Tag: roof collapes

  • سعودی عرب : شاپنگ مال کی چھت اچانک گرگئی

    سعودی عرب : شاپنگ مال کی چھت اچانک گرگئی

    ریاض : سعودی عرب میں شاپنگ مال کی چھت اچانک گر گئی، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، انتطامیہ نے شاپنگ سینٹر کے اندر چھت گرنے کی جگہ کو گھیرے میں لے لیا۔

    کہتے ہیں مصیبت کسی بھی وقت اور کہیں سے بھی آسکتی ہے کچھ ایسا ہی واقعہ سعودی مشرقی صوبے قطیف میں پیش آیا جہاں کورونا کے باعث بند ہونے والا شاپنگ مال دوبارہ کھولا گیا تھا۔

    تین ماہ کے لاک ڈاؤن کے بعد سعودی عرب میں زندگی معمول کی طرف لوٹ رہی ہے، اس سلسلے میں دیگر بازاروں کی طرح ایک شاپنگ سینٹر بھی کھولا گیا جس کی چھت دوبارہ کھلنے کے پہلے روز ہی گر گئی لیکن خوش قسمتی سے ملبے کی زد میں کوئی نہیں آیا۔

    شاپنگ سینٹر کے اندر کی چھت گرنے کی جگہ کو ریسکیو اداروں نے فوری طور پر گھیرے میں لے لیا تھا۔ اس حوالے سے سعودی شہری دفاع نے اپنے ٹویٹر پیغام پر بتایا ہے کہ واقعے کے بعد مرکز کو خالی کرا لیا گیا تھا اور اس دوران کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ شام قطیف کے سٹی مال کی لابی کے اندر چھت کا حصہ جزوی طور پر گرا، حادثے کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    واضح رہے کہ اتوار کے روز پورے سعودی عرب میں کرفیو مکمل طور پر اٹھا لیا گیا تھا جہاں نئے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے سخت حفاظتی اقدامات کے تحت تمام کاروباری مراکز نے دوبارہ کام شروع کیا تھا۔

  • بلوچستان میں برفباری اور بارشیں : مکان کی چھت گرنے سے خاتون سمیت سات بچے زخمی

    بلوچستان میں برفباری اور بارشیں : مکان کی چھت گرنے سے خاتون سمیت سات بچے زخمی

    حب : صوبہ بلوچستان کے پہاڑی علاقوں میں برفباری اور بارشوں کے بعد سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی ہے ندی نالوں میں طغیانی کے باعث نظام زندگی شدید متاثر ہوا، مکانات کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے 2 بچیاں جاں بحق جبکہ خاتون سمیت سات بچے زخمی ہوگئے ۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں کہیں رم جھم کہیں بارش تو کہیں راستے برف سے ڈھک گئے۔ جس کی وجہ سے کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں اور شہریوں کا مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    حب کے ضلع لسبیلہ کے پہاڑی علاقوں موسلادھار بارشیں ہوئیں، جس کے بعد وندر، اوتھل، بیلا اور شاہ نورانی کے ندی نالوں میں طغیانی آگئی جبکہ اوتھل میں مکان کی چھت گرگئی، حادثے میں ایک خاتون اور سات بچے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    اس کے علاوہ سیاحتی مقامات زیارت میں تین فٹ اور قلات میں ایک فٹ سے زیادہ برفباری ہوئی، گیس پریشر اور بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ سے معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں۔

    کوئٹہ میں برفباری سے سڑکیں بند ہوگئیں، کئی مقامات پر لوگ محصور ہوگئے، اسکردو، مستونگ اور مانسہرہ میں برفباری سے راستے بند ہوگئے، خضدار میں پاک فوج کے جوانوں نے برف ہٹانے کے کام کا آغاز کر دیا۔

    علاوہ ازیں چمن سمیت ضلع بھر میں دو روز سے وقفے وقفے سے جاری موسلادھار بارش نے تباہی مچا دی مکانات کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے 2 بچیاں جاں بحق جبکہ خاتون سمیت سات بچے زخمی ہوگئے ہیں، کوژک ٹاپ پر شدید برف باری کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ دن بھر ٹریفک کی آمدورفت کے لئے بند رہا

    روجھان اور شہداد کوٹ میں بیشتر سڑکیں بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، لکی مروت اور بارکھان میں سڑکوں اور گلیوں میں جمع بارش کے پانی اور کیچڑ سے شہریوں کا چلنا محال ہو گیا۔

  • گھر کی چھت گرنے سے دو بچوں سمیت سات افراد زخمی

    گھر کی چھت گرنے سے دو بچوں سمیت سات افراد زخمی

    کراچی : کالاپل کے قریب گھر کی چھت کا ایک حصہ گرنے سے سات افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو طبی امداد کے لیئے اسپتال منتقل کردیا گیا، زخمیوں میں دو بچوں سمیت ایک خاتون بھی شامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کالا پل کورنگی روڈ کے قریب قائم گھر کی چھت کا ایک حصہ اچانک منہدم ہوگیا جس کے نتیجے میں سات افراد زخمی ہوگئے۔

    عینی شاہدین کے مطابق گھر کی چھت پرسالگرہ کی تقریب جاری تھی جس کے دوران بڑی تعداد میں بچے اور دیگر افراد چھت پر موجود تھے۔

    خستہ حال عمارت کی چھت وزن برداشت نہ کرسکی اور زمین بوس ہوگئی جس کے نتیجے میں 6 بچوں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

