Tag: robbery

  • عید قرباں قریب آتے ہی ڈکیت سرگرم، مویشیوں کی لوٹ مار کا ایک اور واقعہ

    عید قرباں قریب آتے ہی ڈکیت سرگرم، مویشیوں کی لوٹ مار کا ایک اور واقعہ

    کراچی: عید قرباں قریب آتے ہی ڈکیت سرگرم ہوئے، مویشیوں کو لوٹنے کے واقعات میں‌ اضافہ ہوگیا.

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال کی طرح امسال بھی عید الاضحیٰ قریب آتے ہی لوٹ مار کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے. گلشن معمارکےقریب 12 ڈاکو کیٹل فارم سے قربانی کےجانورلوٹ کر لے گئے۔ْ واردات پوری تیاری سے کی گئی.

    مسلح ڈکیتوں نے اسلحے کے زور پر عملے کو یرغمال بنایا، فارم کے سیکورٹی گارڈ سے اسلحہ چھین لیا، کیٹل فارم کے5 ملازمین کو باندھ کر خوب زدکوب کیا.

    بعد ازاں ڈکیت قربانی کے 16 جانور دو بڑے ٹرکوں میں بھر کر سہولت سے فرار ہوگئے، ڈاکوؤں نے کیٹل فارم کے ملازمین سے نقدی اور موبائل فونزبھی چھین لئے.

    کیٹل فارم میں ڈکیتی کا مقدمہ ملک کی مدعیت میں  گلشن معمار تھانے میں درج کرلیا گیا ہے. خیال رہے کہ ماضی میں بھی عید کے دونوں‌ مویشی منڈیوں میں رش بڑھتے ہی لوٹ مار کا سلسلہ بڑھ جاتا تھا.

    گزشتہ برس  شہر قائد میں سپرہائی وےپر  آٹھ سو ایکڑ پرمویشی منڈی قائم کی گئی تھی، اس سال بھی توقع کی جارہی ہے کہ بڑے پیمانے پر مویشی منڈی کا اہتمام کیا جائے گا۔

  • ڈکیتی میں مزاحمت : پروفیسر کی اہلیہ کو ڈاکوؤں نے گولی مارکر قتل کردیا

    ڈکیتی میں مزاحمت : پروفیسر کی اہلیہ کو ڈاکوؤں نے گولی مارکر قتل کردیا

    کراچی : شہر میں دن دہاڑے ڈکیتی میں مزاحمت پر پروفیسر کی بیوی کو قتل کردیا گیا، ڈاکوؤں نے پرس چھیننے میں ناکامی پر گولیاں ماریں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پروفیسر کی بیوی کو سڑک پر گولی مار کر قتل کردیا گیا، اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ این ای ڈی یونیورسٹی کے پروفیسر علی رضا کی اہلیہ کو ڈکیتی میں مزاحمت پر گولی ماردی گئی۔

    زخمی خاتون کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج ہی جان کی بازی ہار گئیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شازیہ نامی خاتون اکیلے گاڑی چلا رہی تھیں، جائے وقوعہ سے مقتولہ کے پرس کا ٹوٹا ہوا کلپ بھی ملا ہے۔ ٹوٹے ہوئے ہک سے لگتا ہے کہ ملزمان نے پرس چھیننے کی کوشش کی، جس پر خاتون نے مزاحمت کی تو ڈاکو نے فائر کھول دیا۔

    ایک گولی سر سے لگتے ہوئے گاڑی کی چھت پھاڑ کر نکل گئی، گاڑی کے پاس سے پرس کا ٹوٹا ہک اور تیس بور کا خول ملا ہے۔ مقتولہ شازیہ این ای ڈی انجینئرنگ یونیورسٹی کے پروفیسرعلی رضا کی اہلیہ تھیں، پولیس نے مقدمہ درج کرکےملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

  • کراچی: عید کی چھٹیوں میں‌ ڈکیتی کی بڑی واردارت

    کراچی: عید کی چھٹیوں میں‌ ڈکیتی کی بڑی واردارت

    کراچی: حیدری جیولرز مارکیٹ میں نقب زنی کی بڑی واردات ہوئی، جس میں‌ 5 کروڑ سے زائد کا سونا لوٹ لیا گیا.

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی مشہور زمانہ حیدری مارکیٹ میں ہونے والی اس واردات میں ملزمان 12 کلو سونا لوٹ کر فرار ہوگئے، جس کی مالیت پانچ کروڑ کے لگ بھگ ہے.

