Tag: robbery

  • کراچی میں "وائٹ کرولا گینگ” ایک بار پھر سرگرم

    کراچی میں "وائٹ کرولا گینگ” ایک بار پھر سرگرم

    کراچی : شہر قائد میں ڈکیتی کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ڈکیت گروپ "وائٹ کرولا گینگ” ایک بار پھر سرگرم ہوگیا، ڈاکو گلشن اقبال میں ایک بنگلے کا صفایا کرکے باآسانی فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کی جانب سے بدنام زمانہ وائٹ کرولا گینگ کے خلاف تابڑ توڑ کارروائیوں میں متعدد کارندوں کی گرفتاری کے باوجود ڈکیت گروہ باز نہ آیا۔

    کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک13ڈی میں وائٹ کرولا گینگ نے بنگلے میں ڈکیتی کی واردات کی، اس دوران ڈاکو بنگلے سے زیوارت اور رقم لوٹ کرفرار باآسانی فرار ہوگئے۔

    اس حوالے سے اہل خانہ نے پولیس کو بیان دیا کہ 3ڈاکو گھرمیں داخل ہوئے اور کافی دیر تک خواتین کو یرغمال بنائے رکھا اور واردات کے بعد ڈاکو وائٹ کرولا کارمیں بیٹھ فرار ہوئے۔

    واردات سے متعلق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ اہل خانہ کے بیانات قلمبند کرلیے ہیں، گلی میں نصب سی سی ٹی وی میں وائٹ کرولا کو دیکھا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : کرولا گینگ شہر قائد میں کیا کیا کرتا رہا؟ حیران کن انکشافات

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، ملزمان کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

  • کراچی : برانڈڈ جیکٹ نے ڈاکو کو پکڑوا دیا

    کراچی : برانڈڈ جیکٹ نے ڈاکو کو پکڑوا دیا

    کراچی : ڈاکو کو برانڈڈ جیکٹ لوٹنا مہنگا پڑگیا، پولیس نے ملزم کو چند گھنٹے میں ہی دھرلیا، کلفٹن کے علاقوں میں وارداتیں کرنے والے گروہ کے4کارندے پکڑے گئے۔

    کراچی کے علاقے بفرزون میں گزشتہ رات موٹرسائیکل سوار3ڈاکوؤں نے رہزنی کی واردات جس کے دوران مسلح ملزمان نے اسلحے کے زور پر3نوجوانوں سے نقدی اور قیمتی سامان لوٹا اور فرار ہوگئے۔

    ایک ڈاکو نے نوجوان سے اس کی نئی جیکٹ بھی چھین لی تھی، متاثرہ افراد نے واقعے کی رپورٹ تھانے میں درج کروائی، ایف آئی آر میں برانڈڈ جیکٹ ڈاکو کی نشانی بتائی گئی، پولیس کو جیکٹ کی تصاویر بھی دکھائیں۔

    نیوکراچی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بتائی گئی نشانی کی مدد سے کچھ ہی دیر میں ملزم کو پکڑلیا، ڈاکو کو جس وقت گرفتارکیا گیا وہ چھینی ہوئی جیکٹ ہی پہنے ہوا تھا۔

    سفید کار میں وارداتیں کرنے والا گروہ پکڑا گیا

    دوسری جانب کراچی کے علاقے کلفٹن اور اس کے اطراف وارداتوں کرنے والے گروہ کے4کارندے پولیس نے گرفتار کرلیے، ملزمان کا گروہ کافی عرصے سے شہر کے پوش علاقوں میں سفید کار میں وارداتیں کرتا رہا ہے۔

    اس حوالے سے ساؤتھ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ گروہ نے2ہفتہ وار چھٹیوں میں15بنگلوں میں وارداتیں کیں، گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش 9 گھروں کو لوٹنے کا اعتراف کیا ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان کے نام ناصرشاہ عرف حاجی، آصف خان،سردار، راج ولی ہیں۔ ملزمان21اور22 نومبر کو 6بنگلوں میں ہونے والی لوٹ مار کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں، وارداتوں کیلئے ملزمان نے ایک گھر کرائے پرحاصل کر رکھا تھا۔

