Tag: romania

  • ’مرغی اور بطخ‘ بچوں کو تعلیم دینے کلاس روم میں پہنچ گئے

    ’مرغی اور بطخ‘ بچوں کو تعلیم دینے کلاس روم میں پہنچ گئے

    سِنڈریلیٹا : رومانیہ کے مڈل اسکول میں مرغی اور بطخ کی مدد سے بچوں کو تعلیم سے آراستہ کرنے کا ایک جدید طریقہ اختیار کیا گیا جسے بہت پذیرائی مل رہی ہے۔

    اس طریقہ تعلیم کا مقصد بچوں میں جانوروں کیلئے ہمدردی کو فروغ دینا، تعلیم کے حصول کو بہتر بنانا اور اسکولوں میں بدمعاشی (بُلنگ) کا خاتمہ کرنا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں رومانیہ کی ایک ویٹرنری ڈاکٹر اوانا ویسلیو اپنے خاص ’معاونین‘ کے ساتھ سندریلیٹا کے ایک دیہی اسکول پہنچیں، ان کے معاونین میں ایک مرغی جس کا نام ’روڈیکا‘ اور ایک بطخ جسے ’ببلز‘ کہا جاتا ہے شامل تھے۔

    chicken

    یہ دونوں جانور پانچویں کلاس میں رکھی ڈیسکوں کے درمیان چلتے ہوئے بچوں کے قریب پہنچے، ان دونوں خوبصورت جانوروں کو اپنے درمیان دیکھ کر بچوں کے چہرے کِھل اٹھے اور وہ ان کے ساتھ کھیلنے لگے۔

    Bubbles

    واضح رہے کہ رومانیہ میں اس سال جنوبی ایلپو کاؤنٹی کے تقریباً 20 اسکولوں میں پانچویں اور چھٹی کلاس کے بچوں کے لیے ایک نئے نصاب کے طور پر جانوروں کے بارے میں آگاہی پروگرام متعارف کروایا گیا ہے۔

    اس حوالے سے بچوں کو جانوروں کی پناہ گاہوں اور شیلٹرز کا دورہ بھی کروایا جاتا ہے، اس کے علاوہ کلاس روم میں بھی بچوں کو معذور جانوروں سے ملایا جاتا ہے، جیسے کہ ایک ٹانگ سے محروم کتا اور ایک آنکھ والی بلی وغیرہ۔ کیونکہ اس طرح کے تجربات بچوں میں ہمدردی کا احساس پیدا کرتے ہیں۔

    teaching

    ایلپو کاؤنٹی کے اینیمل پروٹیکشن ایڈوائزر رالوکا بالینو نے رائٹرز کو بتایا کہ ہمیں امید ہے کہ اس عمل سے بچے انسانوں کے ساتھ بھی زیادہ ہمدرد بنیں گے۔

    ایک رپورٹ کے مطابق رومانیہ میں تعلیمی شعبے پر سرمایہ کاری یورپ کے امیر ممالک یا امریکہ کے مقابلے میں بہت کم ہے اور بچوں کے اسکول چھوڑنے کی شرح یورپی یونین کے 27 ممالک میں سب سے زیادہ ہے۔

  • یورپی ملک کی پارلیمنٹ نے 500 بھورے ریچھ مارنے کی منظوری دے دی

    یورپی ملک کی پارلیمنٹ نے 500 بھورے ریچھ مارنے کی منظوری دے دی

    بخارسٹ: رومانیہ میں پارلیمنٹ نے ایک کم عمر ہائیکر کی موت کے بعد 500 ریچھ ہلاک کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق رومانیہ کی پارلیمنٹ نے پیر کو اس سال تقریباً 500 بھورے ریچھوں کو مارنے کی منظوری دے دی ہے تاکہ ان کی ’’زیادہ آبادی‘‘ کو کنٹرول کیا جا سکے۔