    [bs-quote quote=”انتظامیہ نے شک ظاہر کیا ہے کہ مارکیٹ کا کوئی شخص ملزمان سےملا ہوا ہے” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    مارکیٹ انتظامیہ کے مطابق واردات کے لیے ملزمان پہلے برابر والی دکان میں داخل ہوئے، جہاں سے دیوار توڑ کر ملزمان نے سنار کی دکان تک رسائی حاصل کی۔

    ملزمان نے دکان میں موجود تمام قیمتی زیورات کو لوٹا اور بہ آسانی فرار ہوگئے.

    مارکیٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر عید کی چھٹیوں میں نقب زنی کی واردات کی گئی، ملزمان نے سی سی ٹی وی کی وائرنگ بھی کاٹ دی تھی۔

    مزید پڑھیں: عید قریب آتے ہی کراچی میں ڈکیتیوں کی واردات میں اضافہ ہوگیا

    انتظامیہ نے شک ظاہر کیا ہے کہ مارکیٹ کا کوئی شخص ملزمان سےملا ہوا ہے، جس کی وجہ سے  ملزمان کو کوئی مشکل پیش نہیں آئی۔

    واقعے کی اطلاعات ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے اور تحقیقات شروع کردی، مگر تحال کوئی سراغ ہاتھ نہیں‌لگا ہے.

  • کراچی : ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی لڑکی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی

    کراچی : ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی لڑکی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی

    کراچی : نارتھ کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے میں زخمی ہونے والی لڑکی دم توڑ گئی، یو پی موڑ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کےمطابق کراچی میں ڈاکوؤں کی دیدہ دلیریاں جاری ہیں، کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں انڈا موڑ پر ہونے والے مبینہ پولیس مقابلے میں زخمی ہونے والی لڑکی دوران علاج دم توڑ گئی۔

    مبینہ مقابلے کے عینی شاہد نیازعالم کا کہنا ہے کہ دو ملزمان ایک لڑکی سے لوٹ مار کررہے تھے کہ لڑکی کے شورمچانے پر ملزمان نے فائرنگ کردی۔

    اس دوران شاہراہ نورجہاں پولیس پہنچی اور ملزمان پر فائرنگ کردی، جس سے زخمی ہوکر دونوں ڈکیت گرگئے عینی شاہد کے مطابق پولیس نے دونوں ڈاکوؤں کو پکڑا اور موبائل میں ڈال کر لے گئے۔

    موقع پر موجود لوگوں نے زخمی لڑکی کو رکشے میں ڈال کرقریبی اسپتال منتقل کیا، بعد ازاں طبی امداد کے دوران مذکورہ لڑکی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی۔

    علاوہ ازیں یو پی موڑ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوگئے، جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کی گولیوں کے خول ملے ہیں، جاں بحق افراد کا تعلق کوئٹہ سے تھا، دونوں مقتولین کی میتیں ایمبولینس کے ذریعے کوئٹہ روانہ کر دی گئیں۔

  • کراچی : بینک سے رقم لے کر جانے والے دوشہری ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق

    کراچی : بینک سے رقم لے کر جانے والے دوشہری ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق

    کراچی : کوئٹہ ٹاؤن میں ڈاکوؤں نے دو لاکھ روپے چھیننے کے لئے دو افراد کو قتل کردیا، بینک سے رقم نکلوا کر جانے والے ولی اللہ اور امان اللہ کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر گولی ماری گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈاکو راج آج بھی قائم ہے، شہریوں کی جان و مال محفوظ نہیں، شہر میں ڈکیتی کی وارداتوں میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے۔

    کراچی کے علاقے کوئٹہ ٹاؤن میں دو شہری ولی اللہ اورامان اللہ بینک سے رقم لے کر جا رہے تھے، ڈاکوؤں نے تعاقب کرتے ہوئے کچھ دور جا کر ان کو زدوکوب کیا اور رقم چھیننے کی کوشش کی، ڈاکوؤں نے ولی اللہ اورامان اللہ کوڈکیتی کے دوران مزاحمت پر گولی ماردی۔

    زخمیوں کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا جارہا تھاکہ انہوں نے اسپتال پہنچنے سے قبل ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان دے دی۔

    اس حوالے سے ایس ایس پی عرفان بہادر نے صحافیوں کو بتایا کہ دو موٹر سائیکل سوار مسلح افراد شہریوں سے پیسے چھینے کی کوشش کی اور مزاحمت پر فائرنگ کردی۔

    گزشتہ روز بھی ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوا تھا، فائرنگ کے دونوں واقعات میں تیس بور کا پستول استعمال کیا گیا۔

