Tag: Rumman Raees

  • ‘الحمدللہ’ کرکٹر رومان رئیس کا بیٹی کے حوالے سے ٹوئٹ

    ‘الحمدللہ’ کرکٹر رومان رئیس کا بیٹی کے حوالے سے ٹوئٹ

    کراچی: قومی ٹیم کے فاسٹ بولر رومان رئیس نے بیٹی کے حوالے سے ٹوئٹ کر کے اپنے مداحوں کو بیٹی کی صحت سے متعلق آگاہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق دو دن قبل رومان رئیس کی 2 سالہ بیٹی روحہ گھر کی پہلی منزل سےگر کر زخمی ہوگئی تھی، بیٹی کو سر پر چوٹ آئی تھی اور ناک کی ہڈی بھی ٹوٹی تھی۔

    آج رومان رئیس نے ایک ٹوئٹ میں اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی بیٹی روحہ کی صحت اب بہتر ہو رہی ہے، اور مداحوں سے کہا کہ آپ سب کی دعاؤں سے ان شاءاللہ جلد مکمل صحت یاب ہو جائے گی۔

    فاسٹ بولر نے لکھا کہ ان کی بیٹی کی صحت یابی کے لیے بھیجے گئے پیغامات، تبصرے، خبریں اور آرٹیکلز انھوں نے دیکھے، اس سب کے لیے میں آپ سب کا بے حد شکر گزار ہوں۔

    رومان رئیس کا کہنا تھا کہ مداحوں کی جانب سے ملنے والی دعائیں میرے اور میرے خاندان کے لیے بہت معنی رکھتی ہیں، میں شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    کرکٹر رومان رئیس پر قیامت ٹوٹ پڑی ، ننھی بیٹی زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا

    واضح رہے کہ رومان رئیس کی بچی کو حادثے کے بعد شدید زخمی حالت میں کراچی کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ڈاکٹرز نے اسے آئی سی یو میں منتقل کر دیا تھا۔

    خیال رہے کہ قومی ٹیم کے فاسٹ بولر رومان رئیس طویل عرصے سے قومی ٹیم میں شامل نہیں ہیں، تاہم پی ایس ایل سیزن 7 میں انھوں نے ملتان سلطانز کی نمائندگی کرتے ہوئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

  • کرکٹر رومان رئیس پر قیامت ٹوٹ پڑی ، ننھی بیٹی زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا

    کرکٹر رومان رئیس پر قیامت ٹوٹ پڑی ، ننھی بیٹی زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا

    کراچی: قومی ٹیم کے فاسٹ بولر رومان رئیس اور ان کے اہل خانہ پر بڑی مشکل آن پڑی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی کرکٹر رومان رئیس کی دو سالہ بیٹی گھر کے پہلی منزل سےگر کر زخمی ہوگئیں ہیں، کرکٹر کی بیٹی کو سر پر چوٹ لگی جبکہ ان کی ناک کی ہڈی بھی ٹوٹ گئی ہے۔

    بچی کو زخمی حالت میں کراچی کے نجی اسپتال منتقل لایا گیا ، جہاں ڈاکٹرز نے انہیں آئی سی یو میں منتقل کردیا ہے۔

    بچی کے ساتھ حادثہ کیسے پیش آیا؟ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکا ہے۔

    قومی ٹیم کے فاسٹ بولر رومان رئیس طویل عرصے سے قومی ٹیم میں شامل نہیں تاہم پی ایس ایل سیزن سیون میں انہوں نے ملتان سلطانز کی نمائندگی کرتے ہوئے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

    یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر رومان رئیس سماجی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں، انہوں نے رومان رئیس فاؤنڈیشن بنارکھی ہے، جس کے تحت وہ غریبوں کی امداد اور انہیں کھانا فراہم کرتے ہیں۔

    قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نے اسی کارخیر کے آغاز کرونا لاک ڈاؤن کے دوران کیا تھا، جس کے لئے انہوں نے اپنی ڈیبیو کیپ، کرکٹ بیٹ اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی شرٹ نیلام کی تھی۔

