Tag: robbery

  • ڈکیتی کی مزاحمت پر شہری کو جلانے کا واقعہ کچھ اور نکلا

    کراچی: کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ڈکیتی کی مزاحمت پر آتش گیر مادے کے ذریعے شہری کے جھلسنے کا واقعہ کچھ اور نکل آیا۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے جھلسنے والے شہری کا اسپتال میں بیان ریکارڈ کر لیا، پولیس کو شہری نے بیان دیا ہے کہ اس نے گھریلو مسائل سے تنگ آکر خود کو آگ لگائی۔

    شہری کا کہنا تھا کہ 3 ماہ سے وہ گھر کا کرایہ نہیں دے پایا ہے، اور مالک مکان پیسوں کا تقاضا کر رہا ہے۔

    شہری کا کہنا تھا کہ اس نے پیٹرول لے جا کر خود کو آگ لگائی، جب کہ اس سے پہلے اس کا کہنا تھا کہ اسے ڈکیتی کی واردات میں جلایا گیا ہے۔

    گزشتہ روز پولیس نے بتایا تھا کہ ڈاکوؤں نے واردات کے دوران شہری پر آتش گیر مواد سے حملہ کیا جس سے شہری کا جسم جھلس گیا، اور ڈاکوؤں نے زخمی شہری سے 15 ہزار نقدی بھی چھینی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے ایک علاقے سرجانی میں آگ کے باعث جھلس کر ایک اور شخص بھی زخمی ہو گیا تھا، متاثرہ شخص نے پلاٹ میں کچھ جلایا جس سے آگ لگی، اور متااثرہ شخص کی جیکٹ میں آگ لگ گئی۔

  • شہری کو فیملی سمیت لوٹنے کے واقعے کی فوٹیج سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد لٹیروں اور ڈکیتوں کی جنت بنتا جا رہا ہے، دن دہاڑے واردات کر کے لٹیرے اطمینان سے فرار ہو جاتے ہیں، اور کراچی پولیس کے اعلیٰ حکام بیانات جاری کر کے اطمینان سے بیٹھ جاتے ہیں۔

    کراچی پولیس حکام اور اے آر وائی نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق شہر قائد میں 60 فی صد اسٹریٹ کرائمز کا تعلق نشے کے عادی افراد سے ہے، تاہم مختلف رہائشی علاقوں میں پولیس کی سرپرستی میں منشیات فروشی بھی جاری ہے اور اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں بھی عروج پر ہیں۔

    چند دن قبل کراچی کے علاقے نیو ٹاؤن میں ایک واردات میں شہری کو ان کی فیملی سمیت دن دہاڑے لوٹ لیا گیا تھا، اس واقعے کی ایف آئی آر بھی درج کی جا چکی ہے، تاہم لٹیرے تاحال پولیس کی گرفت سے بچے ہوئے ہیں۔

    اب اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے، جس میں لٹیروں کو اسلحے کے زور پر اطمینان سے لوٹ مار کرتے دیکھا جا سکتا ہے، فیملی سے لوٹ مار کے دوران گلی میں عام افراد کو آتے جاتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

    اس واقعے کی کاٹی گئی ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ دو موٹر سائیکل سوار 3 تین ملزمان نے اسلحے کے زور پر لوٹ مار کی، اور شہریوں سے موبائل فون، نقدی اور بیگ چھینا گیا جس میں اہم دستاویزات موجود تھیں۔

    ڈکیتی مزاحمت پر دکاندار قتل، رواں سال 105 افراد ڈاکوؤں کے ہاتھوں قتل ہوچکے

    واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے لٹیرے اسٹریٹ کرائمز کے دوران شہریوں کو بلاجھجھک گولی مار کر قتل بھی کر دیتے ہیں، لیکن پولیس حکام کی جانب سے کوئی خصوصی اقدامات تاحال دکھائی نہیں دیے ہیں۔

  • کراچی : ڈاکوؤں نے مزاحمت پر لیبارٹری ملازم کو گولی ماردی

    کراچی : ڈاکوؤں نے مزاحمت پر لیبارٹری ملازم کو گولی ماردی

    کراچی : شہر قائد میں مسلح افراد کی لوٹ مار کا سلسلہ تمام تر دعوؤں کے باوجود کم نہ ہوسکا، ڈاکو دن دہاڑے شہریوں کو لوٹ کر اور زخمی کرکے باآسانی فرار ہورہے ہیں۔

    کراچی کے علاقے صدر لکی اسٹارکے قریب ایک لیبارٹری میں ڈکیتی اور فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔

    واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی، فوٹیج میں دو ڈکیتوں کو لیبارٹری کے اندر داخل ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    ایک ملزم لیبارٹری اسٹاف پر اسلحہ تان کرکھڑا رہا اوردوسرا ان کی تلاشی لیتا رہا، واردات کے دوران لیبارٹری میں موجود ملازم نے مزاحمت کی کوشش کی۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مزاحمت کے دوران ملزم لیبارٹری کے ملازم کو زدو کوب بھی کرتا رہا، مزاحمت پر ڈاکو نے لیبارٹری ملازم کی ٹانگ پر گولی ماری اور واردات کے بعد فرار ہوگئے۔

    علاوہ ازیں کراچی کے ضلع وسطی میں کیفے پیالہ کے قریب اِنجن آئل کی دُکان میں ڈکیتی کی واردات ہوئی جس میں تین مسلح ملزمان اسلحہ کے زور پر نقد رقم اور دیگر قیمتی اشیاء لوٹ کر فرارہوگئے۔

    ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی ویڈیو منظرعام پرآگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موٹرسائیکل پر 3 ملزمان دُکان پرآتے ہیں اور آتے ہی دکاندار کا بٹوہ جیب سے نکال لیتے ہیں۔

    <p>ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی ویڈیو منظرعام پرآگئی۔ اسکرین گریب</p>

    ایک ملزم بٹوے سے پیسے نکالنا شروع کرتا ہے اور دیگر دو ملزمان دُکان کی تلاشی لینا شروع کردیتے ہیں لوٹ مار کے بعدملزمان با آسانی فرار ہوجاتے ہیں۔

  • ویڈیو: مسلح ڈاکوؤں نے انجن آئل کی دکان لوٹ لی

    ویڈیو: مسلح ڈاکوؤں نے انجن آئل کی دکان لوٹ لی

    کراچی: شہر قائد کے ایک مشہور مقام کیفے پیالہ کے قریب جمعہ کے روز صبح سویرے لٹیروں نے ایک انجن آئل شاپ لوٹ لی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کیفے پیالہ کے قریب انجن آئل کی دکان میں ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے، 3 ملزمان اسلحہ کے زور پر نقد رقم اور دیگر قیمتی اشیا لوٹ کر فرار ہو گئے۔

    ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دکان دار کے جھاڑو دیتے وقت موٹر سائیکل پر 3 ملزمان آئے اور اسلحے کے زور پر انھیں لوٹ لیا۔

    فوٹیج کے مطابق ملزمان نے آتے ہی دکان دار کا بٹوہ جیب سے نکال لیا، ایک لٹیرے نے بٹوے سے پیسے نکالنا شروع کیا جب کہ دیگر 2 لٹیروں نے دکان کی تلاشی لی۔

    لٹیرے واردات کے بعد بہ آسانی فرار ہو گئے۔

  • سنار کی دکان میں ڈکیتی کی فوٹیج

    سنار کی دکان میں ڈکیتی کی فوٹیج

    کراچی: شہر قائد میں طارق روڈ پر ایک سنار کی دکان میں ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے، مسلح ملزمان لاکھوں مالیت کا سونا اور کیش لوٹ کر فرار ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق طارق روڈ پر سنار کی دکان میں ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے، واردات میں مسلح ملزمان لاکھوں مالیت کا سونا اور کیش لوٹ کر فرار ہو گئے تھے، یہ واردات گزشتہ شام پونے 7 بجے ہوئی۔

    سلیمان جیولرز پر ہونے والی ڈکیتی کے دوران پہلے دو ملزمان جیولرز شاپ کے اندر اسلحہ لے کر داخل ہوئے، چند لمحوں بعد مزید دو ملزمان بھی پہنچ گئے۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں واردات کے وقت دکان کے باہر چہل پہل بھی دیکھی جا سکتی ہے، ملزمان کے پیچھے چائے ہوٹل کا ملازم بھی داخل ہونے لگا لیکن واردات ہوتی دیکھ کر واپس ہو گیا، اس دوران مسلح ملزمان بے خوفی کے ساتھ آرام سے واردات کرتے رہے۔

    دکان دار کے مطابق واردات کے دوران 20 لاکھ سے زائد مالیت کا سونا لوٹا گیا، دکان میں موجود 2 لاکھ روپے کیش بھی لوٹا گیا، واردات کے بعد پولیس کو بھی اطلاع کر دی تھی، آج مقدمہ درج کروائیں گے۔

    ملزمان نے دکان میں بیٹھے کسٹمرز کو بھی کنگال کر دیا، گاہکوں کے موبائل فونز، پرس اور قیمتی سامان بھی لوٹا گیا۔