    ریسکیو حکام کی جانب سے ملبے کو ہٹانے کا کام جا ری ہے، اسپتال انتظامیہ کے مطابق تمام افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

  • پشاور:مدرسے کی چھت گرنے سے 5بچے زخمی

    پشاور:مدرسے کی چھت گرنے سے 5بچے زخمی

    پشاور : شہرکے مضافاتی علاقے میں مدرسے کی چھت گرنے سے پانچ بچے زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کےرہائشی علاقے باڑہ روڈ پرواقع اقراء روضتہ الاسلام مدرسے کی چھت منہدم ہوگئی۔ کمرے کی چھت کچی تھی۔ جس کے باعث واقعہ پیش آیا۔

    پولیس کے مطابق مدرسے کی دوسری منزل کی خستہ حال چھت گرنے سے زیر تعلیم پانچ بچے زخمی ہوگئے ۔

    ریسکیواہلکاروں نے بچوں کو بحفاظت عمارت سے نکالا۔ زخمی طالب علموں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    مدرسے کی انتظامیہ نے چھت گرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہ صرف چھت بلکہ اس کی د یواربھی گری ہے جس کے باعث بچے خوفزدہ ہو کر بھاگے تو بھگدڑ میں زخمی ہو گئے ۔

    ریسکیو حکام کے مطابق زخمی بچوں کو فوری طور پرلیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا امدادی ادارے کے مطابق متاثرہ مدرسے میں ریسکیوآپریشن مکمل کرلیا گیا ہے۔

  • پشاور: ریحام خان کالیڈی ریڈنگ اسپتال کا دورہ

    پشاور: ریحام خان کالیڈی ریڈنگ اسپتال کا دورہ

    پشاور: بارشوں سے متاثرہ افراد کی عیادت کے لیے ریحام خان نے لیڈی ریڈنگ اسپتال کا دورہ کیا،ان کاکہنا تھا کہ مریضوں کے فوری علاج کےلیے سہولیات کی فراہمی مشکل تھی۔

    پشاور میں آندھی اور طوفانی بارشیں کئی افراد کو زخمی اور کئی زندگیوں کے چراغ گل کر گئیں،تباہی کی نئی داستان رقم ہوئی تو ریحام خان بھی بنا پروٹوکول پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال پہنچ گئیں اور زخمیوں کی عیادت کی۔

    میڈیا سے بات کرتے ہوئے کپتان کی اہلیہ ریحام خان کا کہنا تھا کہ این ڈی ایم کو منظم ہونے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر شریک ہے، ان کاکہنا تھا کہ وہ مریضوں کے علاج سے مطمئن ہیں۔

    ریحام خان نے کہا کہ دعا ہے کہ زیادہ نقصان نہ ہو ، مشکل گھڑی میں متاثرین کیساتھ ہیں۔

  • پشاور: چھتیں اور دیواریں گرنے سے 45افراد جاں بحق ،200 سے زائد زخمی

    پشاور: چھتیں اور دیواریں گرنے سے 45افراد جاں بحق ،200 سے زائد زخمی

    پشاور: تیز آندھی اور موسلادھار بارش نے کئی گھروں میں صف ماتم بچھادی، دیواریں اور چھتیں گرنے سے پینتالیس افراد جاں بحق اور دو سو سے زائد زخمی ہوگئے، اسپتال زخمیوں سے بھر گئے، کل شام سے ہونے والی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے جاری ہے۔

    طوفانی بارشوں اور تیز آندھی نے پشاور میں تباہی مچادی، کئی مکانات کی دیواریں زمیں بوس اور چھتیں اڑگئیں، تیز آندھی سے درخت جڑوں سے اکھڑ گئے اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔

    چھتیں گرنے کے واقعات چارسدہ روڈ، پخہ غلام، بدھو ثمر باغ، شب قدر اور بڈھنی میں پیش آئے، جس سے کئی افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔

    موسلادھار بارش کے باعث متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آئی، طوفانی بارش کے باعث پشاور موٹر وے کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں تیزآندھی کی رفتار ایک سو دس کلومیٹرفی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔

    موسلا دھاربارش سے بڈھنی نالہ بھپر گیا، طغیانی کے باعث پانی اطراف کی آبادیوں میں داخل ہوگیا، چارسدہ، نوشہرہ اور گردونواح میں بھی طوفانی بارش اور آندھی نے کئی گھروں کو ملیامیٹ کردیا۔

  • لاہور: بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی، 2افراد جاں بحق

    لاہور: بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی، 2افراد جاں بحق

    لاہور : شہر میں موسلا دھار بارش نے قیامت ڈھا دی، شاہدرہ میں بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی، جس کے باعث ملبے تلے دب کر  دو افراد ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔

    لاہور شہر اور گردو نواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، شاہدرہ کے علاقے میں مکان کی چھت گر گئی، جس کے ملبے تلے دب کر تین افراد زخمی ہوگئے، ریسکیو آپریشن کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، زخموں کی تاب نہ لاکر دو افراد ہلاک ہو گئے جبکہ ایک کی حالت نازک ہے۔

    بارش سے شہر کے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے، مغل پورہ، دھرم پورہ، ملتان روڈ ، نسبت روڈ اور دیگر علاقے پانی میں ڈوب گئے، سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، کئی علاقوں میں فیڈر ٹرپ کر گئے، جس سے شہر کا بیشتر علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا۔

    محکمہ موسمیات نے حالیہ بارشوں کا سلسلہ منگل تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