  • رومان رئیس نے غریبوں کی امداد کے لیے اپنا کرکٹ کا سامان نیلام کردیا

    رومان رئیس نے غریبوں کی امداد کے لیے اپنا کرکٹ کا سامان نیلام کردیا

    لاہور: قومی کرکٹر رومان رئیس نے لاک ڈاؤن سے متاتر ہونے والے غریب طبقے کی امداد کے لیے اپنا کرکٹ کا سامان نیلام کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی وبا کے سبب ملک بھر میں لاک ڈاؤن کیے جانے کے بعد مزدور طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے ایسے میں مخیر حضرات کی جانب سے ضرورت مند لوگوں کی مدد کی جارہی ہے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر رومان رئیس نے غریبوں کی امداد کے لیے اپنی ڈیبیو کیپ، کرکٹ بیٹ اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی شرٹ نیلام کردی۔

    رومان رئیس کی ڈیبیو کیپ ایک لاکھ 60 ہزار، کرکٹ بیٹ 80 ہزار اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی جرسی 60 ہزار روپے میں نیلام ہوئی۔

    رومان رئیس کا کہنا ہے کہ نیلامی سے ملنے والی رقم غریب اور مستحق خاندانوں میں تقسیم کریں گے، رمضان المبارک کے دوران سحری اور افطاری بھی فراہم کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل رومان رئیس نے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے کی غرض سے اپنا کرکٹ کا سامان نیلام کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    یاد رہے کہ قومی کرکٹرز سہیل تنویر، احمد شہزاد، شاہد خان آفریدی کی جانب سے بھی لاک ڈاؤن سے متاثرہ غریب طبقے کی مدد کی جارہی ہے۔

  • رومان رئیس پی ایس ایل سے باہر

    رومان رئیس پی ایس ایل سے باہر

    دبئی: پاکستان سپرلیگ کے تیسرے ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو ایونٹ کے دیگر میچز میں فاسٹ باؤلر رومان رئیس کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں فیلڈنگ کے دوران زخمی ہونے والے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی رومان رئیس پی ایس ایل سے باہر ہوگئے۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق ٹیم کے فزیو ایرل ایکاٹ رومان رئیس کی چوٹ کا معائنہ کرنے والے ڈاکٹر سے رابطے میں تھے۔

    فزیو ایرل ایکاٹ کے مطابق اگرچہ رومان رئیس کی حالت میں بہت بہتری آئی ہے لیکن ان کا گھٹنا باؤلنگ کرتے ہوئے زیادہ وزن برداشت نہیں کررہا، ڈاکٹر نے رومان رئیس کو مکمل صحت یابی تک آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کو افسوس ہے کہ پی ایس ایل کے بقیہ میچوں میں ٹیم کو فاسٹ باؤلر کی خدمات دستیاب نہیں ہوں گی لیکن ان کا آرام کرنا ہی درست فیصلہ ہے۔

    خیال رہے کہ رومان رئیس ایونٹ کے ابتدائی مرحلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں فیلڈنگ کرتے ہوئے گھٹنا زخمی ہونے کے باعث ان فٹ ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے 29 سالہ آل راؤنڈر آندرے رسل ہیمسٹرنگ کی تکلیف کے سبب پی ایس ایل سے باہر ہوگئے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔

  • فاسٹ بولر رومان رئیس آج رشتہ ازدواج سے منسلک ہونے جارہے ہیں

    فاسٹ بولر رومان رئیس آج رشتہ ازدواج سے منسلک ہونے جارہے ہیں

    کراچی : قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر رومان رئیس آج زندگی کی نئی اننگز کی شروعات کرنے جارہے ہیں، تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر رومان رئیس آج رشتہ ازدواج سے منسلک ہونے جارہے ہیں، شادی کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، بارات سپر ہائی وے کے قریب گلشن عثمان سوسائٹی سے گلستان جوہر آئے گی۔

    پچیس سالہ فاسٹ بولر چار بہنوں کے اکلوتے بھائی ہیں اور انکی ہونے والی اہلیہ کا نام عائشہ ہے۔

    ولیمے کی تقریب میں قومی کرکٹرز کی شرکت متوقع ہے۔

    خیال رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی میں رومان رئیس کو انگلینڈ کیخلاف چانس ملا تھا، وہ پاکستان کیجانب سے دو ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیل چکے ہیں جبکہ رومان رئیس ورلڈ الیون کے خلاف تین ٹی 20 میچوں کے لئے اعلان کردہ اسکواڈ میں بھی شامل ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