  • ویڈیو: چار ڈکیت گھر میں واردات کے دوران پولیس کی گرفت میں آ گئے

    ویڈیو: چار ڈکیت گھر میں واردات کے دوران پولیس کی گرفت میں آ گئے

    کراچی: شہر قائد میں چار ڈکیت گھر میں واردات کے دوران پولیس کی گرفت میں آ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پولیس نے تیز ترین ایکشن لیتے ہوئے ایک گھر میں ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی۔

    اورنگی ٹاؤن کے علاقے اقبال مارکیٹ میں پولیس نے کارروائی میں خاتون سمیت 4 ڈکیتوں کو گرفتار کر لیا ہے، جو ایک گھر میں واردات کی نیت سے داخل ہوئے تھے۔

    گھر کے مالک عمران نے موقع دیکھ کر 15 پر کال کر دی، جس پر پولیس عملہ پہنچ گیا، اور انھوں نے ڈکیتوں کو نہایت حکمت عملی اور بغیر کسی جانی نقصان کے گرفتار کر لیا۔

    ڈکیت اپنی خاتون ساتھی کی مدد سے گھر میں ڈکیتی کی کوشش کر رہے تھے، تاہم پولیس نے انھیں رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

    پولیس حکام کے مطابق ڈکیتوں سے دو عدد تیس بور پستول، اور ایک عدد نائن ایم ایم پستول برآمد ہوئی، جب کہ ایک کار بھی قبضے میں لی گئی ہے۔

    ملزمان کو مزید کارروائی کے لیے تھانہ اقبال مارکیٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • ڈاکوؤں کے آنے پر کتے کا عجیب و غریب ردعمل، مالک حیران، ویڈیو وائرل

    ڈاکوؤں کے آنے پر کتے کا عجیب و غریب ردعمل، مالک حیران، ویڈیو وائرل

    کتے کے بارے میں یہ بات مشہور ہے کہ اس کا شمار وفادار جانوروں میں ہوتا ہے اور یہ اپنے مالک کی جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنی جان دینے سے بھی دریغ نہیں کرتا۔

    لیکن بعض اوقات بہت سی باتیں اور کہاوتیں محض کتابوں تک محدود دکھائی دیتی ہیں، ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا کچھ ایسا ہی واقعہ تھائی لینڈ میں پیش آیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو جسے دیکھ کر صارفین مسکرائے بغیر نہ رہ سکے, جس میں دکان کے مالک نے اپنے کتے کو آزمانے کیلئے اس کے ساتھ ڈرامہ کیا، جس کا نتیجہ دیکھ کر اسے بہت افسوس ہوا۔

    تھائی لینڈ میں ایک جیولری شاپ کے مالک کو اس وقت حیرانی کا سامنا کرنا پڑا جب اس کی دکان پر ڈاکو آئے اور قیمتی زیورات چھین کر آسانی سے فرار ہوگئے۔

    اس پوری واردات کے دوران دکان کے دروازے پر موجود اس کا پالتو کتا مزے سے سوتا رہا، جس پر اس کے مالک نے اسے دنیا کے سب سے بیکار محافظ کتے کا لقب دیا۔

    دکان کا مالک وراوت لومواناونگ دراصل یہ جاننا چاہتا تھا کہ اگر کبھی ایسا واقعہ رونما ہوجائے تو اس کے پالتو کتے لکی کا کیا رد عمل ہوگا اور یہی جاننے کیلئے اس نے ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا۔

    وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب جعلی ڈکیتی کی واردات ہوئی تو لکی (کتے) نے اپنے مالک کی حفاظت کی ذرا بھی فکر نہیں کی اس نے یہ دیکھنے کے لیے بھی سر نہیں اٹھایا کہ دکان میں کیا ہو رہا ہے اور جعلی ڈاکو کو زیورات لے کر فرار ہونے دیا۔

    سوشل میڈیا صارفین یہ ویڈیو دیکھ کر خوب محظوظ ہوئے اور اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے، ایک صارف کا کہنا تھا کہ کتا سوچ رہا ہوگا کہ میں جانتا ہوں میرا مالک جعلی ویڈیو بنا رہا ہے لہٰذا میں سکون سے سوتا رہوں گا۔

    ایک اور صارف نے لکھا کہ یہ دنیا کا سب سے بیکار محافظ کتا ہونا چاہیے کیونکہ جب وہ ڈاکو دکان میں آیا تو اس نے نظر اٹھا کر دیکھنا بھی گوارہ نہ کیا۔

  • ڈاکوؤں نے تاجر سے کروڑ روپے کا سونا اور نقدی چھین لی (ویڈیو)

    ڈاکوؤں نے تاجر سے کروڑ روپے کا سونا اور نقدی چھین لی (ویڈیو)

