ سےزخمی ہونے والا شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ گیا۔

    ڈاکوؤں نے موٹر سائیکل سوار دو بھائیوں سے موبائل چھیننے کی کوشش کی، دونوں بھائیوں کے پکڑنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی، دونوں بھائیوں کو ایک ہی گولی لگی، مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • اورنگی ٹاؤن میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان قتل

    اورنگی ٹاؤن میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان قتل

    کراچی : شہر قائد میں بے لگام ڈاکوﺅں نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی، اورنگی ٹاؤن میں مسلح ڈاکو کی فائرنگ سے ریٹائرڈ پولیس اہلکار کا بیٹا قتل ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والا سہیل ہاشمی ایک ریٹائرڈ پولیس اہلکار کا بیٹا تھا۔

    اہل خانہ کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل سوار ملزمان نے اس کا بٹوہ چھینا تو پولیس کا کارڈ دیکھ کر گھبرا گئے، فرارہوتے ہوئے ملزمان نے مزاحمت کا خطرہ سمجھ کر فائرنگ کردی۔

    اہل خانہ نے پولیس کو دیے گئے بیان میں مزید کہا کہ مقتول سہیل نے ڈاکوؤں سےمزاحمت نہیں کی تھی۔ دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول سہیل خود پولیس اہلکار نہیں لیکن اس نے اپنا پولیس کارڈ بنا رکھا تھا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی کے علاقے قائد آباد کے قریب موٹرسائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے گھر واپس جاتے ہوئےدو نوجوانوں کو راستے میں روک لیا اور اسلحے کے زور پر لوٹ مار شروع کر دی اس دوران روکنے کی کوشش پر ملزمان نے فائرنگ کردی۔

    واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور دونوں زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا، نوجوانوں کی شناخت اکمل اور عمر کے ناموں سے ہوئی۔

  • ویڈیو: بڑی ڈکیتی کی کوشش، لٹیرے کو سر پر پیر رکھ کر بھاگنا پڑا

    ویڈیو: بڑی ڈکیتی کی کوشش، لٹیرے کو سر پر پیر رکھ کر بھاگنا پڑا

    کراچی: شہر قائد میں لٹیروں نے بڑی ڈکیتی مارنے کی کوشش کی تاہم جس گاڑی کو لوٹنے والے تھے، اس سے شہری کلاشنکوف کے ساتھ نکل آیا، اور پستول بردار لٹیرے کو سر پر پیر رکھ کر بھاگنا پڑا، تاہم اس کی ساتھی خاتون موقع پر پکڑی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد، بلاک ڈی میں گھر کے دروازے پر ایک گاڑی میں سوار افراد کو لوٹنے کی کوشش اس وقت بری طرح ناکام ہو گئی جب ڈرائیور کلاشنکوف لے کر باہر نکلا اور بھاگتے لٹیرے پر فائرنگ کر دی۔

    اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پستول ہاتھ میں لیے لٹیرا کس طرح جان کے خوف سے بھاگتا ہے اور پھسل کر گر پڑتا ہے، اور پھر اٹھ کر بھاگ جاتا ہے۔

    لٹیرے گاڑی سے 19 لاکھ روپے لوٹنے آئے تھے، جیسے ہی گاڑی گھر کے دروازے پر رکی اور گھر کا دروازہ کھولا جانے لگا، موٹر سائیکل سوار لٹیرا پستول لیے بھاگتا آیا اور گاڑی کے کھلے دروازے میں گھس گیا، لیکن اس کے اوسان خطا ہو گئے جب اس نے اندر ڈرائیور کو کلاشنکوف اٹھاتے اور بولٹ لگاتے دیکھا۔

    فوٹیج میں لٹیرے کو الٹے پاؤں بھاگتے، اور گرتے پڑتے فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے، شہری گاڑی سے کلاشنکوف لے کر نکلا اور لٹیرے پر فائرنگ کر دی، وہاں موجود گھر کے دیگر افراد بھی پہلے سے تیار کھڑے تھے، وہ بھی لٹیروں کے پیچھے بھاگے، تاہم لٹیرے اپنی ساتھی خاتون کو چھوڑ کر فرار ہو گئے۔

