Tag: Rosie Gabrielle

  • سیاحتی مقامات پر کچرے سے آلودگی ، روزی گیبریل  سیاحوں کے رویے سے سخت نالاں

    سیاحتی مقامات پر کچرے سے آلودگی ، روزی گیبریل سیاحوں کے رویے سے سخت نالاں

    کینیڈین ولاگر روزی گیبریل پاکستان کے سیاحتی مقامات کو کچرے سے آلودہ کرنے کے خلاف میدان میں آگئی اور کہا شمالی علاقہ جات کی طرف جانے والے لوگ بہت زیادہ کچرا پھیلارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان میں واقع وادی ہنزہ جو اپنی خوبصورتی کے باعث سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے وہیں وادی ہنزہ میں آلودگی کے مسائل کا سامنا بھی ہے۔

    روزی گیبریل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر وادی ہنزہ میں سیاحوں کی جانب سے آلودگی پھیلانے کی تصاویر اور مقامی افراد کے ساتھ گفتگو کے اسکرین شاٹس شیئر کیے اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ کس طرح پاکستان کے شمالی علاقوں میں آنے والے لوگ بہت زیادہ کوڑے دان چھوڑ کر آلودگی میں اضافے میں حصہ ڈال رہے ہیں۔

    انھوں نے اس پوسٹ کو ‘نارتھ کو صاف رکھیں’ کا نام دیا اور کہا "آپ اپنے ملک کو تباہ کریں گے۔ پاکستان کو سیاحت کے عروج کے ساتھ ہی ایک بڑھتی ہوئی پریشانی کا سامنا ہے، جسے فوری طور پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Rosie Gabrielle (@rosiegabrielle)

    روزی گیبریل نے لکھا کہ جہاں کورونا کے باعث بین الاقوامی سفر کے مواقع محدود ہوئے، وہیں لوگ شمالی علاقہ جات کی طرف جانے پر مجبور ہوئے ہیں لیکن یہ لوگ بہت زیادہ کچرا پھیلارہے ہیں اور اپنے ساتھ ‘برے رویے، منشیات، فحاشی، ڈانس پارٹیز لارہے ہیں’۔

    کینیڈین ولاگر نے پاکستان کے شمالی علاقوں کے سفر سے متعلق اپنا تجربہ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وہ مقامی سیاحوں سے پریشان ہوئی تھیں اور انہیں دیگر مقام تلاش کرنے پڑے تھے۔

    ان کا کہنا تھا ک مقامی افراد کو سیاحوں کا استقبال کرنا اچھا لگتا ہے ،وہ لوگ میوزیکل ایونٹس اور ورکشاپس کا خیرمقدم کرتے ہیں، لیکن اب جو ہورہا ہے اسے ثقافت کے لیے خطرہ سمجھا جارہا ہے۔

    خیال رہے کہ ہیوی بائیک پردنیا گھومنے کا عزم رکھنے والی کینیڈین بلاگر تین سال قبل پاکستان آئیں تھیں، وہ یہاں آکر پاکستانی ثقافت اور لوگوں کی محبت میں اس قدر گرفتار ہوئیں کہ انہوں نے 2019 میں اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا اور پھر مملکتِ خداد میں ہی رہائش اختیار کرلی تھی

  • کینیڈین خاتون موٹر سائیکل پر پاکستان دیکھنے نکل پڑیں

    کینیڈین خاتون موٹر سائیکل پر پاکستان دیکھنے نکل پڑیں

    لاہور: کینیڈین سیاح خاتون روزی گیبرئیل پاکستان کی محبت میں مبتلا ہو گئیں، موٹر سائیکل پر پاکستان کے مختلف شہر اور تفریحی مقامات دیکھنے نکل پڑیں۔

    تفصیلات کے مطابق خود کو اکیلی موٹر سائیکل سیاح کہنے والی کینیڈین خاتون روزی پاکستان کے خوب صورت تفریحی مقامات دیکھنے نکلی ہیں۔

    روزی گیبرئیل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنی تصاویر پوسٹ کر دیں۔

    روزی کا کہنا ہے کہ وہ اب تک مالم جبہ، صحرائے چولستان، قصور اور لاہور کی سیر کر چکی ہیں۔

    قصور میں روزی نے صوفی شاعر بابا بلھے شاہ کے مزار کی زیارت بھی کی، مزار کی خاتون متولی نے ان کے سر پر ہاتھ رکھ کر دعا بھی دی اور دعا کرنے کا طریقہ بھی بتایا۔

    روزی نے بتایا کہ مزار کے اندر داخل ہونے کے بعد ان کے احساسات ایک دم تبدیل ہو گئے اور ان پر ایک روحانی کیفیت طاری ہو گئی۔

    خاتون سیاح نے لاہور کی تنگ گلیوں کی بھی سیر کی، ایک تندور والے کو چپاتیاں پکاتے ہوئے دیکھ کر حیران رہ گئیں، خود بھی روٹی بنانے کی کوشش کی۔

    روزی گیبرئیل نے بتایا کہ ان کی آخری منزل گوادر ہے، وہ گوادر کی سیر کرنے کی خواہش مند ہیں۔

    کینیڈین خاتون نے دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستان محفوظ اور پر امن ملک ہے، یہاں کے لوگ بہت پیار کرنے والے اور مخلص ہیں۔