    پولیس نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے کرائے پر لیے جانے والے گھر کے آدھے حصے میں کسی خاندان کو رکھا ہوا تھا اور باقی میں خود رہتے تھے، گروہ کا سرغنہ کراچی میں واٹرٹینکر چلاتا رہا ہے۔

    گروہ کے سرغنہ نے پشاور کراچی کیلئے بس بھی چلائی، ملزمان لوٹ مار کا کچھ حصہ دکھاوے کے لیے ساتھ رکھی ہوئی فیملی کو بھی دیتے تھے۔

  • چھ سالہ بچے نے خوفناک واردات کے دوران والد کی کس طرح مدد کی؟ سننے والوں کی آنکھیں نم

    چھ سالہ بچے نے خوفناک واردات کے دوران والد کی کس طرح مدد کی؟ سننے والوں کی آنکھیں نم

    انڈیانا : امریکہ میں چھ سالہ بچے نے ڈکیتی کے دوران بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے والد کو 911 پر فون کرنے میں مدد کی، واردات میں بچے کی ماں ہلاک ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست انڈیانا کے علاقے نارتھ ہائی اسکول آرڈی کے 3000 بلاک کے قریب گزشتہ روز میاں بیوی اپنی گاڑی کا ٹائر تبدیل کررہے تھے کہ اس دوران دو مسلح افراد انہیں لوٹنے کے غرض سے آگئے، مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ولیما ہچسٹلر اور ان کے شوہر جوناتھن زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز دوپہر ڈیڑھ بجے پیش آیا، اس حوالے سے جوناتھن کے دوست اینڈریو یوزی نے میڈیا کو بتایا کہ پہلے ملزمان نے انہیں لوٹا ان کے پرس اور قیمتی سامان لے کر فرار ہونے لگے اسی اثنا میں ایک ڈاکو پلٹ کر واپس آیا اور گولیاں مار کر دونوں کو زخمی کردیا۔

    اینڈریو یوزی کے مطابق ایک گولی جوناتھن کی گردن پر لگی لیکن وہ زخمی حالت میں رینگتا ہوا گاڑی کے گیٹ کے پاس گیا جہاں ان کا چھ سالہ بیٹا خوف سے چھپ گیا تھا۔

    اس نے اپنے 6 سالہ بیٹے کو گاڑی سے سیل فون لینے کو کہا۔ چھوٹے لڑکے نے اسے پکڑ کر اپنے والد کے حوالے کردیا تاکہ وہ 911 پر کال کرسکے۔ اس دوران اس کی بیوی40سالہ ولیما ہچسٹلر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی ہلاک ہوگئی۔

    انڈیانا پولس اسٹار نے میڈیا کو بتایا ہے کہ جوناتھن ہچسٹلر مکمل ہوش میں ہیں تاہم ان کی حالت تشویشناک ہے اور وہ اسپتال میں اپنے والدین سے بات کرنے کے قابل ہیں۔ جوناتھن کے والد کے مطابق اس کی گردن اور جبڑے کی ہڈیاں ٹوٹ گئی ہیں جس کی وجہ سے انہیں سرجری وارڈ میں داخل کردیا گیا ہے۔

  • کراچی : پی آئی اے کے کپتان کے گھر ڈکیتی کی واردات

    کراچی : پی آئی اے کے کپتان کے گھر ڈکیتی کی واردات

    کراچی : ڈی ایچ اے فیز 4 گذری میں پی آئی اے کے کپتان کے گھر  ڈکیتی کی واردات میں ملزمان 10 تولے سونا،3 قیمتی گھڑیاں اورغیرملکی کرنسی لے کر فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے فیز 4 گذری پی آئی اے کے کپتان کے گھر میں ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا ، جس میں ملزمان 10 تولے سونا،3قیمتی گھڑیاں اورغیرملکی کرنسی لوٹ کر فرار ہوگئے، جس وقت ڈکیتی ہوئی اس وقت پی آئی اے کیپٹن پرواز پر تھے۔

    مدعی نے پولیس سے رابطہ کیا تو پولیس جائے وقوع پہنچی ، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان جاتے جاتے گاڑی بھی لے گئے۔