    گزشتہ ہفتے مقامی میڈیا نے اطلاع دی تھی کہ ایک 19 سالہ خاتون سیاح – جس کی شناخت ڈیلی میل نے ماریا ڈیانا کے نام سے کی ہے – کو ریچھ نے اس وقت حملہ کر کے ہلاک کر دیا تھا جب وہ اپنے دوست کے ساتھ ہائیکنگ پر نکلی تھی، اس واقعے کے بعد ملک بھر میں شور مچ گیا کہ ریچھوں کا کوئی بندوبست کیا جائے۔

    پیر کو پارلیمنٹ کے ایک ہنگامی اجلاس میں کہا گیا کہ ملکی قانون ان محفوظ پرجاتیوں میں ’’زیادہ آبادی‘‘ پر قابو پانے کی اجازت دیتا ہے اس لیے 481 ریچھوں کو مارنے کی منظوری دی جاتی ہے، خیال رہے کہ گزشتہ برس 220 ریچھ مارے گئے تھے۔ رومانیہ کے وزیر اعظم مارسل سیولاکو نے پارلیمنٹ کے اس ہنگامی اجلاس میں شرکت کے لیے قانون سازوں کو موسم گرما کی چھٹیوں سے واپس بلایا تھا۔

    اراکین پارلیمان کا کہنا تھا کہ ریچھوں کی حد سے بڑھتی ہوئی آبادی کی وجہ سے انسانوں پر حملوں کے واقعات پیش آ رہے ہیں، چناں چہ ان کی تعداد میں کمی ناگزیر ہے۔ رومانیہ کی وزارت ماحولیات کے مطابق ریچھوں کی تعداد کو کنٹرول میں لانے کا فیصلہ اس جانور کے انسانوں پر بڑھتے ہوئے حملوں کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

    رومانی میں گزشتہ 20 برسوں کے دوران ریچھوں کے حملوں میں 26 افراد ہلاک اور 274 شدید زخمی ہوئے ہیں۔ وزارت ماحولیات کے مطابق رومانیہ میں 8000 بھورے ریچھ موجود ہیں جو یورپ میں بھورے ریچھوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

  • گریٹا تھنبرگ کے ساتھ ٹویٹر پر لفظی جنگ، ریپ کیس میں مطلوب باکسر کی لوکیشن منظر عام پر آگئی

    معروف کلائمٹ ایکٹوسٹ گریٹا تھنبرگ اور سوشل میڈیا انفلوئنسر اینڈریو ٹیٹ کے درمیان نازیبا جملوں کے تبادلے کے بعد پولیس نے اینڈریو کے گھر پر چھاپہ مارا اور انہیں حراست میں لے لیا، اینڈریو انسانی اسمگلنگ کیس میں پولیس کو مطلوب تھے اور ٹویٹر پر ان کی سرگرمی نے پولیس کو ان کی لوکیشن کی تصدیق کردی۔

    دو روز قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سویڈن سے تعلق رکھنے والی ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ اور سوشل میڈیا انفلوئنسر اور سابق باکسر اینڈریو ٹیٹ کے درمیان تلخ اور نازیبا جملوں کا تبادلہ ہوا جس نے لوگوں کی توجہ اپنی طرف کھینچ لی۔

    اینڈریو نے ایک ٹویٹ میں گریٹا کو مخاطب کیا اور فخریہ لکھا کہ میرے پاس 33 کاریں ہیں جس میں ایک بگاٹی اور 2 فراری شامل ہیں، اپنا ای میل ایڈریس روانہ کریں تاکہ میں اپنی گاڑیوں کی فہرست اور ان سے ہونے والے بھاری کاربن اخراج کی تفصیل آپ کو بھیج سکوں۔

    ٹویٹ دیکھ کر گریٹا سیخ پا ہوگئیں اور انہوں نے اینڈریو کو نازیبا جواب دے ڈالا۔

    خیال رہے کہ گریٹا ماحولیاتی مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ اور ایوی ایشن سیکٹر کو اس کا بڑا ذمہ دار قرار دیتی ہیں۔

