Tag: Rumors on social media

  • سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے والے خبردار : ایف آئی اے کو اختیار مل گیا

    سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے والے خبردار : ایف آئی اے کو اختیار مل گیا

    اسلام آباد : حکومت نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کے خلاف پوسٹس کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا اختیار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے ایف آئی اے کے ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دی ہے جس کے تحت پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ کے تحت یہ اختیارات تفویض کیے گئے ہیں کہ ادارہ سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کے خلاف کسی بھی قسم کی غلط معلومات پھیلانے والے کسی بھی شخص کے خلاف کارروائی کرسکتا ہے۔

    وزارت داخلہ کی جانب سے 1974 کے ایف آئی اے ایکٹ کے شیڈول میں ترمیم کی سمری وفاقی کابینہ نے جمعرات کو منظور کی تھی۔

    سمری کے مطابق ایف آئی اے نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں اور آرگنائزیشنز کے خلاف جھوٹی معلومات اور افواہوں کی بھرمار ہے جس کا مقصد نقصان پہنچانا یا اکسانا ہے یا ممکنہ طور پر فوج، پاک فضائیہ، بحریہ کے کسی افسر، سپاہی، سیلر یا ایئرمین کو جرم یا بغاوت پر اکسانا ہے یا پھر ان کو ڈیوٹی انجام دینے سے روکنے کی کوشش کرنا ہوسکتا ہے۔

    ایف آئی اے کا مؤقف ہے کہ اس قسم کی افواہیں اور غلط معلومات اس مقصد کے ساتھ پھیلائی جا رہی تھیں کہ عوام کے کسی بھی طبقے میں خوف پھیلا کر کسی بھی شخص کے خلاف جرم کرنے پر اکسایا جا سکے۔

    ایف آئی اے نے حکومت سے درخواست کی ہےکہ اس اقدام کو پی پی سی سیکشن 505 کے تحت اپنے شیڈول جرائم میں شامل کی فہرست میں شامل کیا جائے۔

    مزید پڑھیں : ممنوعہ فنڈنگ کیس، عدالت کی ایف آئی اے کو قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت

    پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 505 کی ذیلی شق (1) میں بتایا گیا کہ کوئی بھی شخص اس سے متعلقہ جرم کا ارتکاب کرتا ہے تو جرمانے کے ساتھ اس کو 7 سال تک قید کی سزا دی جاسکتی ہے۔

  • سعودی عرب : سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانا شہری کو بہت مہنگا پڑگیا

    سعودی عرب : سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانا شہری کو بہت مہنگا پڑگیا

    القصیم : سعودی پولیس نے کورونا وائرس کے حوالے سے سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے والے شخص کو حراست میں لے لیا، حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی جاری ویڈیو سے معاشرے میں خوف و ہراس پھیلا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے علاقے القصیم ریجن کی پولیس نے ایک شہری کو گرفتار کیا ہے، شہری پر الزام ہے کہ اس نے کورونا وائرس کے حوالے سے بے بنیاد اعداد وشمار جاری کیے اور معاشرے میں خوف وہراس پھیلایا۔

    اس حوالے سے قصیم ریجن پولیس کے ترجمان لیفٹیننٹ بدرالسحیبانی کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک شخص سوشل میڈیا پر کورونا مریضوں کے اعداد و شمار بتارہا تھا۔

    انہوں نے کہا ہے کہ مذکورہ شہری تحقیق کے بغیر اور مبالغے پر مبنی غیر حقیقی اعداد وشمار کے علاوہ وائرس کے انسداد کے لیے حکومتی کوشش کو مشکوک بنا رہا تھا۔

    ترجمان پولیس نے کہا کہ گرفتار ہونے والے30 سالہ شہری کو ضابطے کی کارروائی کے بعد متعلقہ محکمے کے حوالے کردیا جائے گا۔ انہوں نے اپنے بیان میں شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانا اور بے بنیاد معلومات فراہم کرنا سائبر کرائم میں شامل ہے جس کی سخت سزائیں مقرر ہیں۔

    ترجمان پولیس نے کہا ہے کہ مذکورہ شخص کی اطلاع ملنے پر سراغ کا سلسلہ شروع ہوا اور جلد ہی اسے قصیم شہر سے گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ ایک 30 سالہ شہری ہے، ضابطے کی کارروائی کے بعد اسے متعلقہ محکمے کے حوالے کر دیا جائے گا۔

    انہوں نے خبر دار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانا اور بے بنیاد معلومات فراہم کرنا سائبر کرائم میں شامل ہے جس پر سخت سزائیں مقرر ہیں۔