    ایس ایس پی ساؤتھ شیراز نذیر نے کہا کہ کیپٹن عدنان سے رابطہ ہوگیا ہے، کپتان صاحب کے آنے کے بعد مقدمہ درج کیا جائے جبکہ پولیس کی جانب سے تفتیش کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

    یاد رہے چند ماہ قبل کراچی میں سی ٹی ڈی شعبہ تفتیش کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ہاؤس روبری کرنیوالا 4 رکنی بنگالی گروپ کو گرفتار کیا تھا۔

    سی ٹی ڈی انچارج کے مطابق ملزمان سے دوران تفتیش میں اہم انکشافات ہوئے، ملزمان ڈیفنس ،گزری ،کلفٹن میں رات کوواردات کرتے تھے جبکہ ملزمان نے گزری میں بنگلے سے9لاکھ نقدی،قیمتی گھڑیاں لوٹیں۔

    سی ٹی ڈی انچارج چوہدری صفدر کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان میں عبدالکریم،عبدالرزاق،سکندر ،یونس شامل ہیں، ملزمان سے 4پستول بھی برآمد ہوئیں۔

  • کراچی میں اسٹریٹ کرائم، عوام  ڈاکوؤں اور چوروں کے رحم و کرم پر

    کراچی میں اسٹریٹ کرائم، عوام ڈاکوؤں اور چوروں کے رحم و کرم پر

    کراچی : شہر قائد میں ایک بار پھر اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا، شہری دن دہاڑے لٹنے لگے۔ ناظم آباد اور ابوالحسن اصفہانی روڈ میں ہونے والی وارداتوں کی فوٹیج منظرعام پر آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈکیتی کی وارداتیں بڑھنے لگیں اسٹریٹ کرائم پھر زور پکڑنے لگے، شہری اپنے گھروں کے باہر بھی محفوظ نہیں، ناظم آباد میں 2موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے خواتین کو لوٹ لیا اور فرار ہو گئے۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ناظم آباد نمبر دو میں مسلح موٹر سائیکل ملزمان نے خواتین سے بیگ چھین لیا، خواتین نے مزاحمت کی کوشش کی تو ساتھ موجود بچے پر جھپٹ پڑے، خواتین کے شور مچانے پرایک ملزم موٹر سائیکل کی طرف بھاگا، دوبارہ پلٹا اورخواتین کا بیگ لیکر چلتا بنا۔

    دوسری واردات میں ابو الحسن اصفہانی روڈ پر مسلح ملزمان نے حجام کی دکان میں لوٹ مار کی، دو مسلح افراد نے دکان میں موجود دو افراد کو زمین پر بٹھایا اور باآسانی لاکرز سے پیسے اور موبائل فونز لے کر فرار ہوگئے۔

    علاوہ ازیں کراچی کے علاقے اسٹیل ٹاؤن کی پولیس نے ضلع ملیر کے مختلف علاقوں میں ڈکتیی میں ملوث گروہ گرفتار کرلیے
    پولیس نے انٹیلی جنس اطلاعات پر کارروائی کی۔

    گرفتار گروہ کا سرغنہ خدا بخش بلوچستان کے علاقے اوستہ محمد کا رہائشی ہے۔ گرفتار ملزمان نے گزشتہ روز گلشن حدید میں دودھ کی دکان میں ڈکیتی کی واردات کی تھی، واردات میں دکان سے لوٹے گئے موبائل فونز ملزمان سے برآمد کر لئے گئے۔

  • امریکہ میں ہولناک واردات، دیکھنے والے بھی خوفزدہ ہوگئے

    امریکہ میں ہولناک واردات، دیکھنے والے بھی خوفزدہ ہوگئے

    نیو یارک : سوشل میڈیا پر ایک ایسی خطرناک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ایک شخص جس کے سر میں چھری گھونپی گئی ہے اور وہ طبی امداد کیلئے جارہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 36سالہ شخص کے سر میں چھری پھنسی ہوئی تھی اوروہ خون میں لت پت ہوکر گھوم رہا تھا، یہ ویڈیو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین نے دکھ اور کرب کا اظہار کیا۔

    نیو یارک سٹی میں دو روز قبل ایک واقعہ پیش آیا جس میں چند رہزن ایک 34سالہ خاتون سے لوٹ مار کررہے تھے اور انہوں نے اس سے اس کا پرس موبائل فون اور نقدی چھین لی تھی۔