    سنہ 2019 میں گریٹا کلائمٹ چینج کی کانفرنس کے لیے طیارے سے جانے کے بجائے 14 روز کا بحری سفر کر کے اسپین پہنچی تھیں جس نے دنیا بھر کی توجہ ان کی طرف مبذول کی تھی۔

    اب اینڈریو کے ٹویٹ پر انہوں نے غصے میں جواب دیا تو ٹویٹر صارفین نے ان کے جواب کو بے حد سراہا اور اسے بالکل درست قرار دیا۔

    جواب میں اینڈریو نے ایک ویڈیو پوسٹ کر ڈالی جس میں انہوں نے گریٹا کو عالمی طاقتوں کا ہرکارہ قرار دیا۔

    اس ساری بحث کے دوران رومانیہ پولیس کو اینڈریو کی لوکیشن کی تصدیق ہوگئی جو انسانی اسمگلنگ کے کیس میں پہلے ہی اینڈریو پر گھات لگائے بیٹھی تھی۔

    رومانیہ کے شہر پیپرا میں واقع اینڈریو کے گھر پر رومانیہ پولیس نے چھاپہ مارا اور اور انہیں اور ان کے بھائی دونوں کو حراست میں لے لیا۔

    چھاپے کی کارروائی بخارسٹ کے ڈائریکٹوریٹ فار انویسٹی گیٹنگ آرگنائزڈ کرائم اینڈ ٹیررازم کے محکمے نے کی جو 2 سال سے انسانی اسمگلنگ کے کیس کی تحقیقات کر رہا تھا۔

    سنہ 2021 میں سامنے آنے والے اس کیس میں ایک مجرمانہ رنگ کا انکشاف ہوا تھا جو لڑکیوں کو شادی کا جھانسہ دے کر رومانیہ پہنچا رہا تھا اور ان کی خرید و فروخت میں ملوث تھا۔

    اس کیس میں اینڈریو ٹیٹ بھی مشتبہ تھے اور ان پر ایک نوعمر لڑکی کی انسانی اسمگلنگ، جنسی زیادتی اور اغوا کا الزام تھا۔

    29 دسمبر کی شب ہونے والی اس چھاپہ مار کارروائی میں اینڈریو کے علاوہ 4 مزید افراد کو حراست میں لیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اینڈریو کی گرفتاری میں ان کی ٹویٹر پر ہونے والی بحث نے کلیدی کردار ادا کیا جس کے ذریعے ظاہر ہونے والی لوکیشن سے پولیس کو یقین ہوا کہ دونوں بھائی ملک میں موجود ہیں، مذکورہ ویڈیو میں میز پر ایک پیزا باکس بھی دکھائی دے رہا ہے جو مقامی پیزا شاپ سے آرڈر کیا گیا۔

    اینڈریو کو اسی سال اپریل میں بھی گرفتار کیا گیا تھا جس کے بارے میں اینڈریو نے وضاحت دی تھی کہ ایک غلط فہمی کی بنیاد پر پولیس نے ان کے گھر چھاپہ مارا تھا۔

    اینڈریو کے مطابق پولیس نے گھر کی تلاشی لی اور وہاں کسی مغوی کو نہ پا کر واپس لوٹ گئے، البتہ کاغذی کارروائی کے لیے مجھے پولیس اسٹیشن جانا پڑا تھا، وہاں سے صرف 45 منٹ بعد ہی میری واپسی ہوگئی تھی۔

  • جادوئی پانی کے ذریعے درجنوں افراد کو موت کے گھاٹ اتارنے والی پراسرار سیریل کلر

    جادوئی پانی کے ذریعے درجنوں افراد کو موت کے گھاٹ اتارنے والی پراسرار سیریل کلر

    تاریخ میں مختلف سیریل کلرز گزرے ہیں جو اپنی ذہانت سے پکڑے جانے سے باز رہتے تھے، لیکن ایک خاتون سیریل کلر ایسی بھی رہی جس کا طریقہ واردات اس دور کے لحاظ سے نہایت جدید تھا لہٰذا طویل عرصے تک کوئی اسے پکڑ نہ سکا۔