    ایس ایس پی عرفان بہادر کا مزید کہنا تھا ٹیکنیکل طریقے سے جائے وقوعہ اور عینی شاہدین کی مدد سے واقعے کی تفتیش کر رہے ہیں بہت جلد ملزمان تک پہنچ جائیں گے۔

  • رینجرز نے ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیے

    رینجرز نے ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیے

    کراچی: سندھ رینجرز نے کراچی کے علاقے ماڈل کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کرنے والے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ رینجرز نے شہر قائد کے علاقے ماڈل کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان گرفتار کیے ہیں، ملزمان ڈکیتی و اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم بلال نے ساتھی کے ہمراہ ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کی تھی، زخمی افراد کے ساتھ نجم ثاقب، واصف کاذاتی تنازع تھا، ملزم کو فائرنگ سے زخمی کرنے کے لئے نجم اور ثاقب نے سپاری دی تھی۔

    ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا تھا کہ ملزم نے 4 لاکھ 80 ہزار نقدی چھین کر 2 افراد کو فائرنگ کر کے زخمی کیا، ملزم نے واردات کے بعد روکنے پر ایک راہ گیر کو فائرنگ کر کے زخمی کردیا تھا۔

    ترجمان سندھ رینجرز نے بتایا کہ ملزم کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا راہ گیر دوران علاج دم توڑ گیا تھا، جبکہ واردات کے بعد ملزم بلال عرف پراٹھا اسلام آباد فرار ہو گیا تھا، ملزم بلال کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    مزید پڑھیں : کراچی، رینجرز کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 11 ملزمان گرفتار

    یاد رہے کہ کچھ روز قبل  سندھ رینجرز نے شہر قائد کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 11 ملزمان گرفتار کیا تھا، گلبہار سے گرفتار ملزم سردار عرف پرویز کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے، ملزم سردار کانسٹیبل سیف اللہ کی ٹارگٹ کلنگ سمیت 500 سے زائد ڈکیتیوں میں ملوث تھے۔

  • سیالکوٹ : ڈاکوؤں نے تشدد کے بعد بزرگ خاتون کے کانوں سے سونے کی بالیاں نوچ لیں

    سیالکوٹ : ڈاکوؤں نے تشدد کے بعد بزرگ خاتون کے کانوں سے سونے کی بالیاں نوچ لیں

    سیالکوٹ : ڈاکوؤں نے بربریت کی انتہا کردی، بزرگ خاتون پر بدترین تشدد کرتے ہوئے کانوں سے سونے کی بالیاں نوچ لیں، پولیس روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حدود کے تنازع پر ہی لڑتی رہی۔

    تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کے علاقے اقبال ٹاؤن میں نامعلوم مسلح افراد نے گلی سے گزرنے والی ایک عمررسیدہ خاتون کو لوٹنے کی کوشش کی ۔

    خاتون کی جانب سے معمولی مزاحمت پر ڈاکو طیش میں آگئے اور تنہا بزرگ خاتون کو زمین پر گرا کر بری طرح مارا پیٹا اور کانوں سے بالیاں نوچ لیں، جس سے بزرگ خاتون زخمی ہوگئی۔

    مسلح افراد لوٹ مار کے بعد موقع واردات سے باآسانی فرار ہوگئے، قابل ذکر بات یہ ہے کہ پولیس اطلاع ملنے پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور اپنی حدود کا مسئلہ قرار دے کر دوسرے علاقےکی پولیس کو مطلع کیا گیا لیکن پولیس کی روایتی ہٹ دھرمی  اور حدود کے تنازع کی وجہ سے  چوبیس گھنٹے گزرنے تک واردات کا مقدمہ درج نہیں ہوسکا تھا۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق بعد ازاں اے آر وائی نیوز کی خبر پر ڈی پی اوسیالکوٹ نے واقعے کا نوٹس لیا اور تھانہ حاجی پورہ میں دو نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کیخلاف واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

  • راولپنڈی : ڈاکوؤں کی گھر میں تین گھنٹے تک لوٹ مار، فائرنگ سے پانچ افراد زخمی

    راولپنڈی : ڈاکوؤں کی گھر میں تین گھنٹے تک لوٹ مار، فائرنگ سے پانچ افراد زخمی

    راولپنڈی : ڈاکو مزاحمت پر گھرکے پانچ افراد کو زخمی کرکے لاکھوں روپے مالیت کے نقدی اور زیورات لوٹ کر لے گئے، ڈکیتی کی تین گھنٹے طویل واردات کے باوجود پولیس کو کانوں کان خبرنہ ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ واہ صدر کی حدود میں مسلح ڈاکو تین گھنٹے تک ایک گھر میں لوٹ مار کے بعد لاکھوں روپے مالیت کازیور اور قیمتی سامان لوٹ کر لے گئے۔

