Tag: rudeness

  • رکشہ میں سوار خاتون سے بدتمیزی کرنے والے ملزمان کے گرد گھیرا تنگ

    رکشہ میں سوار خاتون سے بدتمیزی کرنے والے ملزمان کے گرد گھیرا تنگ

    لاہور : مقامی عدالت نے چنگ چی رکشہ میں سوار خاتون سے بدتمیزی کیس میں 4 ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں چودہ روز کی توسیع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع کچہری لاہور میں چنگ چی رکشہ میں سوار خاتون سے بدتمیزی کیس کی سماعت ہوئی تفتیشی افسر نے عدالت میں رپورٹ پیش کی۔

    عدالت نے پولیس کی جانب سے ریمانڈ کی استدعا پر خاتون سے بدتمیزی کرنے والے چاروں ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع کردی۔

    کیس کی سماعت کے بعد معزز عدالت نے پولیس سے آئندہ سماعت پر چالان سے متعلق مکمل رپورٹ طلب کی ہے، متاثرہ خاتون نے جیل میں ملزمان کی شناخت کی تھی۔

    تفتیشی افسر کی رپورٹ کے مطابق ملزمان نے موٹر سائیکل پر چلتے رکشے کا پیچھا کیا اور اس میں بیٹھی لڑکی کو جنسی طور پر ہراساں کیا۔

    تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ ملزم ساجد نے موٹر سائیکل سے اتر کر لڑکی سے بدتمیزی کی اور اس دوران رکشے کے پیچھے شریک دیگر ملزمان نے نازیبا جملے کسے۔ تفتیشی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملزمان میں عثمان، عرفان، عبدالرحمان اور ساجد کو شناخت کیا گیا ہے۔

  • بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت نے بدتمیزی کی تمام حدیں پار کرلیں

    بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت نے بدتمیزی کی تمام حدیں پار کرلیں

    ممبئی : اپنے متنازعہ بیانات کے حوالے سے مشہور بھارتی فلمی اداکارہ کنگنا رناوت نے ایک بار پھر نازیبا الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے سینئر فنکار کو اپنی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    کنگنا رناوت نے اس  سے قبل سوشانت سنگھ کی موت کے حوالے سے بالی ووڈ کی مشہور شخصیات کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔اس کے علاوہ دیگر معاملات میں بھی اداکارہ کا تکبرانہ رویہ دیکھنے میں آیاہے۔

    اس بار انہوں نے ہدف تنقید بالی ووڈ کی مشہور و معروف ہستی اور نغمہ نگار جاوید اختر کو بناتے ہوئے نازیبا الفاظ پر مبنی ٹوئٹ کیا ہے۔

    تازہ ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے مبینہ طور پر جاوید اختر کو بھیڑیا کہا ہے اور اس بدتمیزی پر سوشل میڈیا صارفین کنگنا رناوت سے ناراض بھی نظر آرہے ہیں۔

    کنگنا رناوت نے اپنے ایک اور پیغام میں پولیس  تفتیش کے لیے نوٹس بھیجے جانے کی خبر کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ آج مجھے ایک اور سمن جاری کیا گیا ہے۔

    انہوں نے مزید لکھا کہ سارے لکڑ بگھے ایک ساتھ آ جائیں اور مجھے جیل میں ڈال دیں۔ میرا استحصال کرو اورمزید500 کیس میرے اوپر لاد کر مجھے سلاخوں کے پیچھے کر دو، مر کر بھی میری راکھ یہی کہے گی کہ میں تم سب بھیڑیوں کو نہیں چھوڑوں گی۔

    یاد رہے کہ نغمہ نگار جاوید اختر نے گزشتہ سال نومبر میں کنگنا کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کرایا تھا اور اسی پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کنگنا نے ٹوئٹ کیا ہے۔

    حالانکہ اس ٹوئٹ میں انہوں نے جاوید اختر کا نام نہیں لیا ہے لیکن ظاہر ہے کہ کیس جاوید اختر نے کیا ہے تو غصے کا اظہار بھی ان ہی پر کیا گیا ہے۔

  • خاتون مسافر کے نازیبا رویے کے باعث پی آئی اے کی پرواز ایک گھنٹہ تاخیر کا شکار

    خاتون مسافر کے نازیبا رویے کے باعث پی آئی اے کی پرواز ایک گھنٹہ تاخیر کا شکار

    کراچی : خاتون مسافر کی بد تمیزی کے باعث پی آئی اے کی کراچی سے لاہور جانے والی پرواز تاخیر کا شکار ہوگئی، مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے لاہور جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے304 کو اس وقت ٹیک آف پوائنٹ سے واپس لانا پڑا جب خاتون مسافر کی بدتمیزی کے باعث دیگر مسافروں نے طیارے میں شور شرابہ شروع کردیا جس پر کپتان نے طیارے کو واپس جیٹی پر لگادیا اور خاتون مسافر کو آف لوڈ کردیا گیا۔