    موجودہ مشرقی یورپی ملک رومانیہ سے تعلق رکھنے والی انا دی پسٹونا، بابا انوجکا یا بنات کی چڑیل کے نام سے بھی جانی جاتی ہے۔

    وہ ایک شوقیہ کیمسٹ تھی، اپنی اس مہارت سے اس نے انیسویں صدی کے اواخر اور بیسویں صدی کے اوائل کے دوران لگ بھگ ڈیڑھ سو لوگوں کی جان لی، اسی وجہ سے اسے تاریخ انسانی کی بدنام زمانہ سیریل کلر کہا جاتا ہے۔

    اس کی اصلیت ہمیشہ پراسرار انداز میں پوشیدہ رہی، کچھ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ 1838 میں بنات ریجن میں ایک دولت مند مویشی پالنے والے شخص کے گھر پیدا ہوئی جو موجودہ دور کے مشرقی یورپی ملک رومانیہ میں واقع ہے۔

    تاہم اس کی زندگی پڑوسی ملک سابق یوگوسلاویہ (موجودہ سربیا) کے گاؤں ولادیمیرکووچ میں گزری۔ اس کا بچپن خاصا آرام دہ اور اچھا گزرا، لیکن نوجوانی میں ایک آسٹرین افسر کے ساتھ ناکام عشق کے بعد وہ آدم بیزار ہوگئی اور لوگوں سے نفرت کرنے لگی۔

    بعد ازاں اس نے کیمسٹری کے شعبے میں قدم رکھا اور مقامی لوگوں میں جن بھوت اتارنے کے حوالے سے مشہور ہوگئی۔

    اس کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ وہ مناسب رقم کے عوض کسی کو بھی غائب کرسکتی ہے، کچھ عرصے دنیا سے خود کو الگ رکھنے کے بعد اس نے ایک زمیندار سے شادی کرلی جس سے اس کے 5 بچے پیدا ہوئے، لیکن ان میں سوائے ایک کے کوئی بھی زندہ نہ رہا۔

    شوہر کے مرنے کے بعد اس نے جن بھوت اتارنے کا دھندہ شروع کیا اور اپنے گھر کے ایک حصے کو کیمسٹری لیب میں تبدیل کر لیا، جہاں وہ مختلف کیمیائی اجزا کو ملانے کے تجربات کرتی رہی اور لوگوں میں جڑی بوٹیوں سے علاج کرنے والی ماہرہ بن کر سامنے آئی۔

    لیکن یہ جڑی بوٹی نہیں بلکہ متنازع زہریلے اجزا ہوتے تھے جن کے استعمال سے لوگ مرجاتے تھے، وہ فوجیوں کو ملٹری سروس سے ریٹائر کروانے کے لیے بھی زہریلی دوا دیتی جس سے وہ بیمار ہو کر اپنے مقصد میں کامیاب ہوجاتے۔

    وہ خواتین کو شوہروں سے نجات دلانے کے لیے جادوئی پانی دیتی جس سے کچھ عرصے میں شوہر مرجاتے، یہ سب کرنے کے دوران لوگوں کو پتہ نہیں چلتا تھا کہ وہ کیا چیز انہیں دے رہی ہے۔ اس کی زیادہ تر گاہک خواتیں تھیں۔

    1920 کے عشرے تک اس کے جادوئی پانی کا کاروبار اس قدر منفعت بخش بن چکا تھا اور اس نے اتنی دولت جمع کرلی تھی کہ اس نے کلائنٹس لانے کے لیے سیلز ایجنٹس رکھ لیے تھے۔

    گو کہ کچھ لوگوں کو اس کے کیمیائی معاملات کا اندازہ تھا لیکن زیادہ تر لوگ اسے مافوق الفطرت طاقت کا حامل سمجھتے تھے۔

    سنہ 1924 میں ایک خاتون کلائنٹ کے شوہر کی موت کے بعد حکام کی توجہ اس کی جانب ہوئی اور اسے پکڑلیا گیا۔