    ڈاکوؤں نے اہل خانہ کو رسیوں سےباندھ کرتین گھنٹے تک لوٹ مار کی، اہل خانہ کی مزاحمت پرڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے پانچ افراد کو زخمی کردیا، زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا،جن میں سے دو کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

    اس تمام واردات کے موقع پر پر پولیس کو کانوں کان خبر تک نہ ہوسکی، پولیس کے مطابق ڈکتیی کا نشانہ بننے والے گھر میں گزشتہ روز شادی ہوئی تھی، پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

  • ڈاکوؤں کی گھر میں گھسنے کی کوشش اہلخانہ نے ناکام بنادی، شہریوں نے اغوا کار پکڑلیا

    ڈاکوؤں کی گھر میں گھسنے کی کوشش اہلخانہ نے ناکام بنادی، شہریوں نے اغوا کار پکڑلیا

    کراچی : نصرت بھٹو کالونی میں ڈاکوؤں نے گھر میں گھسنے کی کوشش کی، اہلخانہ کی مزاحمت پر ڈاکو فرار ہوگئے، لیاقت آباد میں شہریوں نے مبینہ اغوا کار کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں لٹیرے آزاد اور محافظ غائب ہوگئے، شہری اپنا دفاع خود کرنے لگے، لٹیرے اسٹریٹ کرائم کے بعد گھروں میں بھی نقب لگانے لگے۔

    نصرت بھٹو کالونی کی ایک گلی میں خاتون سمیت تین ڈاکوؤں نے پولیو ٹیم کے بہانے سے گھر کا دروازہ کھلوایا اور اندر گھسنے کی کوشش کی، گھر کے اندر سے مزاحمت کی گئی اور ڈاکوؤں کو گھسنےنہیں دیا گیا جس پر وہ فرار ہوگئے۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں ڈاکوؤں کے چہرے واضح طور پر نظر آنے کے باوجود ملزمان پولیس کی پہنچ سے دور ہیں، ذرائع کے مطابق ڈکیت گینگ میں دو خواتین اور چار مرد شامل ہیں، ملزمان واردات کیلئے سفید ہائی روف کا استعمال کرتے ہیں۔

    دوسری جانب گزشتہ رات لیاقت آباد میں شہریوں نے دس سال کے بچے کے اغواء کی کوشش ناکام بنادی۔ بچے کے شور مچانے پر شہریوں نے ملزم کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور پولیس کے حوالے کردیا۔

  • پرس چھیننے والا ڈاکو نوجوان کی فائرنگ سے زخمی، اسٹریٹ کرائم کا ملزم گرفتار

    پرس چھیننے والا ڈاکو نوجوان کی فائرنگ سے زخمی، اسٹریٹ کرائم کا ملزم گرفتار

    کراچی : بہادرآباد میں نوجوان نے ڈکیتی کی کوشش کرنے پر ڈاکو کو گولی ماردی، زخمی ملزم جناح اسپتال منتقل کردیا گیا، پولیس نے گورا قبرستان کے قریب پولیس مقابلہ کے بعد اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں چوری، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے، کراچی کے علاقے بہادر آباد میں خواتین کو لوٹنے کی کوشش کی گئی۔

    دو ڈاکو خاتون سے پرس چھین کر فرار ہورہے تھے کہ وہاں موجود ایک نوجوان نے مبینہ ڈاکو کو گولی مار دی جبکہ ملزم کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، بعد ازاں ملزم کو پولیس کے حوالے کردیا گیا جسے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    دوسری جانب کراچی پولیس نے گورا قبرستان کے قریب پولیس مقابلہ کے بعد اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم روہان عرف بھٹی ایک ہزار سے زائد اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہے۔

    کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی، ملزم مختلف مقدمات میں مطلوب ہے، ملزم نے2012میں صدر پارکنگ پلازہ پرایک شخص کو قتل کیا تھا، پولیس کے مطابق ملزم روہان عرف بھٹی اپنا تعلق سیاسی جماعت سے بتاتا ہے۔

    ملزم نے صدر، ڈیفنس، کلفٹن، فیروزآباد، اور سولجربازار کے علاقوں میں وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ اس کے علاوہ فیروز آباد میں پولیس نے مقابلے کے بعد دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان کی شناخت حمزہ علی اور نعیم الدین کے ناموں سے ہوئی، ان کے قبضے سے دو پستول،موبائل فونز اور موٹر سائیکل برآمد کی گئیں۔