Tag: robbery

  • کمپنی ملازم کو 15 پر ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع دینا مہنگا پڑ گیا

    کمپنی ملازم کو 15 پر ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع دینا مہنگا پڑ گیا

    کراچی: شہر قائد میں ایک کمپنی ملازم کو 15 پر ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع دینا مہنگا پڑ گیا، شاہ لطیف پولیس نے احمد سالم نامی شہری کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ون فائیو پر جھوٹی کال کر کے اپنی ہی کمپنی کو 83 ہزار روپے کا نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والا ملزم احمد سالم شاہ لطیف پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو گیا۔

    رپورٹ کے مطابق ملزم احمد نے 15 پر ڈکیتی کی اطلاع دی تھی، جب پولیس اہل کار موقع واردات پر پہنچے تو وہاں موجود نجی کمپنی کے ملازم احمد ولد سالم نے بتایا کہ اسے 2 موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے لوٹ لیا ہے، ملزمان اس سے 83 ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ کر لے گئے۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق اہل کاروں نے شک کی بنا پر ملزم کی سوزوکی کے اندر تلاشی لی، تو ان کو ایک شاپر میں لپٹا ہوا موبائل فون اور 83 ہزار روپے کی رقم مل گئی۔

    پوچھ گچھ پر گرفتار ملزم احمد سالم نے بتایا کہ وہ کمپنی میں رائیڈر کی نوکری کر رہا ہے، اسے پیسوں کی ضرورت تھی، اس لیے ڈکیتی کا جھوٹا ڈراما رچانے کی کوشش کی۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

  • کراچی: معروف ریسٹورنٹ میں ڈکیتی کی واردات، ملزمان سی سی ٹی وی بھی ساتھ لے گئے

    کراچی: معروف ریسٹورنٹ میں ڈکیتی کی واردات، ملزمان سی سی ٹی وی بھی ساتھ لے گئے

    کراچی: سپر ہائی وے پر معروف ریسٹورنٹ میں ڈکیتی کی واردات رونما ہوئی ہے جہاں مسلح ملزمان اسلحے کی زور پر لاکھوں روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔

    ریسٹورنٹ مالک کی جانب سے میڈیا کو بتایا گیا کہ چار مسلح ملزمان اسلحے کی زور پر ریسٹورنٹ میں داخل ہوئے اور کیش کاؤنٹر پر لوٹ مار شروع کردی، ملزمان نے اطمینان کے ساتھ واردات کی اور پچاس لاکھ سے زائد نقدی لے کر فرار ہوئے۔

    مالک نے بتایا کہ مسلح ملزمان ایک گھنٹے تک لوٹ مار کرتے رہے تاہم اس دوران پولیس بھی مدد کو نہ آئی ، ملزمان جاتے ہوئے سی سی ٹی وی ڈی وی آر بھی ساتھ لےگئے۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی سپر ہائی وے پر کیٹل فارم میں ڈکیتی کی بڑی واردات، ڈاکو کروڑوں مالیت کے مویشی لوٹ کر فرار

    پولیس کے مطابق واردات کے وقت سیکیورٹی گارڈ موجود تھا مگر مبینہ طور پر اس نے مزاحمت نہیں کی۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق گزشتہ رات کی تمام سیل صبح بینک میں جمع کرانے کے لیے لے جائی جانی تھی کہ ملزمان لوٹ کر لے گئے۔

  • انوکھی ڈکیتی : ڈلیوری بوائے سے کھانے کے ساتھ رقم بھی منگوالی

    انوکھی ڈکیتی : ڈلیوری بوائے سے کھانے کے ساتھ رقم بھی منگوالی

    کراچی : نجی ریسٹورنٹ کے ملازم کے ساتھ ڈکیتی کی انوکھی واردات کا واقعہ پیش آیا ہے ڈاکوؤں نے ڈلیوری بوائے سے کھانے کے ساتھ رقم بھی منگوالی۔

    کراچی میں ڈکیتی و رہزنی کی وارداتیں سر عام جاری ہیں بلکہ ان میں دن بہ دن اضافہ بھی ہوتا جارہا ہے اور ڈاکو وارداتوں کو نت نئے طریقے انجام دے رہے ہیں۔

    ایک ایسا ہی واقعہ کراچی کے ایک پوش علاقے میں پیش آیا جہاں ڈاکوؤں نے کھانے کا آن لائن آرڈر دینے کے ساتھ ساتھ بھاری رقم بھی منگوالی۔

