Tag: Rowan Atkinson

  • ہم سب کے پسندیدہ مسٹر بین کو خود اپنا کردار ناپسند کیوں ہے؟

    ہم سب کے پسندیدہ مسٹر بین کو خود اپنا کردار ناپسند کیوں ہے؟

    شہرہ آفاق مزاحیہ کردار مسٹر بین ہر عمر کے افراد کو بے حد پسند ہے، تاہم اسے ادا کرنے والے اداکار روون اٹکنسن اس کردار سے بے حد ناخوش ہیں۔

    برطانوی سٹ کام مسٹر بین میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار روون اٹکنسن نے حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں اس کردار کے بارے میں اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔

    65 سالہ اداکار نے بتایا کہ مسٹر بین کا کردار ان کے لیے نہایت تناؤ میں مبتلا کر دینے اور تھکا دینے والا ہے، انہوں نے اشارہ دیا کہ اب وہ کبھی یہ کردار ادا نہیں کریں گے۔

    اداکار کا کہنا تھا کہ یہ کردار ایک بہت بھاری ذمہ داری ہے جسے ادا کرنا ان کے لیے کسی بھی طرح خوشگوار نہیں۔ وہ اس کردار کو ادا کرتے ہوئے کبھی بھی لطف اندوز نہیں ہوئے۔

    مسٹر بین کی سیریز سنہ 1990 سے 1995 تک پیش کی گئی، اس کے بعد سنہ 1997 میں اس کی فلم بین مووی اور سنہ 2007 میں بینز ہالیڈے پیش کی گئی۔

    اب اس کی اینی میٹڈ فلم پر بھی کام جاری ہے، روون اٹکنسن کا کہنا ہے کہ اس کردار کو ادا کرنے کے بجائے صرف اس کے لیے اپنی آواز دینا نسبتاً آسان کام ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ مسٹر بین کی مقبولیت حیران کن بات نہیں، ایک بالغ انسان کو بچوں جیسی حرکتیں کرتے دکھانا بنیادی طور پر ایک مزاحیہ بات ہے، یہ مزاح زبانی سے زیادہ ویژول ہے یہی وجہ ہے کہ یہ دنیا بھر میں مشہور ہے۔

  • مسٹر بین کی زندگی کے وہ پہلو جن سے آپ واقف نہیں

    مسٹر بین کی زندگی کے وہ پہلو جن سے آپ واقف نہیں

    شہرہ آفاق کردار مسٹر بین بچوں اور بڑوں سب ہی کا پسندیدہ ہے۔ اپنی احمقانہ حرکتوں سے سب کو ہنسنے پر مجبور کردینے والے مسٹر بین کا کردار نبھانے والے اداکار روون اٹکنسن آج اپنی 63 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

    اسکرین پر احمقانہ اور مزاحیہ حرکتیں کرنے والے مسٹر بین حقیقی زندگی میں نہایت بردبار اور سنجیدہ ہیں۔

    آج ہم آپ کو ان کی زندگی کا حقیقی رخ دکھانے جارہے ہیں جنہیں دیکھ کر آپ کو یقین کرنا مشکل ہوجائے گا کہ یہ وہی مسٹر بین ہیں جو اپنی الٹی سیدھی حرکتوں کے لیے مشہور ہیں۔


    اعلیٰ تعلیم یافتہ

    مسٹر بین مشہور آکسفورڈ یونیورسٹی سے الیکٹریکل انجینیئرنگ کی ڈگری لے چکے ہیں گویا حقیقی زندگی میں مسٹر بین ایک انجینیئر ہیں۔


    بہترین فنکار

    روون اٹکنسن نے صرف مسٹر بین کا کردار ہی ادا نہیں کیا بلکہ وہ مختلف شوز اور فلموں میں 50 کے قریب کردار ادا کرچکے ہیں اور سب میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔


    مہنگی ترین گاڑیاں

    ویسے تو مسٹر بین کو فلموں میں اپنی زرد کار سے بے حد محبت ہے جسے وہ سفر کرنے کے علاوہ دیگر کئی کاموں میں استعمال کرتے ہیں، تاہم حقیقی زندگی میں بھی مسٹر بین کو گاڑیوں کا بے حد شوق ہے اور ان کے پاس کئی بیش قیمت گاڑیاں موجود ہیں۔


    شاہی خاندان سے تعلقات

    مسٹر بین کے برطانوی شاہی خاندان سے بھی بے حد قریبی تعلقات ہیں۔

    وہ اکثر و بیشتر مختلف تقریبات میں شہزادہ چارلس کی اہلیہ کمیلا پارکر کے ساتھ محو گفتگو نظر آتے ہیں جبکہ وہ شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کی شادی میں بطور مہمان بھی شریک تھے۔


    خوبرو اہلیہ

    مسٹر بین کی اہلیہ سنیترا سستری ایک نہایت دلکش اور خوبرو خاتون ہیں جو برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی میں بطور میک اپ آرٹسٹ کام کرچکی ہیں۔ تاہم دونوں کے درمیان سنہ 2014 میں علیحدگی ہوگئی تھی۔


    ہونہار بیٹی

    مسٹر بین کی ایک بیٹی بھی ہے جو نہایت ہونہار اور ذہین ہے۔ للی اٹکنسن گلوکارہ اور سونگ رائٹر ہیں جبکہ وہ اپنے والد کے ساتھ کئی فلموں میں بھی جلوہ گر ہوچکی ہیں۔


    سیاست میں متحرک

    آپ کو یہ جان کر حیرت کا شدید جھٹکا لگے گا کہ اسکرین پر مزاحیہ نظر آنے والے مسٹر بین سیاست میں بھی خاصے متحرک ہیں۔


    جب انہوں نے سینکڑوں افراد کی جان بچائی

    مسٹر بین نہ صرف بہترین اداکار اور انجینیئر ہیں بلکہ بے حد ذہین اور بلند حوصلہ انسان بھی ہیں۔ ایک بار وہ اپنے خاندان کے ساتھ کینیا کا سفر کر رہے تھے کہ دوران پرواز پائلٹ کا انتقال ہوگیا۔

    قریب تھا کہ جہاز اپنا توازن کھو بیٹھتا اور زمین سے جا ٹکراتا، مسٹر بین نے آگے بڑھ کر طیارے کا کنٹرول سنبھال لیا اور اسے بحفاظت لینڈ کروا کر سینکڑوں مسافروں کی جان بچالی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