    شہریوں نے خاتون کو قابو کیا اور اسے تھپڑ بھی مارے، بعد ازاں کار سوار نے گاڑی کے اندر سے رقم نکالی اور گھر کے اندر لے گیا۔

  • ویڈیو: کپڑوں کے آؤٹ لیٹ میں ڈکیتی

    ویڈیو: کپڑوں کے آؤٹ لیٹ میں ڈکیتی

    رپورٹر: عدنان راجپوت

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ایف بی ایریا، بلاک 9، گلشن شمیم میں کپڑوں کے آؤٹ لیٹ پر ڈکیتی کی واردات ہوئی، جس کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں گلشن شمیم پر گارمنٹس کے ایک آؤٹ لیٹ کے اندر لٹیروں نے لوٹ مار کی اور بہ آسانی فرار ہو گئے۔

    اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں 2 لٹیروں کو آؤٹ لیٹ میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے، سر پر ٹوپی پہنے باریش لٹیرا اپنے ساتھی سمیت آؤٹ لیٹ میں داخل ہوا۔

    باریش لٹیرے نے اندر داخل ہونے والے ایک گاہک کو پستول دکھا کر لوٹا، اور پھر دونوں لٹیروں نے کیش کاؤنٹر سے نقدی لوٹی، اور بہ آسانی فرار ہو گئے۔

  • ڈی ایس پی پٹرولنگ کے گھر میں عارف والا کی تاریخ کی سب سے بڑی ڈکیتی

    ڈی ایس پی پٹرولنگ کے گھر میں عارف والا کی تاریخ کی سب سے بڑی ڈکیتی

    عارف والا: پاکپتن کے شہر عارف والا میں ڈی ایس پی پٹرولنگ کے گھر میں ڈکیتی کی ایک بڑی واردات ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق صوبائی وزیر خوراک اور سابق ڈی آئی جی کے بھتیجے ڈی ایس پی پٹرولنگ ٹکا سجاد خان اور بزنس مین ٹکا فرید خان کے گھر میں بڑی ڈکیتی کی گئی ہے۔

    ڈکیتی کے دوران 5 مسلح ڈاکو اہل خانہ کو یرغمال بنا کر 100 تولہ طلائی زیورات، اور 80 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔

    پولیس کے مطابق مسلح ڈاکو گھر کی دیواریں پھلانگ کر رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گھر میں داخل ہوئے تھے، اور ڈیڑھ گھنٹہ گھر والوں کو یرغمال بنائے رکھا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈکیتی کرنے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے اقدامات کیے شروع کر دیے گئے ہیں، پولیس عملے نے جائے واردات سے ثبوت بھی اکھٹے کیے، حکام کے مطابق ملزمان کو جلد قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا۔

  • ویڈیو: لٹیروں نے تعاقب کے بعد دودھ کے تاجر کو بے رحمی سے گولی مار کر بھاری رقم چھین لی

    ویڈیو: لٹیروں نے تعاقب کے بعد دودھ کے تاجر کو بے رحمی سے گولی مار کر بھاری رقم چھین لی

    کراچی: شہر قائد میں لوٹ مار اور شہری کو بے رحمی سے گولی مارنے کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی شہر لٹیروں کی جنت بن چکا ہے، اسٹریٹ کریمنلز اطمینان سے وارداتیں کر کے فرار ہو جاتے ہیں، اور فوٹیجز ہونے کے باوجود کراچی پولیس جرائم پیشہ افراد اور وارداتوں پر قابو پانے میں ناکام ہے۔

    تازہ واقعے میں کراچی کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر 12 مئی کو دودھ کے تاجر کو تعاقب کے بعد گولی مار کر 7 لاکھ روپے چھینے کی واردات کی گئی تھی، جس کی ایف آئی آر تیرہ مئی کو درج کی گئی۔

    مقدمے کے مطابق دودھ کا تاجر موٹر سائیکل پر ابوالحسن اصفہانی روڈ سے رقم کی ریکوری کے لیے نکلا تھا، جب وہ لیاقت آباد پہنچا تو موٹر سائیکل سوار لٹیروں نے اسے روکنے کی کوشش کی لیکن وہ نہ رکا، جس پر لٹیروں نے اس پر فائرنگ کر دی۔