    تحقیقات سے پتہ چلا کہ وہ آرسینک (زہریلا پانی) لوگوں کو دیا کرتی تھی، جس پر اسے 90 برس کی عمر میں 15 سال قید کی سزا دی گئی لیکن 8 برس بعد بڑھاپے کی وجہ سے اسے رہائی مل گئی۔ اس کے دو برس بعد 1938 میں اس کی موت واقع ہوگئی۔

  • رومانیہ : سرچ اینڈ ریسکیو مشن پر جانے والا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار

    رومانیہ : سرچ اینڈ ریسکیو مشن پر جانے والا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار

    رومانیہ کا فوجی ہیلی کاپٹر گر کا تباہ ہو گیا ہے، ہیلی کاپٹر میں سوار 7 فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔

    خبر رساں ایجنسی کے مطابق ہیلی کاپٹر کو حادثہ خراب موسمی حالات کے باعث پیش آیا، حکام نے بتایا کہ مشرقی رومانیہ میں بحیرہ اسود کے قریب لاپتہ لڑاکا طیارے اور اس کے پائلٹ کی تلاش کے دوران ان کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے سے فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

    حکام نے بتایا کی بدقسمت ہیلی کاپٹر میں عملے کے پانچ ارکان کے علاوہ رومانیہ کی بحریہ کے دو سمندری ریسکیورز بھی جہاز میں سوار تھے، ہیلی کاپٹر لڑاکا طیارے کی تلاش کر رہا تھا، کچھ ہی دیر بعد جیٹ کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہو گیا اور ریڈار سے غائب ہو گیا۔

    یہ بھی پڑھیں: بھارتی فوجی ہیلی کاپٹر تباہ، چیف آف ڈیفنس اسٹاف ہلاک

    وزارت کے ترجمان کے مطابق پائلٹ نے موسم کی خراب صورتحال کی اطلاع دی تھی اور اسے بیس پر واپس جانے کا حکم بھی دیا گیا تھا۔

    تاہم ان کا کہنا تھا کہ ممکنہ وجوہات پر بات کرنا قبل از وقت ہے، یقیناً، ناموافق موسمی حالات تھے، لیکن ہم ابھی تبصرہ نہیں کر سکتے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے انکوائری کے دو کمیشن قائم کردئیے ہیں۔

  • پراسرار دھاتی ستون ایک کے بعد ایک مقام پر نمودار ہونا شروع

    پراسرار دھاتی ستون ایک کے بعد ایک مقام پر نمودار ہونا شروع

    امریکا کے ایک صحرا میں پراسرار دھاتی ستون کے اچانک نمودار ہو کر غائب ہوجانے کا معمہ ابھی حل ہونے بھی نہ پایا تھا کہ ایسا ہی ستون رومانیہ میں بھی دکھائی دے گیا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست یوٹاہ کے صحرا میں اچانک ایک آہنی ستون نمودار ہونے کے بعد غائب ہوگیا اور اب ایسا ہی ستون رومانیہ میں بھی دکھائی دیا ہے۔

    یوٹاہ کے صحرا میں یہ دھاتی ٹکڑا چند روز قبل دکھائی دیا تھا جس نے دنیا بھر میں لوگوں کو حیران اور کسی حد تک خوفزدہ کردیا تھا، یہ چمکدار آہنی ستون جس طرح نمودار ہوا، اسی طرح غائب بھی ہوگیا تھا۔

    اب رومانیہ میں بھی ویسا ہی ستون نظر آیا اور پھر اچانک غائب بھی ہوگیا۔ اکثر افراد یہ کہتے دکھائی دے رہے ہیں کہ یہ خلائی مخلوق یہاں نصب کر گئی ہے اور اب ان کی موجودگی کا خیال انہیں خوفزدہ کیے ہوئے ہے۔

    شمالی رومانیہ کے قصبے پیاترا نیامٹ کے میئر اینڈرے کارابیل نے میڈیا کو بتایا کہ اتوار کی سہ پہر وہ ستون وہاں تھا اور اب غائب ہوچکا ہے۔

