Tag: rules and regulations

  • آن لائن قرضہ ایپ کے مزید قواعد و ضوابط جاری

    آن لائن قرضہ ایپ کے مزید قواعد و ضوابط جاری

    اسلام آباد : آن لائن قرض ایپ سے متعلق سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے مزید قواعد و ضوابط جاری کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق آن لائن قرض ایپ کی دھمکیوں سے تنگ شہری کی خود کشی کا معاملہ کے بعد ایس ای سی پی نے ڈیجیٹل پرسنل لون کے چارجز کا تعین کر دیا اور اہم سرکلر جاری کردیا۔

    ڈیجیٹل ایپس سے قرض حاصل کرنے والے صارفین کے تحفظ اور قرض کی فراہمی کے ذمہ دارانہ طریقہ کار کو فروغ دینے کے پیش نظر، ڈیجیٹل ایپس کے ذریعے پرسنل قرض فراہم کرنے والی کمپنیوں کے لئے جامع ریگولیشنز جاری کیے گئے ہیں۔

    ایس ای سی پی کے جاری سرکلر کے مطابق صارفین کے تحفظ کیلئے ڈیجیٹل پرسنل لون کے چارجز کا تعین کردیا گیا ہے جس کے تحت ڈیجیٹل ایپ قرض سے پہلے تمام معلومات فراہم کرنے کی پابند ہونگی۔

    سرکلر میں کہا گیا ہے کہ قرض دینے والی کمپنی فیس سمیت تمام اقسام کے چارجز سے آگاہ کرے گی، صارف کو قرض سے پہلےپروسیسنگ چارجز بتانا لازمی ہوگا۔

    صارف کو سروس فیس، تصدیقی فیس اور لون ہینڈلنگ فیس سے آگاہ کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، صارف کو سود کے معاوضے، دیر سے ادائیگی کے جرمانے سے بھی آگاہ کرنا لازمی ہوگا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ایس ای سی پی مالیاتی شمولیت کو بہتر بنانے اور صارفین کے اسحتصال سے نمٹنے کے لیے ریگولیٹری پالیسیوں کا مستعدی کے ساتھ جائزہ لیتا رہتا ہے، اسٹیک ہولڈرز اور انڈسٹری کی مشاورت کے ذریعے تیار کیے گئے اقدامات کا مقصد قرضوں کے زیادہ بوجھ کے خلاف مالی شمولیت اور صارفین کے تحفظ میں توازن پیدا کرنا ہے۔

  • عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں پیشی، وفاقی پولیس کے قواعد و ضوابط

    عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں پیشی، وفاقی پولیس کے قواعد و ضوابط

    اسلام آباد: عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں پیشی کے سلسلے میں آج وفاقی پولیس نے قواعد و ضوابط جاری کیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی پولیس نے عمران خان کی پیشی کے موقع پر قواعد و ضوابط کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، یہ نوٹیفکیشن پی ٹی آئی کو بھی بھجوا دیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق کوئی روڈ بلاک نہیں کیا جائے گا، ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کو راستہ دیا جائے گا، پولیس کو گاڑیوں اور شخصیات کی تلاشی سے نہیں روکا جائے گا۔

    سرکاری اور پرائیویٹ پراپرٹی کو نقصان پہنچا تو ذمہ داری پی ٹی آئی کی ہوگی، ریاست یا مذہب مخالف کوئی بھی پلے کارڈ یا بینر آویزاں، ساتھ لانے کی اجازت نہیں ہوگی، کسی بھی سیاسی یا مذہبی پارٹی کا جھنڈا نذر آتش نہیں کیا جائے گا، اور تمام قوانین کی پابندی کرنا ہوگی۔

    پرائیویٹ سیکیورٹی انتظامات کی تفصیلات چیف سیکیورٹی آفیسر کو جمع کرانا ہوگی، عمران خان، ان کی ٹیم کو بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ذریعے چیک کرنے کی آفر کی جائے، کسی قسم کی خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔

    عمران خان کے وکلا نمائندے، ان کی ٹیم اور پارٹی ممبرز کی لسٹ جمع کرانا ہوگی، قواعد و ضوابط کا نوٹیفکیشن عمران خان کے چیف آف اسٹاف شبلی فراز کو بھی بھجوایا گیا۔

    واضح رہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، ہر قسم کے اجتماع اور ریلی پر پابندی ہوگی، پرائیویٹ سیکیورٹی اہل کاروں کے اسلحہ لے کر چلنے پر بھی پابندی ہوگی۔

    سڑکوں پر کڑا پہرا دیا جا رہا ہے، اور اسلام آباد پولیس نے سیکیورٹی پلان کے تحت 5 ہزار اہل کار تعینات کر دیے ہیں۔ جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف کنٹینر لگا کر راستے سیل کر دیے گئے ہیں، توشہ خانہ کیس کی سماعت کچہری کی بجائے جوڈیشل کمپلیکس جی 11 میں ہوگی، جوڈیشل کمپلیکس میں دیگر کیسزمنسوخ کر دیے گئے۔