    ایف آئی آر کے مطابق چلائی گئی گولی پہلے تاجر کی ٹانگ پر لگی اور پھر موٹر سائیکل کے ٹائر پر جا لگی، گولی لگنے سے وہ زخمی ہو گیا، لیکن اسی حالت میں وہ موٹر سائیکل بھگاتا رہا۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کہ جب وہ سندھ گورنمنٹ اسپتال پہنچا تو سڑک پر گڑھے کے باعث اس کی موٹر سائیکل گر پڑی، اور وہ بھی گر گیا، اس دوران لٹیرے بھی پستول ہاتھ میں لیے پہنچ گئے۔

    ڈاکوؤں نے بائیک میں موجود 7 لاکھ روپے لیے، اور پھر ایک لٹیرے نے تاجر سے بھی اس کا موبائل فون چھین لیا، فوٹیج میں ڈاکوؤں کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تاجر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا، اور ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

  • ویڈیو: ڈاکوؤں کی بغیر میگزین پستول کے ساتھ واردات، نوجوان کا ڈاکو سے پستول چھیننا بے سود نکلا

    ویڈیو: ڈاکوؤں کی بغیر میگزین پستول کے ساتھ واردات، نوجوان کا ڈاکو سے پستول چھیننا بے سود نکلا

    کراچی: شہر قائد میں ہونے والی ایک واردات میں نوجوان نے بہادری دکھاتے ہوئے ڈاکو سے پستول چھین لی تاہم گولی چلاتے وقت معلوم ہوا کہ ڈاکو بغیر میگزین والی پستول کے ساتھ واردات کر رہے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گارڈن ویسٹ میں نوجوان نے ڈکیتی کرنے والے ڈاکو کی پستول چھین لی، نوجوان نے جب ملزم پر فائر کیا تو پتا چلا گن کا میگزین ہی نہیں تھا، ڈاکو موبائل فون لے کر بھاگ نکلے۔

    واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی، فوٹیج میں پہلے ایک ڈاکو کو، اور پھر دوسرے ڈاکو کو اندر آتے دیکھا جا سکتا ہے، ڈاکو کا ساتھی دکاندار کا فون اٹھا کر اندر چلا گیا، تاہم اس دوران کرسی پر کھانا کھاتا نوجوان اچانک اٹھا اور ڈاکو کی پستول چھینی لی، جس پر دونوں ڈاکو بدحواس ہو کر نوجوان کے پیچھے باہر بھاگے۔

    نوجوان نے پولیس کو بیان دیا کہ وہ جم جانے کے لیے دوست کی دکان پر پہنچا، بھوک لگی تھی تو بریانی منگوا لی، 3 مرتبہ چکر لگانے کے بعد 2 افراد دکان کے اندر آئے اور لوڈ کا پوچھا، پھر دکاندار پر گن رکھ دی اور کہا چپ کر کے بیٹھے رہو۔

    بیان میں نوجوان نے کہا کہ ڈاکو نے پہلے کاؤنٹر سے اس کے بعد میرا موبائل فون اٹھایا، میں نے دیکھا کہ ڈاکو کا دھیان اپنے پستول کی طرف ہے ہی نہیں، میں پستول لے کر دکان کے باہر بھاگا اور ڈاکو پر فائر کر دیا، لیکن پتا چلا کہ پستول کے اندر تو میگزین نہیں تھا۔

    چلتے جھولے میں لاک کھول کر کھڑے ہونے کا بھیانک انجام، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    نوجوان نے بتایا کہ ان کی ڈاکو سے ہاتھا پائی بھی ہوئی، اور ڈاکو کو انھوں نے بٹ بھی مارے لیکن وہ موبائل فون لے کر بھاگنے میں کامیاب ہو گئے، اس دوران مارکیٹ میں کوئی مدد کو نہیں آیا، نوجوان نے کہا کہ فوٹیجز میں ملزمان کے چہرے واضح دیکھے جا سکتے ہیں۔

