Tag: role

  • فواد خان کی مس مارول کا حصہ بننے کی تصدیق

    فواد خان کی مس مارول کا حصہ بننے کی تصدیق

    معروف پاکستانی اداکار فواد خان نے امریکی ویب سیریز مس مارول کا حصہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس سیریز کی شوٹنگ ان کے لیے ایک زبردست تجربہ تھا۔

    تفصیلات کے مطابق فواد خان نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے تصدیق کی کہ وہ سیریز مس مارول کا حصہ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وہ اس بات سے انکار نہیں کر سکتے، اور اب تو وہ جھوٹ بھی نہیں بول سکتے کیونکہ پروڈکشن ٹیم نے خود ہی یہ خبر پھیلا دی ہے۔

    فواد خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے جس کاسٹ کے ساتھ اور جن لوگوں کے ساتھ کام کیا، وہ بہت اچھے تھے لیکن انہیں افسوس ہے کہ اس وقت وہ اس سے زیادہ کچھ نہیں کہہ سکتے۔

    یاد رہے کہ پچھلے کچھ عرصے سے فواد خان کے بارے میں یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ انہیں امریکی ویب سیریز مس مارول کی کاسٹ میں شامل کیا گیا ہے۔

    ڈزنی پلس کی یہ سیریز مس مارول، مارول اسٹوڈیوز کے پہلے مسلمان کردار کے بارے میں ہے۔

  • خطے کو بدامنی سے دوچار کرنے میں ایران کا کلیدی کردار ہے، اماراتی وزیر خارجہ

    خطے کو بدامنی سے دوچار کرنے میں ایران کا کلیدی کردار ہے، اماراتی وزیر خارجہ

    ابوظبی : اماراتی وزیر خارجہ انور قرقاش کا کہنا ہےکہ ہم خطے میں کم سے کم کشیدگی چاہتے ہیں مگر خطے میں کشیدگی میں کمی بیشی ایرانی کردارپر منحصر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور انور قرقاش نے کہا ہے کہ ان کا ملک امریکا کے اس بیانیے سے متفق ہے کہ خطے کو بدامنی سے دوچار کرنے میں ایران کا کلیدی کردار ہے۔ ہمارے اس موقف کو سعودی عرب کی تائید بھی حاصل ہے۔

    عرب ٹی وی کے مطابق ابوظہبی میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران انور قرقاش نے ایران پر زور دیا کہ وہ خطے اور عالمی برادری سے تعلقات کی بہتری کے لیے اپنی پالیسی تبدیل کرے۔

    انہوں نے کہا کہ ایران کے خطے کے بارے میں بیانات اور افعال میں کھلا تضاد ہے۔ایران کو یہ توقع ہرگز نہیں تھی کہ عالمی پابندیوں کی اسے اتنی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

    اماراتی وزیر مملکت نے کہا کہ ایرانی وزیرخارجہ کے بیان کی تعلقات کی بہتری کے لیے اقدامات کی کوئی حیثیت نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انور قرقاش نے کہا کہ امارات کے قریب خلیجی پانیوں میں تیل بردار بحری جہازوں پر تخریب کاری کے حملوں کی تحقیقات ابھی جاری ہیں، آئندہ چند ایام میں ان تحقیقات کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ امارات صبرو تحمل کی پالیسی پرعمل پیرا ہے، ہم خطے میں کم سے کم کشیدگی چاہتے ہیں مگر خطے میں کشیدگی میں کمی بیشی ایرانی کردارپر منحصر ہے۔

    لیبیا کی صورتحال کے بارے میں بات کرتے ہوئے اماراتی وزیرمملکت برائے خارجہ نے کہا کہ لیبی فوج کے سربراہ جنرل خلیفہ حفتر نے طرابلس پر چڑھائی سے قبل ہم سے مشورہ نہیں لیا۔

    انہوں نے کہا کہ طرابلس میں بعض خلاف قانون تنظیمیں موجود ہیں اور عالمی برادری نے طرابلس کی حکومت تسلیم کر رکھی ہے۔ تاہم بعض دہشت گرد گروپوں کوعالمی پابندیوں کا بھی سامنا ہے۔