    تین بجے روانہ ہونے والی پرواز کو اکانومی کلاس کی سیٹ نمبر ایف تھری سے خاتون مسافر کی وجہ سے واپس لایا گیا، اکانومی کلاس کی سیٹ نمبر ایف تھری میں موجود خاتون اپنے نومولود بچے کے ساتھ اکانومی پلس میں جا بیٹھی۔

    جہاز کے عملے اور کپتان نے خاتون مسافر کو اپنی نشست پر واپس جانے کی ہدایت کی تو مذکورہ خاتون مسافر نے اکانومی کلاس میں واپس جانے سے انکار کردیا۔

    عملے کے اسرار پر خاتون مسافر نے عملے سے بدتمیزی کی اور نازیبا الفاظ استعمال کیے۔ خاتون مسافر دو دن کا نومولود بچہ لے کر سفر کررہی تھی۔

    پی آئی اے کے عملے نے جب بچے کی پیدائش کا سرٹیفکیٹ طلب کیا جس پر بھی خاتون نے انکار کردیا، خاتون مسافر کی ضد کے باعث ڈیڑھ سو مسافر جہاز کی روانگی کے منتطر رہے۔

    بعد ازاں برتھ سرٹیفکیٹ نہ دکھانے پر پرواز کو ٹیک آف پوائنٹس سے واپس کردیا گیا، ترجمان پی آئی اے کے مطابق خاتون مسافر کے نازیبا رویے کے باعث پرواز کی روانگی میں ایک گھنٹے سے زائد تاخیر ہوئی، بعد ازاں مسافر خاتون کو نومولود بچے سمیت آف لوڈ کردیا گیا۔

  • سی ویو: پولیس سے بدسلوکی کرنیوالے شخص کی شناخت، نمبر پلیٹ جعلی تھی

    سی ویو: پولیس سے بدسلوکی کرنیوالے شخص کی شناخت، نمبر پلیٹ جعلی تھی

    کراچی : گزشتہ روز سی ویو پر کار سوار کی پولیس اہلکاروں سے بدسلوکی کرنے والے شخص کا اے آر وائی نیوز نے پتہ لگا لیا، ملزم سندھ ہائیکورٹ کا وکیل ہے جس نے کار پر جعلی نمبر پلیٹ لگائی ہوئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق کلفٹن کے علاقے سی ویو پر ظافر قتل کیس کے اگلے دن دس دسمبر کو درخشاں تھانے کے پولیس اہلکار ایس ایچ او کے ہمراہ معمول کے مطابق اپنی ڈیوٹی پر کھڑے تھے کہ اسنیپ چیکنگ کے لئے ایک اسپورٹس کار کو روکا۔

    پولیس اہلکاروں کی اس جرات پر کار میں سوار شخص آپے سے باہر ہوگیا اور اور انتہائی بد سلوکی کا مظاہرہ کیا اور ایس ایچ او کو کھری کھری سناتے ہوئے اسپورٹس کار پر فراٹے بھرتا ہوا چلتا بنا۔

    مذکورہ شخص کا کہنا تھا کہ تم لوگ کرپٹ سیاست دانوں کو تحفظ فراہم کرتے ہو اور مجھ پر الزام لگاتے ہوکہ میں ریس لگا رہا تھا، تم لوگوں کو شرم آنی چاہیے۔

    واقعے کو ایک ماہ گزرنے کے بعد یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، خبر ملنے کے بعد اے آر وائی نیوز نے پتہ لگا لیا کہ سی ویو پر پولیس سے بدسلوکی کرنے والا کون تھا؟

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس سے بدسلوکی کرنے والے کی شناخت شمس الاسلام کے نام سےہوگئی ہے، خواجہ شمس الاسلام نامی یہ شخص سندھ ہائی کورٹ کا وکیل ہے۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ شمس الاسلام کی کروڑوں روپے مالیت کی اس اسپورٹس کار کا نمبرآر8 تھا جو جعلی نمبر ہے، شہر کراچی میں چلنے والی 80 فیصد مہنگی گاڑیاں غیررجسٹرڈ ہوتی ہیں یا ان کی نمبر پلیٹس جعلی ہیں۔