  • سعودی عرب میں ملازمتوں کی فراہمی کیلئے بڑے اقدامات

    سعودی عرب میں ملازمتوں کی فراہمی کیلئے بڑے اقدامات

    ریاض : سعودی عرب میں ملکی و غیرملکی افراد کیلئے روزگار کے مواقع اور ان کی فلاح بہبود کیلیے اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔

    اس سلسلے میں سعودی حکومت نے قابلیت اور ملازمت کے معاہدے پر کام کرنے والوں کے پروگرام کے قواعد و ضوابط مقرر کیے ہیں۔

    سرکاری گزٹ ام القریٰ نے اس کی تفصیلات شائع کی ہیں، سرکاری ادارے تین سالہ افرادی قوت پروگرام تیار کریں گے۔

    نئے ضوابط کے بموجب وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کی منظوری کے بغیر (قابلیت اورملازمت کے معاہدوں پر کام کرنے والوں کے پروگرام) کے تحت کسی کو نئی ملازمت نہیں دی جائے گی۔

    سعودی حکومت نے پروگرام کے ضوابط پانچ دفعات کی صورت میں مقرر کیے ہیں۔
    پہلے مرحلے میں منفرد قابلیت پروگرام کے تحت ملازمت کا سلسلہ مخصوص سرکاری اداروں تک محدود ہوگا۔

    دوسرے مرحلے میں متعلقہ ادارے وزارت خزانہ کے تعاون سے اس دائرے سے خارج ملازمت کے تمام پروگرام منسوخ کردیں گے۔ صحت اور عسکری اداروں کے خودکار ملازمت پروگرام کی دفعات کےتحت آنے والے مستثنی ہوں گے۔

    تیسری دفعہ کے تحت متعلقہ سرکاری ادارے وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود اور وزارت خزانہ کے ساتھ اتفاق رائے سے محنتانوں کی درجہ بندی، ترغیبات، معاوضہ جات اور ضوابط ترتیب دیں گے۔

    چوتھی دفعہ میں منفرد قابلیت پروگرام کے تحت ملازمت کے معاہدے کرنے والوں پر دفعہ تین میں درج محنتانوں، ترغیبات اور معاوضہ جات کے ضوابط نافذ ہوں گے۔

    پانچویں دفعہ کے تحت متعلقہ سرکاری ادارے وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کے ساتھ اتفاق رائے سے افرادی قوت کا تین سالہ پروگرام ترتیب دیں گے۔

    وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کی منظوری کے بغیر کسی کو بھی قابلیت اور ملازمت کے معاہدوں پر کام کرنے والوں کے پروگرام کے تحت ملازمت نہیں دی جائے گی۔

  • مالدیپ جانے کیلئے کون سے قواعد و ضوابط پر عمل ضروری ہے

    مالدیپ جانے کیلئے کون سے قواعد و ضوابط پر عمل ضروری ہے

    مالے : مالدیپ جانے کے خواہشمند لوگوں کیلئے قواعدو ضوابط مقرر کیے گئے ہیں جن پر عمل درآمد کرکے ہی مالدیپ میں داخل ہوا جاسکتا ہے۔

    اس حوالے سے مالدیپ میں سعودی سفارت خانے نے اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ مالدیپ آنے والے شہری مقامی حکام کے مقرر کردہ ضوابط کی پابندی کریں۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سفارت خانے نے اپنے بیان میں کہا کہ مالدیپ کے حکام نے سیاحت کے لیے آنے والوں کے لیے روانگی سے قبل72 گھنٹے کے اندر پی سی آر ٹیسٹ کی نیگٹیو رپورٹ کی پابندی لگائی ہے اس سے ایک برس کے بچے مستثنیٰ ہوں گے۔

    مالدیپ کے حکام کا کہنا ہے کہ پہنچنے سے قبل48 گھنٹے کے اندر ویب سائٹ پر موجود اقرارنامہ جمع کرائیں، واپسی کا ٹکٹ اور ہوٹل میں بکنگ کا ثبوت بھی دیا جائے۔

    سفارت خانے نے بتایا کہ مملکت میں منظور شدہ ویکسین کی خوراکوں کا ریکارڈ اپنے ہمراہ رکھیں، مالدیپ کے بعض اداروں میں داخلے کے لیے ویکسین یافتہ ہونا ضروری ہے۔

    آباد جزیروں میں قیام کے دوران وہاں آنے جانے کی ہدایات کی پابندی کی جائے، بعض جزیروں کے حکام آمد ورفت کے لیے پی سی آر ٹیسٹ ضروری قرار دیے ہوئے ہیں۔

    مملکت واپسی کے وقت سفر کے لیے دیگر پابندیوں کی بابت بھی ایئرلائن سے رابطہ کیا جائے، اندرون ملک فضائی اور بحری سفر کے دوران کورونا ایس او پیز کی پابندی کی جائے۔