    اس حوالے سے ریسٹورنٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسٹریٹ کرمنلز نے پہلے ریسٹورنٹ میں فون کرکے آرڈر بک کروایا، شہری نے آرڈر بک کراتے وقت بتایا کہ اس کے پاس5ہزار روپے کا نوٹ ہے۔

    شہری کا آرڈر دیتے وقت ریسٹورنٹ انتظامیہ سے کہنا تھا کہ فوڈ ڈلیوری بوائے کو5ہزار کے نوٹوں کا کھلادے کر بھیجیے گا، ڈلیوری بوائے جب کھانا لے کر پہنچا تو شہری نے اسے مخصوص جگہ رکنے کا کہا۔

    شہری پارکنگ میں آرڈر لینے آیا تواس کے پاس اسلحہ بھی موجود تھا، اسٹریٹ کرمنلز نے ڈلیوری بوائے سے کھانااور9ہزار روپے چھین لیے۔

  • ڈاکوؤں کی سحری کے  وقت وارداتیں : شہری زیورات اور نقدی سے محروم

    ڈاکوؤں کی سحری کے وقت وارداتیں : شہری زیورات اور نقدی سے محروم

    کراچی : شہر قائد میں ڈاکوؤں نے سحری کے اوقات میں وارداتیں کرنے کا وطیرہ بنا لیا، سحری کی تیاریوں اور نیند میں ڈوبے شہری قیمتی سامان اور نقدی سے محروم ہونے لگے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں جرائم پیشہ عناصر نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی، ڈیفنس فیز ٹو میں چار مسلح ملزمان نے گھر میں گھس کر 32 لاکھ سے زائد کی واردات کر ڈالی۔

    پولیس نے بتایا چار مسلح ملزمان نے سحری کے وقت واردات کی اور اسلحے کے زور پر 25 تولہ سونا چھینا جبکہ یافتہ پستول اور 30 ہزار کیش بھی لوٹا۔ پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

    دوسری جانب ایک واقعے میں سحری کے وقت گھر کے باہر بیٹھے تین نوجوان مسلح ملزمان کے ہاتھوں لٹ گئے۔ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں نوجوانوں کو گلی میں کرسی لگا کر بیٹھے دیکھا جاسکتا ہے۔

    گلی کی دوسری جانب سے دوملزمان موٹرسائیکل پر آئے پیچھے بیٹھے ملزم نے اترتے ہی پستول چیمبر کردی، ایک نوجوان نے گھبرا کر دونوں ہاتھ اوپر کردیے۔

    ملزمان نے اطمینان سے تینوں کی مکمل جامع تلاشی لی اور آرام سے موبائل اور کیش لوٹا اور دوسری جانب فرار ہوگئے۔

  • کراچی : نشے کی عادت نے ماڈلنگ کے شوقین نوجوان کو قاتل بنادیا

    کراچی : نشے کی عادت نے ماڈلنگ کے شوقین نوجوان کو قاتل بنادیا

    کراچی : نشے کا مریض اپنی ہر حرکت کو جائز سمجھتا ہے، نشے کی خاطر غیراخلاقی اور غیر قانونی سرگرمیوں تک میں ملوث ہوجاتا ہے۔

    کچھ ایسا ہی کراچی کے ایک نوجوان کے ساتھ ہوا، شاہ لطیف پولیس نے60سے زائد ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ملزم سلیمان کو گرفتار کرلیا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش گرفتار ملزم نے ڈکیتی کی ایک واردات کے دوران شہری کو قتل کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے۔

    ملزم سلیمان نے پولیس کا بتایا کہ ہم تین ساتھی غوثیہ ہوٹل کے قریب چائے پی رہے تھے، فرید اور یونس سوزوکی والے کے پاس گئے اور اس کا موبائل فون چھین لیا۔

    ملزم نے بتایا کہ میں موٹرسائیکل پر بیٹھا تھا میں نے اس کو گولی ماری اور پھر ہم وہاں سے بھاگ گئے۔

