Tag: robotic surgery

  • ویڈیو: جناح اسپتال میں 34 سالہ شخص کا پہلا کامیاب روبوٹک آپریشن

    ویڈیو: جناح اسپتال میں 34 سالہ شخص کا پہلا کامیاب روبوٹک آپریشن

    کراچی: جناح اسپتال کراچی میں 34 سالہ شخص کے پتے کا پہلا کامیاب روبوٹک آپریشن کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جناح اسپتال کراچی کی تاریخ میں پہلی بار روبوٹک سرجری کا آغاز کر دیا گیا، پہلی سرجری 34 سالہ شخص کی کی گئی، آپریشن میں اسپتال کے ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول سمیت 14 ماہرین شریک ہوئے۔

    ڈائریکٹر جناح اسپتال پروفیسر شاہد رسول کے مطابق پہلے مریض کے پتے کا کامیاب آپریشن کیا گیا ہے، روبوٹک مشین کے ذریعے 25 منٹ میں یہ آپریشن کیا گیا۔

    پروفیسر شاہد رسول کا کہنا ہے کہ آج سے روزانہ کی بنیادوں پر 2 سے زائد آپریشن ہوں گے، اسپتال کے یورولوجی اور گائنی سمیت دیگر وارڈوں کے ضرورت مند مریضوں کا مفت آپریشن جاری رہے گا۔

    انھوں نے بتایا کہ روبوٹک سرجری کے لیے کسی بھی ایک مریض پر لاکھوں روپے کے اخراجات آتے ہیں، تاہم جناح اسپتال میں مفت کی جانے والی روبوٹک سرجری کے نتیجے میں تمام مستحق مریضوں کو یہ سہولت مفت حاصل ہوگی۔

    جناح اسپتال کی انتظامیہ کے مطابق 12 سے 14 رکنی ماہرین کی ٹیم جناح اسپتال کے پاس موجود ہے، جو سرجری کا وسیع تر تجربہ رکھتی ہے۔

  • ایس آئی یو ٹی میں روبوٹک سرجری کا افتتاح

    ایس آئی یو ٹی میں روبوٹک سرجری کا افتتاح

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) میں روبوٹک سرجری کا افتتاح کر دیا، انہوں نے کہا کہ فخر ہے سندھ حکومت نے پورے ملک میں روبوٹک سرجری میں پہل کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) میں روبوٹک سرجری اینڈ ٹریننگ سینٹر کا افتتاح کر دیا۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ روبوٹک سرجری ایک انقلابی قدم ہے، روبوٹ کے ذریعے انسان کے جسم کے باریک اعضا کی سرجری بھی ہوسکے گی۔ آرٹی فیشل انٹیلی جنس کو چلانے کے لیے بہترین سرجن کا ہونا لازمی ہے۔

    وزیر اعلیٰ نے ایس آئی یو ٹی کے بانی ڈاکٹر ادیب رضوی اور ان کی ٹیم کو روبوٹک سسٹم لگانے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ فخر ہے سندھ حکومت نے پورے ملک میں روبوٹک سرجری میں پہل کی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کووڈ 19 کی وبا کے دوران ڈاکٹر ادیب رضوی نے اہم کردار ادا کیا ہے، آج تاریخی موقع ہے پاکستان میں پہلی مرتبہ روبوٹک سرجری شروع ہوئی ہے۔

    ایس آئی یو ٹی کے بانی ڈاکٹر ادیب رضوی کا کہنا تھا کہ ہماری روبوٹک سرجری یورپی ممالک کے معیار کے مطابق ہے، روبوٹک سرجری کے لیے ڈاکٹروں اور عملے کو ٹریننگ کی سہولت موجود ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اب ایک عام مریض کا علاج بھی جدید روبوٹک سرجری سے مفت ہوگا، اس سنگ میل کو عبور کرنے میں سندھ حکومت سے بے حد مدد ملی۔

  • کراچی: سول اسپتال میں کینسر ’روبوٹک سرجری‘ بالکل مفت

    کراچی: سول اسپتال میں کینسر ’روبوٹک سرجری‘ بالکل مفت

    کراچی: شہرِ قائد میں قائم سندھ حکومت کے ماتحت چلنے والے سرکاری اسپتال میں روبوٹک آپریشن تھیٹر مکمل طور پر فعال ہوگیا جہاں مہنگے ترین آپریشن بالکل مفت کیے جاتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں قائم سول اسپتال میں 1978میں ربوٹک آپریشن تھیٹر قائم کیا گیا جبکہ پہلا آپریشن ماہرین نے 2011 میں کیا اور گزشتہ 7 سالوں کے دوران ہزاروں مریضوں کے کامیاب آپریشن ہوچکے ہیں۔

    روبوٹ کے ذریعے کینسر سمیت دیگر بڑے امراض کی سرجریز کی جاتی ہے جو نہ تو زیادہ مہنگی ہیں اور نہ ہی غریب کی جیب پر بھاری پڑتی ہیں کیونکہ اسپتال میں علاج بالکل مفت کیا جاتا ہے۔

    مزید پڑھیں: جناح‌ اسپتال کراچی میں‌ دنیا کا مہنگا ترین علاج بالکل مفت، ہزاروں‌ مریض‌ مستفید

    ایک اندازے کے مطابق امریکا سمیت دیگر ممالک میں روبوٹ سرجری کروانے میں 35 لاکھ روپے کے اخراجات آتے ہیں علاوہ ازیں ادویات اور اسپتال کے اخراجات علیحدہ ہوتے ہیں جبکہ کراچی کے سرکاری اسپتال میں آپریشن سے لے کر مریض کے گھر جانے تک تمام چیزیں بالکل مفت ہوتی ہیں۔

    اے آر وائی کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر ساجدہ قریشی نے بتایا کہ ربورٹ کے ذریعے مختلف اقسام کے کینسر کا کامیاب آپریشن کیا جاتا ہے جبکہ یورولوجی کی سرجریز میں بھی اسے استعمال کیا جاتا ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ روبوٹ کے ذریعے سرجری میں وقت کم لگتا ہے جبکہ مریض کا خون بھی ضائع نہیں ہوتا۔ سول اسپتال کے علاوہ پاکستان کے کسی بھی صوبے یا شہر میں یہ سہولت موجود نہیں البتہ کراچی کے قطر اسپتال میں مشین لائی گئی تھی جس کا زیادہ استعمال نہیں کیا گیا۔