    امریکا اور رومانیہ میں نظر آنے والی یہ انوکھی چیز 1968 کی مشہور سائنس فکشن فلم 2001 اے اسپیس اوڈیسے کی یاد دلاتی ہے۔ اس فلم میں بھی اسی طرح کا خلائی ستون دکھایا گیا تھا۔

    رومانیہ کے میئر کا کہنا ہے کہ مجھے یہ خیال پسند آیا کہ کچھ خلائی نوجوان ان مونولیتھس کو دنیا بھر میں لگارہے ہیں۔

    اس سے قبل فیس بک پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ اس بات پر اعزاز محسوس کرتے ہیں کہ خلائی مخلوق نے ہمارے شہر کا انتخاب کیا، مگر یہ بہتر ہوتا ہے کہ وہ مقامی پرمٹ کو پہلے حاصل کرلیتے۔

    ادھر امریکا میں اس ستون کے غائب ہونے سے متعلق ایک فوٹوگرافر نے ایک تصویر جاری کی ہے، تصویر میں 2 افراد اس ستون کو نکال کر اپنے ساتھ لے جاتے دکھائی دے رہے ہیں۔

  • معروف ٹینس اسٹار کرونا وائرس میں مبتلا

    معروف ٹینس اسٹار کرونا وائرس میں مبتلا

    بخارسٹ: رومانیہ سے تعلق رکھنے والی ٹینس کی معروف خاتون کھلاڑی سیمونا ہیلپ کورونا وائر س کا شکار ہوگئیں ہیں۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق سیمونا ہیلپ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک پیغام میں کہا کہ کورونا وائرس کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آنے کے بعد خود کو آئیسولیٹ کر لیا ہے، کورونا وائرس کی علامات معمولی ہیں، خود کو پہلے سے بہتر محسوس کررہی ہوں۔

    واضح رہے کہ گذشتہ ماہ سیمونا ہیلپ نے اٹالین اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، فائنل معرکے میں انہوں نے دفاعی چیمپئن کیرولینا پلیسکووا کو شکست دی تھی۔

    گذشتہ سال سیمونا ہیلپ نے سیرینا ولیمز کو ومبلڈن ٹینس کے فائنل میں حیران کن شکست دیتے ہوئے پہلی بار ومبلڈن ٹینس کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

  • رومانیا، نوزائیدہ بچوں میں کرونا وائرس کی تصدیق

    رومانیا، نوزائیدہ بچوں میں کرونا وائرس کی تصدیق

    بخارسٹ: یورپی ملک رومانیا میں 10 نوزائیدہ بچے کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق رومانیا میں والدین کے کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کے باوجود 10 نوزائیدہ بچوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

    رومانیا کے وزیر صحت نیلو تتارو کا کہنا ہے کہ شبہ ہے کہ نومولود بچوں میں کرونا وائرس طبی عملے کی غفلت کی وجہ سے پھیلا ہو۔

    رپورٹ کے مطابق بچوں میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر نہیں ہوئی ہیں اور ان میں سے ایک بچے کے علاوہ تمام بچوں کو اپنی ماؤں کے ساتھ گھر پر آئسولیشن میں رہنے کی اجازت دی گئی ہے۔

    رومانیا کے وزیر صحت کا کہنا تھا کہ بچوں میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد مقامی پبلک ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ (ڈی ایس پی) چیف کو نوکری سے برخاست کردیا گیا ہے، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

    ایک بچے کی والدہ کا کہنا تھا کہ ’اسپتال عملے نے ماسک نہیں پہنے ہوئے تھے، بدھ کے روز ایک ٹی وی چینل پر اس اسپتال میں کرونا وائرس کے کیسز کے بارے میں سنا تھا۔

    دوسری جانب طبی عملے کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی روز سے فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ڈاکٹرز اور عملے کے لیے ناکافی سامان کے بارے میں آگاہ کیا تھا لیکن طبی سامان مہیا نہیں کیا گیا۔