  • لاہور: بینک سے رقم نکلوانے والا شہری گھر کی دہلیز پر لٹ گیا

    لاہور: بینک سے رقم نکلوانے والا شہری گھر کی دہلیز پر لٹ گیا

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بینک سے رقم نکلوانے والا شہری گھر کی دہلیز پر لٹ گیا، مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے چھوٹے بھائی کو زخمی کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے جوہر ٹاؤن میں بینک سے رقم نکلوانے والا شہری لٹ گیا، شہری ساجد 35 لاکھ لے کر بینک سے نکلا اور گھر کی دہلیز پر لٹ گیا۔

    ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ساجد کا بھائی زخمی بھی ہوا جس کے بعد اسے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ساجد والدہ کے ہمراہ گھر پہنچا کہ اسے ڈاکوؤں نے آ لیا، ساجد کا بھائی جو اسی وقت باہر آیا تھا واردات دیکھ کر ڈاکوؤں سے الجھ گیا۔

    مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی جس سے حمزہ زخمی ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

    خیال رہے کہ لاہور میں جرائم کی شرح میں خطرناک اضافہ ہوچکا ہے، شہر میں ڈکیتی کی وارداتوں میں 282 فیصد جبکہ شاہراؤں پر لوٹ مار کی وارداتوں میں 123 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق شہر میں گزشتہ سال کی نسبت ڈکیتی و راہزنی کی وارداتوں میں 405 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔

  • کراچی : ڈاکوؤں نے شہری سے گھر کی دہلیز پر6لاکھ روپے چھین لیے

    کراچی : ڈاکوؤں نے شہری سے گھر کی دہلیز پر6لاکھ روپے چھین لیے

    کراچی : پولیس کی جانب سے شہر قائد میں جرائم پر قابو پانے کے دعوے کھوکھلے نکلے، مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرمنلز کی لوٹ مار کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

    کراچی کے علاقے بلال کالونی تھانے کی حدود سیکٹر فائیو ای میں موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے دن دہاڑے واردات کی اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    ذرائع کے مطابق مسلح افراد چائے کے ہوٹل پر بیٹھے شہریوں سے نقدی، موبائل فون اور قیمتی سامان چھین کر باآسانی فرار ہوئے، موٹرسائیکل پر سوار 4 ملزمان نے 8 سے زائد افراد سے لوٹ مار کی۔

    اس کے علاوہ کراچی میں ڈکیتی کی ایک اور واردات میں ناگن چورنگی کے قریب مسلح افراد نے شہری کو اس کے گھر کے دروازے پر لوٹ لیا۔

    متاثرہ شہری دکان سے چھ لاکھ روپے لے کر گھر کی دہلیز پر پہنچا ہی تھا کہ دوموٹرسائیکلوں پر سوار چار ڈاکوؤں نے گھیرلیا، ملزمان نے ہاتھ سے رقم کا تھیلا چھینا اور فرار ہوگئے۔

  • کراچی : ڈاکوؤں نے مسجد کے پیش امام کو بھی نہ بخشا

    کراچی : ڈاکوؤں نے مسجد کے پیش امام کو بھی نہ بخشا

    کراچی : شہر قائد میں ڈاکوؤں کی وارداتیں دیدہ دلیری سے جاری ہیں، اسلحے کے زور مسجد کے پیش امام کو موبائل فون اور نقدی سے محروم کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر کے علاقے میگزین لائن میں اسلحے کے زور پیش امام کو لوٹ لیا گیا، واردات کا مقدمہ پریڈی تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔

    واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی، موبائل مارکیٹ کے پیش امام کوعشاء کی نماز پڑھا کر گھر واپس آتے ہوئے راستے میں لوٹا گیا۔

    امام مسجد نے پولیس کو بتایا کہ دو ملزمان آئے جنہوں نے اسلحہ دکھا کر مجھ سے لوٹ مار کی، ملزمان 16 ہزار روپے اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔

    امام مسجد کا کہنا تھا کہ میں ان کو بار بار التجا کی کہ امام مسجد ہوں، نماز پڑھاتا ہوں، میری التجا کے باوجود انہوں نے موبائل فون واپس نہیں دیا۔

  • کیش وین کے زخمی سیکیورٹی گارڈز کے قریب کھڑے ہجوم کا افسوسناک رویہ (ویڈیو)

    کیش وین کے زخمی سیکیورٹی گارڈز کے قریب کھڑے ہجوم کا افسوسناک رویہ (ویڈیو)