    اس دوران اس شخص نے ان رہزنوں سے جھگڑا کیا اور تلخ کلامی کے بعد ملزمان نے اس پر چھری سے حملہ کیا جو اس کے سر میں پیوست ہوگئی اور ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ نیو یارک سٹی میں ہارلیم کی 120 ویسٹ 125ویں اسٹریٹ کے قریب یہ واقعہ پیش آیا ہے،
    بعد ازاں اسے مقامی اسپتال لے جایا گیا جہاں اے طبی امداد فراہم کی گئی اب اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی، تاہم آخری اطلاعات تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی، مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • لاہور : لاک ڈاؤن کے دوران ڈاکؤوں نے تین گھروں کا صفایا کردیا

    لاہور : لاک ڈاؤن کے دوران ڈاکؤوں نے تین گھروں کا صفایا کردیا

    لاہور : مسلح افراد لاک ڈاؤن کے دوران  تین گھروں کا صفایا کرگئے، ڈاکو گھر کی دہلیز پر شہری سے موٹر سائیکل بھی چھین کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے مقدمات درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے ٹاؤن شپ، ماڈل ٹاؤن اور جوہرٹاؤن میں گھروں میں ڈکیتیوں کی وارداتیں ہوئی ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ ماڈل ٹاؤن میں 4ڈاکو ایک گھر میں داخل ہوئے اور اہل خانہ کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنا لیا۔ ڈاکو گھر سے10تولے سونا، ملکی و غیرملکی کرنسی لوٹ کر فرار ہوگئے۔

    دوسری واردات میں ٹاؤن شپ کے علاقے میں گاڑی میں پانی ڈالنے کا بہانہ بنا کر3ڈاکو کی گھر میں ڈکیتی کی نیت سے داخل ہوئے، ڈاکوؤں نے گھر سے12تولے سونا،2لاکھ نقدی اور دیگر سامان لوٹ لیا اور باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    اس کے علاوہ جوہرٹاؤن میں مسلح افراد شہری سے اس کے گھر کی دہلیز پر موٹرسائیکل چھین کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے تینیوں وارداتوں کی رپورٹ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔ ابتدائی اطلاع تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

  • بینک سے رقم لانے والا شخص 5 لاکھ روپے سے محروم، ڈاکو باآسانی فرار

    بینک سے رقم لانے والا شخص 5 لاکھ روپے سے محروم، ڈاکو باآسانی فرار

    کراچی : ڈاکوؤں نے بینک سے رقم لے کر آنے والے شخص کو اسلحہ کے زور پر لوٹ لیا، ملزمان پانچ لاکھ روپے اور دیگر قیمتی سامان اور کاغذات لے کر فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے فرنٹئیر کالونی میں بینک سے رقم نکالنے والا شہری لٹ گیا،4مسلح موٹرسائیکل سوار شہری سے5 لاکھ سے زائد لوٹ کر فرار ہوگئے۔

    پولیس کی کارکردگی سے مایوس لٹنے والے شہری منور نے ڈاکوؤں کی نشاندہی پر انعامی رقم کا اعلان دیا، منور کا کہنا ہے کہ ملزمان کی خبر دینے والے کو50 ہزار روپے انعام دوں گا۔

    فوٹیج میں گلی سے گزرتے شہری کے پیچھے ملزمان کو دیکھا جاسکتا ہے، ایک ملزم نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا جبکہ 3کے چہروں پر کوئی نظر آرہے ہیں، دونوں موٹرسائیکلوں پر پیچھے بیٹھے ملزمان کے پاس اسلحہ تھا۔

    منور خان کا کہنا ہے کہ میں بینک سے انجن خریدنے کے لیے پیسے نکال کر لارہا تھا، میرا شناختی کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس ودیگر سامان بھی چھین لیا گیا۔

  • بہادر سیکیورٹی گارڈ نے زخمی ہونے کے باوجود ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی

    بہادر سیکیورٹی گارڈ نے زخمی ہونے کے باوجود ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی

    مرید کے : بہادر سیکیورٹی گارڈ نے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی، ایک ڈاکو زخمی کر دیا، سیکیورٹی گارڈ نے ڈاکوؤں سے مار بھی کھائی لیکن کچھ لوٹنے نہ دیا، ڈاکو خالی ہاتھ فرار ہوگئے، زخمی سیکیورٹی گارڈ اسپتال پہنچا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے علاقے مرید کے کی ایک دکان میں ڈاکو دیدہ دلیری کے ساتھ آئے، برقع پوش سمیت چار لُٹیروں نے الیکٹرانکس شاپ کے عملے کو یرغمال بنالیا اور دکان لوٹنے کی کوشش کی۔

    اس دوران دکان کے سیکیورٹی گارڈ نے ڈاکوؤں پر فائرنگ کردی جس سے ایک ڈاکو زخمی ہوگیا۔ فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈاکوؤں کے ایک ساتھی کا ہاتھ زخمی ہوا۔

    ڈاکوؤں نے کچھ لوٹنے کے بجائے گارڈ پر بری طرح تشدد کیا اور دکان سے کچھ لوٹنے کے بجائے جان بچانے کیلئے گارڈ کی بندوق لے کر فرار ہوگئے۔

    ڈکیتی کے دوران دکان میں موجود خاتون بچے اور دیگر عملے نے میز کے پیچھے چھپ کر جان بچائی، ڈکیتی ناکام بنانے والے زخمی سیکیورٹی گارڈ کو طبی امداد کیلئے ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، پولیس نے ابتدائی رپورٹ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

  • کراچی میں ڈکیتی و رہزنی کی وارداتوں میں اضافہ، پولیس ملزمان کو پکڑنے میں ناکام

    کراچی میں ڈکیتی و رہزنی کی وارداتوں میں اضافہ، پولیس ملزمان کو پکڑنے میں ناکام

    کراچی : شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز بڑھ گئے، لٹیرے دن دہاڑے وارداتیں کرنے لگے، شہری خوف کا شکار جبکہ پولیس لاچار ہے۔ اے آئی جی غلام نبی میمن کا کہنا ہے ساٹھ فیصد جرائم منشیات کے عادی لوگ کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی سڑکوں پر لٹیرے راج کر نے لگے، اسٹریٹ کرمنلز شہر میں دندناتے پھر رہے ہیں، سنسان سڑک ہی نہیں مصروف روڈ پر بھی لوگوں کو سر عام لوٹ لیتے ہیں۔

    شہر میں اسٹریٹ کرائمز میں اچانک تیزی آگئی، لٹیروں نے مزاحمت کرنے والوں کو قتل کرنا بھی شروع کردیا۔ تین دن پہلے دوران ڈکیتی میڈیکل کالج کی طالبہ مصباح کوقتل کیا گیا۔

    بھینس کالونی میں ڈاکو نجی اسپتال میں گھس گئے۔ سڑکوں پرموبائل،نقدی اورموٹرسائیکلیں چھینناتو آئے دن کا کھیل بن گیا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج کے باوجود اسٹریٹ کرمنلز کو پکڑنا پولیس کے لیے محال ہے۔ ڈاکو جسے چاہیں لوٹ لیں۔ چور بھی بے لگام ہوگئے۔ کورنگی میں گھر کے باہر کھڑی موٹرسائیکل چور لے اڑا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کا چہرہ واضح لیکن پولیس اسے تاحال گرفتار نہ کرسکی۔

    کورنگی صنعتی ایریا میں لوٹ مارسے پریشان تاجروں نے ایس ایس پی کورنگی کو خط لکھ کر اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کردیا۔

    اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ ساٹھ فیصد وارداتیں منشیات کے عادی افراد کر رہے ہیں شہر میں ڈکیتی مزاحمت میں کئی لوگوں کی جان جاچکی اس کے ساتھ ہی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات بھی بڑھنےلگے ٹارگٹ کلر نئے ہتھیار اور نیا طریقہ واردات استعمال کر رہے ہیں۔

    شہر میں شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کے واقعات میں خود پولیس والے ملوث پائے گئے۔ گزشتہ روز ہی پانچ نوجوانوں کواغوا کرنے والے چار اہلکاروں کو گرفتارکیا گیا۔