Tag: Rugging

  • کراچی بلدیاتی انتخابات : کہیں دھاندلی کا شور، کہیں ٹھپوں کا زور

    کراچی : شہر قائد کے بلدیاتی انتخابات میں دن بھر دھاندلی کا شور رہا، ووٹنگ ختم ہونے کے بعد بھی جگہ جگہ جعلی ووٹ ڈالنے اور ٹھپے لگے بیلٹ پیپرز ملنے کی کہانیاں سامنے آتی رہیں۔

    بلدیہ ٹاؤن یوسی13کے پولنگ اسٹیشن سے پریذائیڈنگ افسرکو مبینہ طور پر اغواء کیا گیا، بعد ازاں پولیس نے مغوی کو زخمی حالت میں بازیاب کرالیا، پریزائیڈنگ افسر نے پولیس کو بیان دیا کہ مجھے ان لوگوں نے دھاندلی کرنے کا کہا اور انکار پرتشدد کیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی ایریابلاک18سینٹرل کے پولنگ بوتھ میں ایک سیاسی جماعت کے کارکنان بیلٹ پیپرز پر ٹھپے لگاتے رہے، نقاب پوشوں کی وڈیو سامنے آگئی جس میں ایک نوجوان سفید اور ہرے کاغذ پر مہر لگاتا رہا، اس کے دو ساتھی ووٹ ڈبے میں ڈالتے رہے۔

    بلدیہ ٹاؤن کی یوسی8 وارڈ نمبر3 میں متعدد جعلی ووٹ پکڑے گئے، بیلٹ پیپروں پر تیر کے نشان پر ٹھپے لگے ہوئے تھے اور جعلی ووٹ کاسٹ کیے جا رہے تھے۔

    پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی ایک پولنگ اسٹیشن پر بیلٹ باکس کی کمزور سیلیں توڑتے نظر آئے، انہوں نے کہا ایسی سیلوں پربھروسہ کیسے کیا جائے۔

    ملیرابراہیم حیدری ٹاؤن کے پولنگ اسٹیشن پرآزاد امیدوارنے پولنگ عملے پر دھاندلی کا الزام لگا دیا، امیدوار نے پریزائیڈنگ افسر کو کہا کہ پہلے سے ٹھپے لگے ہوئے ہیں ووٹ کم پڑے ہیں جبکہ باکس میں زیادہ پرچیاں موجود ہیں۔

    ملیر آنسو گوٹھ میں پریزائیڈنگ افسر نے پرائیوٹ افراد کو ڈیوٹی پر لگا لیا اور کہا کہ متعلقہ حکام کو بتا دیا ہے کہ ان کا کہنا ہے کہ اگر عملہ کم ہے جس کو مرضی ہو بٹھادو۔

    کلفٹن کے علاقے عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے قریب پولنگ اسٹیشن میں خواتین ووٹرز نے احتجاج کیا اور کہا کہ یہاں جیالے زبردستی گھس آئے ہیں اور پولیس کھڑی تماشا دیکھ رہی ہے۔

    کیماڑی میں سجن ٹاؤن کے پولنگ اسٹیشن کے باہر ٹھپے لگے بیلٹ پیپر پکڑے گئے سعید آباد میں مہر لگے جعلی ووٹ پریزائیڈنگ افسر نے تحویل میں لے لیے جبکہ نارتھ ناظم آباد یوسی تین میں مخالفین نے پیپلزپارٹی پر پولیس کی مدد سے جعلی ووٹ ڈالنے کا الزام لگایا۔

    لیاری کی یوسی06 میں بھی دھاندلی کا الزام عائد کیا گیا ہے، جعلی مہروں اور بیلٹ باکس اور سیل کی وڈیو بن گئی، گلشن اقبال گرین ٹاؤن میں دو نوجوان دھڑلے سے بیٹھے ووٹ بک پرٹھپے لگاتے نظر آئے۔

  • ایم کیوایم نے الیکشن کمیشن پر بڑا الزام عائد کردیا

    کراچی : ایم کیوایم پاکستان نے الیکشن کمیشن پر الزام پر عائد کیا ہے کہ اس نے متعصبانہ فیصلہ کرکے انصاف کے تقاضے پورے نہیں کیے۔

    اس حوالے سے ترجمان ایم کیوایم پاکستان نے اپنے ایک جاری بیان میں کہا ہے کہ غیرجانبدارانہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہی الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

    ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن نے تمام قانونی تقاضوں کو بھی پس پشت ڈال دیا، جعلی حلقہ بندیوں کی وجہ سے شہری سندھ کی ایک چوتھائی آبادی محروم رہ گئی۔

    ایم کیو ایم پاکستان کا مؤقف ہے کہ مہاجروں اور سندھ کے شہری علاقوں کی نمائندگی چھینی جارہی ہے، جعلی حلقہ بندیوں سے دھاندلی ہورہی ہے جسے ہرگز تسلیم نہیں کیا جائے گا۔

    ثابت ہوگیا ہے کہ الیکشن کمیشن گزشتہ انتخابات میں کی گئی دھاندلی نہیں رکوا سکا جو اس کی شفافیت پر سوالیہ نشان ہے، الیکشن کمیشن کے متعصبانہ فیصلے کیخلاف تمام دروازے کھٹکھٹائیں گے۔

    مزید پڑھیں : ایم کیو ایم کا الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج، فاروق ستار بھی شرکت کریں گے

    واضح رہے کہ کراچی میں حلقہ بندیوں اور ووٹر لسٹوں کے معاملے پر ایم کیوایم کل الیکشن کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔

    ڈاکٹر فاروق ستار کارکنان کے ساتھ کل مظاہرےمیں شرکت کریں گے، ان کا کہنا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد کے حق کے لئے آواز اٹھانی ہے ہمیں مردم شماری میں کم گنا جاتا ہے۔