Tag: Royal Palm Club

  • سپریم کورٹ کا رائل پام کلب پاکستان ریلوے کے حوالے کرنے کا حکم

    سپریم کورٹ کا رائل پام کلب پاکستان ریلوے کے حوالے کرنے کا حکم

    لاہور: سپریم کورٹ نے لاہور میں واقع رائل پام کلب پاکستان ریلوے کے حوالے کرتے ہوئے رائل پام انتظامیہ کا ریلوے کے ساتھ معاہدہ کالعدم قرار دے دیا جبکہ رائل پام کے لیے تین ماہ میں نیا ٹینڈر جاری کرنے کا حکم دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے جسٹس عظمت سعید شیخ اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل دو رکنی بنچ نے رائل پام سے متعلق کیس کی سماعت کی ، مقدمے میں ریلوےکی جانب سے ابوذر سلمان نیازی اورسلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ پیش ہوئے جبکہ رائل پام کی طرف سے اعتزازاحسن ، علی ظفر اور مخدوم علی خان نے پیروی کی۔

    جسٹس عظمت سعید اورجسٹس اعجاز الاحسن نےسپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مقدمے کا فیصلہ سنایا ، فیصلے میں حکم دیا کہ رائل پام کنٹری کلب کے تمام معاملات ریلوے انتظامیہ کے ذمہ ہوں گے اور پاکستان ریلوے رائل پام کے تمام انتظامات کو بہترین طریقے سے چلائے گی۔

    عدالت نے حکم دیا کہ تین ماہ میں رائل پام کے انتظامات کے لیے قواعد و ضوابط طے کیے جائیں ۔

    عدالت نے قرار دیا کہ شیخ رشید نے بیان دیا کہ کئی غیر ملکی کمپنیاں رائل پام کا ٹھیکہ مہنگے داموں لینے میں دلچسپی لے رہی ہیں لہذا اس حوالے سے تین ماہ میں نیا ٹینڈر جاری کیا جائے اور اس میں غیر ملکی کمپنیوں کو قانون کے مطابق شامل کیا جائے ۔

    عدالت نے ٹینڈر کی نگرانی کے لیے جسٹس فیصل عرب اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل عمل درآمد بنچ بھی تشکیل دے دیا جبکہ حکم دیا کہ اس دوران رائل پام میں ہونے والی تقریبات کو متاثر نہ کیا جائے ۔

    سپریم کورٹ نے ہدایت کی کہ احتساب عدالت اس معاملے پر قانون کے مطابق اپنی کارروائی جاری رکھے ۔

    خیال رہے 27 دسمبر 2018 کو سپریم کورٹ نے رائل پام انتظامیہ تحلیل کر دی تھی اور 11 اپریل کو معاہدہ غیر قانونی قرار دے کر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔

    رائل پام سے متعلق نیب انکوائری نیب راولپنڈی میں زیر تفتیش ہے ، نیب کے مطابق 2001 میں تجارتی مقاصد کے لیے ریلوے گالف کلب کی 49 سالہ لیز اور  140 ایکڑ زمین غیر قانونی طور پر دے جس کی وجہ سے قومی خزانے کو2 ارب 20 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا۔

  • سعد رفیق پر مقدمہ درج کرنے کی درخواست، دلائل مکمل کرنے کا حکم

    سعد رفیق پر مقدمہ درج کرنے کی درخواست، دلائل مکمل کرنے کا حکم

    لاہور: ہائی کورٹ نے رائل پام کلب پر قبضہ کرنے کے الزام میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر حکام کےخلاف مقدمہ کے اندراج اور کلب کی بندش کے خلاف درخواستوں پر وکلا کو دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

    لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے رائل پام کلب کی انتظامیہ کی درخواست پر سماعت کی۔ کلب انتظامیہ کے وکیل علی ظفر نے دلائل دیے کہ کلب انتظامیہ نے قانون کے مطابق رائل پام کی زمین لیز پر حاصل کی اور قانون کے مطابق ہی تمام تر واجبات ادا کیے تاہم ریلوے انتظامیہ نے بلا جواز کلب کو بند کر کے اس پر قبضہ کیا، املاک کو نقصان پہنچایا اور اہم دستاویزات اپنے قبضے میں لے لیں۔

    وکیل علی ظفر نے مزید کہا کہ حالانکہ کلب اور ریلوے انتظامیہ کا تنازع سول کورٹ میں زیر سماعت ہے اور اس حوالے سے سول کورٹ نے حکم امتناع بھی جاری کیا مگر اس کے باوجود ریلوے انتظامیہ کلب پر قابض ہے۔

    کلب انتظامیہ کی جانب سے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد اور ریلوے حکام کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دی گئی لیکن ماتحت عدالت نے درخواست خارج کر دی۔

    رائل پام کی جانب سے استدعا کی گئی کہ کلب پر قبضہ کرنے اور اس کی املاک کو نقصان پہنچانے پر خواجہ سعد رفیق اور دیگر حکام کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور قبضہ فوری ختم کرنے کا حکم دے۔

    عدالت نے درخواست گزار کلب کے وکلا کو دو ستمبر تک دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