  • ویڈیو: ڈکیتی کے دوران دو طرفہ فائرنگ میں شہری کی جان چلی گئی

    ویڈیو: ڈکیتی کے دوران دو طرفہ فائرنگ میں شہری کی جان چلی گئی

    کراچی: شہر قائد میں ڈکیتی کے دوران ایک اور شہری کی جان چلی گئی، گلشن اقبال میں ڈکیتی کی واردات کے دوران دو طرفہ فائرنگ میں احسن نامی شہری جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 11 میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا ہے، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹئج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی، جس میں فائرنگ کے بعد شہریوں کو بھاگتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    28 سالہ احسن کو فوٹیج میں بھاگتے ہوئے اور پھر گولی لگ جانے کے بعد گرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکو ہوٹل کے باہر لوٹ مار کر رہے تھے کہ سیکیورٹی گارڈ نے ان پر فائرنگ کر دی، تاہم ڈاکؤوں کی جوابی فائرنگ کی زد میں آ کر احسن جاں بحق ہو گیا، مقتول شہری پان کے کیبن کے قریب موجود تھا۔

    کراچی میں ڈکیتی کے دوران قتل ہونے والوں کی تعداد 45 ہو گئی ہے۔

  • سفاک ڈاکو نے ضعیف خاتون کو زمین پر گرا دیا، دردناک ویڈیو وائرل

    سفاک ڈاکو نے ضعیف خاتون کو زمین پر گرا دیا، دردناک ویڈیو وائرل

    بھارتی حیدرآباد کے پرانے شہر میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک ڈاکو نے برقعہ پوش ضعیف خاتون کو بھی نہ بخشا۔

    بے رحم اور سفاک رہزن نے برقعہ پوش خاتون کے ہاتھ سے اتنی طاقت سے تھیلا چھینا کہ جس کے بعد بزرگ خاتون زمین پر اوندھے منہ گر پڑیں۔

    یہ اندوہناک منظر اس گلی میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگیا جو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے اور صارفین اس واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے خاتون کیلئے انصاف کا مطالبہ کررہے ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق حیدرآباد کے شاہلی بندہ غازی پورہ کے علاقے میں ایک بزرگ خاتون سڑک سے گزر رہی تھی کہ ایک نوجوان کافی دیر سے ان کا پیچھا کررہا تھا۔

    ایک جگہ پہنچ کر اس نے واردات کی نیت سے بائیک اسٹارٹ کرکے گلی کے کونے میں کھڑی کردی جس کے بعد وہ بزرگ خاتون کے پیچھے چلتا ہوا آیا اور اچانک خاتون کے ہاتھ میں موجود تھیلا کھینچ لیا، ضعیف خاتون اپنے تھیلے کو مضبوطی سے پکڑے ہوئے تھیں جس کے سبب وہ بھی زمین پر جاگریں۔

    ملزم نے زمین پر گری ہوئی ضعیف خاتون کے ہاتھ سے تھیلا چھینا اور بھاگتا ہوا بائیک کے پاس گیا اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

  • ویڈیو: افطار کے وقت لٹیروں نے دکان میں موجود افراد کو لوٹ لیا

    ویڈیو: افطار کے وقت لٹیروں نے دکان میں موجود افراد کو لوٹ لیا

    کراچی: ڈکیتوں نے روزہ داروں کا افطار کرنا بھی مشکل بنا دیا ہے، کراچی میں عین افطار کے وقت لٹیروں نے ایک دکان میں موجود افراد کو لوٹ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا، بلاک 14 میں افطار کے وقت لوٹ مار کی واردات ہوئی ہے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہو گئی۔

    یہ واردات موٹر سائیکل سوار 2 لٹیروں نے کی، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ افطاری کرتے 9 افراد خوف کے عالم میں بیٹھے رہے، اور لٹیرے نے اطمینان سے کیش کاؤنٹر کا صفایا کیا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق مسلح لٹیرا اطمینان سے 9 افراد کی جیبوں سے بھی نقدی نکالتا رہا، جب کہ ایک شخص نے لٹیروں کو آتا دیکھ کر اپنی جیب سے پہلے ہی موبائل نکال کر دکان کے ایک کونے میں پھینک دیا تھا۔

    واردات کے دوران روزہ دار افطار بھی کرتے رہے، جب کہ ماسک لگائے لٹیرے واردات کر کے بہ آسانی فرار ہو گئے۔