    قضیہ فلسطین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انور قرقاش نے کہاکہ ان کا ملک ایک ایسی آزاد فلسطینی ریاست کی حمایت کرتا ہے جس میں مشرقی بیت المقدس کو دارالحکومت کا درجہ حاصل ہو۔

  • شام میں داعش کی شکست میں کرد باشندوں کا کردار اہم ہے، انور قرقاش

    شام میں داعش کی شکست میں کرد باشندوں کا کردار اہم ہے، انور قرقاش

    ابوظبی : اماراتی وزیر برائے امور خارجہ نے کہا ہے کہ شام میں داعش کو شکست دینے میں کردوں نے اہم کردار ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے امور خارجہ انور محمود قرقاش نے سماجی رابطے کی ویب سایٹ پر ٹویٹ میں کہا ہے کہ شام میں قابض دہشت گرد تنظیم داعش کی ہزیمت میں کردوں کا کردار اہم ہے۔

    انور محمود قرقاش کا کہنا ہے کہ اگر داعش کی ہزیمت میں کردوں کا کردار دیکھیں تو ان کے انجام کے حوالے سے علاقائی اور عالمی سطح پر تشویش پیدا ہونا جائز ہے۔

    اماراتی وزیر نے کہا کہ عرب مصلحت کا تقاضہ ہے کہ کردوں کے ساتھ معاملہ سیاسی دائرہ کار میں رہے تاکہ شام کی اراضی میں متحد رہے۔

    مزید پڑھیں : عرب لیگ شامی بحران کے موثر سیاسی حل پر متفق ہیں، اماراتی وزیر خارجہ

    خیال رہے کہ دسمبر 2018 میں انور محمود قرقاش نے شام سے متعلق کہا تھا کہ تمام عرب ممالک شام کے بحران سے نمٹنے کےلیے موثر سیاسی حل پر متفق ہیں، عرب لیگ کی دمشق کے ساتھ رابطوں کی بحالی ایرانی مداخلت کے لیے میدان نہیں چھوڑے گی۔

    اماراتی وزیر برائے خارجہ امور انور قرقاش نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے شام میں سفارتی مشن کا دوبارہ آغاز دانشمندی سے کیا ہے، شام کی بدلتی صورتحال مستقبل میں عرب سے رابطوں کو ناگزیر کردے گی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام عرب ممالک شامی شہریوں میں وحدت اور دمشق کی خود مختاری چاہتے ہیں۔

  • پاکستان عالمی امن مشنز میں کردار ادا کرتا رہے گا، شاہ محمود قریشی

    پاکستان عالمی امن مشنز میں کردار ادا کرتا رہے گا، شاہ محمود قریشی

    نیویارک : شاہ محمود قریشی نے ’ایکشن فارپیس کیپنگ‘ اجلاس میں کہا ہے کہ قیام امن کے لئے وسیع چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان قیام امن کے لئے کوششوں کو جدید بنانے کا حامی ہے۔

    ان خیالات کا اظہاروزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ میں’’ایکشن فارپیس کیپنگ‘‘اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھرمیں تنازعات کی نوعیت بدل رہی ہے، قیام امن کے لئے وسیع چیلنجز کا سامنا ہے۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان نےہمیشہ قیام امن کے لئے کوششوں کی حمایت کی، پاکستان قیام امن کے لئے کوششوں کو جدید بنانے کا حامی ہے، پاکستان امن مشنز میں سب سے زیادہ فوجی فراہم کرنے والا ملک ہے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان 60 کی دہائی سے دنیا بھر میں امن مشنز میں حصہ لے رہا ہے، 46 امن مشنز میں پاکستانی فوجی افسران و جوان شریک رہے، 2 لاکھ سے زائد پاکستانی فوجی امن مشنز میں حصہ لے چکے ہیں۔

    انہوں نے ’ایکشن فارپیس کیپنگ‘ اجلاس کے دوران کہا کہ 156 پاکستانی افسران و جوان امن مشنزمیں جانیں قربان کر چکے ہیں، پاکستان عالمی امن مشنز میں کردار ادا کرتا رہے گا۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ امن مشنز کی کامیابی کے لئے تمام شراکت دار کردار ادا کریں، امن مشنز کی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے کوششوں کا ساتھ دیں گے۔