    کراچی: شہر قائد میں ایک طرف دن دہاڑے بڑے پیمانے پر لوٹ مار اور قتل و غارت جاری ہے، دوسری طرف زخمیوں کے حوالے سے انسانیت کو شرماتا شہریوں کا افسوس ناک رویہ بھی سامنے آ رہا ہے۔

    آج کراچی کے علاقے کورنگی میں مصروف سڑک پر ڈکیتی کی ایک ناکام واردات کی گئی، تاہم اس واردات میں ایک شخص کو جان سے ہاتھ دھونے پڑے، جب کہ دو سیکیورٹی گارڈز گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گئے تھے۔

    ڈاکو بھاگنے کے بعد زخمی سیکیورٹی گارڈز کیش وین کے قریب ہی سڑک پر پڑے تھے، ایسے میں آس پاس موجود لوگ اور سڑک پر گزرنے والے شہری کھڑے ہو کر تماشا دیکھنے لگ گئے۔

    زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال لے جانے کی ضرورت تھی، لیکن لوگوں نے رش لگا کر ویڈیوز بنانا شروع کر دیں، سامنے آنے والی ویڈیو میں ہجوم کا افسوس ناک رویہ دیکھا جا سکتا ہے، جس میں انھیں تبصرے کرتے بھی سنا جا سکتا ہے۔

    زخمی سیکیورٹی گارڈ نے لوگوں سے کہا بھی کہ مجھے اٹھا کر اسپتال لے جاؤ، لیکن ایک راہ گیر اس سے کمپنی کا نام پوچھتا رہا، اور کہتا رہا ہے کہ ایمبولینس آئے گی تو لے جائے گی۔

    مصروف سڑک پر فلمی انداز میں کیش وین لوٹنے کی لرزہ خیز واردات (فوٹیج بچے نہ دیکھیں)

    واضح رہے عوام کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ حادثے کی جگہ پر رش لگانا اور امدادی کارروائی میں خلل ڈالنا اتنا ہی بڑا جرم ہے جتنا ڈاکو کرتے ہیں۔

  • مصروف سڑک پر فلمی انداز میں کیش وین لوٹنے کی لرزہ خیز واردات (فوٹیج بچے نہ دیکھیں)

    مصروف سڑک پر فلمی انداز میں کیش وین لوٹنے کی لرزہ خیز واردات (فوٹیج بچے نہ دیکھیں)

    کراچی : شہر قائد کے علاقے کورنگی میں ایک مصروف سڑک پر فلمی انداز میں کیش وین لوٹنے کی لرزہ خیز واردات کی گئی، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کی ہے۔

    کراچی کے علاقے کورنگی کی سڑک پر فلمی طرز پر کیش وین لوٹنے کی کوشش کی گئی لیکن ڈاکو پیسے لوٹنے میں ناکام رہے، تاہم اس واردات میں ایک کیشیئر کی جان چلی گئی۔

    واردات کیسے ناکام ہوئی؟ اے آر وائی نیوز کو موصول سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیکیورٹی گارڈز نے جانوں کی پروا نہ کرتے ہوئے کئی منٹ تک ڈاکوؤں کا بے جگری سے مقابلہ کیا۔

    فوٹیج کے مطابق کورنگی کی سڑک پر جہاں تعمیراتی کام جاری ہے، ایک سفید رنگ کی کیش وین کو سفید کار نے چلتی سڑک پر اس کے سامنے فلمی انداز میں آ کر روک لیا، ڈاکوؤں کو جدید ہتھیاروں کے ساتھ کار سے اترتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    فوٹیج میں ڈاکوؤں اور سیکیورٹی گارڈز میں مقابلہ ہوتے بھی دیکھا جا سکتا ہے، فوٹیج کے مطابق ایک سیکیورٹی گارڈ شدید زخمی ہو کر سڑک پر گیا، کیش وین کے قریب دوسرا سیکیورٹی گارڈ بھی زخمی ہو کر گر پڑا۔

    تین منٹ سے زائد رہنے والی اس کشمکش کے دوران فائرنگ سے وین میں بیٹھا کیشیئر گولی لگنے سے موقع ہی پر دم توڑ گیا، تاہم ڈاکو وین کے اندر موجود ہیوی تجوری نکالنے میں ناکام رہے۔

    سیکیورٹی گارڈز کی مزاحمت کے بعد ناکامی پر ملزمان کار میں بیٹھے اور فرار ہو گئے۔