    واضح رہے کہ رومانیا میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 4 ہزار 400 ہوگئی ہے، متاثرہ افراد میں 700 کے قریب ہیلتھ کیئر ورکرز شامل ہیں، کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 180 تک جاپہنچی ہے۔

  • نیول چیف کا رومانیہ کا سرکاری دورہ، عسکری حکام سے ملاقاتیں

    نیول چیف کا رومانیہ کا سرکاری دورہ، عسکری حکام سے ملاقاتیں

    کراچی: سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی رومانیہ کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں انہوں نے رومانیہ کے عسکری حکام سے ملاقاتیں کیں۔

    تفصیلات کے مطابق سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی رومانیہ کے سرکاری دورے پر پہنچ گئے۔ ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ نیول چیف کی رومانیہ کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف اور کمانڈر رومانین نیوی سے الگ الگ خصوصی ملاقاتیں ہوئیں۔

    ترجمان کے مطابق نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر کمانڈر رومانین نیوی نے سربراہ پاک بحریہ کا پرتپاک استقبال کیا۔ نیول چیف کو چاک و چوبند دستے نے روایتی انداز میں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

    ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے خطے میں سمندری تحفظ اور امن کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کے عزم کو اجاگر کیا۔

    بعد ازاں نیول چیف نے ڈیمن شپ یارڈ کا بھی دورہ کیا اور وہاں کے مینیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات کی۔ نیول چیف کو ڈیمن شپ یارڈ میں پاک بحریہ کے لیے جاری منصوبوں پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔

    ترجمان کے مطابق نیول چیف کا یہ دورہ دونوں ممالک بالخصوص بحری افواج کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل نیول چیف نے قطر کا دورہ کیا تھا، اپنے دورے کے دوران نیول چیف نے قطری وزیر اعظم شیخ عبداللہ بن نصیر سے بھی خصوصی ملاقات کی تھی۔ اس دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    نیول چیف نے قطری چیف آف اسٹاف سمیت کمانڈر قطر امیری نیول فورسز سے بھی ملاقات کی تھی۔ انہوں نے قطر کی مختلف بحری تنصیبات سمیت میری ٹائم وار فیئر اینڈ ٹریننگ سینٹر کا بھی دورہ کیا تھا۔

    سربراہ پاک بحریہ نے دورے کے دوران مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کو بھی اجاگر کیا۔

    اپنے دورہ قطر کے آخری روز کمانڈر قطر ایئر فورس اور کمانڈنٹ جوائنٹ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور بشمول دو طرفہ فوجی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

  • رومانیہ کے نفسیاتی ہسپتال میں مریض کا حملہ، 4 افراد ہلاک 9 زخمی

    رومانیہ کے نفسیاتی ہسپتال میں مریض کا حملہ، 4 افراد ہلاک 9 زخمی

    بخارسٹ :حادثے میں زخمی ہونے والے دو افراد کومے میں ہیں ، رومانوی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے چاروں مریضوں کے سر پر وار کیے گئے ۔

    بخارسٹ (این این آئی)رومانیہ کے حکام نے بتایا ہے کہ ایک ذہنی امراض کے ہسپتال میں داخل ہونے والے مریض نے سیال ادویات کی منتقلی کے اسٹینڈ سے وار کر کے کم از کم چار مریضوں کو ہلاک اور دیگر نو کو زخمی کر دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں سے دو کومے میں ہیں،ہلاک ہونے والے چاروں مریضوں کے سر پر وار کیے گئے تھے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں رومانیہ کے حکام نے بتایا کہ ایک ذہنی امراض کے ہسپتال میں داخل ہونے والے مریض نے سیال ادویات کی منتقلی کے اسٹینڈ سے وار کر کے کم از کم چار مریضوں کو ہلاک اور دیگر نو کو زخمی کر دیا ہے۔

    اسپتال اتنظامیہ کا کہنا تھا کہ مبینہ حملہ آور کی عمر اڑتیس برس ہے اور اس نے خود کو ذہنی بیمار قرار دے کر ہسپتال داخل کروایا تھا۔