    مالدیپ میں قیام کے دوران کورونا وائرس میں مبتلا ہوجانے پر7 دن کے لیے قرنطینہ کیا جاتا ہے اور اس کے اخراجات سیاح کو ادا کرنا ہوتے ہیں۔

  • سعودی عرب : جنرل اسٹورز پر نئے قواعد و ضوابط نافذ، اہم ہدایات جاری

    سعودی عرب : جنرل اسٹورز پر نئے قواعد و ضوابط نافذ، اہم ہدایات جاری

    ریاض : سعودی حکومت نے بقالوں (جنرل اسٹور) اور غذائی اشیا کے مراکز پر نئے قوانین نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے، خلاف ورزی کرنے والے مالکان کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    اس حوالے سے سعودی عرب میں مکہ مکرمہ میونسپلٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ بقالوں (جنرل اسٹور) اور غذائی اشیا کے مراکز پر نئے ضوابط کا اطلاق 10 فروری 2021 سے ہوگا۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق نئے قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کا پہلا مرحلہ10 فروری اور دوسرا مرحلہ29 جون سے شروع ہوگا۔

    پہلے مرحلے کے دوران جنرل اسٹورز اور غذائی اشیا کے مراکز کے کارکنان سے مؤثر ہیلتھ سرٹیفکیٹ طلب کیے جائیں گے۔ تمام اشیاء پر قیمتوں کے ٹیگ لگانے ہوں گے اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنا ہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق دوسرے مرحلے کے تحت جنرل اسٹورز اور غذائی اشیا کے مراکز کو قواعد وضوابط کی لازمی پابندی کرنا ہوگی۔

    ان ضوابط میں اہم یہ ہے کہ تمام صارفین کو ان کے سامان کے ای بلز جاری کرنا ہوں گے اور نئے بورڈز کی خصوصیات کی پابندی بھی کرنا ہوگی۔

    اس کے علاوہ جنرل اسٹور اور غذائی اشیا کے مرکز کا بیرونی حصہ مکمل شفاف رکھنا ہوگا، بیرونی دروازہ ایسا نصب کرانا ہوگا جس سے اندر کا منظر باہر سے صاف دکھائی دے۔

    جنرل اسٹور یا غذائی اشیاء کے مرکز کے ایک ایک حصے میں روشنی کا مکمل انتطام رکھنا ہوگا۔ فرشِ، چھت، ریک (اسٹینڈ) اور دیگر اشیاء ذخیرہ کرنے کی جگہیں صاف ستھری رکھنا ہوں گی۔

    میونسپلٹی ترجمان کے مطابق ڈیپ فریزر اور اس کے آس پاس کی جگہوں کی صفائی کا اہتمام کرنا ہوگا۔ ریک کے درمیان فاصلے کی پابندی کرنا ہوگی۔

    صفائی کے آلات کو کھانے پینے کی اشیاء سے دور رکھنا ہوگا اور ہر جنرل اسٹور اور غذائی اشیاء کے مرکز میں عملے کو آگ بجھانے والے سلینڈر مہیا کرنا ہوں گے۔

  • پی آئی اے: لیگل کنسلٹنٹ کی تعیناتی کیلئے خلاف ورزیوں کا انکشاف

    پی آئی اے: لیگل کنسلٹنٹ کی تعیناتی کیلئے خلاف ورزیوں کا انکشاف

    کراچی : پی آئی اے میں لیگل کنسلٹنٹ کی تعیناتی کیلئے قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزیوں کا انکشاف ہوا ہے، سرکاری آڈیٹرز نے کنسلٹنٹ کو دیئے گئے تین کروڑ روپے کی رقم وصول کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    سرکاری آڈیٹرز کی رپورٹ اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی، عبد الرؤف کی تعیناتی کے لئے یکطرفہ فوائد فراہم کئے گئے، ترجمان پی آئی اے کے مطابق دو مختلف مدت میں تعیناتی کے لئے سرکاری قواعد و ضوابط کو نہیں دیکھا گیا۔

    اسی گریڈ کے مستقل افسرکی نسبت کنسلٹنٹ کوماہانہ13لاکھ زائد ادا کئے گئے، کنسلٹنٹ کو پی آئی اے کے خرچ پر مختلف ممالک کے دورے کرائے گئے۔

    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ تعیناتی کیلئے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے منظوری نہیں لی گئی، کنسلٹنٹ کی تنخواہ و دیگرمراعات کیلئے بجٹ بھی منظور شدہ نہیں ہے، ادارے کو ہونے والے نقصان کی رقم کنسلٹنٹ یا بھرتی کے ذمہ دارسے لی جائے۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ اعتراضات اور تجاویز کو متعلقہ شعبے کوروانہ کر دیا گیا ہے، آڈٹ اعتراضات پرکارروائی اور جوابات ملنے پرآڈیٹرز کو روانہ کئےجائیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