    راولپنڈی: ڈاکوؤں نے ایک تاجر سے کروڑ روپے کا سونا اور نقدی چھین لی، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں تھانہ نیو ٹاؤن کی حدود میں ڈکیتی کی بڑی واردات ہوئی ہے، جس میں 2 لٹیرے ایک تاجر سے 25 تولہ سونا اور نقدی لے کر فرار ہو گئے۔

    یہ واقعہ سیٹلائٹ ٹاؤن بی بلاک میں پیش آیا، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسلح موٹر سائیکل سواروں نے تاجر کی گاڑی روکی، اور پھر ان سے اور ان کی فیملی سے سونا اور نقدی چھین لی۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں مسلح موٹر سائیکل سواروں کو اسلحہ لہراتے بھی دیکھا جا سکتا ہے، پولیس نے اس واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

  • کراچی میں ڈاکو بے قابو، ڈکیتی کے دوران شہری پر فائرنگ

    کراچی میں ڈاکو بے قابو، ڈکیتی کے دوران شہری پر فائرنگ

    کراچی : کورنگی میں موٹر سائیکل مسلح افراد نے ڈکیتی کی واردات کے دوران براہ راست فائرنگ کردی، ملزمان لوٹ مار کے بعد با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی شہر میں اسٹریٹ کرمنلز بے لگام ہوگئے، دن دہاڑے اور لوگوں کی موجودگی میں وارداتیں روز کا معمول بن گئیں۔

    کراچی کے علاقے کورنگی گلشن محمدی میں واردات کی فوٹیج سامنے آگئی، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دو موٹرسائیکل سوار اسٹریٹ کرمنلز گلی میں موجود افراد سے لوٹ مار کررہے ہیں۔

    مسلح افراد کو دیکھ کرسیڑھی پر بیٹھے افراد میں بھگدڑ مچ گئی جس پر مسلح ملزمان نے آؤ دیکھا نہ تاؤ اور براہ راست گولی چلا دی۔

    ایک نوجوان کے بھاگنے کی کوشش کرنے پر ملزمان نے اُس پر بھی فائر کیا، بعد ازاں اسٹریٹ کرمنلز بلاخوف وخطر اطمینان سے لوٹ مار کے بعد وہاں سے نکل گئے۔

    دوسری جانب کراچی کے علاقے سائٹ سپرہائی وے کی پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    ایس ایس پی ایسٹ نے میڈیا کو بتایا کہ مذکورہ ملزم نے گزشتہ دنوں اپنے ساتھیوں سمیت ڈکیتی کے دوران شہری کو فائرنگ کرکے زخمی کیا تھا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان نے فقیرا گوٹھ بلوچ محلہ میں واردات کی تھی، گرفتارملزم سے چھینی گئی موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی گئی ہے۔

  • کراچی: اسٹریٹ کرائم کی ہولناک واردات (بچے ویڈیو نہ دیکھیں)

    کراچی: اسٹریٹ کرائم کی ہولناک واردات (بچے ویڈیو نہ دیکھیں)

    کراچی: شہر قائد کا علاقہ ضلع کورنگی جرائم پیشہ عناصر کا گڑھ بن گیا ہے، ایک اور ہول ناک واردات میں لٹیروں نے دن دہاڑے راہ گیر کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے لوٹ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے مہران ٹاؤن میں اسٹریٹ کرائم کی افسوسناک واردات ہوئی ہے، 3 مسلح لٹیروں نے شہری کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور مزاحمت پر گولی چلا دی۔

    اس واقعے کی سی سی ٹی وی اور موبائل فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لٹیرے کتنی بے خوفی سے دن دہاڑے واردات کر رہے ہیں، شہری اپنے پرس کے حصول کے لیے جدوجہد کرتا رہا لیکن لٹیرے اسے مسلسل دھمکاتے رہے۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ایک شہری سڑک پر جا رہا تھا کہ ایک موٹر سائیکل نے آ کر اسے ٹکر مار کر زمین پر گرا دیا، جب کہ دوسری موٹر سائیکل نے اس کا راستہ روک لیا، شہری کی مزاحمت پر لٹیروں نے اس پر تشدد شروع کر دیا۔

    ایک لٹیرا شہری کی جیب سے پیسے اور موبائل فون نکالنے کی کوشش کرتا رہا، مزاحمت پر شہری کو مار مار کر ادھ موا کر دیا، جب لٹیرے واپس جانے لگے تو شہری پھر کھڑا ہوا اور اپنا پرس واپس مانگا۔

    موبائل فوٹیج میں شہری کو سنا جا سکتا ہے، جو بار بار اپنا پرس واپس مانگ رہا ہے، جب کہ اس دوران لٹیرا اسے گولی مارنے کی دھمکی دیتا رہا، آخر کار پستول پکڑے ملزم نے شہری پر گولی چلا دی، اور واردات کے بعد تینوں بہ آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